Tag: دھمکیاں

  • سلمان خان کیساتھ کام کرنے والوں کو لارنس بشنوئی گینگ کی خطرناک دھمکیاں

    سلمان خان کیساتھ کام کرنے والوں کو لارنس بشنوئی گینگ کی خطرناک دھمکیاں

    بھارتی فلم انڈسٹری کے دبنگ اداکار سلمان خان کے لئے بری خبر یہ ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ نے اس بار ان کیساتھ کام کرنے والوں کو خطرناک دھمکیاں دی ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس بار لارنس بشنوی گینگ کے رکن ہیری باکسر نے ایک آڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی پروڈیوسر، ہدایت کار یا اداکار دبنگ خان کے ساتھ کام کرے گا، اسے گولی مار دی جائے گی۔

    یہ دھمکی کینیڈا میں کپل شرما کے کیفے کے باہر فائرنگ کے ایک دن بعد دی گئی ہے کیونکہ کپل شرما بھی سلمان خان کے کامیڈی شو کی میزبانی کرتے ہیں اور ان کے ماتحت کام کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ سری شہر میں واقع کپل شرما کے نئے ”کیپس کیفے” پر جمعرات کے روز حملہ کیا گیا تھا، جو ایک ماہ کے دوران دوسری واردات تھی۔ اس واقع میں خوش قسمتی سے کوئی زخمی نہیں ہوا، لیکن عمارت پر گولیوں کے نشانات واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

    انسٹاگرام پر کپل شرما کے کیفے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وہ اس واقعے سے صدمے میں ہیں، لیکن کسی صورت ہار نہیں مانیں گے۔

    سلمان خان کو قتل کی دھمکی، نجومی نے بڑی پیش گوئی کردی

    ہیری باکسر نے آڈیو کلپ میں کہا کہ لارنس بشنوئی گینگ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے چھوٹے فنکاروں کو بھی نقصان پہنچائے گا، یہ دھمکیاں سلمان خان کے 1998 کے کالے ہرن شکار کیس کے تناظر میں دی گئی ہیں، جس کے بعد سے وہ بشنوی گینگ کی دھمکیوں کی زد میں ہیں۔

    دوسری جانب گینگ کی سرگرمیوں اور پرتشدد وارداتوں میں ملوث ہونے کے باعث کینیڈا میں اس گروہ کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

  • شاہ رخ خان کو دھمکیاں دینے والا بھتہ خور گرفتار

    شاہ رخ خان کو دھمکیاں دینے والا بھتہ خور گرفتار

    ممبئی : بھارتی فلم انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار شاہ رخ خان (المعروف کنگ خان) کو قتل کی دھمکی دینے والا ملزم بالآخر قانون کی گرفت میں آگیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی میں شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس کو ایک فون کال موصول ہوئی، جس میں انہیں مارنے کی دھمکی اور 50 لاکھ روپے بھتہ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

    اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے ممبئی پولیس نے منگل کو چھتیس گڑھ کے رائے پور سے ایک وکیل کو مبینہ طور پر شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے اور بالی ووڈ سپر اسٹار سے گزشتہ ہفتے 50 لاکھ روپے کاتاوان طلب کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

    ممبئی پولیس کے ایک اعلی افسر نے 42 سالہ وکیل فیضان خان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ رائے پور کی مقامی عدالت کی جانب سے ٹرانزٹ ریمانڈ کی منظوری کے بعد ملزم کو ممبئی منتقل کیا جارہا ہے۔

    حکام نے مزید بتایا کہ ملزم فیضان خان پیشے سے وکیل ہے اور اسے بذریعہ ٹرین رائے پور سے ممبئی لایا جارہا ہے کل بروز بدھ اسے مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی پولیس نے نامور سیاستدان بابا صدیقی پر فائرنگ کرکے انہیں قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو ریاست اتر پردیش کے علاقے بہرائچ سے گرفتار کر لیا۔

    مرکزی ملزم شیو کمار کو یوپی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) اور ممبئی کرائم برانچ کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا گیا جو نیپال فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

  • زیادتی کا شکار پولیو ورکر کو دھمکیاں دینے والے 3 ملزمان گرفتار

    زیادتی کا شکار پولیو ورکر کو دھمکیاں دینے والے 3 ملزمان گرفتار

    جیکب آباد: زیادتی کا شکار پولیو ورکر کو دھمکیاں دینے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان میں خاتون کا شوہر بھی شامل ہے۔

    ایس ایس پی نے بتایا کہ زیادتی کا نشانہ بنائی جانے والی پولیو ورکر کو دھمکیاں دینے والے ملزمان میں خاتون کے علاوہ اس کا دیوراور بھتیجا شامل، گرفتار ملزمان کیخلاف دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    گزشتہ دنوں سندھ کے شہر جیکب آباد کے گاؤں اللہ بخش جکھرانی میں اغوا اور جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی خاتون پولیو ورکر نے اپنا ویڈیو بیان جاری کیا تھا۔

    عابدہ پنہور نامی پولیو ورکر نے ویڈیو بیان میں بتایا تھا کہ ایک مسلح شخص اسلحہ کے زور پر مجھے ایک مکان میں لے گیا جہاں پہلے سے 3 نقاب پوش افرار موجود تھے، 3 افراد نے تشدد کیا جبکہ ایک نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    خاتون نے واضح کیا کہ مجھے کسی نے بازیاب نہیں کروایا بلکہ مسلح ملزمان نے خود چھوڑ دیا تھا، پولیس نے حراساں کر کے بیان تبدیل کروایا تھا لیکن عدالت پر بھروسہ کر کے اصل حقائق بتائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد شوہر نے غیرت کے نام پر گھر سے نکال کر 2 بیٹیاں چھین لیں تاہم عدالت نے بیٹیاں واپس دلوائی ہیں۔

    عابدہ پنہور نے بتایا کہ شوہر، دیوروں اور ان کے رشتہ داروں سے جان کا خطرہ ہے، اغوا اور زیادتی کرنے میں 4 ملزمان شامل ہیں جن میں سے پولیس نے ایک ملزم احمد جکھرانی کو گرفتار کیا ہے۔

    ویڈیو بیان میں متاثرہ پولیو ورکر نے اپیل کی تھی کہ دیگر 3 ملزمان کو گرفتار کر کے مجھے تحفظ فراہم کیا جائے، عدالت نے والد کے حوالے کر دیا ہے تاہم شوہر اور دیوروں سے خطرہ ہے۔

    گزشتہ روز پولیو ورکر نے خود سے زیادتی کی تصدیق کرتے ہوئے پولیس پر بیان تبدیل کروانے کا الزام لگا دیا تھا۔ خاتون نے عدالت میں بتایا تھا کہ مجھ سے زیادتی ہوئی لیکن پولیس نے بیان تبدیل کروایا۔

    سیشن جج نے متاثرہ پولیو ورکر اور پولیس حکام کو عدالت میں طلب کیا تھا۔ پولیس حکام نے اعتراف کیا تھا کہ بااثر لوگوں کی مداخلت پر اغوا اور زیادتی کے بجائے لوٹ مار کا بیان دلوایا تھا۔

    ایس ایس پی نے بتایا تھا کہ نامزد ملزم احمد جاکھرانی کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم کے ڈی این اے کیلیے نمونے بھیج دیے گئے ہیں۔

  • بگ باس 14 کی فاتح روبینہ دلیک کو بائیکاٹ کی دھمکیاں ملنے لگیں

    بگ باس 14 کی فاتح روبینہ دلیک کو بائیکاٹ کی دھمکیاں ملنے لگیں

    بگ باس کی فاتح روبینہ دلیک پر ہندو مخالف ٹوئٹ کرنے کے الزام میں سنگین دھمکیاں ملنے لگیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی اداکارہ روبینہ دلیک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا تھا کہ کسی کو اس کی فکر ہے! دیوالی ختم ہوگئی، اب تو پٹاخے پھوڑنا بند کردو۔

    انہوں نے مزید لکھا کہ 10 نومبر سے پٹاخے پھوڑے جارہے ہیں، اس وقت رات کے 3 بجے ہیں، اب تو بس کردو، ایک طرف ماحول آلودہ ہورہا ہے اور دوسری طرف یہ شور نیند کا دشمن بنا ہوا ہے۔

    ان کے اس ٹوئٹ پر  بھارت کے انٹرنیٹ صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور دیوالی کے موقع پر کی گئی اُن کی پوسٹ کو ہندو مخالف قرار دیا۔

    اداکارہ نے اس کے بعد اسکرین شاٹ شیئر کیے، جس میں لوگ اُن سے پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں اور اسے دیوالی پر ہندو مخالف قرار دے رہے ہیں۔

    ایک شخص نے روبینہ دلیک سے کہا کہ وہ اپنی پوسٹ جتنی جلد ہو ڈیلیٹ کرے ورنہ اُس کے بائیکاٹ کی مہم شروع کردی جائے گی۔

     اداکارہ نےدیوالی پر ہندو مخالف پیغام کا الزام لگانے والوں سے کہا کیا کہ کیا آپ واقعی بے دماغ ہیں؟، میرے انسٹاگرا م پر مت آئیں اور تبصرہ نہ کریں، یہ تعلیم نہیں، آپ سے زیادہ تہوار ہم لوگ مناتے ہیں لیکن دوسروں کو تکلیف نہیں دیتے۔

    روبینہ دلیک نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ’’دیوالی، روشنی کا تہوار ہے، کہیں بھی 10 دن تک آتش بازی کا نہیں لکھا، اس لیے پروپیگنڈا کرنے والوں سے کہوں گی کہ وہ اپنے اصل یا جعلی اکاؤنٹس سے کسی اور متاثر کریں، مجھے نہیں‘‘۔

  • بھارتی اداکارہ کے بالی ووڈ مافیا پر سنگین الزامات

    بھارتی اداکارہ کے بالی ووڈ مافیا پر سنگین الزامات

    ماضی کی مقبول بالی وڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں جنسی ہراسانی کے خلاف آواز اٹھائے جانے کے بعد نہ صرف بولی وڈ مافیا بلکہ مہاراشٹر کے سیاستدان بھی ہراساں کر رہے ہیں۔

    تنوشری دتہ نے رواں ماہ جولائی کے آغاز سے انسٹا گرام پر پوسٹس میں دعویٰ کیا کہ انہیں بالی وڈ مافیاز اور مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی پر راج کرنے والی سیاسی مافیا ہراساں کر رہی ہے۔

    انہوں نے اپنی پوسٹس میں کسی بھی بالی وڈ شخصیت یا سیاستدان کا نام لیے بغیر دعویٰ کیا کہ انہیں 2018 میں بھارت میں می ٹو مہم شروع کرنے کے بعد ہراساں کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں مختلف طریقوں سے ہراساں کیے جانے کے بعد ان کے پیچھے ایک ایسی نوکرانی لگائی گئی، جس نے انہیں پانی اور کھانے میں زہریلی دوا ملا کر دی اور وہ مرتے مرتے بچیں۔

    اداکارہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کی گاڑی کے بریک بار بار خراب کروائے گئے اور وہ حادثات کا شکار ہوتے ہوتے بچیں۔

    ان کے مطابق اب وہ گزشتہ 40 دن سے بیرون ملک سے واپس اپنے شہر ممبئی آئی ہیں مگر اپنی رہائش گاہ کے باہر عجیب عجیب طرح کے واقعات ہوتے ہوئے دیکھتی ہیں، انہیں ڈرا کر خوف زدہ کیا جا رہا ہے، انہیں بری طرح ہراساں کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ وہ ان ہتھکنڈوں سے ڈر کر خودکشی نہیں کریں گی اور یہ سب لوگ یاد رکھیں کہ وہ خود اپنی زندگی کا خاتمہ نہیں کریں گی بلکہ انہیں قتل کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سال 2018 میں انہوں نے بالی وڈ اداکار نانا پاٹیکر سمیت دیگر شخصیات پر ہراسانی کے الزامات لگائے تھے اور ان کے الزامات کے بعد ہی بھارت میں می ٹو مہم کا آغاز ہوا تھا اور دیگر اداکارائیں بھی سامنے آئی تھیں۔

    اداکارہ کے الزامات کو نانا پاٹیکر نے جھوٹا قرار دیا تھا اور دونوں کے درمیان طویل عرصے تک قانونی جنگ بھی جاری رہی، پولیس نے ایک سال تک تحقیق کرنے کے بعد جون 2019 میں کیس کو بند کر کے نانا پاٹیکر کو بے قصور قرار دیا تھا۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب:  تحریک انصاف کی خواتین ارکان کو وفاداریاں بدلنے کیلئے دھمکیاں

    وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب: تحریک انصاف کی خواتین ارکان کو وفاداریاں بدلنے کیلئے دھمکیاں

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لئے تحریک انصاف کی خواتین ارکان کو وفاداریاں بدلنے کیلئے دھمکیاں موصول ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی خواتین ارکان کو وفاداریاں بدلنے کیلئے دھمکیاں ملنے لگیں ، ذرائع نے بتایا کہ رحیم یار خان سے مخصوص نشستوں پر کامیاب فوزیہ بتول کو دھمکی آمیزفون کال موصول ہوئی۔

    ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ فوزیہ بتول نے دھمکی آمیزفون کال کے بعد موبائل فون بند کردیا۔

    مخصوص نشستوں پر کامیاب سائرہ رضا کو بھی دھمکیاں دی گئیں، دونوں خواتین ارکان اسمبلی اسوقت لاہور کے ہوٹل میں موجود ہیں۔

    اس سے قبل فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی خیال احمد کاسترو کو بھی دھمکی آمیز کال موصول ہوئی تھی۔

    خیال احمد کاسترو نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں بتایا تھا کہ میرے موبائل پر دھمکی آمیزکال آئی، واضح کردوں کہ عمران خان کے سپاہی ہیں، کسی دھمکیوں کو نہیں مانتے اور نہ ہی دھمکیوں سے ڈرنے والے ہیں۔

    پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی نے دعویٰ کیا تھا کہ ہمارے بہت سےایم پی ایزکو پیسوں کی آفرز ہوئیں ساتھ ہی دھمکیاں بھی دی گئیں، ہم کپتان کے سپاہی ہیں، عمران خان کی خاطرجان بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔

  • اجنبی شخص کی دروازہ کھٹکھٹا کر خاتون کو سرعام ریپ اور قتل کی دھمکیاں

    اجنبی شخص کی دروازہ کھٹکھٹا کر خاتون کو سرعام ریپ اور قتل کی دھمکیاں

    امریکا میں ایک نامعلوم شخص ایک گھر کا دروازہ کھٹکھٹا کر اندر موجود خاتون کو زیادتی اور قتل کرنے کی دھمکیاں دیتا رہا، پولیس نے جلد ہی مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    یہ واقعہ امریکی شہر لاس ویگس میں پیش آیا جو خاتون کے دروازے پر لگے رنگ کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا۔ مذکورہ شخص امانڈا نوواک نامی خاتون کے دروازے پر کھٹکھٹاتا رہا اور بار بار کہتا رہا کہ اسے ان سے کچھ سوالات کرنے ہیں۔

    خاتون دروازے کے سامنے سے ہٹ کر چھپ گئیں اور 911 کو کال کی، ان کے شوہر گھر پر موجود نہیں تھے تاہم انہوں نے انٹر کام کے ذریعے اس شخص سے پوچھا کہ وہ کیا چاہتا ہے۔

    جس پر اس شخص نے نہایت پرسکون انداز میں بتایا کہ وہ اندر موجود لڑکی کا ریپ اور قتل کرنا چاہتا ہے، اس نے اعتراف کیا کہ اس کے پاس ایک پستول اور چاقو بھی ہے۔

    بعد ازاں پولیس نے اس شخص کو گرفتار کرلیا تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ خاتون نے ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ شکر ہے کہ اب یہ شخص کسی کو نقصان پہنچانے کے قابل نہیں رہا۔

  • بچے کو کلاس سے کیوں نکالا؟ ٹیچر کو دھمکانے والا شخص مشکل میں پھنس گیا

    بچے کو کلاس سے کیوں نکالا؟ ٹیچر کو دھمکانے والا شخص مشکل میں پھنس گیا

    شارجہ: متحدہ عرب امارات میں طالب علم کے والد کا استاد کو دھمکیاں دینا مہنگا پڑ گیا، ٹیچر نے دھمکانے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ایک ماہ قبل شارجہ میں پیش آیا جہاں پرائیویٹ اسکول کے ٹیچر نے طالب علم کو بدتمیزی کرنے پر کلاس سے باہر نکال دیا جس پر بچے کا والد غصے میں آگیا اور ٹیچر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

    پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ملزم کے بچے کا ہم جماعت سے کسی بات پر جھگڑا ہوا جس پر شکایت کنندہ ٹیچر نے ابتدائی طور پر مداخلت کرتے ہوئے دونوں کو چھڑایا اور معاملہ رفع دفع کروایا ، ٹیچر نے ہاتھا پائی کی اطلاع پرنسپل کو دی اور مذکورہ طالب علم کو پرنسپل کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی۔

    پراسیکیوٹر کے مطابق طالب علم نے ٹیچر کی ہدایت کو ماننے سے صاف انکار کردیا اور دعویٰ کیا کہ جھگڑا کی وجہ بننے میں اس کا کوئی قصور نہیں تھا جس پر ٹیچر نے کہا کہ ’ میں تمہارے رویے اور نظم وضبط کے حوالے سے اچھی طرح واقف ہوں اور نافرمانی کی وجہ سے تمہارے ڈسیپلن کے نمبرز میں کٹوتی کی جائے گی۔

    بچے نے گھر پر والد کو اسکول ٹیچر سے متعلق بتایا جس پر وہ شخص غصے میں آگیا اور رات گئے مذکورہ ٹیچر کے گھر پہنچا اور اسے مغلظات بکنے کے ساتھ ساتھ اس کی گاڑی جلانے کی بھی دھمکیاں دیں۔

    ٹیچر نے دھمکیاں دینے کی شکایت پولیس کو درج کرائی اور اب ملزم کا ٹرائل جاری ہے ، ملزم کے خلاف دھمکانے کے حوالے معاملہ عدالت میں ہے اور ٹرائل مکمل ہونے پر اس کا فیصلہ سنایا جائے گا۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش کرنے والے نیب افسران کو دھمکیاں دی جانے لگیں

    جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش کرنے والے نیب افسران کو دھمکیاں دی جانے لگیں

    اسلام آباد : جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملوث مافیا تفتیش کرنےوالےنیب افسران کودھمکیاں دینے لگا ، نیب نے دھمکیوں سےمتعلق حکومت سے فوری رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملوث مافیا کی دھمکیاں دینے کا انکشاف سامنے آگیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ مافیا کی جانب سے تفتیش کرنے والے نیب افسران کودھمکیاں دی جانےلگیں، نیب افسران نے حکام کو دھمکیاں دینے سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔

    جعلی اکاؤنٹس کیس کےگواہان کو بھی ہراساں کیےجانے کا انکشاف ہوا ، کیس سے تعلق رکھنے والےگواہان نے نیب سے بذریعہ خط رابطہ کیا ، خط میں اومنی گروپ کی جانب سےدھمکیاں دینےکاذکرہے اور کہا گیا متعددگواہان کی زندگی کوخطرات لاحق ہیں۔

    نیب نے دھمکیوں سے متعلق حکومت سے فوری رابطے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گواہان کومکمل تحفظ دینےکےلئےحکومت کو خط لکھا جائےگا۔

    مزید پڑھیں : زرداری، فریال تالپور اور شاہدخاقان کوگرفتار کرنے والے نیب افیسر کو ہراساں کرنےکاانکشاف

    یاد رہے چند روز قبل مشکوک گاڑی کااہم شخصیات کی گرفتاری والے نیب افسر کا پیچھا کرنے کا انکشاف ہوا تھا، جس کے بعد اسلام آباد پولیس کو ڈپٹی ڈائریکٹر اسد جنجوعہ کو ہراساں کرنے سے آگاہ کردیاگیا۔

    ذرائع کے مطابق مشکوک گاڑی دفتر سےگھر جاتے ہوئے نیب افسرکاپیچھا کرتی رہی، پیچھا کرنے والی کالے شیشوں والی گاڑی کا نمبر اے اے جی سات سو بارہ ہے۔

    اسد جنجوعہ نے آصف زرداری، فریال تالپور اور شاہدخاقان عباسی کوگرفتارکیا تھا، ذرائع کے مطابق اسد جنجوعہ نیب راولپنڈی کی چھاپہ مار ٹیم کے سربراہ ہیں۔

  • دھمکیاں تمہارے گلے نہ پڑجائیں، ٹرمپ کی ایرانی صدر کو دھمکی

    دھمکیاں تمہارے گلے نہ پڑجائیں، ٹرمپ کی ایرانی صدر کو دھمکی

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی ہم منصب کو دھمکی دیتے ہوئےکہا ہے کہ دھمکیوں کی سیاست کے نتائج پرخبردار رہو یہ تمہارے گلے پڑ سکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی طرف سے دی جانے والی دھمکیوں کا سخت الفاظ میں جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی دھمکیاں خود ایرانی لیڈروں کے گلے پڑ سکتی ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی ٹویٹس میں امریکی صدر نے اپنے ایرانی ہم منصب حسن روحانی کو مخاطب کرکے کہا کہ دھمکیوں کی سیاست کے نتائج پرخبردار رہو یہ تمہارے گلے پڑ سکتی ہیں۔

    دونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے کہاکہ 2015ءمیں طے پائے جوہری معاہدے کے بعد یورینیم کی افزودگی میں اضافہ کرچکے ہیں اور اس میں مزید اضافہ کریں گے، اگر ایران ایسا کرتا ہے تو یہ اس کی سنگین غلطی ہوگی۔

    ٹرمپ کے مطابق میں نے ایرانیوں کو صاف الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ روحانی کا یہ بیان کہ وہ یورینیم کی افزودگی جاری رکھیں گے انتہائی احمقانہ ہے۔ میں کہتا ہوں کہ ایران دھمکیوں کی سیاست سے باز آئے۔ ہوسکتا ہے کہ یہ دھمکیاں خود ایرانیوں کے لیے وبال جان بن جائیں۔