Tag: دھند

  • موٹر وے پولیس کی عوام کے لیے ضروری ہدایات

    موٹر وے پولیس کی عوام کے لیے ضروری ہدایات

    کراچی: صوبہ سندھ میں شدید دند کا راج جاری ہے، موٹر وے پولیس نے عوام سے احتیاط کرنے اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس استعمال کرنے کی تاکید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹر وے پولیس ساؤتھ زون کا کہنا ہے کہ سکھر میں سرحد بائی پاس سے سندھ پنجاب بارڈر تک دھند ہے جہاں حد نگاہ 30 میٹر ہے، سکھر میں سرحد بائی پاس سے روہڑی بائی پاس تک حد نگاہ 20 میٹر ہے۔

    ترجمان کے مطابق سکھر میں روہڑی بائی پاس سے ٹنڈو مستی تک حد نگاہ 0 سے 30 میٹر ہے، ٹنڈو مستی سے ہالانی تک حد نگاہ 80 میٹر ہے۔

    اسی طرح سکرنڈ میں سدھوجا سے ہالانی تک حد نگاہ 20 سے 30 میٹر اور سکرنڈ میں مشاق سے سدھوجا تک حد نگاہ 60 سے 80 میٹر ہے۔

    بھالائی موڑ سے بھان سعید آباد کے مقام پر حد نگاہ 15 سے 20 میٹر ہے، خان پور سے نصیر آباد کے مقام پر حد نگاہ 50 میٹر ہے، نصیر آباد سے رتو ڈیرو ٹول پلازہ تک حد نگاہ 10 سے 20 میٹر ہے۔

    ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ عوام سے گزارش ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور گاڑی کی رفتار کم رکھیں۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر شدید دھند، متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار

    لاہور ایئرپورٹ پر شدید دھند، متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شدید دھند کے باعث متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوگئیں، کئی پروازوں کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شدید دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوگیا، ائیرپورٹ رن وے پر حد نگاہ 100 میٹر سے بھی کم ہوگیا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق شارجہ سے لاہور آنے والی پرواز 413 دھند کے باعث اسلام آباد ایئر پورٹ کی طرف موڑ دی گئی، ایئر بلیو کی پرواز 413 کے فضا میں کافی دیر چکر لگانے کے بعد کنٹرول ٹاور نے اس کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا۔

    شارجہ سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز 186 کا رخ بھی اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔

    لاہور میں شدید دھند کے باعث 8 پروازوں کو منسوخ کردیا گیا جبکہ 6 تاخیر کا شکار ہوگئیں، کویت سے آنے والی پرواز 203، پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پرواز 306، ایئر بلیو کی دبئی سے آنے والی پرواز 417، نجف سے آنے والی پرواز 341 اور لاہور سے نجف جانے والی پرواز 342 منسوخ کردی گئی۔

    اسی طرح ایئر بلیو کی دبئی جانے والی پرواز 416، پی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز 307 اور ایئر بلیو کی شارجہ جانے والی پرواز 412 بھی منسوخ کردی گئی۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ترکش ایئر کی استنبول جانے والی پرواز 715 دو گھنٹے سے زائد تاخیر سے ساڑھے 10 بجے کے بعد روانہ ہو گی، فلائی ناس کی ریاض جانے والی پرواز 318 دس گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہو کر دوپہر دوبجے کے بعد روانہ ہوگی۔

    اسی طرح اتحاد ایئر کی ابو ظہبی جانے والی پرواز 242 دو گھٹے سے زائد تاخیر سے روانہ ہوگی، قطر ایئر ویز کی دوحہ جانے والی پرواز 629 تیس منٹ، ریاض سے آنے والی پرواز 317 نو گھٹے اور ترکش ایئر کی استنبول سے آنے والی پرواز 714 دو گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہے۔

  • شدید دھند کے باعث ریلوے کا عوام کو سہولت پہنچانے میں بڑی کامیابی

    شدید دھند کے باعث ریلوے کا عوام کو سہولت پہنچانے میں بڑی کامیابی

    راولپنڈی: پنجاب میں سڑکوں پر شدید دھند کے باعث ریلوے نے عوام کو نہایت کام یابی سے سہولت پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں دھند کے باعث کئی ہفتوں سے مرکزی شاہراہیں بند کی جا رہی ہیں، جس کے باعث عوام کو نقل و حرکت میں شدید رکاوٹ درپیش ہے، تاہم پاکستان ریلوے نے مسلسل ٹرینوں کے ذریعے عوام کو سہولت یاب کیا۔

    اس سلسلے میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ایک تازہ ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ سڑکوں پر دھند کی وجہ سے ریلوے پر مسافروں کا انحصار بڑھ گیا ہے، شدید دھند میں بھی روز 138 ٹرینیں عوام کے اعتماد پر پورا اتر رہی ہیں، ہم نے کرسمس اسپیشل ٹرین کو 10 جنوری تک جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    شیخ رشید نے بتایا کہ انھوں نے وزیر اعظم عمران خان سے ایک درخواست بھی کی ہے جو ریلوے ملازمین کے گریڈ سے متعلق ہے، انھوں نے کہا کہ ہم ریلوے کے اپنے وسائل سے ایک سے 16 کے ملازمین کا گریڈ بڑھانا چاہتے ہیں۔ وزیر ریلوے نے ریلوے کے عارضی ملازمین کے سلسلے میں بھی بیان دیتے ہوئے کہا کہ عدلتی فیصلے کے بعد ریلوے کے تمام ٹی ایل اے (ٹیمپوریری لیبر ایمپلائیز) ملازمین کو کنفرم کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ اگست کے اختتام پر شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ریلوے کے ٹی ایل اے ملازمین سے متعلق فیصلے کا اختیار دیا تھا، جس کے بعد انھوں نے ان ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • دھند کے باعث مختلف شہروں میں حادثات، 10 افراد جاں بحق

    دھند کے باعث مختلف شہروں میں حادثات، 10 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب میں دھند کے باعث مختلف شہروں میں پیش آنے والے حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں لطیف آباد کے قریب بس الٹنے سے 5 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے، حادثہ دھند اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

    ریسکیو حکام نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا۔ مذکورہ مسافر بس مروٹ سے لاہور جارہی تھی۔

    ایک اور حادثہ گوجرانوالہ میں پیش آیا جہاں لدھے والا وڑائچ کے قریب موٹر سائیکل ڈمپر کی زد میں آگئی، حادثے میں 3 افرادجاں بحق ہوگئے۔

    عارف والا بائی پاس پر ٹرک اور وین میں تصادم سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔

    حکام نے ہدایت کی ہے کہ دھند میں بہت احتیاط سے گاڑی چلائی جائے اور تیز رفتاری سے گریز کیا جائے۔ فوگ لائٹس روشن کی جائیں جبکہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے گریز کیا جائے۔

  • پنجاب: ٹریکٹر ٹرالیوں کے ساتھ دیگر گاڑیوں کا تصادم، 5 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

    پنجاب: ٹریکٹر ٹرالیوں کے ساتھ دیگر گاڑیوں کا تصادم، 5 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

    ملتان/وہاڑی: پنجاب کے مختلف اضلاع میں ٹریکٹر ٹرالیوں، بس اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں چک چھٹہ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور بس میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ حادثے میں 13 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمیوں کو ٹراما سینٹرمنتقل کر دیا گیا ہے، حادثے کا شکار بس شادی کے لیے جوکھیاں سے ملتان جا رہی تھی، بس میں باراتی سوار تھے۔

    ادھر دوسرے حادثہ سلطان کالونی میں پیش آیا، اڈا پٹھان ہوٹل کے قریب ٹریکٹر ٹرالی ایک وین سے ٹکرا گئی، ریسکیو ذرایع کے مطابق حادثے میں 14 افراد زخمی ہوئے جنھیں ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کیا گیا، یہ حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔

    ضلع وہاڑی کے علاقے ٹبہ سلطان پور میں وہاڑی روڈ پر تیز رفتار کار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، ریسکیو ذرایع کے مطابق حادثے میں ایک شخص جاں بحق، جب کہ 1 شدید زخمی ہو گیا، جاں بحق شخص کی شناخت 18 سالہ محمد انس کے نام سے ہوئی۔

    جاں بحق ہونے والا نوجوان کمالیہ کا رہایشی تھا، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ زخمی ڈرائیورعبدالرشید کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی متعدد پروازیں منسوخ

    لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی متعدد پروازیں منسوخ

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی 5 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ 10 تاخیر کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند ہے اور رن وے پر حد نگاہ 600 میٹر رہ گئی ہے۔

    دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی 5 پروازیں منسوخ جبکہ 10 تاخیر کا شکار ہیں۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے اوسلو جانے والی پرواز پی کے 751، دمام سے لاہور آنے والی پرواز ایکس وائی 883، لاہور سے دمام جانے والی پرواز ایکس وائی 884، ابو ظہبی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 264 اور لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 307 منسوخ کردی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے کویت جانے والی پرواز 502 ساڑھے 7 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ ریاض سے لاہور آنے والی پرواز ایکس وائی 317 چھ گھنٹے، ریاض جانے والی پرواز ایکس وائی 318 پانچ گھنٹے 45 منٹ اور لاہور سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 755 ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

    اسی طرح لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 303 ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار ہے جبکہ لاہور سے جدہ کی دو طرفہ پروازیں بھی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

    پروازوں میں تبدیلی کے پیش نظر پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ اپنے ٹکٹس بک کرواتے ہوئے موبائل نمبرز کا ضرور اندراج کروائیں تاکہ ان کو پروازوں میں ردوبدل سے مطلع کیا جاسکے۔

    ترجمان پی آئی اے نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل پی آئی اے کال سینٹر سے اپنی مطلوبہ پرواز کے متعلق معلومات بھی حاصل کریں۔

  • کئی مقامات پر شدید دھند کے باعث موٹر وے بند

    کئی مقامات پر شدید دھند کے باعث موٹر وے بند

    لاہور: پنجاب میں اس وقت شدید دھند کا راج برقرار ہے، کئی مقامات پر شدید دھند کے باعث موٹر وے کو بند کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹر وے کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم ون پشاور سے رشگئی تک دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے، موٹر وے ایم 2 بھی کوٹ سرور انٹرچینج سے لاہور تک دھند کے باعث بند ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم 3 لاہور سے عبدالحکیم تک جب کہ موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے خانیوال تک دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔

    موٹر وے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر لاہور، ٹھوکر، چوہنگ، موہلنوال، سندر، مراکہ، مانگا منڈی، جمبر، پھول نگر، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال میں شدید دھند کا راج ہے۔ جب کہ قومی شاہراہ پر حد نگاہ 30 میٹر تک ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب میں دھند کی وجہ سے اتوار کو پروازوں میں تاخیر کا امکان ہے، پی آئی اے

    خیال رہے کہ پنجاب میں شدید دھند کے باعث صرف بڑی شاہراہیں اور موٹر ویز ہی نہیں بلکہ ایئر لائینز کی پروازیں بھی متاثر ہو رہی ہیں، دھند کی وجہ سے آج پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول متاثر رہے گا۔

    دوسری طرف آج ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جب کہ بالائی علاقے یخ بستہ ہواؤں کی لپیٹ میں رہیں گے، محکمہ موسمیات نے آیندہ چوبیس گھنٹوں میں، کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے بیش ترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا، گلگت بلتستان کے اضلاع میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا بھی امکان ہے۔

  • انڈونیشیا کا آسمان سرخ کیوں ہوگیا؟

    انڈونیشیا کا آسمان سرخ کیوں ہوگیا؟

    جکارتا: گزشتہ ہفتے کے اختتام پر انڈونیشیا کے جنگلات میں وسیع پیمانے پر لگنے والی آگ کی وجہ سے ملک کے ایک صوبے کا افق سرخی مائل ہوگیا، شہریوں کا کہنا ہے کہ سرخ دھند کے سبب مختلف انفیکشن ہورہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ہر سال فصلوں کے بعد زمینوں کو تازہ دم کرنے اور جراثیموں کو مارنے کے لیے کسان نباتا ت کو آگ لگاتے ہیں اور یہ آگ بے قابو ہو کر جنوب مشرقی ایشیا کے جنگلا ت کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔

    ماہرین ِ موسمیات کے مطابق کہ یہ عمل سورج کی شعاؤں اور آگ سے پیدا ہونے والے ذرات سے ہوتا ہے ۔

    انڈونیشیا کے صوبے جامبی کے میکار ساری گاؤں سے تعلق رکھنے والی ایکا وولانداری نے ہفتے کی دوپہر کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ، جو چند ہی گھنٹوں میں وائرل ہوگئیں، تصاویر میں آسمان انتہائی سرخ نظر آرہا ہے۔انھوں نے کہا: ’اس روز دھند بہت ہی زیادہ تھی۔ فوٹو گرافی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تصاویر اصلی ہیں۔دوسری جانب ٹویٹر پر ایک اور صارف، زُونی شوفی یاتُن نسا، نے ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: ’یہ مریخ نہیں ہے۔ ہم انسانوں کو صاف ہوا چاہئے، دھواں نہیں۔‘

    اس حوالے سے انڈونیشیا کے محکمۂ موسمیات نے مصنوعی سیارے سے لی گئی تصاویر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں کئی ایسے مقامات نظر آتے ہیں جہاں سے گاڑھا دھواں نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    سنگاپور یونیورسٹی میں سماجی علوم کے پروفیسر کوٹائے یونگ کے مطابق یہ قدرتی عمل ’ ذرات سے روشنی کا پھیلنا‘ کہلاتا ہے جس میں دھند کے دوران مخصوص قسم کے ذرات فضا میں معلق ہو جاتے ہیں۔ان ذرات کی جسامت 1 مائکرو میٹر یا اس سے کم ہوتی ہے۔ اور جب دھواں آمیز دھند چھا جاتی ہے تو چھوٹے ذرات روشنی کو سرخی مائل کر دیتے ہیں۔

    ان کے بقول چونکہ تصاویر دوپہر کے وقت لی گئی ہیں لہذا ممکن ہے کہ یہ زیادہ سرخ نظر آتی ہوں۔وہ کہتے ہیں کہ ’اگر سورج آپ کے سر پر ہو اور آپ آسمان کی جانب دیکھیں تو یہ زیادہ سرخ نظر آئے گا۔‘

    پروفیسر کوہ کا کہنا ہے کہ اس عمل کا اثر فضا کے درجۂ حرارت پر نہیں پڑتا۔انڈونیشیا اور کسی حد تک ملائشیا میں دھند کا سبب کھلے مقامات پر آگ ہے جو بالعموم جولائی سے اکتوبر کے زمانے میں موسم خشک ہونے کی وجہ سے بڑھ جاتی ہے۔

    انڈونیشیا میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ اس سال کے آٹھ ماہ کے دوران 328,724 ہیکٹر جل کر خاکستر ہو چکے ہیں۔

    اس کی ذمہ داری بڑی کمپنیوں اور چھوٹے کاشتکاروں پر یکساں عائد ہوتی ہے جو پام آئل اور کاغد اور گودے کے پودوں کی کاشت کے لیے زمین صاف کرنے کی خاطر نباتات کو آگ لگا دیتے ہیں۔اس طرح پودوں میں امراض کا باعث بننے والے جراثیم بھی مر جاتے ہیں۔البتہ یہ آگ قابو سے باہر ہوکر محفوظ جنگلات سمیت وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔

    اگرچہ ایسا کرنا غیر قانونی ہے مگر بعض لوگوں کے بقول بدعنوانی کی وجہ سے قوانین کا مکمل اطلاق ممکن نہیں ہو سکا ہے۔

  • پنجاب کی قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر دھند کا راج برقرار

    پنجاب کی قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر دھند کا راج برقرار

    لاہور : پنجاب میں قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی، انتظامیہ نے دھند کے باعث موٹرویز بند کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر شدید دھند کا راج آج بھی برقرار ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

    چیچہ وطنی ،میاں چنوں، خانیوال ،ملتان، لودھراں،مسافر خانہ ، بہاولپور،احمد پور شرقیہ خانیوال میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی ہے، جبکہ ملتان خانیوال موٹروے دھند کی وجہ سے بند ہے۔

    ترجمان موٹر ویز کا کہنا ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، حد نگاہ 0 سے 50 میٹر تک، گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے۔

    ترجمان کے مطابق شہری سفر سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کریں، موبائل ایپ ’ہم سفر‘ اور ریڈیو پر سفر سے پہلے اور دوران سفر معلومات کر سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : فرائض کی ادائیگی کے دوران موٹروے پولیس کا سب انسپکٹرشہید

    یاد رہے کہ گذشتہ برس 30 دسمبر کو لودھراں میں دھند کے باعث حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں کو سب انسپکٹر سعید خان سڑک سے ہٹا رہا تھا کہ دھند میں آنے والی تیزرفتار بس نے اسے کچل دیا تھا، جس کے باعث موٹروے پولیس کا سب انسپکٹر فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوگیا تھا۔

  • پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج

    پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج

    لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں اور حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے کے کئی سیکشنز گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث معمولات زندگی متاثرہیں، بعض مقامات پر حد نگاہ صفر اور بعض مقامات پر 50 میٹر تک رہ گئی ہے۔

    حد دنگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے کے کئی سیکشنز گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیے گئے۔

    ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق خانیوال ملتان موٹروے شدید دھند کے باعث بند ہے، لاہور سے شیخوپورہ اورکوٹ مومن تک موٹروے ہرطرح کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔

    ترجمان نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شہری گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موٹروے پرسفر سے قبل موٹروے ایپلی کیشن ایف ایم 95 ریڈیو اور ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں بھی رات کے اوقات میں شدید سردی اور صبح ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز موٹروے پولیس افسر محمد سعید بستی ملکوک کے قریب بس اور ٹرک میں تصادم کے سبب پیش آنے والے حادثے کا جائزہ لے رہے تھے کہ سامنے سے آنے والی بس ان پرچڑھ دوڑی جس کے باعث وہ بری طرح زخمی ہوگئے تھے۔

    فرائض کی ادائیگی کے دوران موٹروے پولیس کا سب انسپکٹرشہید

    سب انسپکٹرمحمد سعید کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے تھے۔