Tag: دھماکا

  • گرمی کے باعث اے سی دھماکے سے پھٹ گیا، ویڈیو وائرل

    گرمی کے باعث اے سی دھماکے سے پھٹ گیا، ویڈیو وائرل

    بھارت کی مختلف ریاستیں ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، لوگ اے سی، کولروں اور پنکھوں میں رہ کر گرمی کی شدت سے محفوظ رہنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں، مگر ان چیزوں کا ضرورت سے زیادہ استعمال بھی کسی حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے گوتم بدھ نگر کے سیکٹر 100 میں واقع ایک کثیر المنزلہ عمارت میں اے سی میں زوردار دھماکہ ہوا، جس سے پورا فلیٹ آگ کی لپیٹ میں آگیا، ایسے میں افرا تفری کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

    قریبی فلیٹوں میں رہنے والے افراد بھی اپنی فلیٹوں سے نکل کر گراؤنڈ کی جانب دوڑ پڑے، لوگوں نے فوری طور پر فائر ڈیپارٹمنٹ کو آگ لگنے کی اطلاع دی۔ فی الحال آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

    چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ 5 فائر ٹینڈرز بھیجے گئے جنہوں نے آگ پر قابو پالیا ہے۔

    فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ باہر کا درجہ حرارت 50 ڈگری سیلسیس ہے۔ تمام لوگ اے سی کا استعمال کررہے ہیں، لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً اے سی کی خدمات حاصل کریں اور اسے مستقل نہ چلائیں۔

    انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں میں اے سی میں آگ لگنے کی بہت زیادہ اطلاعات سامنے آئی ہیں، بزنس ٹاورز ہوں، رہائشی مکانات بہت سی اطلاعات ہیں۔

    وائرل: ٹرانسفارمرز ’زیادہ گرم‘ ہونے پر بجلی کمپنی نے نہلا دیا!

    واضح رہے کہ ایئر کنڈیشنز میں آگ لگنے کی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں، جیسے کہ ٹھیک سے صاف نہ ہونا، ناقص کوالٹی کیبلز اور پلگ کا استعمال، وولٹیج میں اتار چڑھاؤ۔

  • لندن: ریلوے اسٹیشن پر ای بائیک دھماکا، خوف و ہراس پھیل گیا

    لندن: ریلوے اسٹیشن پر ای بائیک دھماکا، خوف و ہراس پھیل گیا

    لندن میں ریلوے اسٹیشن پر اچانک ای بائیک میں آگ لگ گئی اور کچھ ہی دیر میں بائیک میں دھماکہ ہوگیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ 21 کو مارچ پیش آیا، اس وقت اسٹیشن پر عوام کا جم غفیر موجود تھا، دھماکے کے فوری بعد فائر بریگیڈ کا عملہ پہنچا اور آگ پر قابو پایا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق الیکٹرانک بائیک میں اچانک آگ لگی اور بعدازاں اس کے پھٹنے سے آگ کے شعلے دور دور تک جا گرے، خوش قسمتی سے واقعے میں جانی نقصان نہیں ہوا۔

    اسٹیشن آفیسر نائیجل میک لاچلن نے بتایا کہ موٹر سائیکل کے مالک نے بائیک 4 ماہ قبل آن لائن خریدی تھی، اس میں کوئی خرابی نہیں تھی۔ مگر اچانک اس میں آگ لگ جانا حیرت کا باعث ہے۔

    قاتلوں کاخون آلود خنجر کے ساتھ جشن، انتقامی قتل کی ویڈیو نے سب کو چونکا دیا

    انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ایسی اشیاء کو آن لائن بازاروں سے خریدا جائے تو اس میں زیادہ خطرہ ہوتا ہے کہ انہیں صحیح بیٹری اور چارجر کے بغیر فروخت کردیا جائے جو بعد میں بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہیں۔

  • افغانستان کے شہر قندھار میں دھماکا، 6 افراد جاں بحق متعدد زخمی

    افغانستان کے شہر قندھار میں دھماکا، 6 افراد جاں بحق متعدد زخمی

    کابل: افغانستان کے شہر قندھار میں بینک کے دفتر کے قریب دھماکا ہوا جس میں 6 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔

    افغان میڈیا کے مطابق جنوبی افغانستان کے شہر قندھار میں ’نیو کابل بینک‘ کے سامنے خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے تاہم ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

    افغان میڈیا کے مطابق یہ واقعہ آج 21 اپریل کو مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کے قریب قندھار شہر میں واقع شہیدان چوراہے پر پیش آیا ہے۔

    افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکہ طالبان فورسز کے ایک اجتماع کے درمیان ہوا جو اپنی تنخواہ لینے کابل بینک گئے تھے، دوسری جانب قندھار کے سیکیورٹی حکام نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

  • کینیا: نیروبی میں گیس دھماکا، 2 افراد ہلاک 200 سے زائد زخمی

    کینیا: نیروبی میں گیس دھماکا، 2 افراد ہلاک 200 سے زائد زخمی

    کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں سلنڈرز ری فل کے دوران گیس دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں گیس دھماکے کے تنیجے میں 2 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایمباسی ضلع کے ایک پلانٹ میں گیس سلنڈرز کو ری فل کیا جا رہا تھا کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی اور اس سے کئی لوگ زخمی ہوئے جنہیں اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ابتدائی رپورٹس کے مطابق کمپنی کی عمارت کو دھماکے کے نتیجے میں بری طرح نقصان پہنچا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق آگ کئی اپارٹمنٹ کمپلیکس تک پھیل گئی ہے جس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے  خدشہ ہے۔

  • بھارت میں اسرائیلی سفارتخانے کے قریب دھماکا

    بھارت میں اسرائیلی سفارتخانے کے قریب دھماکا

    نئی دہلی میں اسرائیلی سفارتخانے کے قریب دھماکا سنا گیا ہے بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت پریشان کن تھی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکا 5 بجکر 20 منٹ پر ہوا۔ بھارتی پولیس کی جانب سے نئی دہلی میں اسرائیلی سفارتخانے کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق بھارتی پولیس نے علاقے کو پوری طرح سے گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ میڈیا کو بھی آگے جانے سے روک دیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابھی یہ پتا نہیں چل سکا کہ دھماکا کس نوعیت کا ہے، بھارتی پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ اسرائیلی سفارتخانے کے اطراف سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔

    دریں اثنا اسرائیلی سفارتخانے کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ سفارتخانے کے قریب دھماکا سنا گیا ہے جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

    اسرائیل کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد تمام عملہ محفوظ ہے کسی کو نقصان نہیں پہنچا جبکہ اسرائیلی حکام دھماکے کی تحقیقات کے لیے بھارتی حکام کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

  • ڈیرہ اسماعیل خان: پوندہ بازار میں زور دار دھماکا، متعدد افراد زخمی

    ڈیرہ اسماعیل خان: پوندہ بازار میں زور دار دھماکا، متعدد افراد زخمی

    ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک اڈہ کے قریب پوندہ بازار میں زور دار دھماکے کے باعث 5 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 20 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ دھماکے کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

    پولیس کے مطابق دھماکے سے موقع پر کھڑی متعدد موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جب کہ دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوئے جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا جبکہ دھماکے کی نوعیت کا ابھی اندازہ نہیں لگایا جا سکا۔

    سیکورٹی اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور ریسکیو عملے نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

  • ڈی آئی خان : ٹانک روڈ چہکان کے قریب دھماکا، 19 افراد زخمی

    ڈی آئی خان : ٹانک روڈ چہکان کے قریب دھماکا، 19 افراد زخمی

    ڈی آئی خان :ٹانک روڈ چہکان کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 19 افراد زخمی ہوگئے، دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک روڈ چہکان کے قریب دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 19 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیاگیا ہے، دھماکاخیزموادموٹر سائیکل میں نصب تھا۔

    پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز بھی کردیا ہے۔

  • افغان صوبے مزار شریف میں دھماکا، صحافیوں کی بڑی تعداد اور علمائے کرام زخمی

    افغان صوبے مزار شریف میں دھماکا، صحافیوں کی بڑی تعداد اور علمائے کرام زخمی

    کابل : افغان صوبے بلخ کے دارالحکومت مزار شریف میں کلچرل سینٹر میں پریس کانفرنس کے دوران دھماکا ہوا، جس سے صحافیوں کی بڑی تعداد اور علمائے کرام زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبہ بلخ کے دارالحکومت مزار شریف میں کلچرل سینٹر میں دھماکا ہوا۔

    مزارشریف میں پریس کانفرنس کے دوران دھماکا ہوا ،جس کے نتیجے میں صحافیوں کی بڑی تعداد اور علمائے کرام زخمی ہوگئے۔

    زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم اموات زیادہ ہونے کا خدشہ ہے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں گھیرے میں لے لیا۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس ترجمان محمد آصف وزیری نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

    ابتدائی طور پر 10 افراد کے زخمی ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں تاہم عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کی حکومت کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ اس دھماکے میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔

    یاد رہے جمعرات کو بلخ کے گورنر محمد داؤد مزمل کے دفتر میں بم دھماکہ ہوا تھا، جس میں ان سمیت طالبان کے ایک اہم کمانڈر ہلاک ہو گئے تھے۔

    طالبان حکام کی جانب سے اس واقعے کی تحقیقات جاری تھیں کہ آج ایک اور دھماکہ ہو گیا ہے۔

    محمد داؤد مزمل کی ہلاکت کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔

    واضح رہے افغانستان پر طالبان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد داعش کے حملوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، جس سے سکیورٹی صورتحال خراب ہے۔

  • بنوں میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق

    بنوں میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں میں موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد کے دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بنوں میں تھانہ بکا خیل کی حدود میں موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی کارکن جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ دونوں لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بنوں میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کردیا تھا۔

    اہلکاروں نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپا کیا، رات گئے کیے گئے دہشت گرد حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

  • پشاور: مسجد میں نماز کے دوران دھماکا، 32 افراد شہید

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں زوردار دھماکا ہوا جس میں اب تک 32 افراد شہید اور سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کی پولیس لائن میں مسجد میں نماز ظہر کے وقت زوردار دھماکا ہوا، دھماکے کے وقت مسجد میں درجنوں نمازی موجود تھے۔

    کمشنر پشاور ریاض محسود نے دھماکے میں 32 افراد کی شہادت اور 150 زخمیوں کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی افراد کو لیڈی ریڈنگ اسپتال اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز اتنی شدید اور زور دار تھی کہ دور دور تک سنی گئی، دھماکا مسجد کے اندر ہوا جس سے مسجد کا ایک حصہ شہید ہوگیا۔ ملبے سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالا جارہا ہے جبکہ مزید افراد کے دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

    دھماکے سے پولیس لائن کی دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرلیے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاحال دھماکے کی نوعیت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا، پولیس لائن کے داخلی راستے مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔

    دھماکا خودکش تھا: وزیر داخلہ کی تصدیق

    وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسجد میں خودکش حملہ ہوا ہے، اس وقت ترجیح زخمیوں اور شہدا کو سنبھالنے کی ہے، سیکیورٹی کے باوجود حملہ آور کیسے مسجد تک پہنچا اس کی انکوائری ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے خدشے کو رد نہیں کیا جا سکتا، ہمسایہ ممالک کی ایجنسیاں پاکستان کے خلاف برسر پیکار ہیں۔

    خون کے عطیات کی اپیل

    دوسری جانب ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال محمد عاصم کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد 50 سے زائد زخمی افراد لائے گئے ہیں۔ زخمیوں میں متعدد پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، کچھ زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے لوگوں سے خون کے عطیات کی بھی اپیل کی ہے۔

    دھماکے کے بعد تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ شہر بھر میں سیکیورٹی کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

    ’نماز پڑھنے جارہا تھا جب دھماکا ہوا‘

    دھماکے کے عینی شاہد پولیس اہلکار نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ وہ نماز پڑھنے کے لیے مسجد کی طرف جا رہے تھے کہ دھماکا ہوگیا۔ دھماکے کے بعد ہر طرف دھواں ہی دھواں پھیل گیا۔

    پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ دوران نماز ڈیوٹی پر اہلکار ہوتے ہیں مگر مسجد کی اتنی زیادہ سیکیورٹی نہیں ہوتی، اس مسجد میں ڈی ایس پی سمیت تمام پولیس اہلکار نماز ادا کرنے آتے ہیں۔

    ’نمازیوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی‘

    وزیر اعظم شہباز شریف نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمازیوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے، اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا ثبوت ہے کہ حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے، ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں۔

    ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    پشاور دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت راولپنڈی، لاہور، کراچی اور دیگر شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے، تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے اور سیف سٹی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

    ترجمان نے کہا ہے کہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوران سفر اپنے شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں اور چیکنگ کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔