Tag: دہشتگردی

  • کرائسٹ چرچ مسجد حملے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، تعداد 51 ہو گئی

    کرائسٹ چرچ مسجد حملے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، تعداد 51 ہو گئی

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسجد حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص دم توڑ گیا، شہید ہونے والوں کی تعداد 51 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو دو مساجد پر ایک آسٹریلوی نے دہشت گرد حملہ کیا تھا جس میں 50 افراد شہید جب کہ 49 زخمی ہوئے تھے۔

    آج کرائسٹ چرچ مسجد کے زخمیوں میں سے ایک اور زخمی نے دم توڑ دیا، سانحے کے سات ہفتوں بعد شہید ہونے والوں کی تعداد ایک بار پھر بڑھ کر 51 ہو گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق شہید ہونے والے شخص کا تعلق ترکی سے ہے، 46 سالہ ترک باشندہ مسجد حملے میں شدید زخمی ہو گیا تھا جسے کرائسٹ چرچ اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سانحہ کرائسٹ چرچ :پاکستانی ہیرو نعیم راشد کی بیوہ کو تمغہ شجاعت سے نوازاجائے گا

    پولیس کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے شخص کا نام ان کی فیملی کی درخواست پر ظاہر نہیں کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نیوزی لینڈ نے بتایا کہ دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے مزید 9 افراد کرائسٹ چرچ اسپتال میں داخل ہیں، جن کی حالت بہتر ہے۔

    نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا ایرڈرن نے زخمی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں تہ دل سے شہید ہونے والے شخص کے خاندان سے تعزیت کرتی ہوں، یہ دکھ بھری خبر نہ صرف ترکی بلکہ نیوزی لینڈ میں بھی محسوس کی جائے گی۔

    اس سانحے میں 9 پاکستانیوں نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا، نعیم راشد اور ان کے بیٹے طلحہ راشد بھی شہدا میں شامل تھے۔

    جمعے کی نماز کے موقع پر النور مسجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے دور ان پاکستان کے نعیم راشد نے شدید زخمی ہونے کے بعد حملہ آور کو آگے جانے سے روک کر کئی جانیں بچائیں اور جام شہادت نوش کیا۔

  • حیات آباد آپریشن میں ایک زخمی دہشت گرد پکڑا گیا ہے: سی سی پی او پشاور

    حیات آباد آپریشن میں ایک زخمی دہشت گرد پکڑا گیا ہے: سی سی پی او پشاور

    پشاور: سی سی پی او پشاور نے کہا ہے کہ حیات آباد آپریشن میں ایک زخمی دہشت گرد پکڑا گیا ہے، آپریشن کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں حیات آباد آپریشن سے متعلق پولیس حکام نے پریس بریفنگ دی، سی سی پی او پشاور نے کہا کہ حیات آباد آپریشن کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ حیات آباد آپریشن میں ایک زخمی دہشت گرد پکڑا گیا ہے، یہاں سے ایک دہشت گرد گروہ نیٹ ورک چلا رہا تھا، اس گروہ سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    سی سی پی او کا کہنا تھا کہ خیبر ایجنسی کا رہائشی امجد 5 بار افغانستان جا چکا ہے، دہشت گرد امجد دبئی اور یونان بھی گیا جہاں سے ڈیپورٹ کیا گیا، وہ دہشت گردی کے بڑے واقعات میں ملوث رہا۔

    یہ بھی پڑھیں:  حیات آباد آپریشن: لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا

    سی سی پی او نے بتایا کہ حیات آباد واقعے میں ہائی کورٹ جج پر حملے میں استعمال ہتھیار کے شواہد بھی ملے، پہلے موٹرسائیکل بم دھماکا پھر مکان کو بارود سے اڑانے کا منصوبہ تھا، موٹر سائیکل میں بم اور مکان کے بیسمنٹ تک بارودی مواد نصب تھا۔

    پشاور پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے 60 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کرنا تھا، مکان سوات کے رہائشی کا تھا، جہاں سے لیپ ٹاپ، ڈرون اور سی ڈیز ملیں، سہولت کار نے جاوید آفریدی کے نام کا شناختی کارڈ استعمال کیا۔

    سی سی پی او پشاور نے کہا کہ پہلے جو افغانستان سے چھپ کر آتے تھے اب پاسپورٹ پر آ رہے ہیں۔

  • حیات آباد آپریشن: لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا

    حیات آباد آپریشن: لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا

    پشاور: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک ظفر حیات آباد آپریشن کے دوران زخمی ہوئے تھے، ان کی نماز جنازہ پشاور چھاؤنی میں ادا کی گئی۔

    لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور اور بڑی تعداد میں فوجی و سول حکام نے شرکت کی۔

    پاک فوج کے محکمہ اطلاعات کے مطابق نماز جنازہ کے بعد شہید کا جسد خاکی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے آبائی علاقے خوشاب روانہ کر دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حیات آباد میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، پولیس اہلکارشہید، 5 دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ پندرہ اپریل کو فوج اور خیبر پختون خواہ پولیس نے پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ آپریشن رات گئے شروع ہوا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ اے ایس آئی قمر عالم شہید ہو گئے، ایک افسراور جوان بھی زخمی ہوئے۔

  • کوئٹہ: خروٹ آباد سے کالعدم تنظیم کا اہم دہشت گرد گرفتار

    کوئٹہ: خروٹ آباد سے کالعدم تنظیم کا اہم دہشت گرد گرفتار

    کوئٹہ: سی ٹی ڈی بلوچستان نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا ایک اہم ٹارگٹ کلر گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ بلوچستان نے خروٹ آباد سے کالعدم تنظیم کے اہم دہشت گرد غلام فاروق کو گرفتار کر لیا۔

    سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سے بارودی مواد، ہینڈ گرنیڈ، پرائمہ کارڈ اور بال بیرنگ بر آمد ہوئے۔

    محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق گرفتار دہشت گرد پولیس اہل کاروں اور ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، دہشت گرد کالعدم تنظیم داعش کے کمانڈرز نعمت اللہ اور ممتاز پہلوان کا قریبی ساتھی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ: کوسٹل ہائی وے پرفائرنگ سے 14 افراد قتل

    یاد رہے کہ 12 اپریل کو ہزار گنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہو گئے تھے، دھماکے میں ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

    آج وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کوئٹہ، پشاور اور کوسٹل ہائی وے واقعے کو بہیمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملوں میں منظم پیٹرن نظرآ رہا ہے، ذمے داران کو عبرت کی مثال بنا دیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  فوادچوہدری نے کوئٹہ ، حیات آباد اور کوسٹل ہائی وے واقعے کوبہیمانہ قرار دے دیا

    یاد رہے گزشتہ روز مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے 14 افراد کو قتل کر دیا تھا، لیویز ذرایع کا کہنا تھا کہ تمام افراد کو بسوں سے اتار کر قتل کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوسٹل ہائی وے پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ ملک کو بد نام اور بلوچستان کی ترقی روکنے کی گھناؤنی سازش ہے۔

  • بحرین، دہشتگردی کے الزامات میں 138 افراد کو قید کی سزائیں، شہریت منسوخ

    بحرین، دہشتگردی کے الزامات میں 138 افراد کو قید کی سزائیں، شہریت منسوخ

    منامہ : بحرینی عدالت نے پاسداران انقلاب کے ہمراہ دہشت گرد گروپ تشکیل دینے اور دہشتگردانہ کارروائیوں کی سازش کرنے کے الزام میں 138 افراد کو 3 سال سے عمر قید تک کی سزا سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق بحرین میں ایک عدالت نے 138 افراد کو ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کے ساتھ مل کر ایک دہشت گرد گروپ تشکیل دینے اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی سازش کے الزامات میں قصور وار دے کر قید کی سزا سنائی ہیں اور ان سب کی شہریت منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔

    بحرین کے ایڈووکیٹ جنرل احمد الحمادی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان ملزموں نے لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے طرز پر بحرین میں بھی حزب اللہ کے نام سے ایک دہشت گرد گروپ تشکیل دینے کی کوشش کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ان 138 افراد میں سے 69 کو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوّث ہونے کے الزامات میں عمر قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

    پبلک پراسیکیوشن کے بیان کے مطابق پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر کو نظامتِ عامہ برائے تفتیش ِ جرائم کی جانب سے بحرین میں دہشت گردی کے ایک سیل کے قیام سے متعلق رپورٹ موصول ہوئی تھی۔

    یہ سیل ایرانی رجیم کے لیڈروں نے قائم کیا تھا اور وہ سپاہ پاسداران انقلاب کے عناصر کو بحرینی حزب اللہ نامی اس گروہ کی تشکیل کے لیے دہشت گردوں کو لاجسٹیکل اسپورٹ مہیا کرنے کی ہدایات جاری کرتے تھے۔

    بحرین میں اس سے قبل بھی پاسداران انقلاب ایران سے تعلق یا ان سے تربیت حاصل کرنے کے الزامات میں متعدد افراد کو قید و جرمانے کی سزائیں سنائی جاچکی ہیں، ایک فوجداری عدالت نے چند ماہ قبل کالعدم قرار دیے گئے ایک دہشت گرد گروپ فروری 14 اتحاد سے تعلق کے الزام میں تین افراد کو تین سال سے عمر قید تک جیل کی سزائیں سنائی تھیں۔

    استغاثہ کے مطابق ان میں ایک مدعا علیہ کا تعلق دہشت گرد تنظیم سریّہ المختار سے تھا، اس نے دوسرے دو مدعا علیہان کو بحرین کے علاقے بری میں دہشت گردی کی کارروائیوں اور بلووُں کے لیے بھرتی کیا تھا اور اس کو دھماکا خیز مواد سے عوامی مقامات پر حملوں کی تربیت دی تھی۔

  • دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں پورے صوبے کا مسئلہ ہے: جام کمال

    دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں پورے صوبے کا مسئلہ ہے: جام کمال

    کوئٹہ: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں بلکہ پورے صوبے کا مسئلہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جام کمال نے ہزارہ ٹاؤن امام بارگاہ جا کر گزشتہ روز ہزار گنجی میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی۔

    لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام اور حکومت غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں بلکہ پورے صوبے کا مسئلہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت پوری ذمہ داری کے ساتھ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور سیکورٹی اداروں کو بہت سی کام یابیاں بھی ملی ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ مغربی بائی پاس پر دھرنا دینے والوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنا دھرنا ختم کر دیں، حکومت واقعے میں ملوث عناصر اور دہشت گردی کے دیگر واقعات کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلوچستان میں سیلاب، سیکڑوں ہندو یاتری پھنس گئے، 2 ہلاک

    انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کی اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے، پولیس اور لیویز کی کارکردگی میں اضافہ کرنے کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ایک پرامن معاشرے کے قیام کے لیے مذہبی، سیاسی اور قبائلی عمائدین اور معاشرے کے تمام با اثر حلقوں کو ساتھ لے کر چلا جائے گا، دہشت گرد برادر قوموں اور قبائل میں تفریق پیدا کر کے امن کی فضا خراب کرنا چاہتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے لواحقین کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انھیں یقین دلایا کہ حکومت ان کی ہر ممکن مالی معاونت کرے گی۔

  • امریکا میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کا مبینہ منصوبہ ناکام، ایک شہری گرفتار

    امریکا میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کا مبینہ منصوبہ ناکام، ایک شہری گرفتار

    واشنگٹن: امریکا میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کا مبینہ منصوبہ نا کام بنا دیا گیا، پولیس نے 28 سالہ ایک امریکی شہری رونڈل ہنری کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن کے نیشنل ہاربر کمپلیکس میں پولیس نے ایک امریکی شہری کو گرفتار کیا تھا جس نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے امریکا میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کا مبینہ منصوبہ بنایا تھا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی حکام کا کہنا تھا کہ کسینو کمپلیکس پر ہجوم کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والا داعش سے متاثر ہے۔

    خیال رہے کہ پولیس نے کمپیوٹر انجینئر اٹھائیس سالہ رونڈل ہنری کو 28 مارچ کو واشنگٹن کے جنوب میں نیشنل ہاربر کمپلیکس پر ایک یو ہال وین چرانے پر گرفتار کیا تھا۔

    امریکی محکمہ انصاف کے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ہدف کی تلاش میں گاڑی لے کر واشنگٹن کے کئی مقامات پر گیا، دوران تفتیش ملزم نے فرانس جیسے حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  امریکا دہشت گردی کو اسپانسر کرنے والا ملک ہے،ایران

    عدالتی دستاویز کے مطابق ملزم نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ فرانس کے شہر نیس میں 2016 میں ہونے والے ٹرک حملے کے طرز پر گاڑی حملہ کرنا چاہتا تھا، خیال رہے کہ مذکورہ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

    ملزم کا کہنا تھا کہ وہ فرانس طرز پر دہشت اور افراتفری پھیلانا چاہتا تھا، گاڑی چرانے کے اگلے دن ہدف کی تلاش میں ڈلاس انٹرنیشنل ایئر پورٹ بھی گیا۔

    دستاویز کے مطابق ملزم اس کے بعد نیشنل ہاربر، دریا کنارے کسینو اور کنونشن سینٹر پر گیا جہاں بہت زیادہ ہجوم تھا، اس لیے ایک کشتی میں گھس کر رات گزاری، تاہم اگلی صبح چوری کی گاڑی کی طرف واپس آتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔

    خیال رہے کہ مذکورہ نوجوان کے گھر والوں نے اس کی گم شدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی اور اس کی جسمانی و ذہنی صحت کے بارے میں خدشات کا بھی اظہار کیا تھا۔

  • ریاست کی بقا و سلامتی کے لیے فوجی عدالتیں ضروری ہیں: چودھری شجاعت حسین

    ریاست کی بقا و سلامتی کے لیے فوجی عدالتیں ضروری ہیں: چودھری شجاعت حسین

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے اور ریاست کی بقا و سلامتی کے لیے فوجی عدالتیں ضروری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے، ریاست کی بقا اور سلامتی کے لیے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پر کوئی تنازع نہیں ہے۔

    سابق وزیر اعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مجھ سمیت، آصف علی زرداری، میاں نواز شریف، مولانا فضل الرحمن اور دیگر پارٹی سربراہوں نے دستخط کیے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومت نیشنل ایکشن پلان سے متعلق ایوان کو بریفنگ دے: اپوزیشن کا مطالبہ

    انھوں نے کہا کہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے جو رہنما آج فوجی عدالتوں کی مخالفت کر رہے ہیں انھیں یاد رکھنا چاہیے کہ نیشنل ایکشن پلان پر ان کے لیڈروں نے بھی دستخط کیے تھے۔

    ایک سوال کے جواب میں چودھری شجاعت نے کہا کہ 18 ویں ترمیم نے آنے والی نسلوں کے ساتھ ظلم کیا، تعلیم کو صوبوں کے حوالے کر کے بڑی زیادتی کی گئی۔

    انھوں نے کہا کہ یکساں قومی نصاب ہمارے بچوں اور پاکستان کی ضرورت ہے، ہمیں عصبیت اور نفرتوں سے پاک ایک ایسے قومی نصاب کی ضرورت ہے جو تمام صوبوں میں یکساں پڑھایا جا سکے اور اس سے قومی یک جہتی کو فروغ ملے۔

  • دہشت گرد حملے کے بعد کرائسٹ چرچ میں پہلی نماز جمعہ آج ادا کی جائے گی

    دہشت گرد حملے کے بعد کرائسٹ چرچ میں پہلی نماز جمعہ آج ادا کی جائے گی

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر دہشت گرد حملے کے بعد شہر میں پہلی نماز جمعہ آج ادا کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ میں گزشتہ جمعے کو ایک آسٹریلوی دہشت گرد نے مساجد پر حملہ کر کے 50 مسلمانوں کو شہید کر دیا تھا، جس کے بعد مغربی ممالک میں مسلمانوں کو سلامتی کے خدشات لاحق ہو گئے تھے۔

    آج ٹھیک ایک ہفتے بعد کرائسٹ چرچ کی مساجد میں حملے کے بعد پہلی نماز جمعہ ادا کی جائے گی، جس کے لیے نیوزی لینڈ بھر میں اذان جمعہ ٹی وی اور ریڈیو پر براہ راست نشر ہوگی۔

    جمعے کی اذان ٹی وی اور ریڈیو پر نشر کرنے کا مقصد مسلمانوں کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرنا ہے اور انھیں یقین دلانا ہے کہ وہ محفوظ ہیں اور اپنی عبادت اطمینان کے ساتھ کر سکتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا آٹومیٹک اورسیمی آٹومیٹک اسلحے پرپابندی کا اعلان

    نیوزی لینڈ میں آج سانحے کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی، بائیکر گینگ نمازیوں کی حفاظت کریں گے، شہر شہر مسجدوں کے باہر پہرہ دیں گے۔

    خیال رہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید سات پاکستانیوں کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں، نعیم رشید سمیت آٹھ شہدا کی تدفین آج نیوزی لینڈ میں ہوگی جب کہ اریب کا جسد خاکی پاکستان لایا جائے گا۔

  • شکارپور: پولیس کی بڑی کارروائی، 4 دہشت گرد گرفتار، بارودی مواد برآمد

    شکارپور: پولیس کی بڑی کارروائی، 4 دہشت گرد گرفتار، بارودی مواد برآمد

    شکارپور: پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ نا کام بنا دیا، 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے بارودی مواد بر آمد کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق شکارپور میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گرد گرفتار کر لیے، گرفتار دہشت گرد سندھ، بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث حفیظ بروہی اور عبداللہ بروہی کے قریبی ساتھی بتائے جاتے ہیں۔

    دہشت گردوں میں عبد الحکیم بنگلانی، عبد الشکور، اسحاق جعفری اور فاروق سومرو شامل ہیں، دہشت گردوں سے 2 پریشر ککر بم، 35 ہینڈ گرنیڈ، 20 کلو بارودی مواد برآمد ہوا۔

    دہشت گردوں سے 2 ٹی ٹی پستول، 3 وائرلیس سیٹ، بم بنانے کا سامان، 11 ہزار افغان کرنسی بھی برآمد کی گئی ہے۔

    حفیظ بروہی اور عبداللہ بروہی 28 فروری کو بلوچستان میں ایک کارروائی میں مارے گئے تھے، گرفتار دہشت گرد حفیظ اور عبداللہ کے سہولت کار تھے، حملہ آوروں کو دھماکے کی جگہ پہنچاتے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حساس ادارے اور شکارپور پولیس کا مشترکہ آپریشن، کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک

    ملزمان 2009 ،2013 میں سابق ایم این اے ابراہیم جتوئی پر بم حملے میں ملوث تھے، 2013 میں جیکب آباد میں ہونے والے ریمورٹ کنٹرول دھماکے میں بھی ملوث تھے۔

    ملزمان شکارپور کی درگاہ حاجن شاہ دھماکے میں بھی ملوث تھے، واقعے میں 8 افراد شہید ہوئے تھے، 2015 میں امام بارگاہ کربلا میں بھی بم دھماکا کیا جس میں 70 سے زائد افراد شہید ہوئے، 2015 ہی میں محرم کے جلوس میں خود کش حملہ کرایا جس میں 28 افراد شہید ہوئے تھے، 2016 میں خان پور میں نماز عید پر خود کش حملہ کرایا جس میں ایک بم بار عثمان پٹھان پکڑا گیا تھا۔

    پولیس کی جانب سے گزشتہ 5 سال سے اس نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے کوشش کی جا رہی تھی، نیٹ ورک سیہون شریف، درگاہ شاہ نورانی میں خود کش دھماکوں میں بھی ملوث تھا۔