Tag: دھرنا ختم کرنے کا اعلان

  • تحریک لبیک پاکستان کا وزیر آباد سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان

    تحریک لبیک پاکستان کا وزیر آباد سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان

    لاہور : تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی ) نے وزیر آباد سے دھرنا ختم کر نے کا اعلان کردیا ، رکن مجلس شوریٰ پیر سرور شاہ نے کہا تحریک لبیک نے 50فیصدمعاہدہ پوراہونےپر دھرنا ختم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق رکن مجلس شوریٰ تحریک لبیک پاکستان پیرسرور شاہ نے وزیر آباد سے دھرنا ختم کر نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تمام کارکنان وزیر آباد سے واپس لاہور جامع مسجد رحمۃ اللعالمین جائیں۔

    پیر سرور شاہ کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک نے 50فیصدمعاہدہ پوراہونےپر دھرنا ختم کیا ، ہم معاہدے پر قائم ہیں ، حکومت مقررہ مدت میں تحریک لبیک کیساتھ کیا گیا معاہدہ مکمل کرے۔

    رکن مجلس شوریٰ نے کہا کہ مفتی منیب نے گارنٹی دی تھی کہ پچاس فیصد معاملات حل ہوجائیں تو دھرنا اٹھاکر مسجد رحمت اللعالمین لے جائیں گے، جہاں علامہ خادم رضوی کے عرس میں سعد رضوی شامل ہوں گے۔

    دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان سے معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کرلیا ہے، کوشش ہے یہ حل مستقل بنیادوں پر رہے۔

    خیال رہے تحریک لبیک پاکستان کے کارکن کا 11 روز سے وزیر آباد میں دھرنا جاری تھا ، جس کے باعث وزیرآباد میں انٹرنیٹ سروس کئی روز سے معطل ہونے سے بینکوں میں بھی کام ٹھپ ہوگیا تھا جبکہ بندشوں اور رکاوٹوں سے شہری رل گئے اور چناب ٹول پلازہ پر ٹریفک جام ہونے سے لاہور جانے والے مسافر بھی پھنس کر رہ گئے۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پر سے پابندی ہٹانے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا ، نوٹی فکیشن کے مطابق تحریک لبیک کوکالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد سمری وزارت داخلہ کوموصول ہوئی تھی جبکہ پنجاب کابینہ نے بھی تحریک لبیک کا نام کالعدم لسٹ سے نکالنے کی سفارش کی تھی۔

  • وزیر مملکت برائے داخلہ کی ملاقات، ہزارہ کمیونٹی نے دھرنا ختم کر دیا

    وزیر مملکت برائے داخلہ کی ملاقات، ہزارہ کمیونٹی نے دھرنا ختم کر دیا

    کوئٹہ: ہزارہ کمیونٹی نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا، سانحہ ہزار گنجی کے خلاف ہزارہ برادری کا 4 روز سے دھرنا جاری تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ ہزار گنجی کے خلاف گزشتہ چار روز سے جاری دھرنا ختم ہو گیا ہے، ہزارہ کمیونٹی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

    وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

    قبل ازیں وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی ہزارہ برادری کے دھرنے میں پہنچے تو ان کے ہم راہ وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی تھے، جام کمال نے کہا کہ دہشت گردی اور ملک کو بد نام کرنے والوں کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سب چیزوں کو مد نظررکھ کر مثبت فیصلے اور اقدام اٹھائیں گے، جہاں نقصان ہوتا ہے اس کا اثر ہر گھر پر جاتا ہے، ہم اپنے صوبے، شہر کے لیے اچھی کوششیں کریں گے، ہماری حکومت آپ کی نمائندگی سے ہے۔

    جام کمال نے کہا کہ اللہ نے ہمیں مزید ہمت دی تو بلوچستان کے لیے بہت کچھ کریں گے۔

    وزیر مملکت برائے داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کی سوچ، فکر اور ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں، سب ادارے دن رات ایک کر کے محنت کر رہے ہیں، ہم یہاں سیاست کرنے نہیں آئے، ہم اس معاملے میں تمام تفصیلات دیں گے۔

    شہریار آفریدی نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت ہزارہ کمیونٹی کے غم میں برابر کے شریک ہیں، وزیر اعظم، آرمی چیف آپ کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، ہم آپ کو ہر سطح پر سہولتیں فراہم کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وفاقی وزیر مملکت شہریار آفریدی کی وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات

    یاد رہے کہ 12 اپریل کو ہزار گنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکے میں 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہو گئے تھے، دھماکے میں ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا تھا، دھماکا خیز مواد آلوؤ ں میں رکھا گیا تھا، جاں بحق افراد میں سیکورٹی اہل کار بھی شامل تھے جب کہ 8 جاں بحق افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے تھا۔

    دھماکے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں نا معلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا کہ دھماکا پلانٹڈ نہیں بلکہ خود کش تھا، جائے وقوعہ سے حملہ آور کے اعضا بھی ملے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ: ہزار گنجی دھماکے کی تحقیقات میں پیشرفت

    دھماکے کے بعد ہزارہ کمیونٹی کے افراد احتجاجاً دھرنے پر بیٹھ گئے تھے، جن کا مطالبہ تھا کہ ہزارہ برادری کے خلاف ہونے والے حملوں کو روکا جائے، اور قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔