Tag: دھرنا

  • حافظ نعیم کا وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان

    حافظ نعیم کا وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان

    امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کل 5جنوری کو وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہمیشہ جعلی ووٹر لسٹیں بنانے والے اب الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، فیس سیونگ دینے کیلئے الیکشن نہ کرانا قابل قبول نہیں ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا الیکشن ہونے کیلئے ہے، اگر پیپلز پارٹی الیکشن چاہتی ہے تو  کل دھرنے میں آکر اعلان کردے، پہلے کی طرح اس بار بھی ہمارا دھرنا پر امن ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ گورنر ہاوس کو سازشوں کا اڈا نہ بنائیں ایم کیوایم ماضی کی طرح موجودہ حکومت میں بھی شامل رہی، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نورا کشتی کررہے ہیں، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے شہرکا بیڑہ غرق کیا ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں کابرا حال ہے، ہمیں مل کر اس شہر کو چلانا ہے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ شہر کے حق، امن کیلئےہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔

  • پیپلز پارٹی کا فیض آباد چوک بلاک کرنے کا اعلان

    پیپلز پارٹی کا فیض آباد چوک بلاک کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے فیض آباد چوک بلاک کرنے کا اعلان کر دیا ہے، پولیس کی جانب سے رکاوٹوں‌ پر بلاول بھٹو کے قافلے نے ریور گارڈن پر اچانک دھرنا دے دیا تھا، تاہم کچھ دیر کے بعد قافلہ ڈی چوک کی طرف روانہ ہو گیا۔

    پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ ہمارے کارکنوں کو جگہ جگہ رکاوٹیں لگا کر روکا گیا ہے، جب تک پورا قافلہ آگے نہیں جائے گا فیض آباد بلاک رہے گا۔

    انھوں نے کہا ہم ہر چوک پر دھرنا دینے جا رہے ہیں، سب ساتھ چلیں، قافلے کو روکنا حکومت کی ناکامی ہے، ڈی چوک کے کارکنوں کو کہتے ہیں ہم پہنچیں گے آپ کہیں نہیں جانا، اسلام آباد پولیس کی سازش ہے کہ دھرنے کو ناکام بنایا جائے۔

    فیصل کریم کنڈی نے کہا ہمارے کارکنان کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم اس وقت تک یہاں رہیں گے جب تک پولیس کارکنان کو چھوڑ نہ دیں، انتظامیہ سے کہہ رہا ہوں اتنا کریں جتنا بعد میں برداشت کر سکیں۔

    فیصل کنڈی نے کہا اب عمران جانے والا ہے، انتظامیہ فیصلہ کرے کل جواب بھی دینا ہے، ریڈی میٹ کپڑے خرید لیں، عید سے پہلے عید ہونے والی ہے۔

  • جماعت اسلامی اور سندھ حکومت کے بیک ڈور مذاکرات میں اہم ترین پیشرفت

    جماعت اسلامی اور سندھ حکومت کے بیک ڈور مذاکرات میں اہم ترین پیشرفت

    کراچی: شہر قائد میں ستائیس روز سے جاری جماعت اسلامی کا دھرنا رنگ لانے لگا ہے، جماعت اسلامی اور سندھ حکومت کے بیک ڈور مذاکرات میں اہم ترین پیشرفت ہوئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے بعض اہم بلدیاتی ادارے میئر کے ماتحت کرنے کا عندیہ دے دیا ہے، بلدیاتی قانون میں کم از کم 3 اہم شعبے میئر کے ماتحت کیے جائیں گے۔

    گزشتہ 27 روز سے جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنا جاری ہے، اس دوران جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور سندھ حکومت کے نمائندوں کے درمیان کئی بار مذاکرات ہوئے لیکن ناکامی سے دوچار ہوئے، تاہم جماعت اسلامی نے بھی احتجاج میں استقلال دکھایا۔

    اب ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اور حکومت سندھ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، اور اس کی کامیابی کے لیے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

    ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ دوسری طرف حکومتی جماعت کے بعض وزرا مذاکراتی ٹیم میں شامل نہ کیے جانے اور اپنا کردار نہ ہونے پر ناخوش بھی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق جمعہ کو شہر کے اہم راستوں پر احتجاجی دھرنوں کے اعلان نے بھی پیپلز پارٹی پر دباؤ بڑھایا ہے، اب اگلے 48 گھنٹوں میں مذاکرات حتمی نتیجے پر پہنچنے کا امکان ہے۔

    مذاکرات کی کامیابی کے بعد سندھ اسمبلی سے دھرنا ختم کر دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بلدیاتی قانون کے خلاف سیکنڈ فیز کا اعلان کیا تھا، انھوں نے کہا سندھ اسمبلی پر دھرنا جاری رہے گا، لیکن جمعہ 28 جنوری سے کراچی کی 5 اہم شاہراہیں بند کر دی جائیں گی اور صرف ایمبولینس چلے گی، انھوں نے عوام سے بھی دھرنوں میں شرکت کی درخواست کی اور کہا کہ وہ متبادل راستہ اختیار کریں۔

  • کراچی میں تیز بارش، پرواز تاخیر کا شکار، جماعت اسلامی کا دھرنا جاری

    کراچی میں تیز بارش، پرواز تاخیر کا شکار، جماعت اسلامی کا دھرنا جاری

    کراچی: شہر قائد میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کی وجہ سے کراچی ایئرپورٹ پر ایک پرواز تاخیر کا شکار ہو گئی، دوسری طرف بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف جماعت اسلامی کا سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنا جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں صبح شروع ہونے والی ہلکی بارش رات میں تیز بارش میں بدل گئی ہے، نارتھ کراچی، شادمان ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، تیسر ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں تیز بارش شروع ہو گئی ہے۔

    منگھوپیر، گولیمار، ایف بی ایریا، گلشن اقبال، سہراب گوٹھ، بفرزون، سرجانی، اورنگی، ناظم آباد اور لیاقت آباد میں بھی تیز بارش ہو رہی ہے۔

    موسم کی خرابی کے باعث کراچی سے اسلام آباد جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 208 ایک گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی۔

    شہر میں تیز بارش کے باوجود سندھ ترمیمی بلدیاتی بل کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا بدستور جاری ہے، جسے ایک ہفتہ ہو چکا ہے، خواتین بھی اس میں شرکت کر چکی ہیں، حافظ نعیم الرحمان نے کارکنوں سے گفتگو میں کہا بارش رحمت ہے اسے انجوائے کریں، ہم کراچی کے مظلوم شہریوں کے حق کے لیے نکلے ہیں، اپنے عزم کو توانا رکھیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختون خوا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کل تیز بارش کا امکان ہے، بالائی وسطی بلوچستان اور بالائی سندھ میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

    ادھر چمن کوژک ٹاپ پر برف باری ہو رہی ہے، کوئٹہ چمن شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، کوژک ٹاپ پر برف باری کے باعث سیکڑوں مسافر گاڑیاں پھنس گئیں، ڈپٹی کمشنر کے مطابق پی ڈی ایم اے کی مشینری شاہراہ کھولنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں بھی برفباری جاری ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے، انھوں نے کہا پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔

  • حکومت اور دھرنا مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب، ورثا نے شہدا کے تدفین کی اجازت دے دی

    حکومت اور دھرنا مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب، ورثا نے شہدا کے تدفین کی اجازت دے دی

    کوئٹہ: ہزارہ برادری کے دھرنے میں منتظمین سے حکومتی ٹیم کے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، دھرنے میں شریک شہدا کے ورثا نے تدفین کی اجازت دے دی، منتظمین نے پورے ملک میں دھرنے ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی وفد اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات میں دھرنے میں شریک شہدا کے ورثا نے تدفین کی اجازت دے دی ہے، حکومتی ارکان اور لواحقین نے تحریری معاہدے کو حتمی شکل دے دی۔

     حکومتی وفد کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ہزارہ برادری سے کیا ہوا ہر وعدہ پورا کریں گے۔ شہدا کے لواحقین نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں وزیر اعظم آ کر مظلوموں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھیں۔

    مذاکرات وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور شہدا کمیٹی کے درمیان ہوئے، جس میں قاسم سوری اور وفاقی وزیر علی زیدی اور زلفی بخاری بھی شریک تھے، جب کہ شہدا لواحقین کمیٹی کی طرف سے آغا رضا، علامہ حسنین اور دیگر مذاکرات میں موجود تھے۔

    لواحقین تدفین کریں، گارنٹی دیتا ہوں آج ہی کوئٹہ آؤں گا، وزیراعظم

    دھرنا منتظمین نے کہا کہ ہمارے مطالبات مان لیےگئے ہیں، حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزرا کے شکر گزار ہیں۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مذاکرات کے بعد خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان لواحقین کے پاس آئیں گے اور ان کے مسائل سنیں گے، آرمی چیف بھی جلد ہزارہ برادری سے ملاقات کریں گے، اور بلوچستان میں سیکورٹی کی بہتری کے لیے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ انصاف فراہم کرنا معاشرے کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے، چیزوں کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے، میں اعلان کرتا ہوں کہ ہزارہ برادری کے مسائل حل کریں گے، جہاں غفلت ہو اس جگہ کی نشان دہی ہونی چاہیے تاکہ مسائل نہ ہوں۔

    ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ پورے ملک میں دھرنے ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، شہدا کی تدفین ہوتے ہی وزیر اعظم اور آرمی چیف کوئٹہ روانہ ہوں گے۔

    قبل ازیں ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ  تدفین کا عمل مکمل ہوتے ہی وزیر اعظم کوئٹہ پہنچ جائیں گے، ہماری پہلی ترجیح ہے کہ میتوں کی تدفین ہو تاکہ تقدس پامال نہ ہو۔

  • 22 دسمبر کومسئلہ کشمیر پر اسلام آباد میں دمادم مست قلندر ہوگا، سراج الحق

    22 دسمبر کومسئلہ کشمیر پر اسلام آباد میں دمادم مست قلندر ہوگا، سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ شیخ رشید کہتے ہیں میری وزارت سے وزیراعظم اور چین خوش ہے، ریلوےکی وزارت میں سیکڑوں حادثات ہو ئے لیکن کہتے ہیں چین خوش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ملک کے 64 فیصد نوجوانوں کے لیے 15 ماہ میں کچھ نہیں ہوا، حکومت نے 15 ماہ میں صرف لنگر خانے کھولے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم باہر جا کر بتاتے ہیں میری قوم چوراورکرپٹ ہے لیکن معیشت کی حالت بتا رہی ہے قوم نہیں خودحکومت کرپٹ ہے، افسوس ہے حکمرانوں نے آج تک صرف کرپشن کا کام کیا ہے۔

    سراج الحق نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور کئی سالوں کے باوجود نہیں بن سکا، حکومت نے 15 ماہ میں 15 سو یو ٹرن لیے ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نواز شریف صاحب کے علاج کےلیےملک میں اسپتال نہیں،ن لیگ حکومت کام کرتی تو نواز شریف کے علاج کےلیےاسپتال ہوتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت نےگلگت اورمظفر آباد کو اپنے نقشے میں شامل کرلیا، ہم 22 دسمبر کومسئلہ کشمیرپر اسلام آباد میں دمادم مست قلندرکریں گے۔
    امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی قیادتیں ملک نہیں اپنے کاروبار اور کارخانے بدلنے کا سوچتی ہیں، حکمرانوں کی مسلسل خیانت اورکرپشن سےملک کا بچہ بچہ مقروض ہے۔

  • مولانا صاحب حلقے میں جائیں، سیاسی طور پر ہلکے نہ ہوں

    مولانا صاحب حلقے میں جائیں، سیاسی طور پر ہلکے نہ ہوں

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مولاناصاحب آپ کی سیاسی جڑیں عوام نے کاٹیں، مولانا صاحب حلقے میں جائیں، سیاسی طور پر ہلکے نہ ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعون نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مولانا صاحب آپ خالی ہاتھ اسلام آباد آئے تھے، مولانا صاحب ویسے ہی خالی ہاتھ واپس لوٹ گئے۔

    انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب آپ کی سیاسی جڑیں عوام نے کاٹیں، آپ جمہوریت سے بدلہ لینے پر تل گئے، قوم نے دیکھ لیا کون اسلام آباد سے چلتا بنا، عوام نے مسترد کر کے ثابت کیا کہ انتہاپسندی کے ساتھ نہیں ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام نے مولانا کے سارے پلان چوپٹ کر دیے، آپ کو پلان ’’ایگزٹ‘‘کا سہارا لینا پڑا، آپ کا روڈز بلاک پلان بھی عوام نے مسترد کر دیا۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ انا کی رکاوٹیں کھڑی کر کے مولانا اپنا سیاسی مستقبل خراب نہ کریں، مولانا صاحب حلقے میں جائیں، سیاسی طور پر ہلکے نہ ہوں۔

    فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ مولانا صاحب کو لشکرکشی اورغیر جمہوری ہتھکنڈوں میں ناکامی ہوئی، مولانا صاحب ناکامی کے بعد اپنی خفت مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • مولانا کے تمام پلان فیل ہوچکے ہیں،آخری پلان ایف ہوگا، صداقت عباسی

    مولانا کے تمام پلان فیل ہوچکے ہیں،آخری پلان ایف ہوگا، صداقت عباسی

    کراچی: تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی کا کہنا ہے کہ مولانا کے تمام پلان فیل ہوچکے ہیں،آخری پلان ایف ہوگا، اپوزیشن کو اب اپنے فیس سیونگ کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما صداقت عباسی نے کہا کہ دھرنے میں لاکھوں افراد کو لانے کے دعوے کیے گئے، عوام کی جانب سے اس تحریک کو مسترد کر دیا گیا۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ مولانا کے تمام پلان فیل ہوچکے ہیں،آخری پلان ایف ہوگا، اپوزیشن کو اب اپنے فیس سیونگ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب خود مختار ادارہ ہے، وہ کوئی بھی کیس اٹھا سکتے ہیں۔

    دھرنے سے عام شہریوں کو تکلیف نہیں، حافظ حمد اللہ کا دعویٰ

    یاد رہے کہ دو روز قبل جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ نے اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دھرنے سے عام شہریوں کو تکلیف نہیں ہو رہی، ہم شاہراہیں دن میں بند کرتے ہیں رات کو کھول دیتے ہیں۔

    حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ جے یو آئی ف کا پلان بی آئندہ کے لائحہ عمل تک جاری رہے گا، پلان بی کے خاتمے کے بعد پلان سی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی پلان بی میں شامل نہیں ہیں۔

    جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما نے مزید کہا تھا کہ دھرنا کسی معاہدے کے تحت ختم نہیں کیا، معاہدہ یا مفاہمت ہوئی ہے تو پرویزالہیٰ خود بتا دیں۔

  • مولانا کا پلان بی عوام کیلئے تکلیف کا سبب بن رہا ہے: سعیدغنی

    مولانا کا پلان بی عوام کیلئے تکلیف کا سبب بن رہا ہے: سعیدغنی

    کراچی: وزیراطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ مولانافضل الرحمان کا دھرنے سے متعلق پلان بی عوام کے لیے تکلیف کا سبب بن رہا ہے، جے یوآئی نے پلان بی اور پلان سی پر اعتماد میں نہیں لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے بھی مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کو عوام کے لیے مصیبت قرار دے دیا، سعید غنی کا کہنا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف نے دھرنے سے متعلق دیگر پلان پر اعتماد میں نہیں لیا، مولانافضل الرحمان اپنے فیصلوں اور پلان پر نظرثانی کریں۔

    جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے اعلان کے بعد 15 نومبر سے پلان بی پر عمل شروع ہوچکا ہے، اس سلسلے میں کارکنوں کو ہدایت نامے جاری کیے گئے جس کے تحت کارکنان اہم شاہراہوں پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔

    اسی سلسلے میں پلان بی کو روکنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کی جاچکی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پلان بی غیرقانونی اورغیرآئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے اور مولانا فضل الرحمان ودیگر کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دیا جائے۔

    جے یو آئی ف کا پلان بی، کارکنوں کے دن کے اوقات میں شاہراہوں پر دھرنے

    خیال رہے کہ آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کا دھرنا آخری ہچکیاں لے رہا ہے، جےیوآئی (ف) اور مولانا صاحب سےعوام خود تنگ ہیں، حکومت اور اتحادیوں کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے، چھوٹی موٹی شکایات ہوتی ہیں جو دور بھی ہوجاتی ہیں۔

  • جے یو آئی کے دھرنوں کی پذیرائی پر فواد چوہدری کا دل چسپ طنز

    جے یو آئی کے دھرنوں کی پذیرائی پر فواد چوہدری کا دل چسپ طنز

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے جے یو آئی کے دھرنوں کی پذیرائی کا راز فاش کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے اپنے تازہ ٹویٹ میں جے یو آئی دھرنوں پر دل چسپ طنز کیا ہے، انھوں نے لکھا جے یو آئی کے دھرنوں کی پذیرائی انتہائی خوش آیند ہے، سڑک سڑک گالیاں کھا کر لطف لیتے جے یو آئی رہنما مطمئن نظر آ رہے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کے پلان بی کے تحت ملک بھر کی بڑی شاہراہیں بند کی جا رہی ہیں، جس سے شہری ایک نئے عذاب میں مبتلا ہو چکے ہیں، لیکن دوسری طرف جے یو آئی کے رہنما مطمئن ہیں کہ کوئی ایسا کام کر رہے ہیں جس عوام میں ان کی پذیرائی ہو رہی ہے۔

    تازہ ترین:  دھرنے سے عام شہریوں کو تکلیف نہیں، حافظ حمد اللہ کا دعویٰ

    فواد چوہدری نے دھرنے والوں کو شدت پسند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے کہ عوام نے شدت پسندوں کو بری طرح مسترد کیا ہے، پاکستانی عوام کا شدت پسندی کے خلاف ردِ عمل روشن مستقبل کی امید ہے۔

    واضح رہے کہ آج صبح جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں بات چیت کرتے ہوئے عجیب منطق پیش کی، کہا کہ دھرنے سے عام شہریوں کو تکلیف نہیں ہو رہی، ہم شاہراہیں دن میں بند کرتے ہیں رات کو کھول دیتے ہیں۔