Tag: دھوکا دہی

  • ٹیلی گرام کے بانی اور سی ای او فرانس میں گرفتار

    ٹیلی گرام کے بانی اور سی ای او فرانس میں گرفتار

    سماجی ویب سائٹ ٹیلی گرام کے بانی اور سی اِی او پاول دورو کو فرانس میں گرفتار کرلیا گیا۔

    فرانسیسی میڈیا کے مطابق پیغام رسانی سے متعلق ایک اہم بین الاقوامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام  کے بانی اور سی اِی او پاول دورو کو فرانس میں گرفتار کرلیا گیا۔

    مغربی میڈیا کے مطابق ٹیلی گرام کے بانی پر منشیات کی اسمگلنگ، دھوکا دہی اور قانون نافذ کرنے والے حکام سے عدم تعاون کے الزامات عاید کیے گئے ہیں۔

    پاول دورو آزربائیجان سے اپنے نجی طیارے کے ذریعے پیرس پہنچے تھے جہاں انہیں حکام نے گرفتار کرلیا ان پر پر آج فرد جرم عاید کیے جانے کا امکان ہے۔

  • سعودی عرب: آن لائن دھوکا دہی پر ایک کروڑ ریال کا جرمانہ

    سعودی عرب: آن لائن دھوکا دہی پر ایک کروڑ ریال کا جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں 11 ملین ریال کا فراڈ کرنے والے 2 افراد کو 28 برس قید اور 1 کروڑ ریال جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ دھوکا دہی سے رقم ہتھیانے والے 2 افراد کو 28 برس قید اور ایک کروڑ ریال جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ مالی دھوکہ دہی کی رپورٹ ملنے پر سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی سے پوچھ گچھ کی گئی۔

    ملزمان سعودی عرب کے باہر ایک گروہ کے ساتھ ساز باز کیے ہوئے تھے اور ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر پروگرامنگ کے ذریعے آن لائن وارداتیں کر رہے تھے۔

    ملزمان مالیاتی دھوکہ دہی کے ذریعے 11 ملین ریال سے زیادہ کی رقم ہتھیا چکے تھے۔

    پنلک پراسیکیوشن کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کو پوچھ گچھ کے بعد اسپیشل کورٹ کے حوالے کردیا گیا۔

    عدالت نے الزام ثابت ہوجانے پر دونوں کو 14، 14 سال قید اور 5، 5 ملین ریال جرمانے کی سزا سنائی، دھوکہ دہی میں استعمال ہونے والی ڈیوائسز بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا۔

    پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ مالیاتی دھوکہ دہی کے جرائم کو روکنے کے سلسلے میں پرعزم ہیں، کسی بھی شخص کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

  • کویت میں اداروں کا نام استعمال کر کے جعلسازیوں میں اضافہ

    کویت میں اداروں کا نام استعمال کر کے جعلسازیوں میں اضافہ

    کویت سٹی: کویت میں اداروں کا نام استعمال کر کے جعلسازیوں اور دھوکے بازیوں میں اضافہ ہورہا ہے جس کی روک تھام کے لیے حکام کوشاں ہیں۔

    کویت نیوز کے مطابق ملک میں دھوکا دہی کا نیا طریقہ استعمال کیا جارہا ہے جس کے لیے ریگولیٹری اتھارٹیز کے لوگو کا استعمال کیا جارہا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ یہ کسی بھی ادارے کے لوگو کے استعمال پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلساز ان کمپنیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جن کے پاس غیر ملکی کرنسیوں میں ٹریڈنگ کے لیے رقم موجود ہے جن کے ذریعے صارفین سے اپنی مالی ذمہ داریاں طے کرنے کے لیے کہا جاتا ہے اور پھر جعلساز ٹیکس یا فیس کے لیے رسیدیں بھیجتے ہیں جو ادا کرنا ضروری ہے۔

    ذرائع نے اس بات پر زور دیا کہ ریگولیٹری حکام لنکس کے ذریعے ادائیگی کرنے کے لیے نہیں کہتے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حکام نہ تو ٹیکس وصول کرتے ہیں اور نہ ہی کسی پارٹی کو رسید بھیجتے ہیں، افراد اور کمپنیوں کو ریگولیٹری حکام کو ادائیگی کرنے سے پہلے معلومات کی تصدیق کرنی چاہیئے یا ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے حکام سے براہ راست رابطہ کرنا چاہیئے۔

    ذرائع نے اس بات پر زور دیا کہ پہلے براہ راست تصدیق کی جانی چاہیئے، خاص طور پر چونکہ نگرانی کے حکام کسی بھی انکوائری کا جواب دینے کے لیے دستیاب رہتے ہیں اور تصدیق سے پہلے اس طرح کسی بھی قسم کی ادائیگی کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔

    علاوہ ازیں ان باتوں کا بھی خیال رکھا جائے۔

    افراد اور اداروں کو اپنے ڈیٹا کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے چاہئیں۔

    تربیت، تکنیکی قابلیت اور مسلسل آگاہی کے پروگراموں پر توجہ دیں۔

    ہدایات اور انتباہات پر عمل کرتے ہوئے، اور عوامی بیداری کی مہموں پر توجہ دے کر نگران حکام کی مدد کریں۔

    فنڈز کی ادائیگی اور منتقلی کے حوالے سے متعلقہ فرد یا ادارے سے براہ راست رابطہ کریں اور ہر چیز کو دو بار چیک کریں، کیونکہ دھوکا دہی اور دوسروں کے حقوق اور جائیدادوں کی خلاف ورزی اس وقت عروج پر ہے۔

    کمپنیوں کی الیکٹرانک سیکیورٹی کو مضبوط بنائیں، قابل اعتماد کمپنیوں اور اداروں کے ساتھ ڈیل کریں اور کسی بھی فرد یا ادارے کو مکمل اختیارات دینے سے گریز کریں۔

    افراد اور اداروں کو نشانہ بنانے والے دھوکے بازوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، اس لیے احتیاط کی ضرورت ہے، کیونکہ اس طرح کی کارروائیوں کی کامیابی کی بنیاد ہدف شدہ شخص یا ادارے کے تعاون اور ڈیٹا کے تحفظ کی کمی ہے۔

  • جاپانی پولیس کو مطلوب ‘سرغنہ’ گھانا میں پکڑا گیا

    جاپانی پولیس کو مطلوب ‘سرغنہ’ گھانا میں پکڑا گیا

    آکرا: جاپانی پولیس کو مطلوب ملزم گھانا میں پکڑا گیا، ملزم کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ غیر ملکی خواتین کے روپ میں محبت اور شادی کا جھانسا دے کر لوگوں کو لوٹ رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کے ایک بین الاقوامی ’رومانوی دھوکا باز‘ گروپ کے سرغنہ کو گھانا میں حراست میں لے لیا گیا، موریکاوا کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ عورت کے روپ میں مایوس مردوں کو جھانسا دے کر لوٹتا تھا۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ موریکاوا ہِکارُو کو گزشتہ ماہ گھانا میں غیر قانونی طور پر ملک میں رہنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔

    جاپانی پولیس کے مطابق مورِیکاوا اور اس کے گروپ کے دیگر ارکان نے 2 افراد سے تقریباً 11 ہزار ڈالر ہتھیائے تھے۔

    اس گروپ نے ایک میچ میکنگ اپلی کیشن پر امریکی مصنف وغیرہ جیسی جھوٹی شناخت کا استعمال کر کے لوگوں کو محبت کے جال میں پھنسایا اور ان سے روزمرہ اخراجات وغیرہ کے لیے پیسے مانگے۔

    جاپانی پولیس نے  مئی میں مورِیکاوا کو بین الاقوامی مطلوب افراد کی فہرست میں ڈال دیا تھا، انھہیں شبہ ہے کہ وہ گھانا سے جاپان میں گروپ کے دیگر ارکان کو ہدایات دے رہا تھا۔

    توقع ہے کہ 58 سالہ مشتبہ شخص کو جلد ہی جاپان واپس بھیج دیا جائے گا، جاپان پہنچنے پر پولیس اسے گرفتار کر لے گی، تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ گروپ کے بینک اکاؤنٹس کے ریکارڈ سے پتا چلتا ہے کہ متاثرین باور کیے جانے والے 65 افراد نے تقریباً 30 لاکھ ڈالر جمع کروائے تھے۔

  • آسٹریلیا: پیسے بٹورنے کے لیے کینسر کی مریضہ کا ڈھونگ کرنے والی خاتون کو جیل ہوگئی

    آسٹریلیا: پیسے بٹورنے کے لیے کینسر کی مریضہ کا ڈھونگ کرنے والی خاتون کو جیل ہوگئی

    میلبورن: خود کو کینسر کی مریضہ ‌ظاہر کرکے رشتہ داروں اور دوستوں سے رقم بٹورنے والی آسٹریلوی خاتون کو عدالت نے جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چوبیس سالہ ہینا ڈکنسن نے شاپنگ اور خرچے پورے کرنے کے لیے ایک انوکھی ترکیب سوچی اور اپنے بارے میں‌ خاندان میں جھوٹی خبر پھیلادی کہ اسے کینسر کا مرض لاحق ہوگیا ہے۔

    خاتون نے اپنے والدین کے دوستوں سے کہا کہ وہ کینسر کے علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہتی ہے اور ان سے 42 ہزار آسٹریلوی ڈالرز حاصل کرکے ساری رقم چھٹیاں گزارنے اور پارٹیوں پر خرچ کردی۔

    میلبورن مجسٹریٹ کی عدالت نے اس واقعے کو قابل نفرت قرار دیتے ہوئے دھوکا دہی کی ملزمہ کو تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا۔ ملزمہ پر سات الزامات عائد کیے گئے تھے، جن کے تحت اپنا فیصلہ کرتے ہوئے جج نے کہا کہ ملزمہ نے انسانی ہمدردی کے جذبے کی توہین کی ہے اس لیے اس کے ساتھ درگزر کا رویہ اختیار نہیں کیا جاسکتا۔

    کنوارہ بن کر فراڈ‌ کرنے والے شخص کے خلاف چوتھی بیوی کی قانونی درخواست

    خود کو کینسر زدہ ظاہر کرکے دھوکے سے رقمیں‌ بٹورنے والی خاتون کا پردہ اس وقت فاش ہوا جب مالی مدد کرنے والے ایک شخص نے فیس بک پر اس کی پارٹی کی تصاویر دیکھیں، اس نے پولیس میں‌ رپورٹ کرکے اپنے شبہے کا اظہار کردیا۔

    اس واقعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ خود کو بیمار ظاہر کرکے دوسروں کو لوٹنے والے دنیا کے کسی بھی ملک میں ہوسکتے ہیں، البتہ مذکورہ آسٹریلوی خاتون نے اپنے ہی والدین اور ان کے دوستوں کو لوٹ کر ایک نئی افسوسناک مثال قائم کی۔


     خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔