Tag: دھمکی

  • بی جے پی رہنما کی مسلمانوں کے قتل عام کی دھمکی، ویڈیو وائرل

    بی جے پی رہنما کی مسلمانوں کے قتل عام کی دھمکی، ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: نام نہاد جمہوریت کے دعویدار بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، مگر اب حکمران جماعت کے رہنماء بھی سرعام قتل عام کی دھمکیاں دینے لگے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما کرنیل سنگھ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے، جس میں وہ 2لاکھ مسلمانوں کو قتل کی دھمکی دے رہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بی جے پی رہنماء کرنیل سنگھ دہلی میں ایک پولیس آفیسر سے بات چیت کے دوران 2 لاکھ مسلمانوں کو جان سے مار دینے کی دھمکی دیتے ہوئے کہتا ہے کہ میں ان سب کو کاٹ دوں گا۔

    ویڈیو تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بی جے پی کا کھنڈوا پہنے ہوئے یہ شخص پولیس کے سامنے دھمکی دے رہا ہے۔

    واضح رہے کہ پولیس کے سامنے دھمکی دینے کے باوجود مذکورہ بی جے پی رہنماء کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

  • گینگسٹرزکی دھمکیاں: شاہ رخ خان کی سیکورٹی بڑھادی گئی

    گینگسٹرزکی دھمکیاں: شاہ رخ خان کی سیکورٹی بڑھادی گئی

    بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شاہ رخ خان کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہونا شروع ہوگئے، جس کے باعث ان کی سیکورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شاہ رخ خان نے رواں سال دو سپر ہٹ فلمیں دی ہیں جن میں فلم ‘پٹھان’ اور‘جوان’ شامل ہیں، ‘جوان’ ریلیز کے ایک ماہ بعد بھی باکس آفس پر چھائی ہوئی ہے، ان کامیابیوں کے دوران شاہ رخ خان کی سیکورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔

    دھمکی آمیز پیغامات موصول ہونے کے بعد شاہ رخ خان کومہاراشٹر حکومت نے Y+ سیکیورٹی فراہم کی ہے، مہاراشٹر کے وی آئی پی سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز کی ٹیم بالی ووڈ سپر اسٹار کے ساتھ ہر وقت رہے گی۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان کی سیکیورٹی میں ایک تربیت یافتہ کمانڈو کے ساتھ ٹریفک کلیئرنس گاڑی شامل ہوگی جو ٹریفک کو کلیئر کرے گا تاکہ کوئی بھی اداکار کی گاڑی کے آگے یا پیچھے نہ آئے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی میں شاہ رخ خان کے ’منت‘ گھر کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی، ممبئی پولیس کے 4 اہلکار 24 گھنٹے اداکار کے گھر کی حفاظت کریں گے

    یاد رہے کہ کنگ خان کے لئے یہ سال ان کے کیرئیر کا بہترین سال رہا، فلم ’پٹھان‘ نے پوری دنیا میں کامیابی سے بزنس کیا اور مجموعی طور پر 1050 کروڑ کا بزنس کیا جبکہ ایٹلی۔‘جوان’اب تک دنیا بھر میں 1090 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے۔

  • بھارتی وزیر اعظم اور پاک بھارت میچ والے اسٹیڈیم کو بم سے اڑانے کی دھمکی

    بھارتی وزیر اعظم اور پاک بھارت میچ والے اسٹیڈیم کو بم سے اڑانے کی دھمکی

    دہلی: بھارتی پولیس کو وزیراعظم نریندرا مودی اور احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم کو دھماکے سے اڑانے والی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ورلڈکپ سے متعلق دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے، جس میں بھارتی وزیر اعظم اور احمدآباد میں نریندر مودی اسٹیڈیم کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔

    بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز ای میل کا جائزہ لے رہے ہیں، یاد رہے کہ پاک بھارت میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیدیم میں شیڈول ہے۔

    بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کے میچز کی سکیورٹی کو ریویو کریں گے، ضرورت پڑنے پر سکیورٹی بڑھائی جائے گی۔

  • برطانیہ کی روس کو دھمکی

    برطانیہ کی روس کو دھمکی

    لندن: برطانیہ نے ایک بار پھر روس کو دھمکی دی ہے کہ یوکرین میں روس نواز حکومت آئی تو اس پر پابندیاں عائد کر دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے نائب وزیر اعظم اور سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے انصاف ڈومینک راب نے اتوار کو کہا ہے کہ برطانیہ کی حکومت ماسکو کے خلاف سخت اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار ہے۔

    ڈومینک راب کا کہنا تھا کہ روس نے اگر یوکرین پر حملہ کرنے یا روس نواز سیاست دانوں کو اقتدار میں لانے کی کوشش کی تو برطانیہ اس پر معاشی پابندیاں عائد کر دے گا۔

    واضح رہے کہ یوکرین کے معاملے پر یورپ، برطانیہ اور امریکا کی جانب سے روس کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جب کہ روس نے نیٹو اور امریکا سے سرحدوں سے فوج ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس 11 دسمبر کو برطانوی وزیر خارجہ لِز ٹرَس نے کہا تھا کہ اگر روس نے یوکرین پر دوبارہ حملہ کیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے موقع پر برطانوی وزیر خارجہ نے ماسکو حکومت پر زور دیا کہ وہ یوکرین میں فوجی مداخلت سے باز رہے۔

    یوکرین تنازع: امریکا اور روس کے مذاکرات کا کیا نتیجہ نکلا؟

    نیٹو کے سیکریٹری جنرل ینس اسٹولٹن برگ نے 17 دسمبر کو ایک بار پھر ماسکو کو دھمکاتے ہوئے کہا تھا کہ یوکرین پر حملے کی روس کو بھاری قمیت چکانا پڑے گی۔ برسلز میں جارجیا کے وزیر اعظم اراکلی گار بیشویلی سے بات چیت کرتے ہوئے اسٹولٹن برگ کا کہنا تھا کہ نیٹو اپنے شرکا کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

    اسی روز ماسکو میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے خبردار کیا کہ نیٹو کے رکن ملکوں کی جانب سے یوکرین کو اسلحے کی فراہمی کشیدگی میں اضافے کا سبب بنے گی۔ جب کہ یورپی یونین نے روس کو یوکرین کے خلاف جارحیت پر سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ روس کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔

    یوکرین پر کشیدگی میں واضح اضافے کے بعد امریکا نے منگل 19 جنوری کو خبردار کیا کہ روس کسی بھی وقت یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے، وہائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین ساکی نے نیوز کانفرنس میں کہا ’ہم اب ایسے مرحلے پر ہیں جس میں روس کسی بھی وقت یوکرائن پر حملہ آور ہو سکتا ہے۔‘

  • شمالی کوریا کی امریکا کو سنگین نتائج کی دھمکی

    شمالی کوریا کی امریکا کو سنگین نتائج کی دھمکی

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے دھمکی آمیز انداز میں کہا ہے کہ امریکا اپنے اندرونی مسائل حل کرنے پر توجہ دے ورنہ سنگین نتائج کے لیے تیار رہے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے مابین تعلقات پر امریکی محکمہ خارجہ کے بیان کے بعد شمالی کوریا کا بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکا اپنی زبان کو لگام دے اور دوسروں کے معاملات میں مداخلت کے بجائے اپنے اندرونی مسائل حل کرنے پر توجہ دے۔

    شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کے مطابق شمالی کوریا کی وزارت خارجہ میں امریکی امور کے ڈائریکٹر جنرل کوان جونگ گن کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے ملک کی بدترین سیاسی صورتحال کے باجود دوسروں کے اندورنی معاملات میں مداخلت کرنے سے باز نہیں آتا اور امریکا ایسے ہی کرتا رہا تو اسے خوفناک صورت حال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    جنرل کوان جونگ گن کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اپنی زبان کو لگام دے کیونکہ یہ نہ صرف امریکی مفادات کے لیے بلکہ اس سال ہونے والے صدارتی انتخابات کے آسان انعقاد کے لیے بھی بہتر ہوگا۔

    کم جونگ ان نے جنوبی کوریا کو دشمن قرار دے دیا

    یاد رہے کہ دو روز قبل شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے جنوبی کوریا کو دشمن قرار دیتے ہوئے تمام مواصلاتی رابطے ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • نئے سال کا آغاز، ٹرمپ نے مبارکباد کے بجائے دھمکی دے ڈالی

    نئے سال کا آغاز، ٹرمپ نے مبارکباد کے بجائے دھمکی دے ڈالی

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے سال کے آغاز پر ایران کو سنگین نتائج کی دھمکی دے ڈالی، یہ دھمکی عراق میں امریکی سفارت خانے پر حملے کے تناظر میں سامنے آئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا اور عراق میں امریکی سفارت خانے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ ان حملوں میں ایران ملوث ہے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی تنصیبات پر انسانی جانوں کے ضیاع اور نقصان کا ذمہ دار ایران ہوگا، ایسی صورت میں ایران بہت بڑی قیمت چکائے گا، یہ کوئی انتباہ نہیں بلکہ دھمکی ہے، نیا سال مبارک ہو۔

    امریکی صدر نے ٹوئٹ میں کہا کہ عراق میں امریکی سفارت خانہ محفوظ ہے اور گھنٹوں رہا ہے، حملے کے فوری بعد مہلک ترین جدید ہتھیاروں سے لیس ہمارے جنگجو فوری موقع پر پہنچے، ہماری درخواست پر فوری ردعمل دینے پر عراقی صد اور وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز عراق کے دارالحکومت بغداد میں مظاہرین نے امریکی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا تھا، مظاہرین کے حملے پر اسٹاف نے سفارت خانہ خالی کردیا تھا، تاہم جانی نقصان تو نہیں ہوا البتہ مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

    سفارت خانے کے باہر مظاہرین نے امریکا مخالف نعرے بازی کی، سفارت خانے میں نصب سیکیورٹی کیمرے بھی اتار لیے۔

    یاد رہے کہ حال ہی میں امریکی فضائی حملے میں 25 ایران نواز جنگجو ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔ امریکا نے الزام عائد کیا ہے کہ ان حملوں کے ردعمل میں ایران امریکی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کو کوشش کررہا ہے۔

  • امریکا سے جنگ کے لیے ہمیشہ سے تیار ہیں: ایران

    امریکا سے جنگ کے لیے ہمیشہ سے تیار ہیں: ایران

    تہران: ایران نے ایک بار پھر امریکا کو خبردارکیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک کمانڈر نے دھمکی دی ہے کہ امریکی اڈے اور ایئر کرافٹ کیریئرز ایرانی میزائلوں کی رینج میں ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرو اسپیس فورس کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ نے بتایا کہ ان کا ملک ہمیشہ ہی سے مکمل جنگ کے لیے تیار ہے۔

    اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دو ہزار کلومیٹر کی حدود کے اندار موجود امریکی اڈے اور ایئر کرافٹ کیریئرز ایرانی میزائلز کی ریج میں ہیں۔

    حاجی زادہ کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکا، سعودی عرب میں ہوئے حملوں کا الزام ایران پر عائد کر رہا ہے۔

    ایران اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کے ساتھ تعاون کرے، یورپی ممالک

    واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے مابین جوہری معاہدے کا تنازع کئی عرصے سے جاری ہے، واشنگٹن کی جانب سے جوہری معاہدہ منسوخ کیے جانے کے بعد تہران پر متعدد اقتصادی پابندیاں عائد کردی گئی تھیں تاہم ایران کو معاہدے کے دو نکات پر تجارتی استثنیٰ حاصل تھا۔

    امریکا کے اس فیصلے کے بعد بھی چین، فرانس، روس، برطانیہ اور جرمنی کے ایران کے ساتھ معاہدے متاثر نہیں ہوئے تھے، اسی دوران امریکا نے ایران کی پاسداران انقلاب کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیابعد ازاں امریکا نے تجارتی استثنیٰ میں توسیع سے بھی انکار کردیا۔

  • سابق ترک وزیراعظم کی ایردوآن کو دہشت گردی کا پتا استعمال کرنے کی دھمکی

    سابق ترک وزیراعظم کی ایردوآن کو دہشت گردی کا پتا استعمال کرنے کی دھمکی

    انقرہ :ترکی کے سابق وزیراعظم احمد دﺅد اوگلو نے حکمران جماعت آق اور صدر رجب طیب ایردوآن کی پالیسیوں کو ایک بار پھر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انقرہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں احمد داﺅد اوگلو کا کہنا تھا کہ اگر دہشت گردی کے ریکارڈ کھل گئے تو بہت سے پارسا چہرے عوام الناس کے سامنے شرمسار ہوں گے۔

    ان کا اشارہ ترک عہدیداروں کی طرف تھا جن پر دہشت گردی کی پشت پناہی کا الزام عاید کیا جاتا ہے۔

    سابق ترک وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جون سے نومبر 2015ءترکی کی تاریخ میں سب سے مشکل اور خطرناک دور تھا۔

    ان کا اشارہ آق پارٹی کے دور اقتدار کی طرف تھا جس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان پر دہشت گردی کے الزامات عاید کرکے ان کے خلاف مقدمات قائم کیے جا رہے تھے۔

    ترک خبر رساں ادارے ’احوال‘ سےرواں ماہ کے اوائل میں خبر دی تھی کہ سابق ترک وزیر اعظم اپنے سیاسی حامیوں کے ساتھ ملکر کر ملک کے 81 میں 70 صوبوں میں نئی سیاسی جماعت متعارف کرانے کےلیے تیار ہیں۔

    یاد رہے کہ احمدداؤد اوگلونے سنہ 2014 میں رجب طیب اردگان کے ملک کا صدر منتخب ہونے کے وقت وزارت عظمی کا منصب سنبھالا تاہم سنہ 2016 میں انہوں نے تعلقات میں خرابی کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

  • پاک فوج ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے: صدر آزاد کشمیر

    پاک فوج ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے: صدر آزاد کشمیر

    اسلام آباد: صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارت نے دھمکی دی ہے کہ آزاد کشمیر پر حملہ کریں گے۔ پاک فوج ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے جنگ کا خطرہ ہے، بھارت نے دھمکی دی ہے کہ آزاد کشمیر پر حملہ کریں گے۔ افواج پاکستان جنگ کے لیے تیار ہے۔

    صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان مشاورت کر رہی ہے، قتل عام پر عالمی عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ پاک فوج ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں قتل عام پر عالمی عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے، برطانوی وفد کی موجودگی میں برطانیہ سے مطالبہ ہے، برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر بیان آنا چاہیئے۔

    سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیر اعظم اپنی خاموشی کو الفاظوں میں بدلیں، برطانیہ کو چاہیئے اس معاملے پر آواز اٹھائے ہمارا ساتھ دے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم مذاکرات کی بات کرتے ہیں، بھارت کوئی اور بات شروع کر دیتا ہے، اگر آج ہمارے ساتھ کوئی نہیں کھڑا، تو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان کشمیر کے لیے ہر حد اور ہر سطح تک جائے گا۔ اقوام متحدہ محسوس کرے، مسئلہ ایٹمی جنگ کی طرف چلاگیا تو جیت کسی کی نہیں ہوگی، ایٹمی جنگ کے اثرات پوری دنیا پر پڑیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا تھا کہ حکومت میں آنے کے بعد پہلی کوشش ملک میں امن کا قیام تھا، پاکستان اور بھارت کے مسائل مشترکہ ہیں، ہماری کوشش تھی سب کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات ہوں۔

  • طالبان نے افغان صدارتی انتخابات روکنے کیلئے ’حملوں‘ کی دھمکی دے دی

    طالبان نے افغان صدارتی انتخابات روکنے کیلئے ’حملوں‘ کی دھمکی دے دی

    کابل :طالبان نے افغانستان میں آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات روکنے کے لیے ’حملوں‘ کی دھمکی دےدی۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان نے صدارتی انتخابات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جنگجو انتخابات روکنے کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں،طالبان نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابی سرگرمیوں اور ریلیوں سے دور رہیں کیونکہ انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ طالبان نے 28 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ غیرملکی طاقتیں افغان امن عمل پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔

    انہوں نے اپنے اعلامیہ میں کہا تھا کہ مذکورہ انتخابات کا عمل عام لوگوں کو دھوکا دینے کے علاوہ اور کچھ نہیں، انتخابات کا انعقاد محدود مگر بوگس سیاستدانوں کی اّنا کو تسکین دینے کے لیے ہے۔

    طالبان نے حملوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جانی نقصان سے بچنے کے لیے، شہری کارنر میٹنگز اور ریلیز سے دور رہیں جن پر ہمارے جنگجو حملہ کرسکتے ہیں۔

    دوسری جانب افغانستان کے صدر اشرف غنی کے دفتر سے اعلامیہ جاری ہوا جس میں طالبان کی دھمکی کے تناظر میں کہا گیا کہ لوگوں کو اپنا لیڈر منتخب کرنے کا پورا حق ہے اور حکومت ملک بھر میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہے۔

    افغان حکومت نے کہا کہ طالبان کو اپنے عمل سے امن کا اظہار کرنا چاہیے ناکہ لوگوں کو دھکمیاں دی جائیں۔

    یاد رہے کہ افغانستان میں 17 سال سے زائد عرصے سے جاری طویل جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کوششوں میں مصروف ہے اور اس سلسلے میں اس کے طالبان سے مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں،ان مذاکرات میں افغان حکومت کو شامل نہیں کیا گیا کیونکہ طالبان انہیں کٹھ پتلی حکومت کہتے ہیں اور وہ براہ راست امریکا سے مذاکرات کا مطالبہ کرتے آئے تھے۔

    چند روز قبل امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ غیر ملکی افواج کے انخلا کا نہیں امن کا معاہدہ چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ افغانستان میں امریکا کی موجودگی مشروط ہے اور کوئی بھی انخلا مشروط ہوگا،بعدازاں 3 اگست کو طالبان کا موقف سامنے آیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ امریکا سے 80 فیصد مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں تاہم اس میں امریکی فوج کے انخلا کے ٹائم فریم پر اب بھی بحث ہونا باقی ہے۔