Tag: دھوکہ دہی

  • چینی کمپنی سے  کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والا پاکستانی  گرفتار

    چینی کمپنی سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والا پاکستانی گرفتار

    کراچی : چینی کمپنی سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے پاکستانی کو گرفتار کرلیا گیا ، ذیشان افضل بلگرامی نے کنٹینر میں کروم کی جگہ مٹی پتھر بجری بھر کر بھیج دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے آئی آئی چند ریگر روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے چینی کمپنی سے دھوکہ دہی میں ملوث ملزم ذیشان افضل بلگرامی کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ ملزم ذیشان افضل بلگرامی ڈینز و ٹریڈر کا مالک ہے، گرفتار ملزم نے چینی کمپنی سے 11 کروڑ 39 لاکھ کا فراڈ کیا تھا، بینک فراڈ کے مرتکب ملزم نے پاکستان کا نام بد نام کیا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے زونل بورڈ کی منظوری کے بعد مقدمہ درج کیا گیا، چینی کمپنی کی امپورٹر مس کورائن چن کی شکایت پر مقدمہ ہوا تھا، پاکستانی ایکسپورٹر اور چینی امپورٹر نے 17 جنوری کو معاہدہ کیا تھا۔

    معاہدے کے تحت کمپنی نے 1500 میٹرک ٹن کروم اورے ایکسپورٹ کرنا تھا، 11 فروری کو کراچی بندرگاہ سے چائنا بندرگارہ کنٹینر بھیجا گیا، کنٹینر میں کروم کی جگہ مٹی پتھر بجری بھری ہوئی تھی۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزم ذیشان بلگرامی نےبینک میں جعلی انسپکشن سرٹیفکیٹ جمع کروایا، چینی کمپنی کی بھیجی گئی رقم ملزم نے اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفرکرلی تھی۔

  • دھوکہ بازوں سے محفوظ رکھنے کیلئے واٹس ایپ کی خصوصی وارننگ

    دھوکہ بازوں سے محفوظ رکھنے کیلئے واٹس ایپ کی خصوصی وارننگ

    میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپلی کیشن ’واٹس ایپ‘ نے اپنے صارفین کو دھوکہ دہی سے محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی وارننگ جاری کی ہے۔

    واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ واٹس ایپ پر ایسے دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں جو انہیں "دوست یا عزیز کی ضرورت” کے نام پر دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ وارننگ میں بتایا گیا ہے کہ یہ دھوکہ باز عناصر آپ کو ہزاروں روپے مالیت کا نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

    واٹس ایپ وارننگ میں بتایا گیا ہے کہ اس کام کا طریقہ کار یہ ہے کہ دھوکہ باز عناصر اپنے پیغامات کسی رشتہ دار یا عزیز کی آئی ڈی ہیک کرکے کرتے ہیں جو آپ کی رقم ہتھیانے کی کوشش میں ہوتے ہیں۔

    کوئی دھوکہ بازی کا یہ طریقہ بھی اختیار کرسکتا ہے کہ وہ آپ کا کوئی رشتہ دار ہے جس کا فون کھوگیا ہے، یہ دھوکے باز اب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے آپ کے کسی جاننے والے کی آواز کی نقل بنا کر دھوکہ دینے کی بھی کوشش کریں گے جس سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

    دوسری جانب آپ کا ٹیکسٹ میسج یا انباکس بھی محفوظ نہیں ہے، وارننگ میں بتایا گیا ہے کہ یہ دھوکہ باز ڈیپارٹمنٹ فار ورک اینڈ پنشنز کی طرف سے ‘لِیوِنگ سبسڈی’ پیش کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں اور ایک لنک کے ذریعے اس میں درخواست دینے کا کہتے ہیں۔

    ویلز کی اولڈر پیپلز کمشنر نے اس میسج کا اسکرین شاٹ شیئر کرکے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ اس پر بالکل یقین نہ کریں۔

    living scam

    ریان بون ڈیوئس کے اکاؤنٹ نے وارننگ دی ہے کہ براہ کرم میسج میں آنے والے کسی بھی لنک پر کلک نہ کریں اور کسی بھی اسکام میسج کو ایکشن فراڈ کو رپورٹ کریں۔

    Fraud message

    ایکشن فراڈ نے مزید کہا کہ واٹس ایپ پر کسی کے خاندان یا دوست ہونے کا دعویٰ کرنے والے کسی غیر معمولی پیغام کے ملنے پر ہوشیار رہیں، دوست یا عزیز کی ضرورت والے اسکام سے ہوشیار رہیں۔

    واٹس ایپ میں اسپام پیغامات رپورٹ کریں یا بھیجنے والے کو فوری بلاک کریں۔ اس کے علاوہ میسج ببل کو دیر تک دبا کر رکھیں، "رپورٹ” کا انتخاب کریں اور ملنے والی ہدایات پر عمل کریں۔

  • کویت: جعلسازوں نے دھوکہ دہی کا جدید طریقہ ڈھونڈ لیا

    کویت: جعلسازوں نے دھوکہ دہی کا جدید طریقہ ڈھونڈ لیا

    کویت کی وزارت داخلہ کی جانب سے کویت میں شہریوں اور غیر ملکیوں کو نشانہ بنانے والی دھوکہ دہی کی سرگرمیوں میں اضافے کے بارے میں ایک بار پھر سے الرٹ جاری کردیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کویت کے فون نمبرز اور مختلف الیکٹرانک کمیونیکیشن میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے بیرون ممالک سے کام کرنے والے مجرم خود کو کویتی سکیورٹی اہلکار ظاہر کر رہے ہیں۔

    سیکورٹی تعلقات اور میڈیا کے جنرل ڈپارٹمنٹ نے اس حوالے سے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے جس میں کویتی شہریوں اور غیر ملکی تارکین وطن پر دونوں پر زور دیا ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور اس طرح کے فریب کارانہ مواصلات کے سلسلے میں ہوشیار رہیں۔

    سیکورٹی تعلقات اور میڈیا کے جنرل ڈپارٹمنٹ نے ان دھوکے بازوں کے ساتھ کسی بھی بینک کی تفصیلات فراہم کرنے سے سختی سے منع کیا اور اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک کال کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔

    عوام کو اس بات کا یقین دلاتے ہوئے وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ان غیر قانونی مواصلات کی چھان بین کی جارہی ہے۔ نگرانی اور ٹریکنگ کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور ان دھوکہ دہی کی کارروائیوں سے پیدا ہونے والے کسی بھی ممکنہ خطرات سے نمٹنے اور اسے بے اثر کرنے کے لیے فوری ایکشن لیا جائے گا۔

    دوسری جانب ایک مصری نرس کو کویت کی فوجداری عدالت کی جانب سے دس سال قید کی سزا سنائی گئی جس نے وزارت صحت کی طرف سے تقرری کے لیے اپنی دستاویزات میں جعلسازی کی تھی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مصری خاتون کو دستاویزات میں جعلسازی کرنے کے جرم میں پانچ سالوں میں وصول کی گئی غیر مستحق تنخواہ پر 21,000 دینار جرمانہ عائد کردیا گیا ہے، جبکہ عدالت نے نرس کی تقرری میں جعلسازی کرنے پر ایک اور شخص پر 5,000 دینار کا جرمانہ بھی عائد کیا۔

    کویت کے پبلک پراسیکیوشن نے دونوں ملزمان پر وزارت صحت میں ملازمت کے لیے سرکاری دستاویزات میں جعلسازی، غیر سرکاری کاغذات استعمال کرنے، اور اس جرم کے نتیجے میں وہ رقم وصول کرنے کا الزام عائد کیا، تاہم دونوں ملزمان نے استغاثہ کی طرف سے ان پر لگائے گئے الزامات کی تردید کردی ہے۔

  • امارات: دھوکے باز نے تاجر سے 14 لاکھ درہم ہتھیا لیے

    امارات: دھوکے باز نے تاجر سے 14 لاکھ درہم ہتھیا لیے

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ایک دھوکے باز نے ایک تاجر کو دھوکہ دے کر اس سے 14 لاکھ درہم ہتھیا لیے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اماراتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایک دھوکہ باز نے خلیجی سرمایہ کار سے 14 لاکھ درہم اینٹھ لیے، دھوکے باز نے تاجر کو ایک میدان میں کھڑی ہوئی گاڑیاں دکھا کر سودا کرلیا۔

    مذکورہ دھوکے باز نے خلیجی سرمایہ کار کو یہ تاثر دیا کہ رینٹ اے کار کا شوروم اور گاڑیاں اس کی اپنی ہیں۔

    مذکورہ نظارے کے بعد خلیجی تاجر دھوکے باز کے جھانسے میں آگیا۔ اس نے اتنی زحمت بھی گوارا نہ کی کہ گاڑیاں اور رینٹ اے کار ایجنسی کے کاغذات دیکھ لیتا۔

    خلیجی تاجر نے رینٹ اے کار ایجنسی کا سودا ہونے پر اسے 11 لاکھ درہم کیش دیے اور دھوکے باز کو اپنی رینجروور گاڑی یہ کہہ کر دی کہ اسے 3 لاکھ درہم میں فروخت کر سکتے ہو۔

    بعد ازاں خلیجی تاجر نے پولیس اسٹیشن میں دھوکہ دہی کی رپورٹ درج کروائی جس پر پولیس نے دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا، ملزم ایک عرب شہری ہے جسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔

    ملزم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسے دراصل رقم کی ضرورت تھی، اب وہ مذکورہ شخص کو قسطوں میں رقم دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔

  • نیٹ فلکس استعمال کرنے والے ہوشیار!

    نیٹ فلکس استعمال کرنے والے ہوشیار!

    امریکی تفریحی مواد کی اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس استعمال کرنے والے ہوشیار ہوجائیں، بھارت میں نیٹ فلکس کے نام سے جعلی ای میلز کر کے صارفین کو لوٹا جانے لگا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کے نام سے دھوکہ دہی کا معاملہ سامنے آیا ہے، دھوکہ دہی کا شکار افراد کے مطابق انہیں ایک ای میل موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ رقم کی ادائیگی کی تفصیلات درست طریقے سے نہیں بھری گئیں لہٰذا آپ کا نیٹ فلکس اکاؤنٹ بند کیا جارہا ہے۔

    تاہم اس ایک میل کا ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس سے کوئی تعلق نہیں۔ مذکورہ ای میل کے بعد صارف اپنے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات روانہ کرتے ہیں اور پھر ایک بڑی رقم سے ہاتھ دھو لینے کے بعد انہیں علم ہوتا ہے کہ ان کے ساتھ ہاتھ ہوگیا ہے۔

    سائبر ماہرین کے مطابق اس دھوکہ دہی میں بہت بڑا گینگ ملوث دکھائی دیتا ہے، یہ گینگ نیٹ فلکس یا بڑی ویب سائٹس سے ملتے جلتے نام کے ڈومین بک کرتے ہیں۔

    اس کے بعد جب یہ ملتے جلتے نام سے کسی بھی شخص کو ای میل کرتے ہیں تو صارف کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہوتا ہے کہ یہ میل اصل سائٹ سے موصول ہوئی ہے یا فرضی سائٹ سے۔

    اس کے بعد صارف اپنی تمام تفصیلات ایسی فرضی سائٹس کو روانہ کردیتا ہے جس کے بعد ملزمان مذکورہ شخص کے اکاؤنٹ سے باآسانی رقم نکال لیتے ہیں۔

    ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ اس طرح کی ای میلز سے ہوشیار رہیں اور کسی کو بھی اپنی تفصیلات دینے سے قبل اچھی طرح سائٹ کا جائزہ لیں۔