Tag: دہشتگردوں

  • بنوں میں دہشتگردوں کا تھانے پر بڑا حملہ ناکام، حملہ آور گرفتار

    بنوں میں دہشتگردوں کا تھانے پر بڑا حملہ ناکام، حملہ آور گرفتار

    (17 اگست 2025): بنوں کے تھانہ ہوید پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا جبکہ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ڈی پی او سلیم عباس کے مطابق دہشتگردوں نے تھانے پر فائرنگ کی، جس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا، پولیس نے اہلِ علاقہ کیساتھ مل کر حملہ ناکام بنایا۔

    ڈی پی او سلیم عباس کا کہنا ہے کہ پولیس اور اہل علاقہ کی بھر پور جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہوگئے، دہشتگردوں کے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    دوسری جانب گزشتہ رات پولیس کے مطابق ضلع بنوں کی ولی نور اور سردی خیل چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا، دہشتگردوں نے رات گئے چیک پوسٹوں پر حملہ کیا تاہم سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے دہشتگرد فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے تاہم پولیس نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • بنوں میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن، کرفیو نافذ

    بنوں میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن، کرفیو نافذ

    کرم(31 جولائی 2025): بنوں کے علاقے نورڑ میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کیلئے علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے خلاف بڑا آپریشن جاری ہے، ہنگو، کُوئی اور زیریں کرم کے سرحدی علاقوں میں بھرپور کارروائیاں کی گئی ۔

    پولیس کی جانب سے علاقے کے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، پولیس کا کہنا ہے دہشت گرد عوام کو بطور ڈھال بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

    پولیس نے جاری اعلامیے میں کہا کہ کسی گھر میں دہشت گرد گھس جائیں تو فوری گھر خالی کریں، دہشت گرد کو پنا ہ دینے اور مدد کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی کسی عمارت سے پولیس پر فائرنگ ہوئی تو عمارت مسمار کردی جائے گی۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف جاری اس کارروائی کا مقصد علاقے میں پائیدار امن قائم کرنا اور بے گناہ شہریوں کو دہشتگردی کے خطرے سے محفوظ بنانا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی یا تعاون نہ کرنے کی صورت میں کسی بھی قسم کے نقصان کا ذمہ دار متعلقہ فرد خود ہوگا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل باجوڑ میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کا آغاز کیا جس کے تحت 29، 30 اور 31 جولائی کو ضلع کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کیا گیا۔

  • پنجاب پولیس دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے پُرعزم

    پنجاب پولیس دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے پُرعزم

    پنجاب پولیس ملک کی اندرونی سرحدوں کی حفاظت، دہشگردوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے پرعزم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران خوارجی دہشتگردوں کے 31 حملے ناکام بنائے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ ڈی جی خان میں 22، میانوالی میں 09 خوارجی حملے ناکام بنائے گئے۔

    آئی کی پنجاب کے مطابق پنجاب پولیس کی جوابی کارروائی میں 43 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، خوارجیوں کے خلاف کارروائی کے دوران 15 پولیس افسران و اہلکار شدید زخمی ہوئے۔

    پنجاب پولیس نے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف فقیدالمثال کامیابیاں حاصل کی ہیں، بارڈر ایریاز کی پولیس چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط اور سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سرحدی پولیس چوکیوں کو جدید تھرمل امیجنگ کیمروں، گنز، سرویلنس آلات، سامان اور ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے۔

     آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ٹرائی بارڈر سرحدی تھانوں اور چوکیوں پر تعینات پنجاب پولیس کے جوان الرٹ، دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں،پنجاب پولیس کے جوانوں کا مورال بلند، دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمیں کمزور نہیں کر سکتے۔

    https://urdu.arynews.tv/ctd-arrests-10-alleged-terrorists-from-punjab/

  • علی امین گنڈا پور نے صوبہ دہشتگردوں کے حوالے کردیا ہے: فیصل کریم کنڈی

    علی امین گنڈا پور نے صوبہ دہشتگردوں کے حوالے کردیا ہے: فیصل کریم کنڈی

    گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے صوبہ دہشتگردوں کے حوالے کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے بیانات سنے ہیں، جس کے باس کوئی دلیل نہ ہو تو آئیں بائیں شائیں باتیں کرتا ہے۔

    فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ریاست مینڈیٹ نہ دے تو کیا صوبائی سطح پر معاہدے ہونگے، پہلے بھی انہوں نے جرگہ بھیجا تھا جنہوں نے دہشتگردوں کو آباد کرایا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی نے صوبہ دہشتگردوں کے حوالے کردیا ہے، ریاست جب تک اجازت نہیں دے گی وفد بھیجنے کا فائدہ نہیں ہوگا، اگر آپ صوبہ نہیں سنبھال سکتے تو آپ وفاق سے فوج طلب کرلیں، اگر وفاق آپ کو فوج نہیں دیتی تو پھر بات ہوگی کیوں نہیں دے رہی۔

    فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کرم کا 25 کلو میٹر روڈ ہے، صوبائی حکومت اپنی رٹ قائم نہیں کرسکی، انہوں نے کابینہ کا اجلاس تک نہیں بلایا، یہ امن چاہتے ہی نہیں ہیں، وفاقی حکومت نے اپنے وفود پہلے بھی افغانستان بھیجے ہیں۔

    گورنر کے پی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی فلمی ڈائیلاگ بولتے ہیں،کبھی آپ کے پیچھے تو کبھی میرے پیچھے، پہلے کہتے تھے کہ پیسے نہیں ملتے اب انہیں کرپشن سے ہی نجات نہیں مل رہی، وفاق نے کےپی کو پیسے دیے جو کرپشن کی نذر ہوگئے۔

    فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کے دو روپ ہیں، اندر بیٹھے ہوں تو اچھے بچوں کی طرح ہوتے ہیں، یہ باہر آکر ریمکس گانے لگا دیتے ہیں، یہ بتاتے ہیں میری مجبوری ہے، 6 گھنٹے غائب بھی ہوتے ہیں، چائے پی کر باہر آجاتے ہیں 12 ضلع گھوم لیتے ہیں، جو وزیر اعلیٰ 12 ضلع گھوم کر آرہا ہو اور پھر بھی چھپ رہا ہو تو اس فلم کا نام کیا رکھیں؟

    https://urdu.arynews.tv/sharmila-farooqui-lashed-the-government/

  • خیبر پختونخوا کے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست جاری

    خیبر پختونخوا کے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست جاری

    لکی مروت: پولیس نے خیبر پختونخوا کے انتہائی مطلوب 73 دہشتگردوں کی فہرست جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لکی مروت پولیس نے انتہائی  مطلوب 73 دہشتگردوں کی فہرست جاری کردی، پولیس نے دہشتگردوں، بھتہ خوروں، سہولت کاروں کے نام، ولدیت اور سکونت جاری کردیں۔

    ڈی پی او لکی مروت تیمور خان نے کہا کہ دہشتگردوں انکے سہولت کاروں کیخلاف  آپریشن مزید فعال کرنے کا حکم جاری کردیا گیا، ملزمان دہشتگردی، بھتہ خوری، بم دھماکوں، سیکیورٹی اداروں پر حملے میں ملوث ہیں۔

  • کراچی: غیر ملکیوں پر حملہ کرنیوالے دہشتگرد کا تعلق کہاں سے ہے؟ اہم تفصیلات سامنے آ گئیں

    کراچی: غیر ملکیوں پر حملہ کرنیوالے دہشتگرد کا تعلق کہاں سے ہے؟ اہم تفصیلات سامنے آ گئیں

    کراچی: لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی شناخت سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اےآروائی نیوز نے آج صبح کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں سے متعلق اہم تفصیلات فوٹیج کیساتھ حاصل کرلی ہے۔

    تحقیقاتی ذرائع کے مطابق پولیس مقابلے میں مارا گیا دہشتگرد بلوچستان پنجگور کا رہائشی تھا جس کی شناخت سہیل احمد ولد عبدالحمید کے نام سے ہوئی ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ ہلاک دہشتگرد اپنے ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر آیا تھا، دھماکے کے مقام پر دونوں دہشتگرد کافی دیر موٹرسائیکل کھڑی کر کے گاڑی کا انتظار کرتے رہے۔

    اس حملے کے بعد سامنے آنے والے فوٹیج میں خودکش حملہ آور کو خودکش جیکٹ پہنے دیکھا جاسکتا ہے، جیسے ہی گاڑی قریب آئی دہشتگرد آگے بڑھا اور خود کو اڑا لیا۔

    واضح رہے آج صبح 6 بجے کے قریب کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا اور چاروں غیر ملکی محفوظ رہے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا جبکہ دوسرا جوابی کارروائی میں مارا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ غیر ملکیوں کے ساتھ موجود سیکیورٹی گارڈ نے دہشت گرد سے مقابلہ کیا جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو گارڈ اور ایک راہ گیر زخمی ہوا تاہم دوران علاج ایک گارڈ جاں بحق ہوگیا۔

  • کراچی میں دہشتگردوں سے مقابلے کی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی میں دہشتگردوں سے مقابلے کی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں دہشتگردوں سے مقابلے کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں صبح دہشتگردوں نے  غیر ملکیوں کی گاڑی پر حملہ کیا، دہشتگردوں نے وین پر فائرنگ کی جبکہ وین کے پیچھے موجود سیکیورٹی گارڈز نے جوابی فائرنگ کی۔

    دہشتگرد نے وین کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دوسرا دہشتگرد سیکیورٹی گارڈز کی فائرنگ مارا گیا جس کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

    یہ ویڈیو ایک شہری نے دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے کے وقت ریکارڈ کی، ویڈیو میں دہشتگرد اور پولیس اہلکاروں کو ایک دوسرے پر فائر کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ویڈیو میں ایک شخص کو سڑک پر تڑپتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، دوسرے منظر میں پولیس اہلکاروں کو دیکھا جاسکتا ہے، اہلکاروں نے مقابلے کے بعد ایک دہشتگرد کو ہلاک کردیا تھا۔

    فوٹیج میں زخمی سیکیورٹی اہلکار کو بیہوش ہوتے بھی دیکھا جاسکتا ہے اور اس خودکش دھماکے کے بعد تباہی بھی دیکھی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ حملے کے بعد ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں حملہ کرنے والے دہشتگرد پیدل چل کر  گاڑی کے قریب آئے، حملہ آوروں کے پاس دستی بم، ایس ایم جی اور 3 میگزین تھے، حملہ آوروں کے پاس پیٹرول کی بوتیلں اور آنسو گیس شیل بھی تھیں۔

  • جماعت اسلامی کی عید بعد وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دینے کی دھمکی

    جماعت اسلامی کی عید بعد وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دینے کی دھمکی

    امیر جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعلیٰ سندھ سے استعفے کا مطالبہ کردیا اور  کہا اسٹریٹ کرائم پر قابو نہ پایا تو عید کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دیں گے۔

    امیر جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جو لوگ بھی ان دہشتگردوں کو مینڈیٹ دے رہے ہیں دنیا آخرت میں برباد ہونگے، پوری قوم کی رائے کیخلاف ان لوگوں کو مسلط کیا گیا لیکن عوام کا کام ہے اب خاموش نہ بیٹھیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور اعلیٰ حکام سے پوچھتا ہوں عوام کا تحفظ کہاں ہے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرنا حکومت اور قانون نافذ کرنے والوں کا کام ہے، یہاں پر کتنی پٹرولنگ ہوتی ہے تھانوں کو کچھ پتا ہی نہیں ہوتا۔

    حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جو یہ تباہی کررہے ہیں وہ بھگتیں گے مگر عوام کا کیا قصور ہے، کراچی کے شہریوں کا قصور کیا ہے عوام کے بچے محفوظ نہیں ہیں، والدین بچوں سے کہتے ہیں کوئی موبائل مانگے تو دے دینا، ہمارا کیا قصور ہے کہ ڈاکوؤں کو ہم پر مسلط کردیا جائے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم پر قابو نہ پایا تو عید کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس پر طویل دھرنا دیں گے، اب عوام کو نکلنا پڑے گا جلد لائحہ عمل کا اعلان کرینگے، یہاں تھانے بکتے ہیں، وزیراعلیٰ کو یہ نہیں معلوم ڈاکوؤں کے پاس توپیں کہاں سے آئیں۔

     ان کا کہنا تھا کہ تھانے میں کوئی اچھا ایس ایچ او ہو بھی تو وہ مجبور ہوتا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی ہوں، نوجوانوں کو اسلحہ لائسنس دیں تاکہ وہ خود اپنا تحفظ کریں، گلیوں میں رکاوٹیں لگائیں تو کوئی ہٹانے نہ آئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ٹیکسز سے ادارے اور انکی نوکریاں چلتی ہیں، پیپلز پارٹی حکومت کا 16واں سال ہے پولیس میں کیاکیاہے، پولیس کی اکثریت مقامی لوگوں پر مسلط ہوتی ہے، وزیرداخلہ بتائیں اس شہر کے کتنے لوگوں کی پولیس میں نمائندگی ہے۔

  • کالعدم ٹی ٹی پی اور القاعدہ کے 9 دہشتگرد گرفتار

    کالعدم ٹی ٹی پی اور القاعدہ کے 9 دہشتگرد گرفتار

    لاہور: سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنکرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی اور القاعدہ کے 9 دہشتگرد کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی ) کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، ڈی جی خان، ملتان میں کی گئیں، آپریشن کے دوران 9 دہشتگرد کو گرفتار کیا گیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردوں کا تعلق  ٹی ٹی پی اور القاعدہ سے ہے، دہشتگردوں سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، 2 فیوز اور ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد نقدی برآمد کرلی ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ گرفتار دہشتگرد میں نوید خان، خرم، غلام حسین، غلام عباس، اویس، محمد سیف اور حسین شامل ہیں جس کیخلاف مقدمات درج کرلیا گیا۔

    حکام کے مطابق رواں ہفتے 153 کومبنگ آپریشنز کے دوران 8 مشتبہ افراد گرفتار کیے، کومبنگ آپریشنز میں 7751  افراد سے پوچھ کچھ کی گئی۔

  • انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد گرفتار

    انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی کی کارروائی جاری ہے، تازہ ترین کارروائی کے دروان 6 دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں ملتان سے 3،گوجرانوالہ سے 2 اور ڈی جی خان سے ایک  دہشتگرد کو گرفتار کیا گیا ہے، ان دہشتگردوں کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے ہے۔

    ترجمان کا بتانا ہے کہ دہشتگردوں سے بارودی مواد، دستی بم، لیپ ٹاپ پرائماکارڈ اور 18800 روپے برآمد ہوئے، دہشتگردوں کی شناحت  لیاقت، ندیم، عنایت، عمار، اعجاز اوریونس کے نام سے ہوئی ہے، دہشتگردوں کے خلاف 6 مقدمات درج ہے مزید تفتیش جاری ہے۔

    سی ٹی ڈی حکام نے مزید بتایا کہ رواں ہفتے227 کومبنگ آپریشنز کے دوران 24 مشتبہ افراد گرفتار کیے، کومبنگ آپریشنز میں 11694 افراد سے پوچھ کچھ کی گئی۔