Tag: دو اہلکار شہید

  • خیبرایجنسی : بارودی سرنگ کے دھماکے میں جاں بحق جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا

    خیبرایجنسی : بارودی سرنگ کے دھماکے میں جاں بحق جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا

    راولپنڈی: پاک افغان سرحد کے قریب خیبرایجنسی کی وادی راجگال میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہونے والے 2 اہلکاروں کی  نماز جنازہ ادا کر کے جسد خاکی اُن کے آبائی علاقوں کو روانہ کردئیے گئے۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق خیبرایجنسی میں شہید ہونے والے شہداء کی نمازِ جنازہ  کورہیڈکوارٹر میں ادا کی گئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا، کور کمانڈر پشاور لیفٹینٹ جنرل ہدایت الرحمان سمیت سول و ملٹری افسران نے شرکت کی۔

    آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے ک ہ ’’شہید ہونے والے دونوں جوانوں کا تعلق سندھ سے تھا جن کے جسد خاکی اُن کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیئے گئے ہیں جہاں اُن کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی جائے گی جس میں متعلقہ افسران بھی شرکت کریں گے‘‘۔

    پڑھیں :  خیبرایجنسی میں فضائی کارروائی، شدت پسندوں کے 9 ٹھکانے تباہ

    واضح رہے خیبرایجنسی میں افغان سرحد سے متصل وادی راجگل میں پاکستان آرمی کی جانب سے منگل کی صبح سے زمینی و فضائی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا تھا، جس میں شدت پسندوں کی خفیہ گزرگاہوں اور اُن کی کمین گاہوں پر حملے کیے گئے تھے جس کے نیتجے میں شدت پسندوں کے 9 ٹھکانے تباہ اور 14 شدت پسند ہلاک ہوئے تھے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق بارودی سرنگ کے دھماکے کا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب فوجی جوان وادی تیراہ میں آگے کی جانب پیش قدمی کررہے تھے۔ پاک فوج کی جانب سے اس آپریشن کا مقصد بلند و بالا پہاڑی علاقوں شدت پسندوں کی نقل و حرکت محدود کرنا بتایا گیا ہے۔

  • نارتھ ناظم آباد،رینجرز کی موبائل پرخود کش دھماکہ، دو اہلکار شہید 3 زخمی

    نارتھ ناظم آباد،رینجرز کی موبائل پرخود کش دھماکہ، دو اہلکار شہید 3 زخمی

    کراچی : شہر کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں رینجرز کی موبائل کے قریب خود کش دھماکہ، دو اہلکار شہید، تین زخمی۔

    تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں قلندریہ چوک قادریہ پیٹرول پمپ کے قریب حسب معمول گشت پر معمور رینجرز کی موبائل پر خود کش حملہ کیا گیا۔

    خود کش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا جس نے بارود سے بھری موٹر سائیکل موبائل سے ٹکرادی، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس  کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

    موبائل میں موجود دو اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے، پولیس  اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا،تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

    جبکہ زخمیوں کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    سیکیورٹی اداروں نے جائے وقو عہ پر جانے والے راستے سیل کر دئیے،ٹریفک جام ہونے کے باعث امدادی ٹیموں کو کچھ دیر کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    دھماکہ کے باعث موٹر سائیکل کے ٹکڑے دور دور تک پھیل گئے، پولیس اہلکار خود کش حملہ آور کی نعش کے ٹکڑے تلاش کر رہے ہیں،شہید ہونے والے دونوں اہلکار موبائل میں آگے بیٹھے ہوئے تھے۔ شہید ہونے والے دونوں اہلکاروں کی شناخت یار محمد اور قاسم کے نام سے ہوئی ہے۔