Tag: دہشتگردی

  • لندن برج حملہ کس نے کیا، شناخت ہو گئی، بورس جانسن نے میٹنگ طلب کرلی

    لندن برج حملہ کس نے کیا، شناخت ہو گئی، بورس جانسن نے میٹنگ طلب کرلی

    لندن: لندن برج حملے کے ہلاک ملزم کی شناخت 28 سالہ عثمان خان کے نام سے ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز برطانوی دارالحکومت میں لندن برج پر اچانک ایک چاقو بردار نے لوگوں پر حملے شروع کر دیے تھے جس سے 2 شہری ہلاک جب کہ 3 زخمی ہو گئے تھے، بعد ازاں پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک ہو گیا تھا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت عثمان خان کے نام سے ہو گئی ہے، 28 سالہ عثمان سٹیفرڈ شائر کا رہایشی تھا، اور دہشت گردی کے جرم میں جیل بھی جا چکا تھا، عثمان خان نے لندن اسٹاک ایکس چینج پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی، جس پر اسے 8 ساتھیوں سمیت 2012 میں سزا ہوئی تھی۔

    برطانوی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ عثمان خان اور دیگر دہشت گرد القاعدہ سے متاثر تھے، عثمان نے دہشت گرد تربیتی کیمپ کے لیے فنڈز بھی اکٹھے کیے، حساس ادارے حملہ آور سے متعلق آگاہ تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  لندن برج پر پولیس کی فائرنگ، چاقو بردار شخص ہلاک

    خیال رہے کہ لندن برج حملے کے بعد شہر میں پولیس الرٹ جاری کر دیا گیا تھا، نائب کمشنر لندن میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ لندن برج حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں برمنگھم میں 6 گھروں پر چھاپے مارے گئے جس کے دوران 7 افراد گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    دریں اثنا، برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے واقعے سے متعلق ایمرجنسی کوبرا کمیٹی کی میٹنگ طلب کر لی تھی، جس میں لندن برج واقعے کے بعد کی صورت حال پر غور کیا گیا، برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا پر تشدد جرائم میں ملوث مجرموں کی جلد رہائی غلطی ہے، ملک بھر میں مزید 20 ہزار پولیس اہل کار سڑکوں پر گشت کریں گے۔

    بورس جانسن نے کہا کہ خطرناک مجرموں کو مناسب سزا دینا ضروری ہے، کوبرا میٹنگ میں کیے گئے فیصلے عوام تک پہنچائیں گے۔

  • تین سال میں 14 مرتبہ گرفتار ’دہشت کی علامت‘ ایک بار پھر گرفتار

    تین سال میں 14 مرتبہ گرفتار ’دہشت کی علامت‘ ایک بار پھر گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں دہشت کی علامت سمجھا جانے والا ساجد کالا گرفتار کر لیا گیا ہے، سیف عرف ساجد کالا کا کریمنل ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات شاہ فیصل پولیس نے اہل کاروں پر حملے کے دوران سیف عرف ساجد کالا کو گرفتار کیا تھا، آج پولیس نے ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم کی فائرنگ سے ایک پولیس اہل کار خمی ہوا تھا، ملزم دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے، سیف عرف ساجد کالا 2014 سے 2017 تک 14 مرتبہ گرفتار ہو چکا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی پولیس کی بڑی کارروائی، 96 افراد کا قاتل گرفتار

    پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ملزم کارروائی کے دوران فائرنگ کرنے سے بھی نہیں ہچکچاتا تھا، ملزم نے ساتھی کے ہمراہ کورنگی کے اسپتال میں لوٹ مار کی تھی، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی ملزم کو شناخت کر لیا۔

    فیصل عبداللہ چاچڑ نے کہا کہ ملزم نے 2019 میں پولیس اہل کار سے اسلحہ بھی چھینا تھا، سیف عرف ساجد کالا نے چھینے پستول کا نمبر مٹا کر اسے تبدیل کر دیا تھا، پولیس اہل کار نے بھی گرفتار ملزم کو شناخت کر لیا۔

    یاد رہے کہ 20 نومبر کو ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 96 افراد کے قاتل کو گرفتار کر لیا تھا، ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔

  • ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں مددگار ترمیمی بل منظور

    ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں مددگار ترمیمی بل منظور

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی نے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں مددگار ترمیمی بل منظور کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمیٹی نے باہمی قانونی معاونت ترمیمی بل 2019 منظور کر لیا، کمیٹی کے بیش تر ارکان نے بل کی حمایت کی تاہم پیپلز پارٹی کے رکن عبدالقادر پٹیل کی جانب سے بل کی مخالفت کی گئی۔

    سیکریٹری داخلہ اعظم سلیمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے یہ بل انتہائی ضروری ہے، بل ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے پاکستان کو نکلنے میں مدد دے گا۔

    دوسری طرف پی پی رکن عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ یہ دیکھنا پڑے گا کہ کہیں بل سے سیاسی مقاصد تو حاصل نہیں ہوں گے، کیوں کہ اس بل سے متعلق پہلے دن ہی سے اختلاف تھا کہ اس سے سیاسی فوائد حاصل ہوں گے، یہ بھی دیکھا جائے جس ملک سے معاہدہ ہو وہ یک طرفہ نہ ہو۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایف اے ٹی ایف کا معاملہ، چین پاکستان کی حمایت بول پڑا

    سیکریٹری داخلہ نے جواب میں کہا کہ مجوزہ بل کے سیکشن 8 کے تحت یہ کسی طور بھی یک طرفہ نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیر برائے معاشی امور حماد اظہر نے عندیہ تھا کہ پاکستان 2020 میں ایف اے ٹی ایف کی گرے سے وائٹ لسٹ میں آجائے گا۔ رواں ماہ یکم نومبر کو چین نے ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر پاکستان کی حمایت کی، اور کہا کہ ایف اے ٹی ایف رکن ممالک کے ساتھ مل کر پاکستان کو مزید تعاون اور مدد فراہم کرنے کے لیے کام کریں گے۔

  • ڈیرہ اسماعیل خان میں کھلونا بم نے 3 بچوں کی جان لے لی

    ڈیرہ اسماعیل خان میں کھلونا بم نے 3 بچوں کی جان لے لی

    ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں کھلونا نما بم نے تین بچوں کی جان لے لی، کھلونا بم دھماکا تھانہ یونیورسٹی کی حدود میں ایک گھر میں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ یونی ورسٹی کی حدود میں واقع گھر میں کھلونا نما بم دھماکے سے پھٹ گیا، جس سے 2 بھائی اور ایک بہن جاں بحق ہو گئے۔

    جاں بحق ہونے والے بچوں کی نعشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، ذرایع کا کہنا ہے دھماکا صفدر نامی شخص کے گھر میں ہوا، پولیس کا کہنا ہے جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں پانچ سے نو سال کے درمیان ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق بچے بم کو کھلونا سمجھ کر کھیل رہے تھے کہ ایسے میں دھماکا ہو گیا، جس سے تین بچے شدید زخمی ہو کر جاں بحق ہو گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈی آئی خان میں اسپتال کے گیٹ پرخودکش دھماکا، 4 افراد جاں بحق

    پولیس نے کھلونا بم کے سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی ہیں، یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ کھلونا بم کہاں سے آیا تھا۔

    یاد رہے کہ جولائی میں ڈی آئی خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے دروازے پر خود کش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ 10 افراد زخمی ہوئے تھے، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کوٹلہ سیداں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے 2 پولیس اہل کار شہید کر دیے تھے، ان کی لاشیں اسپتال لائی گئیں تو دھماکا ہوا۔

  • دہشت گرد کون؟ سپریم کورٹ نے فیصلہ کر دیا

    دہشت گرد کون؟ سپریم کورٹ نے فیصلہ کر دیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے دہشت گردی کی تعریف سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کر دیا، اس فیصلے کے تناظر میں سمجھا جا سکتا ہے کہ کون لوگ ہیں جو دہشت گردی میں ملوث قرار دیے جا سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ، بھتا خوری اور ذاتی عناد کے باعث مذہبی منافرت پھیلانا دہشت گردی نہیں ہے۔ منظم منصوبے کے تحت پر تشدد کارروائیاں، مذہبی، نظریاتی، اور سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے تشدد دہشت گردی ہے۔

    سپریم کورٹ کے مطابق حکومت یا عوام میں منصوبے کے تحت خوف و ہراس پھیلانا، منصوبے کے تحت جانی و مالی نقصان پہنچانا، منصوبے کے تحت مذہبی فرقہ واریت پھیلانا، منصوبے کے تحت صحافیوں، تاجروں، عوام اور سوشل سیکٹر پر حملے دہشت گردی ہے۔

    [bs-quote quote=”پارلیمنٹ کو سفارش کرتے ہیں وہ دہشت گردی کی نئی تعریف کا تعین کرے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”سپریم کورٹ”][/bs-quote]

    فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ منصوبے کے تحت سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا، لوٹ مار اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں، سیکورٹی فورسز پر حملے بھی دہشت گردی ہے۔

    اپنے تفصیلی فیصلے میں سپریم کورٹ نے کہا کہ ذاتی دشمنی یا عناد کے سبب کسی کی جان لینا دہشت گردی نہیں ہے، ذاتی دشمنی اور عناد کے باعث جلاؤ گھیراؤ، بھتا خوری، ذاتی عناد اور دشمنی کے باعث مذہبی منافرت اور دشمنی کے باعث سرکاری ملازم کے خلاف تشدد میں ملوث ہونا بھی دہشت گردی نہیں ہے۔

    عدالت کا کہنا ہے کہ 1974 سے دہشت گردی پر قابو کے لیے مختلف قوانین متعارف کرائے گئے، انسداد دہشت گردی قانون انتہائی وسیع ہے، قانون میں کئی اقدمات ایسے ہیں جن کا دہشت گردی سے دور دور کا تعلق نہیں، قانون میں ایسے سنگین جرائم کو شامل کیا گیا جن سے عدالتوں پر غیر ضروری بوجھ پڑا۔

    عدالت نے مزید کہا کہ اغوا برائے تاوان اور اس جیسے دیگر سنگین جرائم کو دہشت گردی میں شامل کیا گیا، ایسے اقدام سے دہشت گردی کے اصل مقدمات کے ٹرائل میں تاخیر ہوتی ہے، پارلیمنٹ کو سفارش کرتے ہیں وہ دہشت گردی کی نئی تعریف کا تعین کرے، اور اس سلسلے میں عالمی معیار سمیت سیاسی، نظریاتی اور مذہبی مقاصد کا حصول مد نظر رکھے۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ سیاسی، نظریاتی یا مذہبی مقاصد کے بغیر پر تشدد کارروائی دہشت گردی نہیں، پارلیمنٹ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تیسرے شیڈول میں شامل جرائم ختم کرے، ان تمام جرائم کو ختم کیا جائے جن کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔

    60 صفحات پر مشتمل یہ تحریری فیصلہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے تحریر کیا۔

  • امریکی یقین دہانی کے باوجود دہشت گرد آئے تو انھیں برباد کر دیں گے: ترک صدر

    امریکی یقین دہانی کے باوجود دہشت گرد آئے تو انھیں برباد کر دیں گے: ترک صدر

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اگر امریکا سے تحریری یقین دہانی کے بعد بھی ہمارا دہشت گردوں سے سامنا ہوا تو ہمیں انھیں برباد کرنے کا حق ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے امریکا پر واضح کیا کہ عالمی رہنما دہشت گردوں کے ساتھ بیٹھیں گے تو دہشت گردوں کے خلاف جنگ ہوگی، ہمیں اپنے کرد بھائیوں سے کوئی مسئلہ نہیں، ہمارا مسئلہ شام میں دہشت گرد تنظیمیں ہیں۔

    رجب طیب اردوان نے کہا کہ شامی مہاجرین کے لیے یورپ کے دروازے وقت آنے پر کھلیں گے، آپریشن ’پیس اسپرنگ‘ کے تحت بارڈر کی سیکورٹی کے ساتھ اپنے شامی بھائیوں کو واپسی کا راستہ بھی فراہم کر رہے ہیں۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ اگر کردوں نے روس سے معاہدے پر عمل نہ کیا تو ترکی شمالی شام میں اپنا منصوبہ نافذ کر دے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پر عائد تمام پابندیاں اٹھانے کا اعلان کر دیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پر عائد تمام پابندیاں اٹھانے کا اعلان کر دیا تھا، انھوں نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ ترکی اور شام میں سیز فائر پر کیا گیا ہے، اگر سیز فائر کو برقرار نہیں رکھا گیا تو امریکا پھر سے پابندیاں لگا دے گا۔

    اس سے قبل امریکی صدر نے ٹویٹ کے ذریعے کہا تھا کہ ترکی اور شام کی سرحد پر ہمیں بڑی کامیابی ملی ہے، سیف زون بن چکا ہے، انھوں نے ترکی اور شام کے درمیان جنگ بندی پر خوشی کا اظہار کیا، اور لکھا کہ جنگ بندی ہو چکی اور لڑائی ختم ہو گئی ہے۔

  • کوئٹہ: پولیس موبائل کے قریب دھماکا، ایک اہل کار شہید

    کوئٹہ: پولیس موبائل کے قریب دھماکا، ایک اہل کار شہید

    کوئٹہ: بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا، جس میں ایک اہل کار شہید جب کہ 10 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ ایک بار پھر دہشت گردی کا شکار ہو گیا ہے، ڈبل روڈ پر ہونے والے دھماکے میں ایک اہل کار شہید ہو گیا، ترجمان سول اسپتال نے بتایا کہ دھماکے میں دس افراد زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق شہر کے وسطی علاقے ڈبل روڈ پر اس وقت زور دار دھماکا ہوا جب پولیس کے ریپڈ رسپانس گروپ کی گاڑی اہل کاروں کو لے کر گزر رہی تھی، دھماکے کے نتیجے میں ایک اہل کار جاں بحق جب کہ چار اہل کاروں سمیت دس افراد زخمی ہو گئے۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذرایع کے مطابق دھماکا موٹر سائیکل میں نصب بم سے ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکے سے ایک رکشا اور 5 موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا، 4 گاڑیوں میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ: مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، 7 افراد جاں بحق

    تمام زخمیوں کو سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے دھماکے کی مذمت کی ہے۔

    یاد رہے 16 اگست کو کوئٹہ، کچلاک میں مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا ہوا جس میں 7 افراد جاں بحق جب کہ 22 زخمی ہو گئے تھے۔

  • ایف اے ٹی ایف کا ایکش پلان پر پاکستان کے اقدامات پر اظہار اطمینان

    ایف اے ٹی ایف کا ایکش پلان پر پاکستان کے اقدامات پر اظہار اطمینان

    پیرس: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے ایکشن پلان سے متعلق پاکستان کے اقدامات اور پیش رفت پر اظہار اطمینان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایف اے ٹی ایف کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا آغاز آج سے پیرس میں ہو گیا ہے، پاکستانی وفد نے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کی قیادت میں ایف اے ٹی ایف کے اہم اجلاس میں شرکت کی۔

    پاکستانی وفد میں اسٹیٹ بینک، نیکٹا، ایف آئی اے، ایف بی آر اور ایس ای سی پی حکام بھی شامل ہیں، وفد نے بتایا کہ پاکستان نے 27 میں سے 20 نکات پر مثبت پیش رفت کی ہے اور کالعدم تنظیموں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔

    ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کے اقدامات اور پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا، چین، ترکی اور ملائیشیا نے ایف اے ٹی ایف کے ایکش پلان پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا، ذرایع نے بتایا کہ اہم اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کا نام بلیک لسٹ میں جانے کے خدشات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں اپنا جواب جمع کروا دیا ہے، حماد اظہر

    ایف اے ٹی ایف اجلاس سے متعلق حتمی رپورٹ 18 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے اقوام متحدہ کے ادارے کے تعاون سے نئی نیشنل رسک اسیسمنٹ اسٹڈی مکمل کر کے ڈیڑھ سو صفحات کی رپورٹ ایف اے ٹی ایف کو بھجوائی تھی، اس رپورٹ میں تین اہم پہلوؤں کے حوالے سے رسک اسیسمنٹ کی گئی ہے، جن میں سرِ فہرست ٹیررازم اور ٹیررازم فنانسنگ کے خطرات کا تعین ہے۔

    خیال رہے کہ پڑوسی ملک بھارت ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بدنام کرنے اور بلیک لسٹ کرنے کی کوششیں کر رہا ہے لیکن اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان نے چمن دھماکے کی شدید مذمت کر دی

    وزیر اعظم عمران خان نے چمن دھماکے کی شدید مذمت کر دی

    نیویارک: وزیر اعظم عمران خان نے چمن دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں مولانا محمد حنیف سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو نیویارک میں چمن دھماکے کی خبر دی گئی، انھوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے غم زدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور صبر جمیل کی دعا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہمی کی ہدایت بھی کی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم امریکا سے جدہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں، جہاں تین گھنٹے قیام کے بعد وہ وطن لوٹیں گے۔

    تازہ ترین:  چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    آج صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں تاج روڈ پر جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قافلے پر دھماکا کیا گیا، جس کے نتیجے میں مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے۔

    پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

    وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ چمن دھماکا سیکورٹی اداروں کے عزم اور حوصلے کو پست کرنے کی بزدلانہ کوشش ہے، حملے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

    انھوں نے کہا ملک دشمن عناصر خوف زدہ ہیں کہ چمن میں معمولاتِ زندگی بہتر ہو رہے ہیں، ہم تجارت سے لے کر بارڈر سیکورٹی کا کام یقینی بنائیں گے۔

  • چمن دھماکا سیکورٹی اداروں کے حوصلے پست کرنے کی بزدلانہ کوشش ہے: وزیر داخلہ

    چمن دھماکا سیکورٹی اداروں کے حوصلے پست کرنے کی بزدلانہ کوشش ہے: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ چمن دھماکا سیکورٹی اداروں کے عزم اور حوصلے کو پست کرنے کی بزدلانہ کوشش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے چمن دھماکے کو بزدلانہ کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں جانی و مالی نقصان پر سخت افسوس ہے، حملے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

    انھوں نے چمن دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ملک دشمن عناصر خوف زدہ ہیں کہ چمن میں معمولاتِ زندگی بہتر ہو رہے ہیں، ہم تجارت سے لے کر بارڈر سیکورٹی کا کام یقینی بنائیں گے۔

    وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا اس قسم کے بزدلانہ اقدام کو رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، بلوچستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والی ہر سازش کا مقابلہ کریں گے۔

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی چمن دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

    تازہ ترین:  چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا دہشت گردی میں ملوث عناصر کو فوری قانون کی گرفت میں لایا جائے، دھماکے کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے کہا ہم شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا انسانیت اور مذہب کے منافی فعل ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ انھیں چمن دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پر دکھ ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہیں۔

    واضح رہے کہ آج صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قافلے پر دھماکا کیا گیا، جس کے نتیجے میں مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے۔