Tag: دھماکہ

  • جدہ میں خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشت گرد کی شناخت ہوگئی

    جدہ میں خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشت گرد کی شناخت ہوگئی

    ریاض: سعودی عرب میں دہشت گردی میں ملوث ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، مذکورہ دہشت گرد سعودی سیکیورٹی فورسز کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

    اے آر وائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کے سامر محلے میں خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشت گرد کی شناخت کرلی گئی ہے، ملزم 7 برس سے مفرور تھا اور سیکیورٹی فورسز کے تعاقب سے بچنے کے لیے دھماکا کیا تھا۔

    خودکش دہشت گرد کی شناخت عبد اللہ بن زاید بن عبد الرحمٰن البکری الشھری کے نام سے ہوئی ہے، عبداللہ الشھری سعودی سیکیورٹی فورسز کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

    عبداللہ الشھری نے 6 اگست 2015 کو عسیر ریجن میں ایمرجنسی فورس کی مسجد پر ظہر کی نماز کے دوران دھماکے کی منصوبہ بندی میں شامل تھا، دہشت گرد حملے میں 15 افراد ہلاک ہوئے تھے، ان میں سے 5 ایمرجنسی سیکیورٹی فورس کے اہلکار تھے۔ 6 حج سیکیورٹی فورس کے زیر تربیت اہلکار اور 4 بنگلہ دیشی کارکن تھے۔

    دہشت گردی کے اس واقعے میں حملہ آور یوسف السلیمان ہلاک ہو گیا تھا۔

    دھماکے کے بعد سے 33 سالہ عبد اللہ بکری الشھری روپوش تھا جبکہ حملے میں ملوث گروپ کے 9 ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔

    ایمرجنسی سیکیورٹی فورس کی مسجد پر حملہ آور 9 افراد میں سے صرف دو زندہ تھے، ان میں سے ایک عبد اللہ الشھری تھا جو السامر محلے میں خودکش دھماکے میں مارا گیا، اب صرف اس کا بڑا بھائی ماجد زاید عبد الرحمٰن البکری الشھری روپوش ہے۔

    عبداللہ الشھری عسیر میں حملہ کرنے والے دہشت گرد گروہ کی فہرست میں چوتھے نمبر پر تھا۔

    یہ گروہ 9 دہشت گردوں پر مشتمل تھا ان میں سے 6 مارے گئے، ایک بیشہ میں پکڑا گیا جبکہ عبداللہ الشھری نے خودکش دھماکہ کرکے خود کو ہلاک کر لیا اور گروہ کا نواں رکن عبداللہ الشھری کا سگا بھائی ہے۔
    یاد رہے کہ سعودی عرب کی پریزیڈنسی آف سٹیٹ سکیورٹی نےایک بیان میں کہا تھا کہ جدہ میں خود کش جیکٹ پہنے ایک شخص کو جب سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

    مذکورہ شخص جسے سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد قرار دیا ہے، شہر کے الصمیر محلے میں جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گیا۔ دھماکے میں ایک پاکستانی شہری اور تین سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

  • 2 موٹر سائیکلوں میں ٹکر، ایک موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ گئی

    2 موٹر سائیکلوں میں ٹکر، ایک موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ گئی

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 2 موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے بعد ایک موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر موٹر سائیکل میں بارودی مواد موجود تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں 2 موٹر سائیکلوں میں تصادم ہوا جس میں ایک موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ موٹر سائیکل میں بارودی مواد موجود تھا، حادثے کے قریب ڈیٹونیٹر، تاریں اور بارودی مواد ملا ہے۔

    پولیس کے مطابق حادثے میں 3 افراد شدید زخمی ہوئے، دونوں موٹر سائیکلیں قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد میں رواں سال جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، رواں برس گزشتہ برس کے مقابلے میں سینکڑوں زائد مقدمات درج کیے گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمات کا زائد اندراج فری رجسٹریشن آف ایف آئی آر کو ظاہر کرتا ہے، سائلین کو ماضی کی طرح ایف آئی آر کے اندراج میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

  • برطانوی پولیس نے جنگ عظیم دوئم کے بم کا دھماکہ کیوں کیا؟

    برطانوی پولیس نے جنگ عظیم دوئم کے بم کا دھماکہ کیوں کیا؟

    برطانیہ میں ایک تعمیراتی سائٹ سے جنگ عظیم دوئم کا بم صحیح سالم حالت میں نکل آیا جسے دیکھ کر حکام کی دوڑیں لگ گئیں۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق یونیورسٹی آف ایکسٹر کے قریب ایک تعمیراتی سائٹ پر مزدوروں نے ایک بارودی شے دیکھی جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا گیا۔

    پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقہ خالی کروایا اور رائل نیوی بم ڈسپوزل اسکواڈ کو وہاں طلب کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ بم جنگ عظیم دوئم کا جرمن ساختہ ہرمن بم تھا جو بالکل صحیح حالت میں موجود تھا اور اس کے کسی بھی وقت پھٹنے کا خدشہ تھا۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ نے وہاں موجود اسکول اور علاقے کے 26 سو گھر خالی کروالیے اور اس کے بعد نہایت محتاط انداز سے محدود دھماکہ کیا گیا۔

    لوگوں کا کہنا ہے کہ اس دھماکے کی آواز خاصی دور تک سنائی دی، حالات کنٹرول میں آنے کے بعد جب علاقہ مکینوں کو ان کے گھر واپس آنے کی اجازت دی گئی تو انہوں نے دیکھا کہ دھماکے کے باعث گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹے ہوئے تھے۔

    اس سے قبل انگلینڈ کے دریائے ٹیمز میں سے بھی جنگ عظیم دوئم کے زمانے کے 19 ہینڈ گرینیڈز نکلے جنہیں پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

    یہ گرینیڈز اس وقت ملے جب ایک مچھیرا ٹیمز کے کنارے مقناطیس کے ذریعے دریا میں دھاتی اشیا تلاش (میگنیٹ فشنگ) کر رہا تھا، اس مقام سے اسے 19 ہینڈ گرینیڈز ملے۔

    بم ڈسپوزل کی ٹیم نے ایکسرے کے ذریعے ان بموں کا معائنہ کیا جس سے علم ہوا کہ ان میں کسی بھی قسم کا بارودی مواد موجود نہیں۔

  • بیروت: دھماکے کے 1 ماہ بعد ملبے تلے دبے انسان کے زندہ ہونے کی امید

    بیروت: دھماکے کے 1 ماہ بعد ملبے تلے دبے انسان کے زندہ ہونے کی امید

    بیروت: لبنان کے دارالحکومت بیروت میں دھماکے کے 1 ماہ بعد ملبے تلے دبے انسان کی زندہ ہونے کی امید پیدا ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں تباہ شدہ گھر کے ملبے کے نیچے آلے کی مدد سے کسی زندہ انسان کے دل کی دھڑکن کا سراغ لگایا گیا ہے۔ ملبے تلبے دبے انسان کی تلاش میں چلی کی ریسکیو ٹیم کے کھوجی کتے نے بھی مدد کی۔

    چلی کی ریسکیو ٹیم کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ وہ زیادہ امیدیں نہیں لگانا چاہتے تاہم کسی کی لاش یا زندہ شخص کے ملنے کے ایک فیصد امکان کی صورت میں بھی تلاش کا کام جاری رہے گا۔

    بیروت میں دھماکے کے ایک ماہ بعد بچ جانے والے افراد کی تلاش کے امکانات بہت کم ہیں، اس دھماکے میں 191 افراد ہلاک اور ساڑھے چھ ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔

    چلی کی ریسکیو ٹیم کے اہلکار نے بتایا ہے کہ اس آلے نے کسی جانور کی نہیں بلکہ انسان کے سانس لینے اور دل کی دھڑکن کی نشاندہی کی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 4 اگست کو لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہولناک دھماکے سے 191 افراد ہلاک اور ساڑھے چھ ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

  • امریکی شہر بالٹی مور میں زور دار دھماکہ، مکانات تباہ

    امریکی شہر بالٹی مور میں زور دار دھماکہ، مکانات تباہ

    بالٹی مور: امریکی شہر بالٹی مور میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں دھماکا ہوا جس میں ایک خاتون ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے، دھماکے سے متعدد گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

    سٹی ہال کے ترجمان جیمز ای بینٹلی نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ ریسٹار ٹاؤن روڈ پر ہوا۔مقامی میڈیا کے مطابق بچوں سمیت کچھ افراد کے ملبے میں پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایک خاتون ہلاک ہوئی جبکہ دو زخمیوں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے ملبے تلے دبے افراد کو بچانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

    پولیس حکام کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہے۔

  • بیروت دھماکہ: دھماکے سے خوفزدہ دلہن کی ویڈیو وائرل

    بیروت دھماکہ: دھماکے سے خوفزدہ دلہن کی ویڈیو وائرل

    بیروت: لبنانی دارالحکومت بیروت میں قیامت خیز دھماکے کے وقت ایک دلہن کی ویڈیو بے حد وائرل ہورہی ہے جو عین دھماکے کے وقت اپنے فوٹو شوٹ میں مصروف تھیں۔

    وہ دن 29 سالہ اسرا صبلانی کی شادی کا دن تھا اور وہ سفید لباس میں ملبوس تصاویر کھنچوا رہی تھیں جب ویڈیو میں قیامت خیز دھماکے کی آواز آتی ہے۔ دھماکے سے پس منظر میں ہوٹل کی شیشے کی کھڑکیاں ٹوٹتی ہوئی نظر آتی ہیں جبکہ زمین پر مختلف اشیا کا مبلہ بکھر جاتا ہے۔

    صبلانی امریکا میں بطور ڈاکٹر اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں اور واقعے کے روز وہ بیروت کے 34 سالہ بزنس مین سے شادی کرنے جارہی تھیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ 2 ہفتوں سے اپنی شادی کی تیاریاں کر رہی تھیں اور اس دن کے لیے بے حد خوش تھیں۔ دھماکے کی آواز سن کر انہیں پہلا خیال یہی آیا کہ وہ مرنے والی ہیں۔

    صبلانی اس دن دھماکے کے مقام سے قریب تھیں اور دھماکے کے بعد انہوں نے وہاں پہنچ کر کچھ زخمیوں کو چیک بھی کیا۔

    ان کے شوہر کہتے ہیں کہ وہ اس دھماکے سے اب تک صدمے کی حالت میں ہیں، وہ زندگی میں پہلے کبھی ایسی صورتحال سے نہیں گزرے۔

    صبلانی اور ان کے شوہر نے اس دن دھماکے کے بعد افسردہ دلی سے شادی کی رسومات مکمل کیں، صبلانی کا کہنا ہے کہ وہ اس دھماکے سے متاثر لوگوں کے لیے بے حد افسردہ اور پریشان ہیں۔

  • کیمیکل فیکٹری میں دھماکہ، قریبی آبادی کے لیے احتیاطی ہدایات جاری

    کیمیکل فیکٹری میں دھماکہ، قریبی آبادی کے لیے احتیاطی ہدایات جاری

    کاتالونیا: اسپین کی کیمیکل فیکٹری میں دھماکے سے ایک شخص ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے، حکام کی جانب سے لوگوں کو گھروں میں رہنے اور باہر نہ نکلنے کی تاکید کی گئی ہے۔

    افسوسناک حادثہ اسپین کے شمال مشرقی علاقے اور ریاست کاتالونیا کے علاقے تیراگونا میں ہوا، حادثے میں اب تک 1 شخص جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے 2 فیکٹری کے ملازم ہیں جو بری طرح جھلس گئے ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔

    حادثے کا شکار ہونے والی فیکٹری ایتھلین آکسائیڈ کی مصنوعات بشمول ڈٹرجنٹ تیار کرنے والی اسپین کی واحد فیکٹری ہے، اس شہر میں متعدد کیمیکل فیکٹریز واقع ہیں جس کے باعث اس شہر کو کیمیکل حب کہا جاتا ہے۔

    حادثے کے بعد 29 ایمرجنسی گاڑیاں جائے وقوع کی جانب روانہ کردی گئی ہیں۔ واقعے میں ایک اور شخص لاپتہ ہے تاہم اس کے بارے میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ دھماکے سے قبل ہی جائے وقوع سے روانہ ہوچکا تھا۔

    دھماکے میں ہلاک ہونے والا شخص برابر واقع عمارت میں موجود تھا، دھماکوں کے باعث عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا اور مذکورہ شخص کی ملبے تلے دبنے سے موت واقع ہوگئی۔

    عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد انہوں نے مذکورہ مقام پر آسمان پر دھوئیں کے گاڑھے بادل بنتے دیکھے۔

    حکام نے آس پاس مقیم تقریباً 3 لاکھ افراد کو احتیاطاً گھروں میں رہنے اور گھروں کی کھڑکیاں دروازے بند رکھنے کی ہدایت کی ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ زہریلی گیسوں کے پھیلاؤ کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔

  • ڈلیوری رائیڈر دھماکے کی زد میں آگئی، ویڈیو وائرل

    ڈلیوری رائیڈر دھماکے کی زد میں آگئی، ویڈیو وائرل

    بنکاک: شمالی تھائی لینڈ میں کھانا ڈلیور کرنے والی خاتون رائیڈر دھماکے کی زد میں آگئی، دھماکے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق تھالی لینڈ کے شمالی علاقے لیمپینگ میں ڈلیوری رائیڈر کھانا ڈلیور کرنے کے لیے موٹرسائیکل پر جا رہی تھیں کہ اچانک سڑک پر موجود مین ہول میں دھماکہ ہوا جس کی زد میں آکر خاتون زخمی ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار افراد مصروف سڑک پر سے گزر رہے ہیں کہ اچانک زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں خاتون رائیڈر زخمی ہوئیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    تھائی پولیس کے میجر جنرل انوچا اومچارون نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ گیس کا دھماکہ تھا جو گٹر کے اندر دباؤ کی وجہ سے ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے ذمہ داران کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔

    گٹرلائن سے دنیا کا تیسرا بڑا کوبرا سانپ برآمد

    یاد رہے کہ رواں سال اکتوبر میں جنوبی تھائی لینڈ کے رہائشی علاقے کی گٹر لائن سے 13 فٹ لمبا زہریلا کوبرا سانپ برآمد ہوا تھا، ریسکیو اہلکاروں نے ایک گھنٹے کی مشقت کے بعد سانپ کو پکڑا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق پکڑے جانے والے کوبرا سانپ کی لمبائی 13 فٹ جبکہ وزن 15 کلو ہے۔ یہ اب تک پکڑے جانے والے طویل ترین کوبرا سانپوں میں تیسرے نمبر پر ہے جسے طبی امداد کے بعد جنگل میں چھوڑ دیا گیا تھا۔

  • ڈی آئی خان میں پولیس موبائل کے قریب دھماکہ، پولیس اہلکار زخمی

    ڈی آئی خان میں پولیس موبائل کے قریب دھماکہ، پولیس اہلکار زخمی

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں ہتھالہ کے مقام پر پولیس موبائل کے قریب آئی ای ڈی دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع کی جانب روانہ ہوگئیں، زخمی پولیس اہلکار طارق کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کردیا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سرچ آپریش شروع کردیا گیا ہے۔

    لورالائی میں کمشنر آفس کے قریب دھماکہ: پولیس اہلکارشہید

    یاد رہے کہ یکم اکتوبر کو بلوچستان کے علاقے لورالائی میں کمشنر آفس کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے خود کش حملہ آورکو روکنے والے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔

    کوئٹہ: مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، 7 افراد جاں بحق

    اس سے قبل رواں سال اگست میں صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ ہوا تھا جس میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہوگئے تھے۔

  • چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قافلے پر دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چمن میں تاج روڈ پر جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے ۔

    پولیس اور ریسکیو ٹیمیں دھماکے کی جگہ پہنچ گئیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکے سے قریب عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    اس سے قبل مئی میں ضلع قلعہ عبداللہ میں سڑک کنارے بم دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں قبائلی رہنما ولی اچکزئی جاں بحق ہوگئے تھے۔

    سپینہ غنڈی میں ہونے والے دھماکے میں مقامی قبائلی رہنما حاجی ولی اچکزئی اپنے 2 محافظوں سمیت جاں بحق ہوئے تھے، دھماکے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی تھی جس کے باعث متعدد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔