بالی وڈ کے عمررسیدہ اداکار دھرمیندر بھی ان فنکاروں میں سے ایک تھے جو لوک سبھا الیکشن کے لیے ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشن پہنچے تھے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ممبئی میں لوک سبھا الیکشن 2024 کے دوران 20 مئی کو دھرمیندر نے اپنا جمہوری حق رائے دہی استعمال کیا۔ تاہم میڈیا انٹرایکشن کے دوران اداکار پاپا رازی فوٹو گرافر پر برہم ہوگئے۔
اپنا ووٹ کاسٹ کر کے پولنگ اسٹیشن سے باہر آنے والے دھرمیندر سے فوٹو گرافر بار بار اصرار کررہا تھا کہ وہ نوجوانوں کے لیے کوئی پیغام دیں۔
دھرمیندر کے ساتھ کچھ لوگ تھے جو انھیں ممبئی میں پولنگ بوتھ میں لے کر آئے تھے۔ ووٹ ڈالنے کے بعد انھوں نے اپنی سیاہی والی انگلی بھی کیمرے کو دکھائی اور گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے انھوں نے میڈیا سے مختصر بات چیت کی۔
پاپا رازی کے بار بار اصرار پر دھرمیندر نے غصے میں کہا کہ اچھے شہر بنو، دیش بھگت بنو، ماں باپ سے پیار کرو، آپ کو معلوم ہے جو مجھ سے کہلوانا چاہتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر دھرمیندر کی یہ ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ دھرمیندر نے 2004 سے 2009 تک راجستھان میں بیکانیر کی نمائندگی کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی سے ممبر پارلیمنٹ (لوک سبھا) کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔