Tag: دو سالہ بچہ

  • دو سالہ بچہ گھر سے نکلتے ہی کتوں کا شکار بن گیا!

    دو سالہ بچہ گھر سے نکلتے ہی کتوں کا شکار بن گیا!

    پڑوسی کے کتوں نے دو سالہ بچے پر حملہ کرکے اسے مار ڈالا، پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا۔

    امریکی ریاست الاباما میں نہایت افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے، میڈیسن کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے مطابق، بچے کی شناخت 2 سالہ مارک ایلن پارٹین کے نام سے ہوئی ہے، گزشتہ جمعہ کو ممکنہ طور پر تین کتوں نے بچے پر حملہ کیا۔

    پولیس نے بتایا کہ چھوٹا بچہ اپنے گھر سے گیٹ کھول کر پڑوسی کے گھر گیا جہاں اس نے دو کتے رکھے ہوئے تھے۔ پڑوسی رکی کلارک کا کہنا تھا کہ اس نے گیٹ کھلا دیکھا اور پھر مارک کو کتے کے پنجرے کے سامنے بے حس و حرکت پایا۔

    میڈیا کو کلارک نے بتایا کہ بچہ وہاں کتے کے پنجرے کے سامنے زمین پر بے سدھ پڑا تھا اور وہ حرکت نہیں کر رہا تھا۔

    پڑوس کا کہنا تھا کہ اس کے کتوں ہسکی اور جرمن شیفرڈ نے اس سے پہلے کبھی کسی پر حملہ نہیں کیا یا کسی کو زخمی نہیں کیا تھا۔

    مارک کی ماں، کیلا ہیوگے پارٹین نے اپنی فیس بک پر پوسٹ میں کہا کہ اس ’’انتہائی المناک حادثے‘‘ کے لیے کسی کو مورد الزام نہیں ٹھہراؤں گی۔

    انھوں نے کہا کہ مجھے یہ بھی نہیں لگتا کہ میں حقیقت میں زندہ ہوں۔ میرے بچوں کے دل بہت زیادہ ٹوٹے ہوئے ہیں۔ ہر اس شخص کا شکریہ جسں نے میسج کیا، دعا کی، یا دلاسے کا پیغام بھیجا۔

    پڑوسی کلارک نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اس کے کتے مارک کو پڑوس میں گھومنے والے بھورے بُلڈاگ سے بچانے کی کوشش کر رہے ہوں۔

    دونوں کتوں کو اینیمل کنٹرول کے حوالے کردیا گیا ہے تام امید ہے کہ چند ہفتوں میں انھیں واپس کر دیا جائے گا۔ دریں اثنا مذکورہ خاندان کی مدد کے لیے ایک فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔

  • دو سالہ بچہ والد کی لاش کے پاس زیادہ دن نہ جی سکا، دل دہلا دینے والا واقعہ کیسے پیش آیا؟

    دو سالہ بچہ والد کی لاش کے پاس زیادہ دن نہ جی سکا، دل دہلا دینے والا واقعہ کیسے پیش آیا؟

    لندن: برطانیہ کی کاؤنٹی لنکن شائر میں ایک 2 سالہ بچے کی موت کے لرزہ خیز واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے، یہ بچہ اپنے والد کے ہارٹ اٹیک سے مرنے کے بعد بھوک سے بلک بلک کر مر گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 9 جنوری کو جب پولیس نے 60 سالہ کینتھ کے گھر کا دروازہ کھلوایا تو اندر دو سالہ برونسن بیٹرسبی اپنے والد کینتھ کی لاش کے پاس مردہ حالت میں پایا گیا۔

    کینتھ کو ہارٹ اٹیک کی وجہ سے موت نے آ لیا تھا، جس کے پاس معصوم بچہ اکیلا رہ گیا، اور وہ کئی دن تک بھوک سے تڑپ تڑپ کر مر گیا، آخری بار ان دونوں کو 14 دن پہلے دیکھا گیا تھا۔

    لنکن شائر کاؤنٹی کونسل نے اس ننھے بچے کی موت پر حالات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، کیوں کہ اس بچے کو پہلے ہی غیر محفوظ قرار دیا گیا تھا اور چلڈرن سروسز کا ادارہ اس بات کا پابند تھا کہ وہ مہینے میں کم از کم ایک بار بچے کو دیکھنے آئیں گے۔

    اس واقعے نے برطانیہ میں پولیس اور سماجی سروسز کے اداروں کی کارگردی پر سوال اٹھایا ہے، برطانوی اخبارات کے مطابق کینتھ بیٹرسبی کی موت کرسمس کے چند روز بعد دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی تھی اور ننھا بچہ تنہا رہ گیا تھا، اس کو کھلانے پلانے والا کوئی نہیں تھا۔

    سنہرے بالوں والے اس بچے کی ماں سارہ بیسی نے لنکن شائر کاؤنٹی میں سماجی خدمات کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا بھوک سے مرا، اگر انھوں نے اپنا کام کیا ہوتا تو برونسن ابھی زندہ ہوتا۔

    معلوم ہوا کہ کینتھ بیٹرسبی کی موت 29 دسمبر کے آس پاس ہوئی تھی، جب بچے کی ماں جو اس کے ساتھ نہیں رہتی تھیں، کا کہنا ہے کہ وہ آخری بار نومبر میں بچے سے ملی تھیں، خاتون نے شوہر سے کچھ عرصہ قبل ہی علیحدگی اختیار کی تھی، اور اس سے اس کے دو اور بچے بھی ہیں۔

    لنکن شائر کاؤنٹی سوشل سروسز کی ڈائریکٹر ہیتھر سینڈی نے کہا کہ حالات کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے ہم اپنے دوسرے اداروں کے ساتھ اس کیس کا مطالعہ کر رہے ہیں، ہم عدالتوں کے ذریعے کی جانے والی تحقیقات کے نتائج کا بھی انتظار کر رہے ہیں۔ سوشل سروسز کا کہنا ہے کہ اس نے پولیس کو دو بار مطلع کیا تھا، پہلی بار 2 جنوری کو جب ایک سماجی کارکن بیٹرسبی کے گھر ملاقات کے لیے گیا لیکن اسے کوئی جواب نہیں ملا، اس کے بعد وہ بچے کی تلاش کے لیے دوسرے پتے پر گیا، وہاں بچہ نہ ہونے پر واپس بنیادی پتے آ گیا اور پولیس کو ایک نئی رپورٹ جمع کرائی گئی۔

    پانچ دن بعد آخر کار پولیس نے اپارٹمنٹ کے مالک سے ایک چابی حاصل کی اور وہ فلیٹ کے اندر داخل ہوئی جہاں دونوں کو مردہ پایا گیا۔ برطانوی پولیس نے جمعرات کو تصدیق کی کہ وہ لنکن شائر میں اپنے افسران کی ممکنہ ناکامیوں کی تحقیقات کر رہی ہے۔

  • ابوظبی میں 2 سالہ بچہ سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق

    ابوظبی میں 2 سالہ بچہ سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں 2 سالہ بچہ گھر کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی کے علاقے العین میں 2 سالہ بچہ کھیل کے دوران اچانک سوئمنگ پول میں ڈوب گیا، بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

    ابوظبی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ والدین بچوں پر کڑی نگاہ رکھیں، اس طرح کے واقعات کا ہونا والدین کی لاپرواہی ظاہر کرتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ والدین سوئمنگ پول کی طرف جانے والے دروازوں کو بند رکھیں تاکہ اس طرح کے حادثات سے بچا جاسکے۔

    مزید پڑھیں: دبئی میں تین سالہ بچی سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی

    واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں دبئی کی رہائشی عمارت کے سوئمنگ پول میں تین سالہ جرمن بچی جاں بحق ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ شارجہ کے نجی اسکول کے سوئمنگ پول میں چار سالہ طالب علم 14 نومبر کو ڈوب گیا تھا، اسکول انتظامیہ کو جب واقعے کی اطلاع ملی تو انہوں نے بچے کو ایمبولینس کے ذریعے القاسمی اسپتال منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس جون میں دو بچے اس وقت سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے جب والدین افطاری کرنے میں مصروف تھے۔