Tag: دھماکا

  • بھارت: پاور پلانٹ میں دھماکا: 6 افراد ہلاک

    بھارت: پاور پلانٹ میں دھماکا: 6 افراد ہلاک

    نئی دہلی: بھارتی ریاست تامل ناڈو میں این ایل سی انڈیا لمیٹڈ کے پاور پلانٹ میں دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں پاور پلانٹ میں ذور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے۔بھارت میں 2 ماہ کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں متعدد افراد ہلاک ہوئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عمریں 25 سے 42 سال کے درمیان ہیں اور ان میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین بھی شامل ہیں۔دھماکے میں زخمی ہونے والے 11 مزدوروں کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے اور ان کا جسم 40 فیصد سے زیادہ جل چکا ہے۔

    این ایل سی بھارت میں 6 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کرنے والا پلانٹ ہے، جس میں ملازمین کی تعداد 26 ہزار ہے، جن میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے 14 ہزار مزدور بھی شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ بھارت کے این ایل سی پاور پلانٹ مین رواں سال یہ دوسرا دھماکا ہے، اس سے قبل رواں برس مئی میں اسی طرح کا دھماکا ہوا تھا جس میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • گھوٹکی: رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکا، رینجرز اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق

    گھوٹکی: رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکا، رینجرز اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق

    گھوٹکی: صوبہ سندھ کے شہر گھوٹکی میں رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں رینجرز اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کے علاقے گھوٹا مارکیٹ کے قریب رینجرز کی گاڑی کھڑی تھی کہ اچانک زوردار دھماکا ہوا جس کے باعث ہر طرف افرا تفری پھیل گئی، دھماکے کے باعث ایک اہلکار شہید اور 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں، رینجرز کی گاڑی گھوٹا مارکیٹ کے علاقے میں کھڑی تھی، واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کو سیل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    گورنر سندھ کا ڈی جی رینجرز سندھ سے رابطہ

    گورنرسندھ عمران اسماعیل نے ڈائریکٹرجنرل رینجرز سندھ کو فون کیا اور گھوٹکی سانحہ میں رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر اظہارتعزیت کی۔ اس موقع پر گورنر کا کہنا تھا کہ قوم سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سےدیکھتی ہے۔

    دریں اثنا گورنرسندھ نے لیاقت آباد میں کریکر حملے کا بھی سخت نوٹس لے لیا۔ عمران اسماعیل نے آئی جی سندھ کو فون کیا اور واقعےکی تفصیلی رپورٹ طلب کی۔

    دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے گھوٹکی میں رینجرز پر حملے کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، گھناؤنے واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کیا جائے گا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

    بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے بھی لیاقت آباد دہشت گردی واقعےکی مذمت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گھوٹکی اور کراچی میں حملہ صوبے کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے، شرپسند عناصر اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہوں گے۔

    کراچی میں رینجرز کی گاڑی پر کریکر حملہ، اہلکار زخمی

    تاہم اب تک واضح نہیں ہوسکا کہ دھماکا کس نوعیت کا تھا، آیا گاڑی میں سیلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہوا یاپھر یہ کوئی حملہ تھا، تمام حقائق تفتیش اور تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گے۔

    یاد رہے کہ 10 جون کو کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک فائیو کامران چورنگی کے قریب رینجرز کی گاڑی پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کریکر سے حملہ کیا تھا، حملے میں گاڑی کے شیشے ٹوٹنے سے رینجرز کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا تھا۔

    پولیس کے مطابق رینجرز اہلکار پنکچر کی دکان پر رکے تو موٹر سائیکل سوار ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوگئے۔

  • کابل ایک بار پھر زوردار دھماکے سے گونج اٹھا، ہلاکتیں

    کابل ایک بار پھر زوردار دھماکے سے گونج اٹھا، ہلاکتیں

    کابل: افغانستان کے دارالحکومت میں قائم مسجد کو شدت پسندوں نے نشانے پر لے لیا، زوردار دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کابل کی مسجد میں جمعے کی نماز کے دوران دھماکا ہوا جس کے باعث امام سمیت 4 نمازی جاں بحق ہوگئے، حکومت نے حملے کی تصدیق کردی ہے۔

    افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق ایرین کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد مقامی مسجد کے اندر نصب کیا گیا تھا، واقعے کے فوراً بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو عملہ حرکت میں آیا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن کا آغاز کیا۔ تمام زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    افغانستان: مسجد میں دھماکا، امام شہید، 16 نمازی زخمی

    حملے کی ذمے داری کسی شدت پسند تنظیم نے قبول نہیں کی تاہم اس سے قبل متعدد مساجد پر حملوں کی ذمے داری داعش قبول کرتی آئی ہے۔ حکومت کو شبہ ہے کہ اس شدت پسندانہ کارروائی میں بھی آئی ایس آئی ایس کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔

    رواں ماہ کے آغاز میں ہی کابل میں ایک اور مسجد کو نشانہ بنایا گیا تھا، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شدت پسندوں کی جانب سے حملے کا مقصد امام کو قتل کرنا تھا کیوں کہ وہ امن مذاکرات میں طالبان کا حامی تھا۔

    خیال رہے کہ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا کہ جب طالبان اور افغان حکومت کے درمیان قربتیں بڑھ رہی ہیں، فریقین ایک دوسرے کے قیدیوں کو مرحلہ وار رہا بھی کررہے ہیں۔

  • امریکی شہر لاس اینجلس میں دھماکا،11 فائر فائٹرز زخمی

    امریکی شہر لاس اینجلس میں دھماکا،11 فائر فائٹرز زخمی

    لاس اینجلس: امریکی شہر لاس اینجلس میں خوفناک دھماکا ہوا،جس کے بعد کئی عمارتوں میں آگ لگ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہر لاس اینجلس میں مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے فیکٹری میں خوفناک دھاکا ہوا جس سے عمارتیں لرز اٹھیں، دھماکے کے بعد متعدد عمارتوں کو آگ لگ گئی۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں،آگ بجھانے کے لیے 230 سے زائد فائر فائٹرز نے آپریشن میں حصہ لیا جس دوران 11 فائر فائٹرز زخمی ہوگئے۔

    پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر لیا، دھماکا کیسے ہوا تاحال معلوم نہیں ہوسکا ہے تاہم دھماکے سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر مارک ایکسٹن نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 11 فائر فائٹرز کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے دو فائر فائٹرز کو وینٹی لیٹرز پر رکھا گیا ہے جبکہ باقی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    فائر ڈیپارٹمنٹ کے چیف ٹیرازاس کا کہنا تھا کہ ہمارے بہت سے فائر فائٹرز کو صدمہ پہنچا ہے، میں نے ان سے براہ راست بات کی۔ان کا کہنا تھا کہ جب آپ میں سے کوئی شخص زخمی ہوجاتا ہے تو آپ جذباتی تناؤ کا تصور کرسکتے ہیں۔

  • تھائی لینڈ میں 2 زوردار بم دھماکے

    تھائی لینڈ میں 2 زوردار بم دھماکے

    منیلا: تھائی لینڈ میں 2 زوردار بم دھماکے کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ دھماکے تھائی لینڈ کے جنوبی صوبے یالا میں ہوئے، زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر شہری مسلمان ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب مسلم اسکالرز کروناوائرس سے متعلق گفتگو کے لیے ایک جگہ جمع ہوئے تھے۔ اس حملے میں تقریباً 20 افراد زخمی ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پہلے دستی بم سے حملہ ہوا جس کے تھوڑی ہی دیر بعد کار بم دھماکے نے کئی افراد کو اپنی زد میں لے لیا۔ واقعے میں صحافیوں سمیت پولیس اہکار بھی زخمی ہوئے۔

    حملے کی ذمے داری تاحال کسی شدت پسند گروہ نے قبول نہیں کی۔

    خیال رہے کہ تھائی لینڈ کے صوبے یالا میں مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد مقیم ہے۔

  • چمن میں لیویزلائن کے قریب دھماکا، 7 افراد زخمی

    چمن میں لیویزلائن کے قریب دھماکا، 7 افراد زخمی

    چمن: صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن میں لیویز لائن کے قریب دھماکے میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے چمن کے تاج روڈ پر لیویز لائن کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکےمیں زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ علاقے کو سیل کرکے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

    ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق چمن دھماکے میں 7 افراد زخمی ہوئے، دھماکےمیں تحصیلدار اور رسالدار لیویز کونشانہ بنایا گیا۔ لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ دونوں لیویز افسران معمولی زخمی ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی۔

    چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 28 دسمبر کو صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ دھماکے میں جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے تھے۔

    چمن میں لیویزچیک پوسٹ کے قریب بم دھماکا

    اس سے قبل 5 دسمبر کو چمن کے علاقے کلی ملک عبدالرحمان میں لیویز چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا، بارودی مواد پھٹنے سے زوردار دھماکے سے چیک پوسٹ تباہ ہوگئی تھی۔

  • تاریخی معاہدے کے بعد افغانستان میں زوردار دھماکا، ہلاکتیں

    تاریخی معاہدے کے بعد افغانستان میں زوردار دھماکا، ہلاکتیں

    کابل: افغان صوبہ ’خھوست‘ زوردار دھماکے سے گونج اٹھا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، امریکا اور طالبان کے درمیان تاریخی معاہدے کے بعد یہ پہلا دہشت گردی کا واقعہ ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغان پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا مشرقی خھوست میں فٹ بال میچ کے دوران ہوا، شدت پسندوں نے موٹر سائیکل میں بارودی مواد نصب کیا تھا۔

    پولیس چیف سید احمد کا کہنا ہے کہ فٹ بال گراؤنڈ میں کھیل جاری تھا کہ اچانک دھماکا ہوا۔ صوبائی حکومت کے ترجمان طالب خان نے دھماکے کی تصدیق کردی البتہ دھماکے کی ذمے داری کسی شدت پسند گروہ نے قبول نہیں کی۔

    افغان طالبان کا عارضی جنگ بندی معاہدے کے خاتمے کا اعلان

    خیال رہے کہ یہ دہشت گرد کارروائی ایسے وقت میں عمل میں آئی جب افغان طالبان نے امریکا کے ساتھ دو روز قبل ہونے والا عارضی جنگ بندی کے خاتمے کا اعلان کیا اور کہا کہ افغانستان میں کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

    طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کو 5 ہزار قیدیوں کی رہائی کا وعدہ پورا کرنا ہوگا ورنہ طالبان افغانستان میں کارروائیاں شروع کردیں گے، امریکا طالبان معاہدے کے تحت طالبان کے 5 ہزار قیدی 10مارچ تک رہا ہونے ہیں۔

  • شہری نے اپنے ہی گھر کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دے ڈالی، پولیس کی دوڑیں

    شہری نے اپنے ہی گھر کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دے ڈالی، پولیس کی دوڑیں

    لندن: برطانیہ میں نامعلوم شہری نے اپنے ہی گھر کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دے ڈالی جس کے بعد خطرے کے پیش نظر اطراف میں قائم اسکول کو خالی کرالیا گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ برطانوی شہر والیسی میں پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم ملزم نے اپنی ہی گھر کو بارودی مواد سے اڑانے کی دھمکی دی جس کے بعد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کے اطراف میں قائم پرائمری اسکول کے اسٹاف اور بچوں کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری سمیت دیگر پہلوؤں پر کارروائیاں جاری ہیں۔

    متعلقہ اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، تاہم واقعے کے حوالے سے تفصیلات اب تک سامنے نہیں آئیں۔ پولیس تاحال جائے وقوعہ پر موجود ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے ہرممکن کوششیں کررہی ہے۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کو بھی سیل کردیا ہے۔ اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ملزم نے گھر کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی کس طرح دی، تحریری پیغام تھا کہ پھر فون کال یہ کہنا بھی قبل از وقت ہوگا۔

  • بھارت میں اسکول زوردار دھماکے سے گونج اٹھا

    بھارت میں اسکول زوردار دھماکے سے گونج اٹھا

    نئی دہلی: بھارت میں سرکاری اسکول زوردار دھماکے سے گونج اٹھا جس کے نتیجے میں 4 طالب علم زخمی ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مہشواڑیں دیوی نامی اسکول میں ہونے والا دھماکا کسی دہشت گردی کا واقعہ نہیں بلکہ کیمیائی تجربے کے دوران ہونے والا ایک حادثہ ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ بھارتی شہر شملا میں قائم ایک اسکول میں پیش آیا۔ جہاں 12ویں جماعت کے طالب علم لیب میں کیمیائی تجربہ کررہے تھے کہ اچانک پریکٹکل لیب دھماکے سے لرز اٹھا جس کے باعث چار طالب علم زخمی ہوئے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    تجربے کے دوارن کیمیائی تیزاب کے غلط محلول کی وجہ سے دھماکے کے باعث ایک طلبہ کی آنکھیں شدید ماثر ہوئی ہیں۔ جبکہ دو طالب علموں کی صحت یابی کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

    بھارت: زوردار دھماکا، 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی

    متعلقہ ادارے نے لیب کو سیل کرکے کارروائی کا آغاز کردیا۔ اسکول پرنسل زیر تفتیش ہیں۔ بھارتی وزیرتعلیم نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمی طالب علموں کے والدین سے عیادت کی۔

  • سعودی عرب: ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم کو دھماکے سے اڑا دیا، لاکھوں ریال چوری

    سعودی عرب: ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم کو دھماکے سے اڑا دیا، لاکھوں ریال چوری

    ریاض: سعودی عرب میں اے ٹی ایم سے رقم چوری کرنے کی انوکھی واردات سامنے آئی، ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم کو دھماکے سے اڑایا اور 14 لاکھ ریال لے کر فرار ہوگئے۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے گیس کے ذریعے اے ٹی ایم مشین میں دھماکا کیا اور 14 لاکھ ریال چوری کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ریاض کے السلی محلے میں واقع مقامی بینک کے ایک اے ٹی ایم سے چور خطیر رقم لے کر فرار ہوئے، ڈاکوؤں نے پہلی مرتبہ اے ٹی ایم کو کھولنے کے لیے گیس کا استعمال کیا جس سے زور دار دھماکا ہوا۔

    سعودی عرب، تیرہ لاکھ ریال سے زائد مالیت کی چوری کرنے والا گروہ گرفتار

    دھماکے کے فوری بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تاہم اس وقت تک چور 14 لاکھ ریال لے کر فرار ہوچکے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، سی سی ٹی وی کیمرے سے واردات کرنے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے، امید ہے ملزمان کی جلد گرفتاری عمل میں آئے گی۔