Tag: دھابے جی

  • ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی باکمال آرٹسٹ عرشِ منیر کی برسی

    ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی باکمال آرٹسٹ عرشِ منیر کی برسی

    قیامِ پاکستان کے بعد ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر اپنے فن اور خداداد صلاحیتوں سے نام و مقام بنانے والوں میں عرشِ منیر بھی شامل ہیں‌ جو 8 ستمبر 1998 کو کراچی میں وفات پاگئی تھیں۔ آج ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی اس مشہور و معروف صدا کار اور اداکار کی برسی ہے۔

    عرشِ منیر کا تعلق لکھنؤ سے تھا جہاں انھوں نے 1914 میں‌ آنکھ کھولی۔ ان شادی شوکت تھانوی سے ہوئی جو ایک صحافی، ناول نگار، ڈراما نویس، شاعر بھی تھے۔ شوکت تھانوی نے یوں تو ادب کی ہر صنف میں طبع آزمائی کی، مگر ان کی اصل شہرت مزاح نگاری ہے۔ شوکت تھانوی آل انڈیا ریڈیو سے بھی وابستہ رہے تھے اور انہی کی تحریک اور ہمّت افزائی سے ان کی رفیقِ حیات عرشِ منیر نے آل انڈیا ریڈیو سے صدا کاری کا آغاز کیا تھا۔

    قیامِ پاکستان کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری رہا اور عرشِ منیر یہاں ریڈیو پاکستان سے بطور اسٹاف آرٹسٹ وابستہ ہوگئیں۔

    پاکستان میں‌ ٹیلی ویژن نشریات کا آغاز ہوا تو انھیں متعدد ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کرنے کا موقع ملا اور عرشِ منیر نے ناظرین سے اپنی اداکاری پر خوب داد وصول کی۔ پی ٹی وی کا مقبول ترین اور یادگار ڈراما شہزوری، باادب باملاحظہ ہوشیار، ریڈیو کا دھابے جی آئے تو بتانا اور متعدد ریڈیو پروگرام ان کی یاد دلاتے رہیں گے۔

    حکومتِ پاکستان کی جانب سے انھیں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی عطا کیا گیا تھا۔ وہ کراچی میں‌ سخی حسن کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔

  • بجلی کی بندش، دھابے جی پر لائن پھٹ گئی، کراچی کو پانی کی فراہمی بند

    بجلی کی بندش، دھابے جی پر لائن پھٹ گئی، کراچی کو پانی کی فراہمی بند

    کراچی: کے الیکٹرک کی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی اور دھابے جی پر بہتر انچ قطر کی پائپ لائن پھٹنے سے شہریوں کو کروڑوں گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے انجم وہاب کے مطابق کے الیکٹرک کی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی آگئی جس کے سبب واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز دھابے جی، گھارو اور پپری کے پمپنگ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    بجلی فیل ہونے سے پمپنگ اسٹیشن پر نصب پانی فراہمی کرنے والی موٹریں بند ہوگئیں اور شہریوں کو کئی کروڑ گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا۔

    مزید برآں واٹر بورڈ کی دھاجے جی پر پانی فراہم کرنے والی 72 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی جس کے بھی سبب شہریوں کو پانی کی فراہمی تعطل کا شکار ہوگئی۔ واٹر بورڈ نے پائپ لائن کی مرمت شروع کردی۔

    واضح رہے کہ شہری پہلے ہی پانی کی قلت کا شکار ہیں اب دھابے جی پر لائن پھٹنے اور کے الیکٹرک کی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے سبب پمپنگ اسٹیشنز بند ہونے سے صورتحال مزید گھمبیر ہوگئی ہے۔

  • رینجرز کی کارروائی، 20ملزمان گرفتار،بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد

    رینجرز کی کارروائی، 20ملزمان گرفتار،بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد

    دھابے جی : رینجرزکی چھاپہ مار کارروائی کے دوران بیس ملزمان گرفتار اور بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار رینجرز کے اہلکار حرکت میں آگئے۔ دھابیجی میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی تو رینجرز کی بھاری نفری نے مختلف علاقوں کا محاصرہ کرلیا۔

    رینجرز کے جوانوں نے داخلی اور خارجی راستے بند کر کےچھ گھنٹے طویل سرچ آپریشن کیا جس میں گھر گھر تلاشی بھی لی گئی۔ کارروائی کے نتیجے میں کئی ملزمان گرفتار اور بھاری تعداد میں اسلحہ بر آمد کرلیا گیا۔

    بر آمد کئے گئے اسلحے میں جی تھری اور نائن ایم ایم پسٹلز سمیت دیگر خطر ناک اسلحہ شامل ہے۔گرفتار شدگان کیخلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔