Tag: دھرنا

  • امید ہے دھرنےکی نوبت نہیں آئے گی، شیخ رشید

    امید ہے دھرنےکی نوبت نہیں آئے گی، شیخ رشید

    ننکانہ صاحب : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے بات چیت جاری ہے، امید ہے دھرنے کی نوبت نہیں آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب میں وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ شہبازشریف وکٹ کے دونوں اطراف کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 23 یا25 اکتوبر کو مولانا فضل الرحمان کی تحریک کے بارے میں بتاؤں گا۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان کے لیے زندگی موت کا مسئلہ ہے، جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ خواہش ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کریں۔

    مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ ، خرچہ کتنا آئے گا؟

    واضح رہے جے یو آئی (ف) نے 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا ہے، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مظاہروں کے ساتھ اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ شروع ہوگا۔

    جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد جانا ہمارا آخری اور حتمی فیصلہ ہے، اب یہ جنگ حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہوگی، ہماری جنگ کا میدان پورا ملک ہوگا، ملک بھر سے انسانوں کا سیلاب آرہا ہے۔

  • آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے کے پی حکومت نے حکمت عملی طے کر لی

    آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے کے پی حکومت نے حکمت عملی طے کر لی

    پشاور: مولانا فضل الرحمان کے حکومت مخالف آزادی مارچ سے کیسے نمٹا جائے، اس سلسلے میں خیبر پختون خوا حکومت نے حکمت عملی طے کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ کے پی حکومت نے حکومت مخالف آزادی مارچ کو غیر مؤثر بنانے کے لیے حکمت عملی وضع کر لی ہے۔

    حکمت عملی بنانے کے لیے آج پی ٹی آئی کا پارلیمانی اجلاس بلایا گیا، جس میں گورنر کے پی شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان، اور پی ٹی آئی کے پارلیمانی ارکان نے شرکت کی۔

    ذرایع نے بتایا کہ جے یو آئی کے احتجاج میں صوبائی اسمبلی کے ارکان اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہیں گے، اور عوامی رابطہ کر کے احتجاج کے منفی اثرات سے عوام کو آگاہ کریں گے۔

    تازہ ترین:  آزادی مارچ، وزیر اعظم نے نورالحق قادری کو اہم ٹاسک دے دیا

    طے شدہ حکمت عملی کے مطابق مدارس کے طلبہ کے والدین سے بھی رابطہ کیا جائے گا، اور والدین سے بچوں کو سیاست اور احتجاج سے دور رکھنے کی اپیل کی جائےگی۔

    ذرایع نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ انتظامی سطح پر جمعیت علمائے اسلام ف کے مارچ کو پنجاب میں داخلے سے روکا جائے گا۔

    ادھر آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے جے یو آئی ف کے ممکنہ دھرنے کے پیش نظر امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد پولیس کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔

    آج وزیر اعظم عمران خان نے آزادی مارچ کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری کو اہم ٹاسک دیا، وزیر اعظم نے دھرنے سے متعلق سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نور الحق قادری فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کریں‌ گے۔

  • مولانا کے دھرنے پر کیا بات کرنی، یہ دکانداری چمکانے نکلے ہیں: فواد چوہدری

    مولانا کے دھرنے پر کیا بات کرنی، یہ دکانداری چمکانے نکلے ہیں: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مولانا کے دھرنے پر کیا بات کرنی، یہ دکانداری چمکانے نکلے ہیں۔ آج بھی الیکشن کروا لیں عمران خان ان کے لیے اکیلے کافی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ دھرنے سے زیادہ دلچسپی برطانوی شہزادے اور شہزادی کی آمد میں ہے، مولانا کے دھرنے پر کیا بات کرنی، یہ دکانداری چمکانے نکلے ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کا اتحاد صفر جمع صفر برابر صفر ہے، سب کو ملا کر بھی تحریک انصاف نے شکست دی ہے آئندہ بھی دیں گے، آج بھی الیکشن کروا لیں عمران خان ان کے لیے اکیلے کافی ہیں، میں نے تو پہلے بھی کہا ہے بارگین کرنی ہے تو نیب سے کرلیں۔

    انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو سمجھانے میں 200 سال لگے کہ پرنٹنگ پریس حرام نہیں، 50 سال یہ سمجھانے میں لگ گئے کہ اسپیکر کے پیچھے شیطان نہیں بولتا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ اب قمری کیلنڈر کے بارے میں سمجھانے میں ان کو مزید 50 سال لگا دیں، یہ پسماندہ لوگ ان پر کیا بات کرنی۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کون سی نظریاتی پارٹی ہے جب کہیں گے فارورڈ بلاک بن جائے گا۔

  • مولانا فضل الرحمان کی شہباز شریف کی رہایش گاہ آمد، دھرنے پر گفتگو

    مولانا فضل الرحمان کی شہباز شریف کی رہایش گاہ آمد، دھرنے پر گفتگو

    لاہور: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان وفد کے ہم راہ میاں شہباز شریف کی رہایش گاہ پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان، اکرم درانی، مولانا امجد اور وفد کے دیگر ارکان کے ساتھ شہباز شریف سے ملاقات کرنے ان کی رہایش گاہ پہنچے۔

    ملاقات میں راجہ ظفرالحق، احسن اقبال، مریم اورنگ زیب اور خرم دستگیر بھی موجود تھے۔

    قبل ازیں، مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اصولی طور پر دھرنے کی حمایت کی ہے تاہم عملی طور پر ساتھ دینے سے انکار کیا ہے، فضل الرحمان سے ملاقات میں دیکھتے ہیں کہ کیا فیصلہ ہوتا ہے۔

    سابق اسپیکر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کے دھرنے پر مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے، جو فیصلہ بھی کریں گے سوچ سمجھ کر کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹو کا مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

    انھوں نے واضح کیا کہ میری سوچ فضل الرحمان جیسی ہے، دھرنے میں شرکت کرنی چاہیے، جنگوں میں بھی حکومتیں تبدیل ہو جاتی ہیں۔

    یاد رہے کہ گیارہ ستمبر کو جامشورو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ مولانا صاحب کے دھرنے میں ہماری مورل سپورٹ ہوگی لیکن خود شریک نہیں ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کا اسلام آباد احتجاج کا فیصلہ ان کا اپنا ہے، چاہے کسی کا بھی دھرنا رہا ہو ہم خود شریک نہیں رہے۔

  • دارالصحت اسپتال انتظامیہ کی عدم گرفتاری پر جوہر موڑ پر دھرنا، مطالبات کی منظوری کا مطالبہ

    دارالصحت اسپتال انتظامیہ کی عدم گرفتاری پر جوہر موڑ پر دھرنا، مطالبات کی منظوری کا مطالبہ

    کراچی: دارالصحت اسپتال کی غفلت کے سبب 9 ماہ کی بچی کی موت اور اسپتال انتظامیہ کی عدم گرفتاری کے خلاف جوہر موڑ پر دھرنا جاری ہے، نشوا کے والد نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق نشوا کے والد نے جوہر موڑ پر دارالصحت اسپتال انتظامیہ کی عدم گرفتاری پر احتجاج میں ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ غفلت پر بااثر افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور انتظامیہ کو گرفتار کیا جائے۔

    قیصر علی نے کہا کہ حکومتی شخصیت نے رابطہ کرکے مثبت پیش رفت کا اشارہ دیا ہے، چاہتے ہیں حکومت کی طرف سے اقدامات کیے جائیں، غیررجسٹرڈ تمام اسپتالوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔

    نشوہ کے والد کا کہنا تھا کہ پورے کراچی میں صرف پانچ اسپتال لائسنس ہولڈر ہیں، چاہتے ہیں کمیشن بنے جو غیررجسٹرڈ اسپتالوں سے باز پرس کرے تاکہ کسی اور کی بچی اس طرح دنیا سے رخصت نہ ہو۔

    مزید پڑھیں: کراچی: ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے ایک اور بچی جاں بحق، ڈاکٹر گرفتار

    واضح رہے کہ آج بھی کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں 8 سال کی بچی نجی کلینک میں ڈاکٹر عدنان کی جانب سے لگائے جانے والے غلط انجیکشن کے سبب انتقال کرگئی۔

    پولیس نے ملزم ڈاکٹر عدنان کو گرفتار کرلیا، جہاں ملزم نے غلط انجیکشن لگانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بچی کے والد گزشتہ رات اس کو میرے کلینک لائے تھے انجیکشن لگانے کے بعد اس کی حالت مزید بگڑی تو میں نے کہا بڑے اسپتال لے جائیں۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ دارالصحت انتظامیہ کی جانب سے غلط انجیکشن لگنے کے سبب 9 ماہ کی بچی نشوہ مفلوج ہوگئی تھی جس کے بعد اسے لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ انتقال کرگئی۔

  • مطالبات کے حق میں سوڈانی شہریوں کا دھرنا مسلسل 11ویں روز بھی جاری

    مطالبات کے حق میں سوڈانی شہریوں کا دھرنا مسلسل 11ویں روز بھی جاری

    خرطوم : سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں منگل کو فوج کی جنرل کمان کے ہیڈ کوارٹر کے اطراف ہزاروں افراد کا دھرنا مسلسل گیارہویں روز بھی جاری رہا۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈانی پروفیشنلز ایسوسی ایشن نے باور کرایا کہ مرکزی مطالبات پورے ہونے تک دھرنا جاری رہے گا، ان مطالبات میں سابق حکومت میں جرائم کے مرتکب ذمے داران کا احتساب شامل ہے۔

    ایسوسی ایشن نے دھرنے کو پر امن رکھنے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ انقلاب کے دشمن عناصر جان بوجھ کر تخریب کاری کی کوشش کر سکتے ہیں۔

    سوڈانی پروفیشنلز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ بدھ کے روز پیشہ وارانہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سفید سواری کے نام سے مظاہرے کے لیے سڑکوں پر آئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ریلی خرطوم تعلیمی ہسپتال سے لے کر مسلح افواج کی کمان کے مرکز تک جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریلی میں ڈاکٹرز پیش پیش ہوں گے اور یہ تمام گرفتار شدگان اور حراست میں لیے گئے افراد کی رہائی کا مطالبہ کرے گی، بہت سے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ ان کے متعلقین پراسرار حالات میں دھرنے کے مقام سے لاپتہ ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس دوران انسانی حقوق کے کارکنان نے بتایا کہ کئی نوجوانوں کے بارے میں یہ خبریں ملی ہیں کہ انہیں نامعلوم فریق نے حراست میں لے لیا یا اغوا کر لیا ہے۔

    مزید پڑھیں : سوڈان : فوجی کونسل کے سربراہ نے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا

    خیال رہے کہ سوڈان کی فوجی کونسل کے سربراہ و وزیر دفاع عود بن عوف نے سابق آمر عمر البشیر کا تختہ الٹنے کے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا تھا، عود ابن عوف نے اپنے فیصلے کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کیا۔

    فوجی کونسل کے سربراہ عود بن عوف نے لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح عبدالرحمان برہان کو اپنا جانشین نامزد کردیا، فوج کا کہنا ہے کہ 2 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد انتخابات کرائے گی۔

    مزید پڑھیں : سوڈان میں مارشل لاء نافذ، ملک چلانے کے لیے عبوری کونسل تشکیل، صدرگرفتار

    یاد رہے کہ سوڈانی عوام گزشتہ تین مہینوں نے صدر عمر البشیر کے خلاف مظاہرے کررہے تھے جو آج رنگ لے آئے اور صدر عمر حسن البشیر صدارت سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوج نے گرفتار کرکے نظر بند کردیا تھا اور وہ تاحال نظر بند ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوڈان میں فوج نے ملک کے انتظامی امور چلانے کے لیے جنرل عود بن عوف کی سربراہی میں ایک عبوری کونسل تشکیل دے دی ہے، جنرل عود سبک دوش ہونے والے صدر عمر البشیر کے نائب اول اور سوڈان کے وزیر دفاع ہیں۔

  • لاہور میں لیڈی ہیلتھ ورکز کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری

    لاہور میں لیڈی ہیلتھ ورکز کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں لیڈی ہیلتھ ورکز کا دھرنا آج چوتھے روز بھی جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں مال روڈ پر لیڈی ہیلتھ ورکز کا دھرنا آج چوتھے روز بھی جاری ہے جس کے باعث ٹریفک متاثر ہونے سے شہری پریشان ہیں۔

    لیڈی ہیلتھ ورکرز کی جانب سے تنخواہیں بڑھانے سمیت دیگر مطالبات منظور کروانے کے لیے دھرنا دیا جا رہا ہے، احتجاج میں شریک خواتین نے گزشتہ رات بھی کھلے آسمان تلے گزاری۔

    مظاہرین سے مذاکرات کے لیے گزشتہ روز ڈی جی ہیلتھ نے بات چیت کی تھی تاہم نوٹی فکیشن جاری نہ ہونے پر شرکاء نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    لیڈی ہیلتھ ورکز نے پنجاب حکومت سے ریٹائرڈ مافیا سے نجات، اسکیل اپ گریڈیشن، سابقہ سروس کو شامل کرنا اور دائینگ کیڈر جیسے مطالبات کیے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں بھی لیڈی ہیلتھ ورکرز نے مطالبات کی منظوری کے لیے مال روڈ ، چیئرنگ کراس پر پانچ روزہ دھرنا دیا تھا۔

    سیکریٹری ہیلتھ علی جان خان نے مذاکرات کیے جو کامیاب ہوگئے تھے جس کے بعد لیڈی ہیلتھ ورکرز کی صدر رخسانہ انور نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • سوشل میڈیا وائرل:  پھل فروش بچہ میڈیا کے سامنے پیش

    سوشل میڈیا وائرل: پھل فروش بچہ میڈیا کے سامنے پیش

    لاہور: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے پھل فروش بچے کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ فواد چوہدری آج لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے دورہ چین سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔ بریفنگ کے بعد انہوں نے محمد محسن کو میڈیا کےسامنے پیش کیا ۔

    پانچویں جماعت کے طالب علم محمد محسن سے شیخوپورہ کے علاقے بتی چوک پر دھرنا مظاہرین نے کیلے لوٹےتھے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ محسن کو میڈیا نے ڈھونڈ نکالا تھا جس نے بتایا کہ میرے گدھا گاڑی بھگانے کے با وجود مظاہرین کیلے لوٹتے رہے تھے۔

    فواد چوہدری کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بچے نے بتایا کہ وہ ان لوگوں کو نہیں جانتا جنہوں نے اس کے کیلے لوٹے تھے ۔ اس نے اس بات کی بھی تردید کی کہ اسے رقم دے کر پوری ریڑھی خریدی گئی تھی جیسا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک اور ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا تھا۔

    پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کی جانب سے متاثرہ بچے کی 50 ہزار روپے امداد کر دی گئی ہے جبکہ میڈیا پر نوٹس ہونے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر شیخو پورہ فضائل مدثر بھی بچے کے گھر پہنچ گئے تھے ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بچے اور ان کے والد سے ملاقات کی اور 10 ہزار روپے دیے تھے۔

    پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مسکراتے ہوئے بچے سے کہا کہ ’چلو اب پیسے مل گئے ، ان سے تم اور کیلے خرید لو‘، بچہ اپنے نقصان کا ازالہ ہونے پر انتہائی خوش اور مطمئن دکھائی دے رہا تھا۔

    یاد رہے کہ محمد محسن پانچویں جماعت کا طالب علم ہے ، روز صبح اسکول جاتا ہے اور چھٹی کے بعد گدھا گاڑی پر پھل فروش کرکے اپنے گھر کا خرچہ چلانے میں گھر والوں کی مدد کرتا ہے۔

  • روکنے کے با وجود مظاہرین نے کیلے لوٹے: محمد محسن

    روکنے کے با وجود مظاہرین نے کیلے لوٹے: محمد محسن

    شیخو پورہ: دھرنے کے شرکا نے بچے کی کیلوں کی ریڑھی لوٹ لی، اے آر وائی نیوز نے شیخو پورہ میں دھرنے کے شرکا کے ہاتھوں کیلوں سے محروم ہونے والا بچہ ڈھونڈ نکالا۔

    تفصیلات کے مطابق شیخو پورہ، بتی چوک پر مظاہرین نے بچے سے زبردستی کیلے چھینے، مظاہرین کے ہاتھوں کیلوں سے محروم بچہ محسن روتا ہوا گھر واپس ہوا۔

    [bs-quote quote=”پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے متاثرہ بچے کی 50 ہزار روپے امداد” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    پانچویں جماعت کے طالب علم محمد محسن کا کہنا ہے کہ اس کے روکنے کے با وجود مظاہرین نے کیلے لوٹے، محسن نے بتایا ’میرے گدھا ریڑھی بھگانے کے با وجود مظاہرین کیلے لوٹتے رہے۔‘

    محمد محسن کا کہنا تھا کہ گھر آ کر والد کو کیلے چھیننے کا بتایا تو انھوں نے کہا کوئی بات نہیں اللہ اور دے گا۔

    گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کی جانب سے متاثرہ بچے کی 50 ہزار روپے امداد کر دی گئی۔


    یہ بھی پڑھیں:  لاہور میں مشتعل مظاہرین نے غریب بچے کی کیلے کی ریڑھی لوٹ لی


    دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر شیخو پورہ فضائل مدثر بھی بچے کے گھر پہنچ گئے، اسسٹنٹ کمشنر نے بچے اور ان کے والد سے ملاقات کی اور 10 ہزار روپے دیے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پانچویں جماعت کا طالب علم کیلے فروخت کرنے اپنی گدھا ریڑھی لے کر بتی چوک، شیخو پورہ پہنچا تو دھرنے کے شرکا اس پر ٹوٹ پڑے اور تمام لوٹ لیے۔

  • کراچی: بجلی کی لوڈشیڈنگ اورپانی کی قلت کےخلاف جماعت اسلامی کی ہڑتال

    کراچی: بجلی کی لوڈشیڈنگ اورپانی کی قلت کےخلاف جماعت اسلامی کی ہڑتال

    کراچی : شہرقائد میں پانی وبجلی کی عدم فراہمی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے ہڑتال کی کال کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج اوردھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    نارتھ کراچی، اورنگی ٹاؤن، دہلی کالونی میں جماعت اسلام کے کارکنان کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں مشتعل افراد نے سڑک پررکاوٹیں کھڑی کردیں۔

    جماعت اسلامی کی جانب سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال پرشارع فیصل ملیر ہالٹ کے قریب دھرنا دیا جا رہا ہے جبکہ ملیر کالا بورڈ کی سڑک ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے۔

    امیر جماعت اسلامی سراج الحق

    جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے اہلیانِ کراچی سے اپیل کی ہے کہ آج کی پرامن ہڑتال کامیاب بنائیں، ہڑتال کراچی کواندھیروں سے نکالنے کے لیے کی جا رہی ہے۔

    امیرجماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ہڑتال میں کسی فرد کا ذاتی اور کاروباری نقصان نہ ہو، ہڑتال کراچی کےعوام کے لیے ہے نقصان کے لیے نہیں ہے۔

    سراج الحق کا کہنا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ، اوور بلنگ پرصبر کا پیمانہ لبریزہوچکا ہے۔

    جماعت اسلامی کا کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف 27 اپریل کو ہڑتال کا اعلان

    خیال رہے کہ جماعت اسلامی نے 27 اپریل کو کراچی میں پانی کی عدم فراہمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف ہڑتال اور احتجاج کا اعلان کیا تھا۔

    جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جب تک کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہیں ہوجاتا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    تمام جماعتیں ساتھ دیں وزیراعظم ہاؤس کےسامنے دھرنا دیتےہیں‘ مرادعلی شاہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے 19 اپریل کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بجلی کی وجہ سے سندھ پریشان ہے اور کراچی سے بدلہ لیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں