Tag: دھماکہ

  • عراق میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دھماکہ.7 افراد ہلاک 11 زخمی

    عراق میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دھماکہ.7 افراد ہلاک 11 زخمی

    بغداد : عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر ہونے والے کار خودکش بم دھماکے میں 7 افراد ہلاک جب کہ 11زخمی ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجینسی کے مطابق بغداد کے شمال میں واقع راشدیہ کے علاقہ میں واقع سیکیورٹی چیک پوسٹ پر ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا کر چیک پوسٹ کو اڑادیا۔دھماکے سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی اور سات افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    دھماکے سے زخمی افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسپتال نے 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے سے زخمی ہونے والے 11 افراد کو طبی امداد دی جا رہی ہے جس میں 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی تاہم دھماکے کی نوعیت اور طریقہ واردات سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ یہ دھماکہ بھی ایسےشدت پسند تنظیم داعش نے کرایا ہو جوعراقی دارالحکومت بغداد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں اس قسم کے بم حملوں میں ملوث رہی ہے اور ذمہ داری بھی قبول کرتی رہی ہے۔

    یاد رہے اسی علاقے میں گزشتہ منگل کو بھی ایک دھماکہ کیا گیا تھا جس میں 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    علاوہ ازیں 3 جولائی کو عراق کے ضلع وسطی کرادہ میں ایک خونریز بم دھماکہ میں 292افراد جاں بحق ہو گئے تھے یہ دھماکہ عراق میں گزشتہ 13 سال سے جاری کشیدگی کے دوران ہونے والا سب سے بھیانک اور خونریز حملہ تھا۔

    واضح رہے کہ امریکی حمایت یافتہ عراقی آرمی کی جانب سے حالیہ دنوں میں داعش کے خلاف کچھ پیشرفت نظر آئی ہے جس میں اس نے عراقی شہر رمادی کا قبضہ شدت پسند تنظیم سے چھڑالیا ہے لیکن ناقدین کا کہنا ہے وہاں صورتحال تاحال ابتر ہے۔

  • سوات: پولیس موبائل پر بم حملہ،پانچ اہلکار زخمی

    سوات: پولیس موبائل پر بم حملہ،پانچ اہلکار زخمی

    سوات: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات میں ہونے والے بم دھماکے میں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختنونخواہ کے ضلع سوات میں دھماکہ مانکیال کے علاقے میں اس وقت ہوا جب پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی،دھماکےمیں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے.

    دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور جگہ جگہ ناکہ بندیاں بھی کی گئی ہیں.

    یاد رہے کہ بحرین سوات کا سیاحتی علاقہ ہے اور پولیس کے مطابق اس سے پہلے بھی اس علاقے میں سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ ہوئے ہیں.

    یاد رہے کہ سوات میں قیام امن کے بعد عید الفطر کے موقع پر سرکاری اعدادوشمار کے مطابق چار لاکھ سے زائد سیاحوں نے یہاں کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا جبکہ بحرین اور کالام میں موجود تمام ہوٹلز سیاحوں سے بھر گئے تھے.

    واضح رہے کہ ہزاروں کی تعداد میں سیاحوں نے دریا کے کنارے، مساجد اور کرائے کے مکانوں میں قیام کیا تاہم مقامی لوگوں کے مطابق اس دھماکے سے علاقے میں خوف کی فضا پھیل گئی ہے.

  • بغداد: مزار پر خودکش حملے میں 30 افراد جاں بحق

    بغداد: مزار پر خودکش حملے میں 30 افراد جاں بحق

    بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک مزار پر خودکش حملے میں 30 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ حملہ کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق افسوسناک واقعہ بغداد کے شمالی علاقے بلاد میں واقع سید محمد مزار پر پیش آیا جہاں خودکش بمبار نے اپنی گاڑی مزار کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دی۔ دھماکے کے بعد قریب موجود دیگر دہشت گردوں نے بھی اندھا دھند گولیاں اور مارٹر گولے برسا دیے۔

    پالمیرا کے تاریخی کھنڈرات، داعش کے ہاتھوں تباہی سے قبل ، اور بعد میں *

    عید کے موقع پر مزار پر زائرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ذرائع کے مطابق اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    واضح رہے کہ رواں ہفتہ یہ بغداد میں داعش کی جانب سے کیا جانے والا دوسرا حملہ ہے۔ عید سے 2 روز قبل ایک پرہجوم بازار میں بھی خوفناک بم دھماکہ کیا جاچکا ہے۔ دھماکے میں اب تک 292 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جاچکی ہے۔

    داعش نے 19 یزدی خواتین کو زندہ جلا دیا *

    داعش کے خلاف عراق اور شام میں امریکا اور اتحادیوں کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ ترکی کو اتحاد میں شامل ہونے کے بعد رواں ماہ مختلف دہشت گرد حملوں کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے جس میں استنبول کے اتاترک ایئرپورٹ پر 3 خودکش حملے بھی شامل ہیں۔ دہشت گردی کے بدترین واقعہ میں 36 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

  • جدہ : امریکی قونصل خانے کے قریب خودکش دھماکہ

    جدہ : امریکی قونصل خانے کے قریب خودکش دھماکہ

    جدہ : سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک مشتبہ خودکش حملہ آور نےامریکی قونصل خانے کی عمارت کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا.

    تفصیلات کے مطابق جدہ میں ایک مشتبہ خودکش حملہ آور نے امریکی قونصل خانے کی عمارت کے قریب خود کو دھماکے سے اڑادیا،جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں.

    امریکی قونصل خانے کی عمارت کے قریب خودکش دھماکے کے بعد سیکورٹی حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا.

    سعودی عرب میں امریکی سفارتی قونصل کے حکام اور وزرات داخلہ فوری طور پر اس واقعے پر بیان دینے کے لئے نہ پہنچ سکے.

    دھماکہ فجر کی نماز سے پہلے ہوا،جس کے بعد مسلمان رمضان کے مقدس مہینے میں روزہ رکھ کر اپنے روز مرہ کے کام شروع کرتے ہیں.

    امریکی قونصل خانے کے قریب دھماکہ امریکہ کے یوم آزادی کے موقع پرہوا ہے.

    یاد رہے 2004 میں جدہ ہی کے امریکی قونصل خانے کو حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا،جس میں نو افراد جان کی بازی ہار گئے تھے.

  • افغان دارالحکومت میں سرکاری بس کےقریب دھماکا،بیس افرادہلاک

    افغان دارالحکومت میں سرکاری بس کےقریب دھماکا،بیس افرادہلاک

    کابل :افغان دارالحکومت کابل میں سرکاری ملازمین کی وین کے قریب زور دار دھماکہ ہوا،دھماکے میں بیس افراد جان کی بازی ہارگئے،مرنے والوں میں نیپالی گارڈز کی تعداد زیادہ ہے.

    تفصیلات کے مطابق کابل میں جلال آباد روڈ پر خودکش بمبار کی جانب سے سرکاری ملازمین کی ہائی ایس وین کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بیس افراد کی ہلاکتیں ہوئیں جن میں نیپالی گارڈز کی تعداد زیادہ بتائی جارہی ہے،کابل ریڈیو کے مطابق مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے.

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ افغان طالبان کے سربراہ ملامنصور اختر کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد سے افغانستان میں طالبان کی جانب سے حملوں میں تیزی آئی ہے.

    گذشتہ ماہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزرات انصاف کے عملے کی بس پر حملہ کیا گیا تھا،جبکہ دوسرا دھماکہ افغانستان کے شہر غزنی میں عدالت پر کیا گیا تھا .

    واضح رہے کہ افغان طالبان نے دونوں حملوں کی تصدیق کی تھی اور ان حملوں کو چھ افغان طالبان کی افغان حکومت کی جانب سے پھانسی کا ردعمل قراردیا تھا.

  • سابق وزیراعلیٰ امیرحیدر خان ہوتی کے گھر کے قریب دھماکہ

    سابق وزیراعلیٰ امیرحیدر خان ہوتی کے گھر کے قریب دھماکہ

    مردان: خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما امیر حیدر خان ہوتی کے گھر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ امیر حیدر خان ہوتی کے گھر کے قریب دھماکے میں پولیس اہلکار زخمی ہوگیا،دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے اہلکار کو نزدیکی اسپتال منتقل کردیا گیا.

    واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے لیے علاقے کو سیل کردیا گیا.

    یاد رہے اس سے قبل سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ امیر حیدر خان ہوتی کو فروری 2013 میں بھی مردان کے قریب خود کش حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے تھے.

    خیبر پختو نخواہ کے سابق وزیراعلیٰ کے قافلے پر ولی خان یونیورسٹی کے باہر اُس وقت خود کش حملہ کیا گیا،جب وہ مردان کے علاقے پیرانو ڈاگہ میں ایک جلسے میں شرکت کے لیے جارہے تھے.

  • شنگھائی ایئر پورٹ پر کریکر دھماکا، پانچ افراد زخمی

    شنگھائی ایئر پورٹ پر کریکر دھماکا، پانچ افراد زخمی

    شنگھائی: چین کے شہر شنگھائی کے مصروف پڈونگ ایئرپورٹ میں مسافر نے کریکر دھماکہ کردیا جس میں 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے شہر شنگھائی کے معروف اور مصروف ترین ایئر پورٹ پڈونگ ایئر پورٹ پر کریکر دھماکہ ہوا ہے، دھماکہ پڈونگ ایئرپورٹ کے ٹرمینل 2 پر ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    Shanghai1
    چین کے قومی چینل کے مطابق کریکر دھماکہ ایئرپورٹ کے ٹرمینل 2 پر چیک-اِن کاؤنٹر پر موجود ایک مسافر نے کیا، کریکر بم مقامی ساختہ ہے جس میں مقامی دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ہے۔

     

    دھماکے کے بعد ایئرپورٹ پولیس نے دھماکہ کرنے والے شخص کو گرفتار کر کے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے،جہاں طبی امداد کے بعد ملزم سے تحقیقات کی جائیں گی،تا حال دھماکہ کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جاسکا ہے۔

    Shanghai2

    ریسکیو اہلکاروں نے دھماکے کے بعد فوری طور پر اپنی خدمات دینا شروع کردیں،ریسکیو ایلکاروں نے زخمی افراد کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا،جہاں زخمی مسافروں کو طبی امداد دی جا رہی ہے،قیاس کیا جارہا ہے کہ زخمیوں کی تعداد 5 ہے۔

    Shanghai3
    زخمیوں کا کہنا ہے کہ دھامکہ کرنے والے مسافر کا عزائم کا اندازہ کرنا مشکل ہے، مسافر نے چیک ان کاؤنٹر پر اچانک دھماکہ کردیا تھا، دھماکہ کی نوعیت شدید نہیں تھی، اسی لیے نقصان قدرے کم ہوا ہے۔

  • استنبول میں بم دھماکہ، 7 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد جاں بحق

    استنبول میں بم دھماکہ، 7 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد جاں بحق

    استنبول: ترکی کے شہر استنبول میں ایک پولیس بس کے قریب دھماکے میں 7 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکہ ضلع ویزنیجیلر میں ہوا۔ دھماکے میں 36 افراد زخمی بھی ہوئے۔ دھماکے کا ہدف پولیس کی بس تھی۔ دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

    ترکی میں پولیس اسٹیشن کے قریب دھماکہ، 13 افراد زخمی *

    انقرہ میں کار بم دھماکہ، 18 افراد جاں بحق *

    دھماکے میں چند قریبی عمارتوں اور قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ تاحال کسی نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

    ترکی کی شامی علاقے میں داعش کے خلاف کارروائی، 55 دہشت گرد ہلاک *

    واضح رہے کہ ترکی شام اور عراق میں داعش کے خلاف کارروائیوں میں اتحادیوں کا ساتھی ہے جس کے باعث ترکی بھی دہشت گردی کے نشانے پر آچکا ہے۔ رواں برس ترکی کے مختلف شہروں میں کئی بم دھماکے ہوچکے ہیں جن میں پولیس اہلکاروں سمیت درجنوں افراد جاں بحق و زخمی ہوچکے ہیں۔

  • کوئٹہ : گاڑی کے قریب دھماکہ، دو ایف سی اہلکارشہید تین زخمی

    کوئٹہ : گاڑی کے قریب دھماکہ، دو ایف سی اہلکارشہید تین زخمی

    کوئٹہ : آوران میں سیکیورٹی فورسزکی گاڑی کے قریب دھماکہ سے دو ایف سی اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ اس دوران قافلے پر فائرنگ بھی کی گئی، فورسز کی جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تربت سےدو سرکاری ملازمین کی لاشیں ملیں۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے آواران کے نواح جھاؤ میں سکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب دھماکہ ہو اجس کے نتیجے میں 2اہلکار شہید ہو گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قافلہ آواران کے علاقے سے گزر رہا تھا کہ نامعلوم شرپسندوں نے حملہ کر دیاجس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہوئے تاہم ملزمان کی تلاش کا کام جاری ہے۔

    دوسری جانب بلوچستان کےعلاقے بارکھان میں ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 3 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔

    ایف سی ترجمان کے مطابق بارکھان میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے آپریشن میں شریک اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے بعد دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

     

  • کوئٹہ اسپنی روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکہ،  دواہلکارجاں بحق

    کوئٹہ اسپنی روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکہ، دواہلکارجاں بحق

    کوئٹہ : بلوچستان ایک بارپھر دہشت گردی کا نشانہ بن گیا، کوئٹہ اسپنی روڈ پر پولیس کی موبائل کے قریب دھماکے میں دو پولیس اہلکارجاں بحق اور ایک بچے سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے کوئٹہ پر ایک اور وار کرتے ہوئے اسپنی روڈ پر پولیس موبائل کو اپنی کارروائی کا نشانہ بنایا۔ دھماکے سے چھ پولیس اہلکاروں سمیت نو افراد زخمی ہوگئے۔

    اسپنی روڈ پر اڈے کے قریب رات آٹھ بجے کے قریب دھماکہ اس وقت ہوا جب صدر تھانے کی پولیس موبائل اور موٹرسائیکل سوار پٹرولنگ ٹیم وہاں سے گزر رہی تھی کہ پرانے اڈے کی قریب سڑک کنارے بم کا زو ر دار دھماکہ ہوا، دھماکے کی زد میں گاڑی اور موٹر سائیکل پر سوار چھ پولیس اہلکاراور ایک بچہ سمیت چار راہ گیر زخمی ہوگئے،


    Loud blast rocks Quetta by arynews

    زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں شدید زخمی کانسٹیبل عبداللہ اورکانسٹیبل ارشد علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو اپنے گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ اس موقع پر بم ڈسپوزل اسکوڈ کو بھی طلب کرلیا گیا۔

    صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے حملوں سے دہشت گرد مورال کم نہیں کر سکتے۔

    صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بتایا کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس سے آٹھ افراد زخمی ہوئے۔

    پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا، جس کا ہدف پولیس کی موبائل تھی۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد نو زخمیوں کو اسپتال لایا گیا جس میں سے دو پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، پانچ شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کردیاگیا جہاں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق بم ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس میں دو سے ڈھائی کلو بارودی مواد استعمال ہوا۔

    رواں ماہ اس سے قبل سریاب روڈ پر چیک پوسٹ اور مشرقی بائی پاس پرپولیس کی ٹیموں کو دوبار نشانہ بنایا گیا، یاد رہے کہ یہ کوئٹہ میں رواں ماہ پولیس پر چوتھا حملہ ہے۔