Tag: دہشتگردی

  • پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ کب ہوگا؟

    پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ کب ہوگا؟

    اسلام آباد: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا ورچوئل اجلاس 21 سے 23 اکتوبر تک ہوگا، جس میں پاکستان کوگرے لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ ہوگا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف پلانری اجلاس جون میں ہونا تھا تاہم کرونا وبا کے باعث عالمی ادارے کے جائزے اور ڈیڈ لائنز ملتوی کر دی گئی تھیں، اب اس کا ورچوئل اجلاس اکیس سے تئیس اکتوبر تک ہوگا۔

    ذرایع کے مطابق ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کوگرے لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ ہوگا ، منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف شرائط پوری کرنے کے لیے مزید 4 ماہ کاوقت ملا تھا، گزشتہ اجلاس تک پاکستان 27 نکاتی ایکشن پلان میں سے 14 پر عمل درآمد کر چکا تھا، ذرایع کا کہنا ہے کہ جائزہ گروپ کو بقیہ 13 نکات پر تعمیل کی تفصیل جمع کرائی جا چکی ہے۔

    ایف اے ٹی ایف کی ایک اور شرط پر عملدر آمد کرلیا گیا

    پاکستان کو گرے لسٹ سے نہ بھی نکالا گیا تو 10 نکات پر مزید عمل درآمد کے لیے کہا جائے گا، یہ بھی یاد رہے کہ پاکستان کو جون 2018 میں اسٹریٹجک خامیوں پر گرے لسٹ میں شامل کیاگیا تھا۔

    یکم اکتوبر کو حکومت پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی شرط پر عمل درآمد کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں اور ان سے منسلک افراد کی نشان دہی کے لیے ایک سپروائزری بورڈ تشکیل دیا تھا، یہ بورڈ نیشنل سیونگ رولز کی خلاف ورزی پر ایکشن لے گا، منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے فنڈز جمع کرنے سے روکے گا۔

    بورڈ قومی بچت اسکیموں میں مشکوک سرمایہ کاری کو بحق سرکار ضبط کر لے گا، بچت اسکیموں میں مشکوک سرمایہ کاری میں ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

  • پاکستان نے 88 سے زائد دہشت گردوں پر سخت پابندیاں عائد کر دیں

    پاکستان نے 88 سے زائد دہشت گردوں پر سخت پابندیاں عائد کر دیں

    اسلام آباد: پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 88 سے زائد دہشت گردوں پر سخت پابندیاں عائد کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے داعش، القاعدہ، طالبان اور دیگر تنظیموں سے وابستہ 88 دہشت گردوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    القاعدہ، داعش اور طالبان سے متعلق 18 اگست 2020 کو دو نوٹیفکیشنز کا اجرا کیا گیا تھا، جس میں کالعدم تنظیموں، دہشت گرد عناصر کے اثاثے اور کھاتے فی الفور منجمد کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

    دہشت گردی کے خلاف اقدام کے تحت پاکستان میں دہشت گردوں کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات ضبط کر لیے گئے، بینکوں، مالیاتی اداروں سے مالیاتی خدمات کی فراہمی اور بیرون ملک سفر پر پابندی بھی عائد کی گئی۔

    کالعدم دہشت گرد تنظیموں اور افراد پر ہتھیاروں کے حصول پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی نے دہشت گردوں کی نئی فہرست کی منظوری دی تھی، اقوام متحدہ پابندیوں کی کمیٹی نے متعلقہ دہشت گرد تنظیموں اور افراد کو دہشت گردی میں ملوث قرار دیا تھا، سابق طالبان حکومت کے وزرا، گورنر اور رہنما بھی دہشت گردی کی مصدقہ فہرست میں شامل کیے گئے.

    مذکورہ فہرست میں پاک افغان سرحدی علاقوں میں روپوش کالعدم تحریک طالبان کے افراد بھی شامل ہیں۔

  • چمن: مال روڈ پر دھماکا، 5 افراد جاں بحق، 10 زخمی

    چمن: مال روڈ پر دھماکا، 5 افراد جاں بحق، 10 زخمی

    چمن: بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے، زخمیوں میں اے این ایف اہل کار بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع قلع عبداللہ کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکے میں پانچ افراد جاں بحق جب کہ دس شدید زخمی ہو گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول تھا، اور بم ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں اے این ایف کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں اے این ایف کی گاڑی تباہ ہو گئی اور 3 اہل کار زخمی ہو گئے، جنھیں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

    مال روڈ، ندا مارکیٹ جس کے سامنے موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکا کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ نشانہ اے این ایف کی گاڑی تھی

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں 8 افراد کی حالت تشویش ناک ہے، پولیس نے بتایا کہ ریموٹ کنٹرول بم موٹر سائیکل میں نصب تھا۔

    دھماکے کے بعد سیکورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے اختر گلفام نے بتایا کہ بڑی تعداد لوگ بھی زخمیوں کو خون دینے کے لیے اسپتال پہنچ گئے۔ دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

  • امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد آج اسلام آباد پہنچیں گے

    امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد آج اسلام آباد پہنچیں گے

    اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد آج اسلام آباد پہنچیں گے، نمائندہ خصوصی کا دورہ پاکستان ایک روز کا ہوگا۔

    سفارتی ذرایع کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد آج ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، ان کا یہ دورہ بین الافغان مذاکرات سے قبل ہو رہا ہے۔

    دورے کا مقصد افغانستان میں جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کرانا ہے، زلمے خلیل زاد سے ملاقات میں پاکستانی حکام کی جانب سے ملک میں دہشت گردی میں بھارتی ہاتھ ملوث ہونے اور اس کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔

    امریکا اور طالبان ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر آگئے

    خیال رہے کہ طالبان وفد اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مذاکرات ہوئے ہیں، مائیک پومپیو اور طالبان وفد کے درمیان ہونی والی گفتگو میں افغانستان کی صورت حال اور ماضی میں ہونے والے تاریخی معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان طالبان قطر دفتر نے مذاکرات کی تصدیق کی ہے، سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ کانفرنس مذاکرات میں طالبان کے ڈپٹی ملا برادر بھی شریک ہوئے، طالبان نے پومپیو سے غیر ملکی فوجیوں کا انخلا اور مزید قیدیوں کی رہائی پر بات کی۔

    یاد رہے کہ طالبان اور افغان حکومت باہمی مذاکرات کے لیے رضا مندی ظاہر کرچکے ہیں، دونوں فریقین کی قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اہم بیٹھک لگے گی۔

  • حافظ سعید کی سزا پر امریکا کا خیر مقدم

    حافظ سعید کی سزا پر امریکا کا خیر مقدم

    واشنگٹن: کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی سزا پر امریکا نے خیر مقدم کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکا نے حافظ سعید کی سزا کا خیر مقدم کیا ہے، نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے ٹویٹ کے ذریعے کہا ہے کہ حافظ سعید کو سزا ملنا اہم پیش رفت ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر انھوں نے ٹویٹ کیا کہ دہشت گردوں کے مالی معاملات پر پاکستان اپنے وعدوں پر عمل کر رہا ہے، عمران خان کہہ چکے ہیں کہ دہشت گردوں کو اپنی سرزمین استعمال نہیں کرنے دیں گے۔

    ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت کے سلسلے میں پاکستان کی جدوجہد بین الاقوامی وعدوں کے مطابق ہے، وزیر اعظم عمران خان نے بھی کہا کہ یہ پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے حافظ سعید کو 2 مقدمات میں سزا سنا دی ہے، اے ٹی سی نے لاہور اور گوجرانوالہ میں درج 2 مقدمات میں ساڑھے 5،5 سال قید کی سزا سنائی، بعد ازاں عدالت نے حافظ سعید اور ان کے ساتھی کو سنائی گئی سزا کا 27 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ پراسیکوشن نےعدالت کے سامنے اپنے الزامات کو ثابت کیا۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ حافظ سعید اور ساتھی ظفر اقبال کو 11 سال قید بامشقت سنائی جاتی ہے، دونوں کو مجموعی طور پر 30 ہزار جرمانہ بھی دینا ہوگا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر دس دن کی مزید سزا بھگتنا ہوگی۔ خیال رہے کہ منگل کے روز اے ٹی سی نے جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ سعید کی درخواست منظور کرتے ہوئے حافظ سعید کے خلاف تمام مقدمات یک جا کرنے کی ہدایت کی تھی، عدالت حافظ سعید کے خلاف تمام مقدمات کا فیصلہ 15 فروری کو سنائے گی، ان کے خلاف مختلف عدالتوں میں دہشت گردی کے 6 مقدمات زیر سماعت ہیں۔

  • کورونا وائرس: حیاتیاتی دہشت گردی کیا ہوتی ہے؟

    کورونا وائرس: حیاتیاتی دہشت گردی کیا ہوتی ہے؟

    آپ "بائیو ٹیررازم” کی اصطلاح سے واقف ہیں؟

    وائرس، بیکٹیریا اور مختلف قسم کے مضر اور مہلک مادّوں کو حیوانات، نباتات اور انسانوں کو بیمار اور مفلوج کردینے کے لیے استعمال کرنا مذکورہ اصطلاح میں داخل ہے۔

    دنیا بھر میں مختلف وائرس اور بیکٹیریا سے بخار اور اموات کے بعد یہ بحث بھی سامنے آرہی ہے کہ کیا انسان ہی مضرِ صحت اور مہلک جراثیم کو دنیا بھر میں پھیلا کر کرہ ارض کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے۔ اس کی ایک مثال ملیریا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ مچھروں پر تجربات کر کے انھیں مہلک اور مضرِ صحت بنانے کے بعد دشمن کے خلاف استعمال کیا گیا تھا۔ اسی طرح فصلوں کو بھی تباہی اور بربادی سے دوچار کیا جاتا ہے۔

    ایسا دورانِ جنگ یا کسی خاص مقصد کے حصول کے لیے کیا جاسکتا ہے۔

    اس حیاتیاتی دہشت گردی کی نشان دہی کرنے یا اس کی طرف توجہ دینے کا مطالبہ کرنے والے تاریخ سے اس کی مثال دیتے ہوئے بتاتے ہیں کہ افواج نے مخالفین کو زیر کرنے کے لیے پینے کے پانی میں زہر یا ایسے جراثیم ملائے جو ان کو پیٹ کی بیماری میں مبتلا کردیتے اور یہ بہت ہی سادہ اور عام طریقہ تھا۔

    اکثر جنگوں کے دوران دریا، نہروں اور تالابوں کے پانی میں جانوروں کا فضلا اور دوسری آلائشیں پھینک دی جاتی تھیں اور یوں آلودہ پانی مہلک ثابت ہوتا، لیکن موجودہ دور میں سائنسی ترقی نے اس کے نت نئے طریقے ایجاد کرلیے ہیں۔

    کہتے ہیں بیسویں صدی میں جرمنی نے تجربہ گاہ میں مہلک جراثیم کی افزائش کے بعد مخالف فوجوں کے زیرِ استعمال جانوروں کو اس سے متاثر کیا تھا۔

    گذشتہ ماہ چین میں سامنے آنے والا کورونا وائرس اس وقت دنیا کے 20 سے زائد ممالک تک پہنچ چکا ہے۔ خدشہ ہے کہ یہ اس سے کہیں زیادہ پھیل سکتا ہے اور ایک بڑی تعداد اس سے متاثر ہو سکتی ہے۔

    کورونا وائرس کے حملے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بحث چلی ہے کہ کیا اس طرح چین کو نشانہ بنایا گیا ہے؟ اس وائرس کے بعد چین میں زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اس کی معاشی و اقتصادی سرگرمیاں ماند پڑگئی ہیں، کئی ممالک نے چین سے تجارت اور آمدورفت کا سلسلہ روک دیا ہے۔ تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی بات نہیں کہی جاسکتی۔

  • فرانس میں 7 افراد دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے شبہے میں گرفتار

    فرانس میں 7 افراد دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے شبہے میں گرفتار

    پیرس: فرانسیسی شہر بریسٹ میں سیکورٹی ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے 7 افراد کو دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے شبہے میں گرفتار کر لیا۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز پیر کو فرانسیسی سیکورٹی ایجنسی نے ایسے سات افراد کو حراست میں لیا ہے جن کے متعلق یہ شبہ تھا کہ وہ فرانس میں دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

    یہ بھی بتایا گیا کہ گرفتار افراد عراق اور شام کے جنگی علاقوں کی طرف سفر کرنے کی تیاری میں لگے ہوئے تھے، ان میں سے چند افراد سیکورٹی اداروں کی لسٹ پر بھی تھے جنھیں سیکورٹی رسک قرار دیا گیا تھا، کیوں کہ ان کے اسلامی شدت پسندوں کے ساتھ روابط تھے۔

    خدا سب سے محبت کرتا ہے، چاہے وہ بدترین کیوں نہ ہو، پوپ فرانسس

    اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ گرفتار مشتبہ افراد کی منصوبہ بندی فرانس میں حملے اور مشرق وسطیٰ جانے کے سلسلے میں کہاں تک پہنچی تھی۔ خیال رہے کہ فرانس میں 2015 کے بعد جہادی حملوں کے سلسلے میں ہائی الرٹ قائم ہے، 2015 کے دہشت گرد حملوں میں 250 لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس امریکی سربراہی میں اتحادی افواج نے جب سے داعش کی کمر توڑی ہے، تب سے درجنوں فرانسیسی شہری داعش میں شمولیت کے لیے شام اور عراق کی طرف جا چکے ہیں۔ اسلامک اسٹیٹ کے لیڈرز فرانس میں اپنے پیروکاروں کو یہ پیغام بھی دے چکے ہیں کہ وہ فرانس میں اپنے طور پر سیکورٹی فورسز کے خلاف کارروائیاں کرتے رہیں۔

    دوسری طرف فرانسیسی حکام یہ رپورٹ دے چکے ہیں کہ وہ حالیہ مہینوں میں متعدد دشت گردانہ حملے ناکام بنا چکے ہیں۔

  • کراچی: منگھوپیر میں مقابلے میں ایک دہشت گرد ہلاک، دو گرفتار

    کراچی: منگھوپیر میں مقابلے میں ایک دہشت گرد ہلاک، دو گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے منگھوپیر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردوں کے درمیان مبینہ مقابلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ دو زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح چھ بجے کراچی کے علاقے منگھوپیر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردوں کے مابین مقابلہ ہوا، جس میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جس کی شناخت عبداللہ محسود کے نام سے ہوئی ہے۔

    ذرایع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مبینہ مقابلے میں دو ملزمان زخمی ہو کر گرفتار بھی ہو گئے ہیں جن میں ایک کا نام شیر اللہ اور دوسرے کا سہیل بتایا گیا ہے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

    سندھ رینجرز کی تصدیق

    سندھ رینجرز کی جانب سے بھی واقعے کی تصدیق کی گئی ہے، رینجرز کا کہنا ہے کہ پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے حساس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے منگھو پیر میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی تھی۔ ملزمان نے رینجرز اور پولیس کی ٹیم کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کی، جوابی فائرنگ کے دوران تین ملزمان جن میں بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر عبد اللہ محسود، شیر اللہ عرف شینا اور محمد سہیل شامل ہیں، کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

    رینجرز کے مطابق تینوں زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ٹارگٹ کلر عبداللہ محسود زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جب کہ دیگر ملزمان کا علاج جاری ہے۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور ایمونیشن بھی قبضے میں لیا گیا ہے اور 2 عدد مسروقہ موٹر سائیکلیں بھی بر آمد کر لی گئی ہیں جو کہ 2 دن قبل منگھو پیر کے علاقے سے چھینی گئی تھیں۔

    رینجرز کا کہنا ہے کہ عبداللہ محسود کے 2 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کام یاب ہوئے۔ 10 ڈکیتوں پر مشتمل یہ ایک منظم گروہ تھا جو کہ شہریوں کو لوٹنے، اغوا برائے تاوان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملو ث رہا ہے۔

    ملزمان نے مارچ 2019 سہراب گوٹھ پل کے نیچے بھتہ نہ دینے پر ایک مرد اور دو خواتین کو زخمی کیا۔ اپریل 2019 میں دو پولیس اہل کاروں کانسٹیبل عابد علی اور طارق کو زخمی کیا۔ جولائی 2019 میں انڈس پلازہ سہراب گوٹھ کے علاقے میں 2 افراد سمیع اللہ اور گل آکاخیل کو قتل کیا۔ جولائی 2019 میں جنجار گوٹھ کے علاقے میں پولیس اہل کاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ منگھو پیر کے علاقے میں ڈکیتی پر رینجرز اہل کار کو زخمی کیا۔ 9 دسمبر 2019 کو تھانہ سچل کے علاقے میں فرانزک ڈیپارٹمنٹ کی موبائل پر فائرنگ کی اور فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

    یہ گروہ عبد اللہ محسود کی سربراہی میں کراچی کے علاقے خصوصاً سہراب گوٹھ، جنجار گوٹھ، گلشن معمار، نیو کراچی، منگھو پیر، سپر ہائی وے اور سبزی منڈی کے علاقوں میں سنگین وارداتوں میں ملوث تھا اور خوف اور دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ درج بالا ملزمان کے خلاف متعدد ایف آئی آر ز بھی درج ہیں اور تفتیش میں بھی مطلوب تھے۔ ملزما ن کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • ڈی آئی خان: پولیس وین پر دستی بم حملے کے زخمی ایس ایچ او دم توڑ گئے

    ڈی آئی خان: پولیس وین پر دستی بم حملے کے زخمی ایس ایچ او دم توڑ گئے

    ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس وین پر دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے ایس ایچ او عنایت اللہ دم توڑ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان میں پولیس وین پر حملے کے زخمی ایس ایچ او جاں بر نہ ہو سکے، مقامی اسپتال میں زیر علاج عنایت اللہ آج جاں بحق ہو گئے۔

    چند روز قبل دہشت گردوں نے تھانہ گومل کی پولیس وین کو نشانہ بنایا تھا، معمول کی گشت کے دوران حملہ آوروں نے وین پر دستی بم پھینکا، جس میں ایس ایچ اوعنایت اللہ سمیت 5 اہل کار اور ایک راہ گیر زخمی ہو گئے تھے۔

    ایس ایچ او کو شدید زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا گیا تھا، پولیس وین پر حملہ کرنے والا دہشت گرد جوابی فائرنگ میں مارا گیا تھا، پولیس کے مطابق ہلاک حملہ آور کے پاس دھماکا خیز مواد بھی موجود تھا جسے ناکارہ بنانے کے لیے بی ڈی ایس کو طلب کیا گیا تھا۔

    ٹانک کے علاقے میں اس واقعے کے بعد پورے علاقے کو محاصرہ کر کے سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں تھانہ گومل یونی ورسٹی کی حدود سے پولیس نے دستی بم میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کیا تھا، سمیع آباد میں واقع پلاٹ سے 3 دستی بم، پرائما کارڈ، اور خالی ڈرم برآمد ہوئے تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ مقام سے سرکاری وردیاں بھی برآمد ہوئیں، یہ پلاٹ تھانہ گومل یونی ورسٹی کی حدود میں واقع ہے۔

  • امریکی بحری اڈے پر حملہ کرنے والا سعودی فوجی تھا: امریکی میڈیا

    امریکی بحری اڈے پر حملہ کرنے والا سعودی فوجی تھا: امریکی میڈیا

    فلوریڈا: امریکی میڈیا نے کہا ہے کہ ریاست فلوریڈا کے شہر پنساکولا کے بحری اڈے پر فائرنگ کرنے والا سعودی فوجی تھا، فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق فلوریڈا میں بحری اڈے میں مسلح حملہ آور نے فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک، 8 زخمی ہوئے، پولیس کی جوابی کارروائی سے حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا تھا۔

    امریکی میڈیا کا پولیس حکام کے حوالے سے کہنا ہے کہ حملہ آور محمد سعید الشامرانی کا تعلق سعودی فوج سے ہے اور وہ امریکی نیول بیس پر زیر تعلیم تھا، حملہ آور پولیس کی جوابی کارروائی میں مارا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  امریکی پرل ہاربر بیس پر فائرنگ، بھارتی ائیرچیف بال بال بچ گئے

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حملے کے بعد ٹویٹ میں کہا کہ سعودی عرب کے بادشاہ سلمان نے پنساکولا بحری اڈے میں ہونے والے حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہم دردی کا اظہار کیا ہے، شاہ سلمان کا کہنا ہے کہ سعودی عوام حملے پر برہم ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق نیول بیس پر حملے کے وقت 16 ہزار اہل کار موجود تھے، علاقہ کلیئر کروانے کے بعد بیس کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ بدھ کو امریکی ریاست ہوائی کے پرل ہاربر فوجی اڈے میں فائرنگ سے ایک امریکی اہل کار نے فائرنگ کر کے 2 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔