Tag: دہشتگردوں کی فہرست

  • عالمی طاقتوں نے کشمیریوں کی جدوجہد کو تسلیم کر لیا: فواد چوہدری

    عالمی طاقتوں نے کشمیریوں کی جدوجہد کو تسلیم کر لیا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں نے کشمیریوں کی جدوجہد کو تسلیم کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے یہ بات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے کہی، انھوں نے ٹویٹ کیا کہ آج پاکستان نے اقوام متحدہ میں سفارتی محاذ پر بڑی کام یابی حاصل کی۔

    وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں نے کشمیر کی جدوجہد کو تسلیم کر لیا، عالمی طاقتوں کے مؤقف میں تبدیلی بھارت کے لیے بڑا دھچکا ہے۔

    فواد چوہدری نے لکھا کہ پلواما حملے کے بعد عالمی سطح پر بھارتی ساکھ متاثر ہو چکی ہے، میں پاکستانی سفارت کاروں کو اَن تھک محنت پر خراج تحسین پیش کر تا ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نے مسعود اظہر کو کشمیر سے جوڑنے کی بھارتی کوشش ناکام بنا دی: ترجمان دفتر خارجہ

    واضح رہے کہ آج سفارتی محاذ پر بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں بڑی شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے، یو این میں پلوامہ حملے کے سلسلے میں بھارت نے بڑا یو ٹرن لیتے ہوئے مسعود اظہر کا نام پلواما حملے سے نکال دیا ہے۔

    بھارت اور مغربی ممالک نے مسعود اظہر کے خلاف اقوام متحدہ میں قرارداد دی تھی، جس میں مسعود اظہر کو پلواما حملے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا تھا، تاہم اب پلواما حملے سے ان کا نام نکال دیا گیا ہے۔

    تاہم اقوام متحدہ نے مسعود اظہر کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے، جس پر دفتر خارجہ نے بیان جاری کیا ہے کہ اس معاملے کا پاکستان پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، نہ ہی یہ بھارت کی کوئی فتح ہے۔