Tag: دھابیجی

  • بجلی کی فراہمی کے حوالے سے اہم خبر، سندھ حکومت کے ساتھ نئے گرڈ اسٹیشن کا معاہدہ

    بجلی کی فراہمی کے حوالے سے اہم خبر، سندھ حکومت کے ساتھ نئے گرڈ اسٹیشن کا معاہدہ

    کراچی: نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے سندھ حکومت کے ساتھ دھابیجی 220 کلو واٹ گرڈ اسٹیشن کے لیے 99 سالہ لیز معاہدہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق این ٹی ڈی ایس نے بجلی فراہمی کے لیے ایک نئے گرڈ اسٹیشن کا معاہدہ کیا ہے، یہ نیا گرڈ اسٹیشن ضلع ٹھٹہ میں تعمیر کیا جائے گا۔

    لیز معاہدے پر اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹہ منور حسین سومرو اور NTDC کے منیجر لینڈ ڈائریکٹوریٹ طارق محمود نے دستخط کیے، حکام کا کہنا ہے کہ گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کا کام پہلے ہی سے جاری ہے، اور اسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

    گرڈ اسٹیشن کی تکمیل کے بعد دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کو بجلی کی مستحکم فراہمی ہوگی، اور یہ گرد اسٹیشن صنعتی ترقی اور ملک کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرے گا۔

  • ویڈیوز: دھابیجی میں بااثر شخصیات کے ایما پر مائنز اینڈ منرلز پولیس کی نمک فیکٹری پر قبضے کی کوشش

    ویڈیوز: دھابیجی میں بااثر شخصیات کے ایما پر مائنز اینڈ منرلز پولیس کی نمک فیکٹری پر قبضے کی کوشش

    کراچی: شہر قائد میں دھابیجی فلٹر پلانٹ کے قریب نمک فیکٹری پر محکمہ مائنز اینڈ منرلز نے رات کے اندھیرے میں غیر قانونی چھاپا مارا اور اس کارروائی میں مبینہ طور پر فیکٹری ورکرز کو تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دھابیجی میں بااثر شخصیات کے ایما پر مائنز اینڈ منرلز پولیس کی نمک فیکٹری پر قبضے کی کوشش کے دوران مبینہ طور پر پولیس اور سادہ لباس اہلکاروں نے فیکٹری ملازمین پر تشدد کیا جس سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔

    ایس ایچ او مائنز اینڈ منرلز سرفراز جتوئی کا دعویٰ تھا کہ نمک فیکٹری کے مالکان کے پاس مائننگ کا اجازت نامہ نہیں ہے، جس پر کام بند کروانے آئے تھے، لیکن فیکٹری ملازمین نے مزاحمت کی تھی جس پر جھگڑا ہوا۔

    فیکٹری مالک نے الزام لگایا کہ مائنز اینڈ منرلز پولیس نے دن کی روشنی میں نوٹس دکھانے کی بجائے رات کی تاریکی میں فیکٹری پر قبضے کی کوشش کی ہے۔

    نمک کی فیکٹری کے مالک نے مزید بتایا کہ یہ معاملہ عدالت میں زیر التوا ہے، زمین بورڈ آف ریونیو کی ہے جو ہم نے لیز پر لی ہے، بورڈ آف ریونیو کی این او سی کے بغیر محکمہ مائنز اینڈ منرلز کارروائی نہیں کرسکتا۔

    ادھر دھابیجی پولیس نے تاحال واقعے میں زخمی فیکٹری ورکرز کی مدعیت میں مقدمہ درج نہیں کیا، زخمیوں کی شکایت کے مطابق رات گئے پولیس اور محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے عملے نے فیکٹری ورکرز کو بے دخل کرنے کی کوشش کی تھی، فیکٹری ورکرز کی مزاحمت پر پولیس اور سادہ لباس اہلکاروں نے وہاں موجود افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

    واقعے میں زخمی 2 افراد متعلقہ پولیس اسٹیشن میں موجود رہے لیکن پولیس نے مقدمہ درج کرنے میں ٹال مٹول سے کام لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او سرفراز دراصل مائنز اینڈ منرلز کے سابق ٹھیکیدار اور موجودہ نگراں وزیر کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اور رات کی تاریکی میں نمک فیکٹری پر قبضہ پکا کرنا چاہتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق نگراں صوبائی وزیر کے ایما پر پولیس اور محکمہ مائنز ائنڈ منرلز نمک فیکٹری کے مالکان اور ورکرز کو بے دخل کرنا چاہتی ہے، اور بااثر افراد پولیس اور محکمہ مائنز اینڈ منرلز کو استعمال کر کے نمک فیکٹری پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

  • کراچی کے متعدد علاقوں کو پانی کی فراہمی معطل

    کراچی کے متعدد علاقوں کو پانی کی فراہمی معطل

    کراچی: دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث پانی کی پائپ لائن پھٹ گئی جس سے شہر کے متعدد علاقوں کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث پانی کی پائپ لائن پھٹ گئی۔

    کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹنے سے شہر کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ پائپ لائن متاثر ہونے سے کراچی کو 10 ملین گیلن پانی کی فراہمی بند ہوگئی۔

    پائپ لائن پھٹنے والی جگہ سے پانی مسلسل ضائع ہو رہا ہے، کراچی کے علاقوں کورنگی، لانڈھی، شاہ لطیف، پپری اور ملیر سمیت دیگر علاقوں کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پائپ لائن کا مرمتی کام مکمل ہونے میں 24 گھنٹے لگیں گے۔

  • دھابے جی آئے تو بتانا….

    دھابے جی آئے تو بتانا….

    عرشِ منیر نے ریڈیو پاکستان پر لاتعداد ڈراموں کے لیے صدا کاری کی۔ ان کا تعلق لکھنؤ سے تھا۔ انھوں‌ نے ٹیلی ویژن کے مقبول ترین ڈراموں میں بھی اپنی شان دار پرفارمنس سے خوب شہرت حاصل کی۔

    ہم یہاں ریڈیو پر نشر ہونے والا ان کا ایک مشہور ڈراما "دھابے جی آئے تو بتانا” آپ کی دل چسپی کے لیے پیش کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ اُس زمانے میں کراچی سے حیدرآباد تک کا سفر صرف نیشنل ہائی وے کے ذریعے ہی ممکن تھا۔

    اس ریڈیو ڈرامے کے مناظر اور مکالمے کچھ اس طرح ہیں۔

    کنڈکٹر: حیدرآباد…. حیدرآباد…… جلدی کرو…اماں جلدی چڑھو۔

    ڈرائیور: چلیں بھائی، اوپر آجائیں اور سیٹوں پر بیٹھ جائیں۔

    (بس اسٹارٹ ہوتی ہے اور چلنے لگتی ہے۔ لانڈھی آنے سے پہلے پہلے کنڈکٹر نے سب سے ٹکٹ کے پیسے وصول کرلیے، جس مسافر نے جہاں تک جانا تھا، اس نے اس کے مطابق کرایہ ادا کردیا۔ اس بس میں عرش منیر بھی سوار ہیں جو ایک بوڑھی خاتون ہیں۔ اور اب بس لانڈھی سے آگے جاچکی ہے)

    عرش منیر: بھیا کنڈکٹر دھابے جی آئے تو بتانا۔

    کنڈکٹر: جی اماں ضرور

    ( کنڈکٹر لانڈھی سے سوار ہونے والے مسافروں سے ٹکٹ کے پیسے لے رہا تھا کہ بڑھیا دوبارہ بولی)

    عرش منیر: بھیا کنڈکٹر دھابے جی آئے تو بتانا۔

    کنڈکٹر: جی اماں ضرور بتا دوں گا۔

    عرش منیر(چند لمحے بعد): بھیا کنڈکٹر بھول مت جانا، دھابے جی آئے تو بتانا۔

    کنڈکٹر(کچھ ناراضی سے): اچھا اماں ضرور بتا دوں گا اب آپ خاموش بیٹھیں۔

    عرش منیر: ائے لو میں نے کیا بُرا کہہ دیا، بس یہ ہی تو کہا تھا کہ بھیا کنڈکٹر بھول مت جانا، دھابے جی آئے تو بتانا، اس پر اتنا ناراض ہونے کی کیا ضرورت ہے کہ کہہ دیا خاموش بیٹھوں، کیا دھابے جی کا پوچھنا کوئی جرم ہے؟

    کنڈکٹر(برہمی سے): کتنی مرتبہ پوچھو گی، جب دھابے جی آئے گا تو بتادوں گا، اب نہ پوچھنا!

    ایک بزرگ مسافر: ( کنڈکٹر سے) اگر پوچھ لیا تو تمہارا کیا نقصان ہوگیا۔

    دوسرا نوجوان مسافر: ( بزرگ مسافر سے) چاچا ایک مرتبہ، دو مرتبہ کتنی مرتبہ پوچھیں گی یہ بڑی بی، اور آپ کہہ رہے ہیں کہ نقصان کیا ہوا۔

    تیسرا مسافر: (دوسرے مسافر سے) تو آپ کو کیا تکلیف ہوگئی؟ آپ سے تو نہیں پوچھا اور تھوڑی بات کرنے کی تمیز سیکھو اماں یا خالہ کی جگہ بڑی بی کہہ رہے ہو۔

    کنڈکٹر: ( تیسرے مسافر سے) تو پھر اماں کو جب کہہ دیا کہ بتا دوں گا تو بار بار پوچھنا ضروری ہے؟

    عرش منیر: ارے بھیا کنڈکٹر تم بھول مت جاﺅ اس لیے بار بار تم کو یاد دلایا ہے کہ دھابے جی آئے تو بتانا۔

    پہلی خاتون مسافر: اماں خدا کے لیے اب خاموش ہو جاﺅ، جب دھابے جی آئے گا تو کنڈکٹر بتادے گا۔

    دوسری خاتون: (پہلی مسافر خاتون سے) ارے بہن تم کو کیا مصیبت آگئی، اماں جی کے دھابے جی کا پوچھنے سے۔
    ڈرائیور : او بہنو! خدا کے واسطے خاموش ہو جاﺅ، کیوں آپس میں لڑ رہی ہو؟

    ( اب پوری بس میں‌ صورت حال یہ تھی کہ مردوں کے حصے میں تمام مرد جب کہ عورتوں کے حصے میں تمام عورتیں لڑ رہی تھیں عرش منیر کی حمایت اور مخالفت میں، مگر خود عرش منیر خاموش بیٹھی تھیں۔ اس چیخ پکار میں بس دھابے جی سے کوئی ایک میل آگے چلی گئی اور ڈرائیور کو ہوش آیا تو اس نے کنڈکٹر کو اپنے پاس بلاکر بتایا کہ دھابے جی تو پیچھے رہ گیا، دونوں‌ نے واپس پیچھے جانے کا فیصلہ کیا اور دھابے جی جاکر بس روک لی)

    کنڈکٹر نے عرش منیر کو مخاطب کیا اور کہا: اماں اُترو، دھابے جی آگیا۔

    عرش منیر(کچھ حیرانی اور غصے سے): بھیا کنڈکٹر میں نے تم کو حیدر آباد کا کرایہ دیا ہے تو دھابے جی پر کیوں اتروں؟

    کنڈکٹر:( غصے میں) تو پھر بار بار کیوں پوچھ رہی تھیں کہ دھابے جی آئے تو بتانا۔

    عرش منیر(اطمینان سے): بھیا کنڈکٹر آج صبح سے میری طبیعت خراب تھی تو میں ڈاکٹر صاحب کے پاس گئی تھی، انہیں یہ بھی بتا دیا کہ میں حیدرآباد جا رہی ہوں۔ ڈاکٹر صاحب نے دوا والی گولیاں دیں اور کہا کہ ایک ابھی کھالیں اور حیدرآباد جاتے ہوئے جب دھابے جی آئے تو دوسری گولی دھابے جی پر کھالیں، اس لیے تم سے بار بار پوچھ رہی تھی کہ دھابے جی آئے تو بتانا۔

  • نئے پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو 600 ملین گیلن پانی مہیا ہوگا: وزیر اعلیٰ سندھ

    نئے پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو 600 ملین گیلن پانی مہیا ہوگا: وزیر اعلیٰ سندھ

    دھابیجی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کو پانی کی اشد ضرورت ہے، نئے پمپنگ اسٹیشن سے 600 ایم جی ڈی (ملین گیلن روزانہ) پانی کراچی کو مہیا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دھابیجی پمپ ہاؤس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، سندھ میں حکومت عملی طور پر کام کر رہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کراچی کو پانی کی اشد ضرورت ہے، اس پمپنگ اسٹیشن سے 600 ایم جی ڈی پانی کراچی کو مہیا ہوگا۔ کراچی میں فلائی اوور اور انڈر پاسز کی کامیابی کے بعد پمپنگ اسٹیشن مکمل کیا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 1.4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے، پمپ ہاؤس میں 4 نئے پمپس نصب کیے گئے ہیں۔ ہر پمپ کی گنجائش 25 ایم جی ڈی ہے۔ اس طرح شہر کو 100 ایم جی ڈی پانی زیادہ ملے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سنہ 1959 میں تعمیر پرانے پمپنگ اسٹیشن ابھی تک کام کر رہے تھے، پرانے پمپنگ اسٹیشنز کی گنجائش میں کافی حد تک کمی آچکی تھی۔ حب کینال کی امپرومنٹ سے 30 فیصد پانی کے لائن لاسز ختم ہوجائیں گے۔ منصوبہ کراچی کے ضلع وسطی میں پانی کی کمی پورا کرنے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ کے 4 منصوبہ آپ سب کو معلوم ہے کوشش ہے وہ بھی ختم کریں، کوشش ہے کہ کے 4 اور حب کا منصوبہ جلدی مکمل کرلیا جائے۔ منصوبے کے لیے مشینری جرمنی سے منگوائی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں کی مد میں 6 ارب روپے واٹر بورڈ کو اضافی دیے، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان و دیگر شہروں کی سڑکیں تیار ہیں، افتتاح ابھی نہیں ہوا۔ کچھ لوگوں کو افتتاح کرنے کا بہت شوق ہے میں انہیں دعوت دیتا ہوں۔ ایسے افتتاح بھی دیکھے ہیں جہاں تختیاں بھی گر جاتی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پوری کوشش کریں گے سندھ کے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں، سندھ کے عوام کی امیدیں پیپلز پارٹی سے ہیں۔

  • بلاول بھٹو نے دھابیجی پمپ ہاؤس منصوبے کا افتتاح کردیا

    بلاول بھٹو نے دھابیجی پمپ ہاؤس منصوبے کا افتتاح کردیا

    دھابیجی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت پانی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، کراچی کے ساتھ گھارو کو بھی پانی فراہم کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے دھابیجی پمپ ہاؤس منصوبے کا افتتاح کیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پانی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، پورے صوبے میں پانی کا مسئلہ ایک دن میں حل نہیں کر سکتے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی پہلی ترجیح پانی کا مسئلہ حل کرنا ہے، دھابیجی میں نئے پمپنگ اسٹیشن کا منصوبہ اہم ہے۔ ہزاروں کلومیٹر کی پائپ لائن بچھائی جس سے پانی کی بچت ہوئی۔ کراچی کے ساتھ گھارو کو بھی پانی فراہم کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وفاق سے مطالبہ ہے جو وعدے کیے وہ پورے کرے، ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ کو اپنا حق دے۔ وفاق سے اپنے مطالبے کی جدوجہد کرتے رہیں گے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں وعدہ کیا تھا کہ ڈی سیلی نیشن منصوبے شروع کروائیں گے۔ پانی کے وزیر نے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ سندھ کا پانی چوری ہو رہا ہے۔ میرے صوبے میں وفاق کی طرف سے ایک پتھر نہیں لگا۔

    انہوں نے کہا کہ عوام دشمن حکومت سے عوام کو حقوق دلانا ہوگا، طاقت کا سر چشمہ عوام ہے یہ ماننا پڑے گا ورنہ گھر جانا پڑے گا۔ آئین کے مطابق جو عوام کا حق ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہم اپنے حق سے زیادہ نہیں مانگ رہے۔

    بلاول کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے عوام ہم سے ناراض ہیں، ایک سال سے سندھ میں کرائم بڑھتے جا رہے ہیں۔ سندھ حکومت سازشوں کے باوجود کام کررہی ہے اور کرتی رہے گی۔

  • کراچی واٹر بورڈ کے تمام اسٹریٹجک تنصیبات پرمتواتر بجلی کی فراہمی جاری ہے، ترجمان کے الیکٹرک

    کراچی واٹر بورڈ کے تمام اسٹریٹجک تنصیبات پرمتواتر بجلی کی فراہمی جاری ہے، ترجمان کے الیکٹرک

    کراچی: کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی، گھارو اور پیپری پمپنگ اسٹیشنز سمیت کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے تمام اسٹریٹجک تنصیبات پرمتواتر بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک انتظامیہ کا کہنا ہے ان کے ادارے کی جانب سے واٹر بورڈ کی تمام اسٹریٹجک تنصیبات کو بجلی کی متواتر فراہمی یقینی بنانے کے علاوہ واٹر بورڈ کے عملے کوہرممکن تکنیکی معاونت فراہم کی جاتی ہے جبکہ کے الیکٹرک کا عملہ واٹر بورڈ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں بھی رہتا ہے۔

    منگل کے روز دھابیجی اور پیپری پمپنگ اسٹیشنز پر آنے والے تعطل کو ترجیحی بنیادوں پر درست کیا گیا۔اس حوالے سے پاور یوٹیلٹی نے فور ی طور پر اپنی ٹیموں کو بجلی کی فراہمی بحال کرنے کیلئے متحرک کردیا تھا۔مزید برآں ، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے اندرونی ڈسٹری بیوشن سسٹم پر غیر مساوی لوڈ، اوورلوڈنگ اور ٹرپنگ کا باعث بنتا ہے۔

    کے الیکٹرک نے واٹربورڈ کے سسٹم کوبیلنس رکھنے میں معاونت کیلئے ایک پروپوزل بھی بھیجا ہے جس پرکے الیکٹرک تاحال واٹر بورڈ کے جواب کا منتظر ہے۔کے الیکٹرک کی جانب سے واٹر بورڈ پر زور دیا جاتا ہے کہ کے ڈبلیو ایس بی اپنے آپریشنل سسٹم کو بہتر بنانے اور اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کی متواترفراہمی کیلئے اپنے اندرونی ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بہتر بنائے۔

    کے الیکٹرک کی ٹیمیں واٹر بورڈ کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سمیت دیگر اسٹریٹجک تنصیبات پروقتاً فوقتاً سروے بھی کراتی ہیں تاکہ بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

    علاوہ ازیں، واٹر بورڈ کی جانب سے تقریباً 32ارب روپے پاور یوٹیلٹی کو واجب الادا ہونے کے باوجود، کراچی کے عوام کے وسیع تر مفاد میں واٹر بورڈکے تما م بڑے پمپنگ اسٹیشنز لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں گزشتہ برسوں کے دوران پاور یوٹیلٹی نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کیلئے بیک اپ فیڈر کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تمام پمپنگ اسٹیشنز کوترجیحی بنیادپر بجلی کی فراہمی کیلئے خاطر خواہ سرمایہ کاری کی ہے۔

  • کراچی : صدر ڈاکٹرعارف علوی آج شٹل ٹرین کا افتتاح کریں گے

    کراچی : صدر ڈاکٹرعارف علوی آج شٹل ٹرین کا افتتاح کریں گے

    کراچی : صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی کراچی سے دھابیجی تک چلنے والی شٹل ٹرین کا آج افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی آج شٹل ٹرین کا افتتاح کریں گے، اس ٹرین کے ذریعے یکم نومبر سے روزانہ ہزاروں افراد سفری سہولیات حاصل کرسکیں گے۔

    ریلوے حکام کے مطابق کراچی سٹی اسٹیشن سے دھابیجی کے لیے شٹل ٹرین صبح 7 بجے اور شام پونے 6 بجے روانہ ہوگی جبکہ دھابیجی سے کراچی سٹی کے لیے صبح 6 بجے اور شام 5 بجے ٹرین روانہ ہوگی۔

    ٹرین کا روٹ 65 کلومیٹر پرمحیط ہوگا اور اس کا کم از کم ٹکٹ 25 اور زیادہ سے زیادہ 80 روپے ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ یہ ریل گاڑی وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مزدوروں کے لیے تحفہ ہے۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پہلے دن تمام مسافر دھابیجی ایکسپریس میں مفت سفر کرسکیں گے، ریل گاڑی سوا 6 بجے چلے گی۔

    وزیرریلوے شیخ رشید نے موہن جو دڑو ایکسپریس کا افتتاح کردیا

    واضح رہے کہ 16 اکتوبر کو وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 100 روزہ ایجنڈے میں ملک میں ٹرینوں کا جال بچھا دوں گا۔

  • بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی بھی معطل

    بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی بھی معطل

    کراچی: دھابیجی اور گھارو پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی کی 72 انچ قطر کی پائپ لائن بھی پھٹ گئی جس سے شہر کے متعدد علاقوں کو پانی کی فراہمی بھی ممعطل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں صبح ساڑھے 6 بجے ایک بار بجلی کا بریک ڈاؤن ہوگیا۔

    دھابیجی اور گھارو پمپنگ اسٹیشنوں پر بھی بجلی معطل ہوگئی جس کے بعد پانی کے بیک پریشر سے دھابیجی میں 72 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی۔

    پائپ لائن پھٹنے کے بعد شہر کو 4 کروڑ گیلن سے زائد پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    ذرائع کے مطابق بجلی کے بار بار تعطل سے واٹر بورڈ کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔

    دوسری جانب ایم ڈی واٹر بورڈ نے متاثرہ لائن کی مرمت فوری شروع کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کےاقدامات کیے جائیں۔

    خیال رہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد کے الیکڑک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا تھا کہ ای ایچ ٹی نیٹ ورک ٹرپ کر جانے سے شہر کا نصف حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔

    کے الیکڑک کے مطابق نیشنل گرڈ اسٹیشن سے شہر قائد کو فراہم کی جانے والی بجلی بھی بند ہے جبکہ بجلی کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے تاہم کے الیکڑک حکام کی جانب سے بجلی بریک ڈاؤن کی وجوہات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

    حالیہ بریک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے علاقوں میں گلشن اقبال، گلستان جوہر ،نارتھ ناظم آباد، ملیر، ماڈل کالونی، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، کورنگی، لانڈھی، ڈیفنس ،کلفٹن، گزری، نارتھ کراچی، پی ای سی ایچ ایس اور بہادر آباد کے علاقے شامل ہیں۔

    اس سے محض دو روز قبل بھی شہر قائد کے باسیوں کو بجلی سے محروم کردیا گیا تھا جب پیر کی صبح 4 بجے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا اور کئی گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہیں کی جاسکی۔

  • دھابیجی : ٹریفک حادثہ دو خواتین موقع پر جاں بحق، ٹرک ڈرائیور فرار

    دھابیجی : ٹریفک حادثہ دو خواتین موقع پر جاں بحق، ٹرک ڈرائیور فرار

    دھابیجی : خونی ٹرک نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل ڈالا، دو خواتین جاں بحق اور ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا، ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب جبکہ ٹرک کو پولیس نے تحویل میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں تیز رفتار ٹرک نے موٹرسائیکل سواروں کا کچل ڈالا، خوفناک ٹریفک حادثہ میں نیشنل ہائی وے تھانے کے قریب پیش آیا۔

    تصادم کے نتیجے میں دو خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال پہنچایا۔

    ہلاک ہونے والوں کی شناخت میں 60 سالہ مٹھا سومرو اسکی بھانجی 19 سالہ شاہ زمین سومرو کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی نوجوان کا نام شبیر سومرو ہے جس کی عمر 22سال ہے۔

    مذکورہ افراد مقامی پمپ ہاؤس کالونی کے رہائشی ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ٹرک کو تحویل میں لے لیا، جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔