Tag: دکان

  • چور دکان سے آن لائن منی ٹرانسفر موبائل لے اڑا، 9 لاکھ روپے ٹرانسفر کرالیے

    چور دکان سے آن لائن منی ٹرانسفر موبائل لے اڑا، 9 لاکھ روپے ٹرانسفر کرالیے

    کراچی میں چور آنکھوں کے سامنے دکان سے آن لائن منی ٹرانسفر کرنے والا موبائل لے اڑا اور 20 منٹ کے اندر ساڑھے 9 لاکھ روپے ٹرانسفر کرالیے۔

    تفصیلات کے مطابق سلطان آباد میں موبائل فون شاپ کا مالک لٹ گیا، پاس ورڈ نوٹ کرنے کے بعد شاطر ملزم بہانے سے منی ٹرانسفر موبائل لے اڑا اور کچھ ہی منٹوں میں ساری رقم مختلف اکاونٹس میں منتقل کردی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

    متاثرہ دکاندار نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس ملزم کو گرفتار کرکے رقم برآمد کرے۔

    پولیس کے مطابق ملزم کے علاوہ جن نمبرز پر رقم ٹرانسفر کی گئی ان پر کام جاری ہے جلد ملزم پکڑا جائے گا، ڈاکس پولیس نے متاثرہ دوکاندار کی مدعیت میں واردات کا مقدمہ نامعلوم ملزم کے خلاف درج کردیا ہے۔

  • واٹرپمپ کے قریب نوجوان پر ہوٹل میں ابلتی چائے پھینک دی گئی

    واٹرپمپ کے قریب نوجوان پر ہوٹل میں ابلتی چائے پھینک دی گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے واٹرپمپ کے قریب نوجوان پر ہوٹل میں ابلتی چائے پھینک دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے واٹر پمپ کے قریب یہ واقعہ پیش آیا ہے، نوجوان اپنے مالک کے کہنے پر ہوٹل میں چائے لینے گیا تھا ہوٹل والے نے قریب نوجوان پر ہوٹل میں ابلتی چائے پھینک دی جس کی وجہ سے نوجوان  کا چہرہ اورجسم جھلس گیا ۔

    متاثرہ فیملی کی جانب سے پولیس پر صلح کے لئے دباؤ کا الزام لگایا ہے، والد کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا دکان پر کام کرتا ہے، مہمان کے آنے  پر مالک نے چائے لانے کا کہا بیٹے نے ہوٹل والے کو کہا چائے جلدی بنا کر دو مہمان آئے ہیں۔

    والد نے کہا کہ ہوٹل والے نے گالیاں دے کر دھکا دیا، ہوٹل والے نے غصے میں چائے کی پتیلی  میرے بیٹے پر  پھینک دی، جب میں پولیس  کے پاس گیا شنوائی نہ ہوئی تو گورنر ہاؤس آگیا۔

    متاثرہ نوجوان کے والد نے الزام لگایا کہ پولیس کارروائی کرنے کے بجائے ہمیں دھمکا رہی ہے، قانون کے مطابق کارروائی کرکے بیٹے کو انصاف فراہم کیا جائے۔

  • دوران افطار ڈاکوؤں کی دکان میں لوٹ مار کی ویڈیو سامنے آگئی

    دوران افطار ڈاکوؤں کی دکان میں لوٹ مار کی ویڈیو سامنے آگئی

     کراچی: صدر میں کپڑے کی دکان سے ڈاکو کیش کاؤنٹر اور دکان میں موجود تمام افراد کی جیبیں خالی کرگئے۔ 

    تفصیلات کے مطابق عید قریب آتے ہی ڈکیتی کی واردات میں اضافی دیکھا جارہا ہے تاہم کراچی صدرکوآپریٹومارکیٹ میں کپڑے کی دکان میں ڈاکو دکاندار اور دکان میں موجود افراد کو 2 منٹ 10 سکینڈ میں لوٹ کر کے فرار ہوگئے۔ 

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 مسلح ملزمان موٹر سائیکل سوار افطار شروع ہوتے ہی دکان میں داخل ہوئے جس میں سے ایک ڈاکو لوٹنے والوں سے بات بھی کرتا رہا اور ہنستا رہا جبکہ دوسرا ڈاکو کندھے پر ہاتھ رکھ کر پوچھ گچھ کرتا رہا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ملزم اندرگیا اورکیش کاؤنٹر خالی کرنےلگا، کیش کاؤنٹر خالی کرنےکے بعد ملزم کودکرباہرآیا جبکہ ملزمان کا ایک ساتھی مسلسل داخلی راستے پرکھڑارہا۔ 

  • چوروں نے نہایت آسانی سے دکان کا شٹر کھول لیا، ویڈیو وائرل

    چوروں نے نہایت آسانی سے دکان کا شٹر کھول لیا، ویڈیو وائرل

    بھارت میں چوری کی ایک انوکھی واردات پیش آئی جس میں چوروں نے کپڑے کی مدد سے دکان کا بھاری شٹر کھول لیا اور قیمتی سامان اور نقدی لے اڑے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو سی سی ٹی وی کیمرے کی ہے جس نے چوروں کی کارستانی فلمبند کرلی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 3 سے 4 چور رات کے اندھیرے میں چوری کی نیت سے ایک دکان کے قریب پہنچتے ہیں۔ پہلے تو وہ ہاتھ سے شٹر کھولنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ناکام رہتے ہیں۔

    اس کے بعد شٹر کے ہینڈل میں ایک کپڑا پھنساتے ہیں اور سب مل کر کپڑے کو کھینچتے ہیں جس سے شٹر اچھا خاصا کھل جاتا ہے۔

    اس کے بعد چور اندر جا کر دکان کا سامان اور نقدی چراتے ہیں اور باآسانی فرار ہوجاتے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by GiDDa CoMpAnY (@giedde)

    سوشل میڈیا پر صارفین چوروں کی یہ چالاکی دیکھ کر دنگ رہ گئے، ایک صارف نے لکھا کہ اس ویڈیو سے دیگر کئی چوروں کو بھی یہ آئیڈیا مل گیا۔

  • کوئٹہ: دکان پر دستی بم حملہ،بچہ جاں بحق

    کوئٹہ: دکان پر دستی بم حملہ،بچہ جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دکان پر دستی بم حملے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بروری روڈ پر دکان پر دستی بم حملے میں بچہ جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے بولان میڈیکل اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ دو افراد کو سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

    چمن: مال روڈ پر دھماکا، 5 افراد جاں بحق، 10 زخمی

    اس سے قبل 10 اگست کو بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے تھے، زخمیوں میں اے این ایف اہل کار بھی شامل تھے۔

    چمن بم دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا، جس میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، خوف و ہراس پھیلانا اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات کو شامل کیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل بم دھماکے میں 7 سے 8 کلو بارودی مواد اور بال بیرنگ استعمال کیے گئے۔

  • سعودی عرب: حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر متعدد تجارتی مراکز بند

    سعودی عرب: حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر متعدد تجارتی مراکز بند

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے احتیاطی تدابیر اور پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے ایک مال اور 5 تجارتی مراکز بند کروا دیے گئے، سعودی حکام احتیاطی تدابیر پر عمل کروانے کے لیے سخت نگرانی کر رہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں عسیر اور ریاض میونسپلٹی نے حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والی دکانیں اور تجارتی مراکز بند کروا دیے۔

    کرونا بحران سے نمٹنے اور اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے سعودی عرب کے تمام شہروں کی میونسپلٹیز اور بلدیاتی کونسلیں حفاظتی تدابیر کی پابندی کروانے کے لیے مسلسل چھاپے مار رہی ہیں، خلاف ورزیوں پر متعلقہ تجارتی اداروں کے خلاف فوری کارروائی بھی کی جارہی ہے۔

    ریاض میونسپلٹی نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے بچانے کے لیے مقرر انتظامات نہ کرنے پر 41 تجارتی ادارے سربمہر کر دیے۔ ان پر بھاری جرمانے لگائے گئے جبکہ مالکان کو مزید تادیبی کارروائی کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں کے حوالے کردیا گیا۔

    عسیر میونسپلٹی نے حفاظتی تدابیر کی پابندی نہ کرنے پر ابہا شہر کا ایک مال اور 5 تجارتی مراکز بند کروا دیے۔

    عسیر میونسپلٹی کے اعلیٰ عہدیدار ڈاکٹر محمد العاوی نے بتایا کہ ہماری ٹیمیں مارکیٹ کی 24 گھنٹے نگرانی کر رہی ہیں, چھاپہ مہم کے دوران ایک مال اور ایسے 5 تجارتی ادارے ریکارڈ پر آئے جہاں میونسپلٹی قوانین اور صحت کے ضوابط کی پابندی نہیں کی جارہی تھی۔

    عسیر میونسپلٹی کے اہلکاروں نے ابہا شہر میں 7 مختلف مقامات پر ریڑھی کے ذریعے سامان بیچنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی اور ان کا سامان ضبط کر کے فلاحی انجمنوں کے حوالے کردیا گیا۔

  • بھارت: دکان پر چھاپہ مارنے والی پولیس ٹیم کے ساتھ ہوئی انہونی

    بھارت: دکان پر چھاپہ مارنے والی پولیس ٹیم کے ساتھ ہوئی انہونی

    اترپردیش: بھارتی ریاست اترپردیش میں انکوائری کے لیے آنے والے تھانہ انچارج اور سب انسپکٹر سمیت دو کانسٹیبل کو دکان میں بند کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع سونبھدر کے علاقے میں انکوائری کے لیے آنے والے تھانہ انچارج سمیت دیگر 3 اہلکاروں کو دکان دار دکان میں ہی بند کر کے فرار ہوگیا۔

    سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آشیش شریواستو کے مطابق رام گڑھ قصبے میں کریانہ کی دکان چلانے والا امیش اگرہری لاک ڈاؤن کے دوران بغیر اجازت دکان کھول کر سامان فروخت کر رہا تھا۔

    ایس پی کا کہنا تھا کہ بغیر اجازت دکان کھولنے کی اطلاع ملنے پر تھانہ انچارج مہیندر پانڈے ایک سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل کے ہمراہ دکان پر پہنچے اور دکان دار کو اجازت نامہ دکھانے کے لیے کہا اور دکان کے اندر داخل ہوکر ویڈیو بنانے لگے۔

    آشیش شریواستو کے مطابق دکان کی ویڈیو بنانے کے دوران امیش نے موقع دیکھتے ہی دکان کا شٹر گرا دیا اور تالا لگا کر فرار ہوگیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچی اور تھانہ انچارج اور اہلکاروں کو دوکان سے باہر نکلوایا۔

    سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کا کہنا تھا کہ دکان دار امیش اگرہری اور اس کے تین ساتھیوں کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کے دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

  • سندھ میں دکانیں اور بازار کھولنے کے لیے حکمت عملی مرتب

    سندھ میں دکانیں اور بازار کھولنے کے لیے حکمت عملی مرتب

    کراچی: سندھ حکومت نے تاجر رہنماؤں کی مشاورت سے دکانیں اور بازار کھولنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرلی، بازار اور دکانیں دن میں 8 گھنٹے کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے دکانیں اور بازار کھولنے کے لیے پلان طے کرلیا، پلان سندھ حکومت نے تاجر رہنماؤں کی مشاورت سے مرتب کیا۔ پلان پر عملدر آمد وزیر اعلیٰ سندھ کی اجازت سے مشروط ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے تجارتی مراکز اور دکانیں کھولنے کے لیے 13 شعبوں کا تعین کیا گیا ہے، کاروبار کی نوعیت کے لحاظ سے 13 سیکٹرز 3، 3 درجوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ہر درجے میں شامل شعبہ ہفتے میں 2 روز کھولا جائے گا، پہلے اور دوسرے درجے میں 4، 4 اور تیسرے میں 5 شعبے شامل ہیں، بازار اور دکانیں دن میں 8 گھنٹے کے لیے کھولی جائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مرغی، گوشت کی دکانیں اور بیکریاں ہفتے میں 2 روز بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ دودھ، سبزی، پھل کی دکانوں اور میڈیکل اسٹور کو پورا ہفتے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق بازار کی دکانیں کھولنے کے لیے ایس او پی بدھ تک تیار کر لیا جائے گا۔ سندھ حکومت عید شاپنگ کے لیے 15 رمضان کے بعد مزید نرمی کرے گی، عید شاپنگ کے لیے نرمی انتظامیہ سے تعاون اور ایس او پی پر عملدر آمد سے مشروط ہوگی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بھی جلد نرمی کا اعلان کیا جائے گا۔

  • کرونا وائرس: فرانس میں ریستوران اور دکانیں بند کرنے کا اعلان

    کرونا وائرس: فرانس میں ریستوران اور دکانیں بند کرنے کا اعلان

    پیرس: فرانس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت ریستوران اور دکانیں بند کرنے کا اعلان کردیا گیا، فرانس میں اسکول پہلے ہی بند کیے جاچکے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے وزیر اعظم ایڈورڈ فلپ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے فرانس میں کیفے، ریستوران، سنیما، نائٹ کلبز اور دکانیں بند کی جارہی ہیں۔

    فرانس میں اب تک کرونا وائرس کے 4 ہزار 500 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے اور 91 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لوگوں کی بڑی تعداد اب بھی گھروں سے باہر نکل رہی ہے لہٰذا مجبوراً یہ قدم اٹھانا پڑا، اس دوران فوڈ اسٹورز، فارمیسی اور پیٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ فعال رہے گی تاہم دفاتر کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے گھر سے کام کرنے کے سسٹم کو جلد سے جلد وضع کریں۔

    وزیر اعظم نے بتایا کہ اتوار کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات معمول کے مطابق ہوں گے تاہم اس دوران سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔

    فرانس میں پہلے ہی اسکول بند کیے جا چکے ہیں اور 70 سال سے زائد افراد کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، اب دیگر افراد کو بھی بلا ضرورت باہر نہ نکلنے اور گھروں میں رہنے کی تاکید کردی گئی ہے۔

    فرانس کا پڑوسی ملک اٹلی اس وقت یورپ کا کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 14 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 5 ہزار 835 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 1 لاکھ 56 ہزار 533 ہوگئی ہے۔