Tag: دو عیدیں

  • کوشش ہوگی اگلے سال ایک ہی دن ملک میں عید ہو: فردوس عاشق اعوان

    کوشش ہوگی اگلے سال ایک ہی دن ملک میں عید ہو: فردوس عاشق اعوان

    لاہور: معاون خصوصی برائےاطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کوشش ہوگی اگلے سال ایک ہی دن ملک میں عید ہو۔

    تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اگلے سال کوشش کریں گے کہ پورے ملک میں ایک ہی دن عید منائی جائے۔

    انھوں نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ لاپتا ہیں ہم چاہتے ہیں واپس آئیں، تتر بتر اپوزیشن ہمیں کیا پریشانی دے سکتی ہے؟

    فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن عوام کو بطور ایندھن استعمال کرنا چاہتی ہے، عوام جان چکے کس نے اربوں کی منی لانڈرنگ کی، عوام کو معلوم ہے ان کو اس نہج پر کس نے پہنچایا۔

    انھوں نے کہا میرا لاہور پریس کلب سے دیرینہ رشتہ ہے، لاہور سے ابھرنے والی سوچ پورے پاکستان میں پھیل جاتی ہے، ماضی میں پنجاب میں ترقی کا سفر چند شہروں تک محدود کر دیا گیا تھا، لاہور سیاسی سوچ کا قلعہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیبرپختونخواہ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے

    فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ ہم جمہوری سوچ والے ہیں، معلوم ہے کہ ووٹ کی عزت کیا ہوتی ہے، وزیر اعظم عمران خان صحافی برادری کے لیے سوچتے ہیں اور صحافی برادری کے مسائل کے تدارک کے لیے ہدایات دیتے ہیں، میں عمران خان کے وژن کی علم بردار ہوں۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ صحافیوں کو جو سہولتیں ملنے جا رہی ہیں اس میں میرا کمال نہیں، میں نے سہولت کاری کی ہے مگر کریڈٹ وزیر اعظم کو جاتا ہے، میڈیا ورکرز کی ضروریات سے آگاہ ہوں، انٹرم ویج ایوارڈ عید کے بعد نوٹیفائی ہوگا، نئی میڈیا پالیسی عید کے بعد تمام پریس کلبس کو بھیجیں گے۔

  • ہماری وزارت اطلاعات میں عالمی میڈیا کو جواب دینے کی صلاحیت کم ہے: فواد چوہدری

    ہماری وزارت اطلاعات میں عالمی میڈیا کو جواب دینے کی صلاحیت کم ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری وزارتِ اطلاعات میں عالمی میڈیا کو جواب دینے کی صلاحیت کم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے وزارت اطلاعات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی میڈیا کو جواب دینے کی صلاحیت ہماری وزارت اطلاعات میں کم ہے۔

    انھوں نے کہا کہ عالمی میڈیا کو سمجھانے کی صلاحیت پیدا کرنے کی کوششوں کا سنگین فقدان رہا، انھوں نے اس کی ذمہ داری ماضی کی حکومتوں پر ڈالتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں کی بیڈ گورننس اب ہر ادارے میں نمایاں ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اہم معاملات پر پاکستان کے بیانیے کو نظر انداز کرنے پر ہم عالمی میڈیا کو الزام نہیں دے سکتے۔

    قبل ازیں خیبر پختون خوا میں آج عید پر فواد چوہدری نے اپنے شدید رد عمل میں کہا کہ مذہبی تہوار کی بنیاد بھی جھوٹ پر رکھ دی گئی ہے، جو جہاں چاہے عید کرے مگر جھوٹ کی بنیاد پر نہیں، حکومتیں مسلک اور مقامی لڑائیوں میں نہیں پڑتیں، تاہم کے پی حکومت کے عید منانے کے فیصلے سے جگ ہنسائی ہوئی۔

    وزیر سائنس کا کہنا تھا کہ دنیا میں ایسے تاثر گیا جیسے جھوٹ کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے، پس ماندہ سوچ کو مستر د کرنا چاہیے، امید ہے قوم کا باشعور طبقہ اس معاملے پر خاموش نہیں رہے گا، معاشرے نئی سوچ کی قیادت میں آگے بڑھتے ہیں، پاکستان میں بھی آخری فتح علم اور عقل کی ہونی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ چاند کا مسئلہ بھی حل ہو ہی جائے گا، لاؤڈ اسپیکر کو حلال کرتے کرتے کئی سال لگ گئے، پرنٹنگ پریس، ریلوے کا سفر برسوں تک حرام قرار دیا گیا تھا، دراصل جہالت کا علاج حکیم لقمان کے پاس بھی نہیں تھا۔