Tag: دھرنا جاری

  • سانحہ مچھ کیخلاف کراچی کے مختلف مقامات پر دھرنا جاری ، راستے بند ، ٹریفک جام

    سانحہ مچھ کیخلاف کراچی کے مختلف مقامات پر دھرنا جاری ، راستے بند ، ٹریفک جام

    کراچی : سانحہ مچھ کیخلاف کوئٹہ اور کراچی کے مختلف مقامات پر دھرنا جاری ہے ، ٹریفک پولیس نے شہریوں کومتبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مچھ واقعے کے خلاف کراچی کےمختلف علاقوں میں دھرنے جاری ہے ، علاقوں میں ابوالحسن اصفہانی روڈ،گلستان جوہر کامران چورنگی ، ملیر15،نارتھ کراچی پاورہاؤس چورنگی،نمائش چورنگی ، قائد آباد، شاہ فیصل،گلشن اقبال نیپاچورنگی شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شارع فیصل پردھرنے کے باعث ایک ٹریک بند کردیا گیا ہے جبکہ نمائش چورنگی سے صدر جانے والے شہری کوریڈور تھری استعمال کریں۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق نیپا چورنگی ٹریفک کیلئے بند ہے ، عوام متبادل راستہ اختیار کرتے ہوئے گلشن چورنگی سے مسکن جانے والا روڈ استعمال کریں۔

    کراچی:دھرنےکےباعث شاہ فیصل کالونی ناتھا خان پل ٹریفک کیلئے بند ہے ، شاہ فیصل ایریا کی جانب ٹریفک کو متبادل راستہ دیا جا رہا ہے جبکہ لیاری ایکسپریس وےپر بدترین ٹریفک جام ہے اور گاڑیوں کی قطار لگ گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : سانحہ مچھ: کوئٹہ کی خون جماتی سردی میں لاشوں سمیت دھرناجاری

    یاد رہے گذشتہ روز حکومتی وفد کے دھرنے کے شرکا سےمذاکرات ناکام ہوگئے تھے اور شرکا نے وزیراعظم کی آمدتک دھرناختم کرنے سے انکار کردیا تھا، حکومتی وفدقاسم سوری،علی زیدی،زلفی بخاری پرمشتمل تھا۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ آپ کےجذبات سمجھتےہیں مگرجوکچھ ہوا،وہ ایک سازش ہے ، آپ سےوعدہ ہےوزیراعظم عمران خان یہاں ضرورآئیں گے۔

    خیال رہے کوئٹہ میں سانحہ مچھ کے خلاف ہزارہ برادری کے دھرنے کو 4 دن بیت گئے، مغربی بائی پاس پر جاری دھرنے میں ورثا لاشوں سمیت احتجاج کر رہے ہیں۔

  • فیض آباد انٹرچینج پر 16 ویں روز بھی دھرنا جاری

    فیض آباد انٹرچینج پر 16 ویں روز بھی دھرنا جاری

    اسلام آباد : اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم فیض آباد انٹرچینج پر سولہویں روز بھی دھرنا جاری ہے، حکومت اور دھرنامنتظمین کے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے، راستے بند ہونے سے جڑواں شہروں کے مکینوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مذاکرات پر مذاکرات تمام تر کوششوں کے باوجود فیض آباد انٹرچینج پر سولہویں روز بھی دھرنا جاری ہے ، مذاکرات کی ناکامی اور علما و مشائخ کا اجلاس بھی بے نتیجہ رہا اور ڈیڈلاک برقرار ہے، دھرنے کے شرکا وزیرقانون کے استعفے کیلئے ڈٹے ہوئے ہیں جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ بنا ثبوت کے وزیر سے استعفٰی نہیں لے سکتے۔

    سجادہ نشین گولڑہ شریف دھرناختم کرانےکیلئےایک مرتبہ پھرمتحرک ہوگئے ہیں، سجادہ نشین گولڑہ شریف کاکہنا ہے کہ دھرنا منتظمین کے مطالبات جائز ہیں۔

    پیر نظام الدین جامی کا کہنا ہے کہ انشااللہ آج بریک تھروکی امید ہے۔

    وزیر قانون زاہد حامدنے دھرنے والوں کے دیرینہ مطالبہ ماننے کی پیشکش کی، جسے حکومتی ارکان نے رد کردیا، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ وزیر قانون استعفیٰ نہیں دیں گے۔

    دھرنے کی سیکیورٹی کے نام پر پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کیے ہوئے ہیں، جس سے جڑواں شہروں کے باسیوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔


    مزید پڑھیں : ہائیکورٹ بارکو دھرنے والوں سے بات کرنے اورعدالتی فیصلے سے آگاہ کرنے کا ٹاسک دے دیا


    شہریوں کاکہناہےکہ حکومتی ناکام ہوچکی ہےسولہ روز سےدھرنا ختم نہ کراسکی۔

    دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز نے ہائیکورٹ بار کو دھرنے والوں سےبات کرنے اورعدالتی فیصلے سے آگاہ کرنے کاٹاسک دے دیا اور کہا کہ عاشقان مصطفی ﷺبلندعالی مرتبت لوگ ہیں، شاید ملک آپ کی کوشش سے افراتفری سے بچ سکے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روزاسلام آباد ہائیکورٹ نے وزرات داخلہ کوایک بارپھر دھرنا ختم کرانے کی ہدایت کی تھی، جس پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے عدالت سے اڑتالیس گھنٹے کا وقت لیاتھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی: دہشت گردی کے خلاف وزیرِاعلیٰ ہاؤس کے قریب دھرنا جاری

    کراچی: دہشت گردی کے خلاف وزیرِاعلیٰ ہاؤس کے قریب دھرنا جاری

    کراچی: سول سوسائٹی کی جانب سے دہشت گردی کے واقعات کے خلاف وزیرِاعلی ہاؤس کے قریب دھرنا جاری ہے، وزیرِاعلی سندھ کے مشیر وقار مہدی نے شرکاء سے مذاکرات کئے تاہم مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکے۔

    سول سوسائٹی کی جانب سے دہشتگردی کے واقعات اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ایوان وزیرِاعلی کے باہر احتجاج کے اعلان کے بعد ایوان وزیرِاعلٰی جانے والے راستوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کردیا گیا تھا۔

    سول سوسائٹی کے ارکان جب وزیراعلٰی ہاؤس پہنچے تو پولیس کی جانب سے انہیں قریب جانے کی اجازت نہیں دی گئی، پولیس اور مظاہرین میں تلخ کلامی کے بعد شرکاء نے پی آئی ڈی سی چوک پر ہی احتجاجی دھرنا دے دیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے دہشتگردوں کے خلاف بینرز بھی اٹھا رکھے ہیں۔

    شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ میں تمام کالعدم تنظیمیں اور انکے سرکردہ رہنماؤں کو گرفتار کرے اور کالعدم تنظیموں کے دفاتر کو بند کیا جائے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ سانحہ شکارپورکے زخمیوں کو کراچی منتقل کرکے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

  • ہانگ کانگ: جمہوریت کے حق میں دھرنا جاری

    ہانگ کانگ: جمہوریت کے حق میں دھرنا جاری

    ہانگ کانگ:جمہوریت کے حق میں دھرنا جاری ہے، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔

    ہانگ کانگ میں ہزاروں مظاہرین نے سرکاری عمارتوں کی طرف بڑھنے کی کوشش کی، جہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور بڑی تعداد میں رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

    ہانگ کانگ میں مظاہرین آزادانہ انتخاب کے لیے احتجاج کر رہے ہیں، ہانگ کانگ کی حکومت نے مظاہرین پر زور دیا کہ وہ پُرامن طریقے سے گھرچلے جائیں لیکن مظاہرین نے مطالبات پورے نہ ہونے تک دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔

  • اہلسنت والجماعت کا کراچی میں جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان

    اہلسنت والجماعت کا کراچی میں جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان

    کراچی: گرومندر پراہلسنت والجما عت کا دھرنا حکومت سے مذاکرات کے بعد ختم کردیا گیا دھرنا ختم کرنے کا اعلان اہلسنت والجماعت کے مرکزی رہنما اورنگزیب فاروقی نے کیا۔

    کراچی میں گذشتہ کئی روز سےاہلسنت والجماعت اپنے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل اورگرفتاریوں کیخلاف گرو مندر میں دھرنا دیئے ہو ئے تھی، جس کے بعد آج حکومت سے مذاکرات کے بعد اہلسنت والجماعت نے اپنا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    اہلسنت والجماعت کو سیکریٹری داخلہ نے یقین دہانی کروائی کہ ما وارائے عدالت قتل کے معاملے پر کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو اس معاملے کی تحقیقات کرے گی ساتھ ساتھ لاپتہ کارکنوں کی بازیابی سے متعلق بھی اہلسنت والجما عت کو آگاہ کیا جا ئے گا جس کے بعد اہلسنت والجماعت کے کارکن پُرامن طور پر منتشر ہو گئے۔

  • کراچی: اہلسنت والجماعت کا گرومندرچوک پردھرنا جاری

    کراچی: اہلسنت والجماعت کا گرومندرچوک پردھرنا جاری

    کراچی: اہلسنت والجماعت کا کارکنوں کےماورائے عدالت قتل کےخلاف کراچی کے گرومندر چوک پر دھرنا جاری ہے ۔اورنگزیب فاروقی کہتے ہیں کہ مطالبات کی منظوری کےلئےگورنرہاؤس کےباہر بھی دھرنادیں گےاگرروکا گیا توشہر بھرکی شاہراہوں پردھرناہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مطالبات کی منظوری کےلئے دھرنوں کا رواج عام ہورہا ہے ۔اہل سنت و الجماعت نے بھی حقوق کے حصول اور مطالبات کی منظوری کیلئے گرومندر چوک پردھرنا دےدیا۔

    اےآروائی نیوزسےخصوصی گفتگومیں علامہ اورنگزیب فاروقی کا کہنا تھاکہ رواں سال ان کے دس کارکن ماورائے عدالت قتل کئے جاچکے ہیں ۔اہل سنت و الجماعت کے رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی داد رسی کےلئے اب تک کسی حکومتی عہدیدار نے رابطہ نہیں کیا۔

    علامہ اورنگزیب فاروقی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ وہ گورنرہاؤس کے باہر بھی دھرنا دیں گےاورمطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھا جائےگا۔

  • کراچی:اہلسنت والجماعت کا آج گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان

    کراچی:اہلسنت والجماعت کا آج گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان

    کراچی: اہلسنت والجماعت کی جانب سے کراچی میں کارکنوں کے مبینہ قتل اور گرفتاریوں کےخلاف دھرنا جاری ہے۔

    اہل سنت والجماعت نے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل پر آج گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے، اورنگزیب فاروقی کا کہنا ہے کہ آج دھرنوں کے شرکاء سمیت گورنر ہاؤس جائینگے اگر انھیں روکا گیا تو شہر بھر کی شاہراؤں پر دھرنے دیں گے، اگر کارکنان کے خلاف ثبوت ہیں تو عدالتوں میں پیش کیے جائیں ۔

    پاکستان میں مطالبات منوانے کے لئے دھرنا دینے کا رواج زور پکڑ گیا ہے، اہل سنت و الجماعت نے بھی حقوق کے حصول اور مطالبات کی منظوری کیلئےکراچی کی نمائش چورنگی پردھرنا دے ڈالا، اہل سنت و الجماعت کا مطالبہ ہے کہ کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل اور بلاجواز گرفتاریاں بند کی جائیں ۔

    دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اورنگزیب فاروقی کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی یقین دہانیوں کے بعد گزشتہ دنوں دھرنا ختم کیا تھا لیکن حکومت نے وعدہ خلافی کی اب مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہیگا، اہل سنت و الجماعت کے رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی کو مقتل گاہ بنا دیا گیا ہے۔

    دھرنے کے باعث گرومندر آنے اور جانے والے تمام راستے بند کردیئے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے، سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو کافی پریشانی کا سامنا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق اہلسنت والجماعت کے مطالبے پر ایس ایچ او پریڈی شاہ جہاں لاشاری کو معطل کردیا گیا جبکہ ایس پی صدر سلمان سیکا کو بھی تبادلہ کرکے ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔