Tag: دھرنا سیاست

  • دھرنا سیاست نے ریاستی اسٹرکچر تباہ کردیا، سعد رفیق

    دھرنا سیاست نے ریاستی اسٹرکچر تباہ کردیا، سعد رفیق

    اسلام آباد : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دھرنا سیاست نے ریاستی اسٹرکچر تباہ کردیا، خون خرابے سے بچنے کیلئےسول حکومت نے فوجی قیادت سے بات کی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ریاستی اسٹرکچر میں کمزوری کی بنیاد دھرنا سیاست نے رکھی، اس طرح کی سیاست کا سلسلہ جاری رہا تو ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

    خواجہ سعد رفیق نے اعتراف کیا کہ سول ایڈمنسٹریشن کے اسٹرکچر میں کمزوریاں موجود ہیں، فیض آباد دھرنے کے خاتمے میں پاک فوج کا مثبت کردار تھا، خون خرابے سے بچنے کیلئے سول حکومت نے فوجی قیادت سے بات کی۔

    کمرےمیں بیٹھ کر بات کرنا آسان اور چیزوں کا سامنا کرنا مشکل ہے، مذہب مذہبی انتہا پسندی کے لئے استعمال کیا جارہا ہو تو دوسرا راستہ نہیں رہتا، ذاتی طور پر میرے علم میں بہت سی باتیں آئی ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام پر سوال اٹھائے جائینگے تو سرمایہ کاری کو خطرہ تو ہوگا، موجودہ حالات سے ملک کے وسیع ترمفاد کونقصان پہنچ رہا ہے، سیاسی استحکام نہ ہوا تو ملک میں سرمایہ کار کیسےآئیں گے؟ سیاسی استحکام ہوگا تو لوگ ہماری مدد بھی کریں گے۔

    وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک میں تماشے لگیں گے تو کوئی بھی خیرخواہ سرمایہ کاری کرتے وقت سوچے گا، ن لیگ کی حکومت بڑی محنت سے ملک میں سرمایہ کاری لائی تھی، ملک میں سرمایہ کاری نہ آئی تو محکمہ ریلوے 3 سے 4 دہائیاں پیچھے رہ جائیگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملکی موجودہ صورتحال سے چیزیں تاخیر کا شکار ہورہی ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن، اسلام آباد دھرنے کے بعد ہم پر قتل کےمقدمے بنے، منتخب وزیراعظم کو کٹہرے میں لانے کے بعد سول انتظامیہ سے توقع نہ رکھیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ جے سی سی اجلاس میں محسوس کیا کہ چین ملکی حالات سے پریشان ہے، کراچی سرکلر ریلوے پر عجلت میں کوئی فیصلہ نہیں ہونا چاہئے، چین سے طویل عرصےکیلئے کم مارک اپ پر قرضہ لینا چاہتے ہیں، ہمیں فائدہ نہ ہواتو پھرمزید قرض نہیں لیں گے۔

  • عمران خان نے پہلی ناکامی سے سبق نہیں سیکھا، پرویز رشید

    عمران خان نے پہلی ناکامی سے سبق نہیں سیکھا، پرویز رشید

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعا ت و نشریا ت پرویز رشید کاکہنا ہے کہ عمران خان اگر پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ کا کوئی منصوبہ بنا رہے ہیں تو اس میں بھی انھیں دھرنا سیاست کی طرح ناکامی ہو گی ۔

    عمران خان نے پہلی ناکامی سے سبق نہیں سیکھا اور اب دوسری ناکامی کیلئے دوبارہ احتجاجی تحریک کا اعلان کیا ہے ۔ پرویزرشید کاکہناتھا کہ پی آئی اے میں پی ٹی آئی کے پارٹنرز احتجاج کی سیاست کررہے ہیں.

    ملازمین کا احتجاج سیاسی کھیل کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے معاملے پر نعشوں کی سیاست کی جارہی ہے.

    پولیس اور رینجر کہہ رہی ہے کہ انہوں نے گولی نہیں چلائی یہ دیکھنا ہو گا کہ جلوس کے اندر سے گولی کس نے چلائی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس کی تحقیقات کی جائیں ۔پرویز رشید کاکہناتھا کہ عمران خان کو اپنا منشور بھی یاد نہیں جس میں پی آئی اے سمیت قومی خزانے پر بوجھ اداروں کی نجکاری کا ذکر کیا گیا ہے ۔

    عمران خان قوم کو بتائیں گے کہ کیا انہوں نے اپنے منشور میں لکھا تھا کہ وہ دھرنا دیں گے ، ہرتین ماہ بعد حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلائیں گے اور کنٹینر ون اور کنٹینر ٹو کی سیاست چلائیں گے۔

    پرویز رشید کاکہناتھاکہ جنوبی ایشیاءمیں پاکستان وہ ملک ہے جہاں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت سب سے کم ہے یہ بات عمران خان کے ایڈوائز ر انہیں نہیں بتاتے۔

    ان کاکہناتھاکہ عمران خان کو بتانا چاہتا ہوں کہ بھارت میں پیٹرول 97 روپے ، نیپال میں 95 ، سری لنکا میں 93 ، بنگلہ دیش میں 125 روپے جبکہ ان کے مقابلے میں پاکستان میں پیٹرول 70 روپے فی لیٹر ہے ۔

    وفاقی حکومت ٹیکس اکٹھا کر کے 62 فیصد صوبوں کو دے دیتی ہے عمران خان اگر چاہیں تو ان پیسوں میں سے لوگوں کو مفت پیٹرول ڈلوا دیں۔

    خان صاحب پیٹرول کی قیمت کم کرنے کی بات کرتے ہیں مگر اپنے صوبے میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہیں کروا سکے۔