Tag: دھند

  • دھند میں کمی کے بعد لاہور موٹر وے کھول دیا گیا

    دھند میں کمی کے بعد لاہور موٹر وے کھول دیا گیا

    لاہور: دھند میں کمی کے باعث لاہور موٹر وے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ ترجمان موٹر وے کا کہنا ہے کہ موٹر وے پر حد نگاہ 40 سے 50 میٹر ہے۔ موٹر وے پولیس ٹریفک کو قافلے کی صورت میں چلا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی روز سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند رہی جس کے باعث ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    بورے والا میں دھند کے باعث بس درخت سے ٹکرا گئی جس کے باعث 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    دھند میں کمی کے بعد لاہور موٹر وے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق موٹر وے پر حد نگاہ 40 سے 50 میٹر ہے۔ ٹریفک کو قافلوں کی صورت میں چلایا جا رہا ہے۔

    مزید پڑھیں: دھند کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں

    حد نگاہ بہتر ہوتے ہی پنڈی بھٹیاں سے ایم ٹو اور ایم تھری، پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد پر بھی ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی۔

    دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بھی دھند کا راج رہا۔ پشاور میں دھند کے باعث باچا خان ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول دوسرے روز بھی متاثر رہا۔ نجی ایئر لائن کی ابو ظہبی اور دبئی سے آنے والی 2 پروازیں 5 گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔

    ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے۔

  • ملتان:شجاح آبادکے قریب کار نہر میں گرنے سے6افراد ہلاک

    ملتان:شجاح آبادکے قریب کار نہر میں گرنے سے6افراد ہلاک

    ملتان: صوبہ پنجاب کےعلاقےشجاع آباد کےقریب دھند کےباعث کار نہر میں گرنے سے6افراد جان کی بازی ہارگئے۔

    تفصیلات کےمطابق ملتان کی تحصیل مطابق شجاع آباد کےقریب کار نہر میں گرنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔

    ریسکیو ذرائع کےمطابق کار سوار افراد ملتان سے شجاع آباد جارہے تھے کہ شدید دھند کے باعث حد نگاہ متاثر ہونے سے کار نہر میں جاگری جس میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہناہے کہ حادثے کے بعد تمام لاشیں نہر سے نکال کرقریبی اسپتال منتقل کردیں جہاں قانونی کارروائی کےبعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کیا جائےگا۔

    مزید پڑھیں:دھند کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں

    دوسری جانب نارووال میں دھند کے باعث مسافر بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔حادثے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا۔

    واضح رہے کہ پنجاب بھر میں آج بھی دھندکے باعث مختلف شہروں میں حد نگاہ صفر ہو گئی اور موٹر وے کے بیشترسیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند کیا گیاہے۔

  • زہریلی اسموگ سے کیسے بچا جائے؟

    زہریلی اسموگ سے کیسے بچا جائے؟

    لاہور: پنجاب بھر میں گرد آلود دھند جسے سموگ کا نام دیا گیا، شہریوں کو جکڑنے لگی۔ صوبے بھر میں گلے اور آنکھوں کی بیماریاں پھوٹ پڑیں۔ موسم کی خوفناک تبدیلی سے سب سے زیادہ بچے متاثر ہو رہے ہیں۔

    پنجاب پر تنی سموگ کی چادر نے اثر دکھانا شروع کردیا۔ زہریلے دھویں سے صوبے میں بیماریاں پھوٹ پڑیں۔ اسپتال مریضوں سے بھرگئے۔ گرد و غبار اور دھند کے آمیزے نے شہریوں کے گلے جکڑ لیے۔ سموگ کی وجہ سے آنکھوں میں جلن اور الرجی کی شکایات بھی عام ہوگئیں۔

    شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات کی شرح میں اضافہ ہوگیا ہے۔ موٹر وے حکام کے مطابق موٹر وے ایم ٹو لاہور سے سیال موڑ تک، ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک اور موٹر وے ایم فور کو فیصل آباد سے گوجرہ تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب میں اسموگ کی حالیہ لہر دسمبر تک جاری رہے گی، تاہم اب اس کی شدت میں کمی آگئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اسموگ کا مکمل طور پر ختم ہونا بارشوں پر منحصر ہے، جس کا آئندہ چند ہفتوں تک کوئی امکان نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں دھند کی شدت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

    دھند کے اس موسم میں آپ کو بے حد محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کے ساتھ ساتھ صحت کا بھی خاص خیال رکھنا ضروری ہے۔

    مزید پڑھیں: دھند کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں

    سب سے پہلے تو یہ جاننا ضروری ہے کہ سموگ کے باعث آپ کون کون سی بیماریوں کا شکار ہوسکتے ہیں۔


    :سموگ کے باعث ہونے والی بیماریاں

    دمہ

    آنکھوں میں جلن

    الرجی

    سانس کی بیماریاں

    پھیپھٹروں کا ناکارہ ہو جانا

    کھانسی

    نزلہ و زکام

    انفیکشن


    :سموگ کے نقصانات سے کیسے بچا جائے

    ان طریقوں پر عمل کر کے آپ کسی حد تک خود کو اور اپنے پیاروں کو سموگ کے مضر اثرات سے بچاسکتے ہیں۔

    غیر ضروری طور پر باہر جانے اور کھلی فضا میں پھرنے سے گریز کریں۔

    گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں۔

    کانٹیکٹ لینسز نکال دیں اور عینک استعمال کریں۔

    آنکھوں میں عرق گلاب کا استعمال کریں۔

    دن میں کئی بار آنکھوں اور کانوں میں پانی ڈالیں اور باہر نکلتے وقت چشمہ استعمال کریں۔

    سگریٹ نوشی نہ کریں یا کم کر دیں۔

    پانی اور گرم چائے کا زیادہ استعمال کریں۔

    باہر سے گھر لوٹنے پر ہر بار اپنے ہاتھ، چہرہ اور جسم کے دیگر کھلے حصوں کو دھو لیں۔

    کھڑکیوں، دروازوں کو اچھی طرح بند رکھیں تاکہ دھواں گھروں میں داخل نہ ہو۔


     

  • دھند کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں

    دھند کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں

    لاہور: موسم بدلنے کے ساتھ ہی لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید دھند چھا گئی ہے اور حد نگاہ صرف 20 میٹر تک رہ گیا ہے۔ شدید دھند کی وجہ سے اب تک مختلف حادثات میں صوبے بھر میں 10 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے اس دھند کو سموگ یعنی گرد آلود دھند کا نام دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سموگ کا سلسلہ آئندہ 5 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ موٹر وے حکام نے لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک اور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔

    دھند میں گاڑی چلانا ایک ایسا عمل ہے جو نہایت احتیاط کا متقاضی ہے۔ ذرا سی بے احتیاطی آپ کی اور دوسروں کی جان لینے کا سبب بن سکتی ہے۔ نہ صرف ڈرائیونگ کے دوران بلکہ سڑک پر چلنے کے دوران بھی بے حد احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔

    یہاں ہم آپ کو وہ احتیاطی تدابیر بتا رہے ہیں جو دھند کے موسم میں آپ کو اختیار کرنی چاہیئں۔

    ڈرائیونگ کے دوران

    دھند، برفباری اور خطرناک موسم میں انتہائی مجبوری کے علاوہ سفر نہ کریں۔

    دھند، برفباری، خطرناک موسم، ٹریفک کا رش، خطرناک راستہ اور رات کے وقت ناتجربہ کار ڈرائیور گاڑی چلانے سے گریز کریں۔

    ذہنی و جسمانی طور پر کمزور شحض کو گاڑی نہ دیں۔ ذہنی و جسمانی تکلیف میں مبتلا افراد بھی ڈرائیو نگ سے گریز کریں۔

    شدید صدمہ یا غیر معمولی اظہار مسرت بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ لہٰذا بہت زیادہ صدمہ یا بہت زیادہ خوشی میں بھی گاڑی نہ چلائیں۔

    دھند میں ہیڈ لائٹ، بیک لائٹ کے علاوہ ڈبل اشارے لگا کر گاڑی چلائیں۔

    شدید دھند میں فوگ لائٹ کا استعمال ضرور کریں۔

    دھند میں رفتار مناسب رکھیں۔ بہت زیادہ یا بہت کم رفتار نقصان دہ ہوسکتی ہے۔

    شدید دھند ہو جائے تو کسی ہوٹل یا پیٹرول پمپ پر رک جائیں۔ اگر سفر ناگزیر ہو تو دوران سفر اگلی پچھلی گاڑیوں میں محفوظ فاصلہ رکھیں۔

    دھند میں انتہائی ایمرجنسی کے علاوہ سڑک کے کنارے بھی گاڑی کھڑی نہ کریں۔

    دھند اور رات کے وقت ون وے کی خلا ف ورزی، بغیر لائٹوں کے سفر، غلط پارکنگ وغیرہ کے نتائج تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں۔

    خراب مو سم میں وائپر درست رکھیں اور اسکرین مع شیشے صاف رکھیں۔

    شدید دھند میں ٹیپ ریکارڈر کی آواز کم سے کم رکھیں تاکہ آپ کا دھیان ٹریفک پر زیادہ سے زیادہ رہے اور آپ دیگر گاڑیو ں کی آواز سن کر ان کی آمد سے آگاہ ہوسکیں کیونکہ وزیبلیٹی بہت کم ہوتی ہے۔

    دھند، بارش، برفباری میں روڈ پر پھسلن میں انتہائی محتاط ڈرائیونگ کریں۔

    گاڑی ڈرفٹ کرنے سے الٹ سکتی ہے لہٰذا ایسا کرنے سے گریز کیا جائے۔

    سفر شر وع کرنے سے قبل گاڑی کا تیل، پانی، بریک چیک کرلیں۔ تاکہ دوران سفر آپ کو دشواری نہ ہو۔

    اگلی اور پچھلی گاڑی سے مناسب فاصلہ نارمل حالات سے بڑھا دیں۔

    یقینی بنائیں کہ پچھلی گاڑی بھی آپ سے دور رہے۔ اگر وہ قر یب محسوس ہو تو آہستہ آہستہ بریک کا اشارہ کر کے اسے دور ہونے پر مجبور کریں۔ بصورت دیگر اسے اوور ٹیک کرنے دیں۔

    گاڑی پر مقررہ حد سے زائد سامان کی صورت میں سفر رو ک دیں۔

    سامان گاڑی سے باہر ہو تو سائیڈز پر اور پیچھے لائٹس یا چمکدار سرخ یا پیلا کپڑا باندھیں یا لٹکائیں۔

    گاڑی خراب ہونے کی صورت میں

    دھند، رات کے وقت یا خطرناک موڑ کے اوپر روڈ پر حادثہ یا گاڑی خراب ہوجائے تو ہر ممکن کوشش کریں کہ گاڑی سڑک کے انتہائی بائیں جانب جا کر کھڑی کریں تاکہ پیچھے سے آنے والی کوئی گاڑی نہ ٹکرائے۔

    خراب ہونے کی صورت میں اگر گاڑی سڑک پر ہی کھڑی ہوجائے تو گاڑی میں موجود تمام افراد فوراً اس سے باہر نکل کر سڑک سے نیچے کھڑے ہوجائیں۔

    گاڑی کو اپنی مدد آپ کے تحت یا کسی کی مدد سے سائیڈ پر کریں۔

    اگر روڈ سے ہٹانا نا ممکن ہو تو بلا تاخیر متعلقہ محکمہ موٹر و ے پولیس ، ضلع پولیس یا ر یسکیو کو اطلاع دیں۔

    پیدل چلنے والوں کے لیے حفاظتی تدابیر

    پیدل چلتے ہوئے ہمیشہ سڑک کے دائیں جانب پیدل چلیں۔ یادرکھیں گاڑی سڑک کے بائیں جا نب چلائی جاتی ہے جبکہ پیدل اشخاص سڑک کے انتہائی دائیں جانب سڑک سے نیچے کچی جگہ یا فٹ پاتھ پر چلیں۔

    پیدل چلنے والے اپنا رخ آنے والی ٹریفک کی طرف رکھیں تاکہ گاڑیو ں کی حرکات و سکنات کو دیکھ کر ایمرجنسی میں اپنا بچاؤ کر سکیں۔

    روڈ پار کرنے سے قبل رک جائیں اور دونوں اطراف سے ٹریفک کو اچھی طر ح دیکھ لیں پھر پار کرنا شروع کریں۔

    بھاگ کر روڈ پار نہ کریں البتہ تیزی سے روڈ پار کریں تاکہ یہ عمل جلد مکمل ہوجائے۔

    اگر سڑک ون وے ہو تو اس عمل کو 2 حصوں میں تقسیم کریں۔ سڑک کا ایک حصہ پار کر کے درمیان میں رک کر دوسری جانب کی ٹریفک کو دوبارہ دیکھ لیں۔

    جہاں پر پیدل کراسنگ کے لیے پل موجود ہو وہاں اس کا استعمال لازمی کریں کیونکہ ایسا نہ کرنا نقصان کا پیش خیمہ بھی ہو سکتا ہے۔

    روڈ پار کرنے کے لیے سیدھی سڑک کا انتخاب کریں جہاں سے آپ دونوں اطراف کی ٹریفک دیکھ سکیں۔

    چھوٹے بچوں کو آزاد مت چھوڑیں ان کا ہاتھ پکڑ کر رکھیں۔

    رات کے وقت ہلکے رنگ کے کپڑ ے پہننا سڑک پر پیدل چلنے کے لیے موزوں ہے کیونکہ اس سے آپ جلد ی دکھائی دیں گے۔

    سڑک کے اوپر یا قریب غیر ضروری طور پر ہرگز نہ رکیں۔

    سڑک پر کام کرنے والے مزدور یا دیگر افراد چمکنے والی جیکٹ کا لازمی استعمال کریں۔

    روڈ پر چھلکے، بوتلیں اور لفافے وغیرہ پھینکنے سے گریز کریں۔ یہ ڈرائیور حضرات کی توجہ بھٹکا سکتے ہیں۔

    یاد رکھیں، آج آپ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کسی کی جان بچائیں گے، تو کل کوئی اور بھی آپ کے کسی پیارے کی جان بچا سکتا ہے۔

  • پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دھند سے نظامِ زندگی درہم برہم

    پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دھند سے نظامِ زندگی درہم برہم

    لاہور: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید دھند سے نظامِ زندگی متاثر ہو کر رہ گیا ہے، رحیم یارخان میں دھند کےباعث ٹریفک حادثے نے دو افراد کی جان لے لی، دیگر ٹریفک حادثات میں بھی کئی افراد زخمی ہوئے۔

    پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دھند نے روزمرہ معمولات کو بری طرح متاثر کررکھا ہے، شدید دھند کی وجہ سے رحیم یار خان میں دو مسافر بسیں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

    ساہیوال میں شدید دھند کے باعث چار گا ڑیوں میں تصادم ہوگیا، رینالہ خورد میں جی ٹی روڈ پر بائی پاس پرٹریفک حادثے میں آٹھ افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

    کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثہ میں زخمی چار افراد زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں، دھند کے باعث پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔

    علی الصبح لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا، حافظ آباد میں گیس لیکیج کے سبب سلنڈر دھماکے سے گھر میں موجود افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

  • نارووال: دھند کے باعث ٹریفک حادثہ، 4افراد جاں بحق،4زخمی

    نارووال: دھند کے باعث ٹریفک حادثہ، 4افراد جاں بحق،4زخمی

    نارووال میں دھند کے باعث ٹریفک حادثہ چار افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق حادثہ نارووال شکر گڑھ روڈ پر شدید دھند کے باعث پیش آیا،  پتھریلے راستوں کی وجہ سے گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا، جس سے گاڑی بے قابو ہوکر مسجد سے ٹکرا گئی تھی، حادثے میں ڈرائیور سمیت گاڑی میں سوار چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ چار افراد شدید زخمی ہوئے۔

    پولیس اہلکاروں نے تمام لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا ہے، دوسری جانب شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم  ون پشاور سے صوابی تک بند ہے، موٹر وے ایم 2 شیخوپورہ سے لاہور تک ہلکی دھند ہے جبکہ حد نگاہ  50سے 60میٹر ہے۔

    ڈی آئی جی موٹر وے کے مطابق موٹر وے ایم  3پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ہلکی دھند ہے۔
       

  • پورے ملک میں شدید سردی، پہاڑی علاقوں میں برفباری

    پورے ملک میں شدید سردی، پہاڑی علاقوں میں برفباری

    ملک بھر میںسردی  اپنے عروج پر ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ کہیں ہے بارش کہیں ہورہی ہے برفباری۔ تو کہیں دُھند چھائی رہتی ہے۔ 

    ۔ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں نے سردی کا مزہ دوبالا کردیا ہے ،پہاڑوں کی چوٹیوں پر برف بدستور جمی ہوئی ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقے دُھند کی لپیٹ میں ہیں۔ لاہورڈویژن کے چند مقامات پر ہلکی بارش نے موسم مزید سرد کردیا۔

    حویلی لکھا اور ساہیوال میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کا زور برقرار رہے گا۔ تاہم کوئٹہ، قلات اور مکران ڈویژن میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

    پنجاب کے میدانی علاقوں میں بھی دُھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے کم درجہ حرارت استور میں منفی بارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

     

  • پنجاب میں شدید دھند:ٹریفک حادثات میں چھ افراد جاں بحق

    پنجاب میں شدید دھند:ٹریفک حادثات میں چھ افراد جاں بحق

    پنجاب کےمختلف شہروں میں شدید دھند کا راج ہے ۔ حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث ٹریفک حادثات میں چھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کےڈیرے ہیں ،شدید دھند کے باعث لاہور میں حد نگاہ نوے میٹر سے نیچے آگئی۔

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کوپروازوں کیلئےبند کرنا پڑا۔ جس کے بعد بیرون ملک آمدو رفت کی آٹھ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    شدید دھند کے باعث لاہور میں ٹریفک حادثات میں چھ ا فراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ پندرہ شدید زخمی ہیں۔ لاہور موٹروے کو کئی گھنٹوں بعد چھوٹی گاڑیوں کے لئے کھول دیا گیا ہے ۔شدید دھند کی وجہ سے اب بھی موٹروے پر سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔۔

    دھند کے باعث سالم کے مقام پر آٹھ گاڑیاں آپس ٹکرا گئیں ۔۔ حادثے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ۔۔ ترجمان موٹروے نےمسافروں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور ز دھند میں فوگ لائٹس آن رکھیں اور احتیاط سے ڈرائیونگ کریں۔
       

  • امریکہ:شدید برفباری اور دھند، نظام زندگی منجمد، پروازیں منسوخ

    امریکہ:شدید برفباری اور دھند، نظام زندگی منجمد، پروازیں منسوخ

    امریکہ کے مختلف شہروں میں شدید برفباری اور دھند سے نظام زندگی منجمد ہوکر رہ گئی، طوفان کے باعث مختلف امریکی ریاستوں میں تیرہ سو سے زائد پروازیں منسوخ یا معطل ہو گئیں، نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

    امریکہ کے شمال مشرق اور وسط مغربی ریاستیں ان دنوں شدید برفباری، دھند اور طوفان باد و باراں کی لپیٹ میں ہیں، جسکی وجہ سے نظام زندگی منجمد ہوگئی جبکہ لوگ گھروں محصور ہوکررہ گئے۔

    مختلف ریاستوں میں طوفانی ہواؤں، برفباری کے باعث شکاگو، انڈیانا پولس، ڈیٹرائٹ اور کلیو لینڈ کی تیرہ سو سے زائد پروازیں منسوخ اور معطل ہوگئیں، پروازیں منسوخ اور معطل ہونے کی وجہ سے لاکھوں مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    نیویارک میں برفانی طوفان کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق چار گھنٹے کے دوران امریکی ریاست میسا چوسٹس دس اعشاریہ دو، راک پورٹ میں نو،جارج ٹاؤن میں سات اعشاریہ پانچ ،بوسٹن میں چھ اعشاریہ سات، اور فاکس برو میں دو انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔