Tag: دہشتگرد حملہ

  • ’انقرہ میں دہشتگرد حملہ، فائرنگ اور دھماکے‘

    ’انقرہ میں دہشتگرد حملہ، فائرنگ اور دھماکے‘

    ترک دارالحکومت میں دہشتگرد حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا، دھماکے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی، موقع پر موجود لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انقرہ میں ترک پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب دھماکا ہوا جس کے بعد فائرنگ شروع ہوگئی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    ترکیہ کے وزیر داخلہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی عمارت کے دروازے پر 2 دہشتگرد ایک گاڑی میں پہنچے تھے۔ ترکیہ کے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے وہاں ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے باعث 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

    موقع پر موجود دوسرے دہشت گرد نے فائرنگ شروع کردی، لیکن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا۔

    اطلاعات کے مطابق واقعے کے بعد انقرہ میں سکیورٹی اقدامات بڑھا دیئے گئے ہیں، یہ دھماکا اس وقت ہوا جب ترک پارلیمنٹ کا اجلاس یکم اکتوبر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شیڈول تھا۔

    انقرہ دھماکے کے وقت کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے، ویڈیو میں دھماکے کے بعد فضا میں دھویں اور آگ لگنے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ اس واقعے کے پیچھے کون ملوث ہے۔

  • ایران کی کراچی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت

    ایران کی کراچی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت

    تہران: ایران نے کراچی میں اسٹاک ایکس چینج پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایرانی سفیر سید محمد الحسینی نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج پر حملے پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران اس دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

    ایرانی سفیر نے کہا پاک فوج کے ہاتھوں دہشت گردوں کو ہر میدان میں شکست ہو رہی ہے، دہشت گرد جھوٹی طاقت دکھانے کے لیے نئے اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں، لیکن امید ہے پاکستان بچے کھچے دہشت گردوں کو بھی جلد کیفر کردار تک پہنچا دے گا۔

    اسٹاک ایکسچینج حملے میں کتنی جماعتیں ملوث ہیں؟ اے آئی جی کا انکشاف

    واضح رہے کہ کل صبح 10 بج کر 5 منٹ پر کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر 4 دہشت گردوں نے بڑی تعداد میں اسلحے کے ساتھ حملہ کیا، مرکزی گیٹ پر بم پھینکنے کے بعد انھوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی، تاہم عمارت میں تعینات سیکورٹی گارڈز اور پولیس اہل کاروں نے انھیں روکتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ اس حملے میں چاروں دہشت گرد مارے گئے، جب کہ پولیس اہل کاروں اور نجی سیکورٹی گارڈز سمیت 7 افراد شہید ہوئے۔

    گزشتہ رات دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ یہ بیرونی حمایت یافتہ حملہ تھا، اس کی باقاعدہ سرپرستی کی گئی ہے، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے بھارتی قیادت کے بیانات موجود ہیں۔ گزشتہ رات اپنے ایک اہم بیان میں کراچی پولیس چیف نے کہا کہ کالعدم بی ایل اے (بلوچستان لبریشن آرمی) کے ساتھ دیگر دہشت گرد تنظیمیں بھی کراچی حملے میں شامل ہو سکتی ہیں۔

  • اسٹاک ایکسچینج حملے میں کتنی جماعتیں ملوث ہیں؟ اے آئی جی کا انکشاف

    اسٹاک ایکسچینج حملے میں کتنی جماعتیں ملوث ہیں؟ اے آئی جی کا انکشاف

    کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکس چینج پر دہشت گردوں کے حملے میں صرف ایک جماعت شامل نہیں ہے۔

    گزشتہ رات اپنے ایک اہم بیان میں کراچی پولیس چیف نے کہا کہ کالعدم بی ایل اے (بلوچستان لبریشن آرمی) کے ساتھ دیگر دہشت گرد تنظیمیں بھی کراچی حملے میں شامل ہو سکتی ہیں۔

    غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ دہشت گرد مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ آئے تھے، ان کے پاس سے 50 سے زائد دستی بم، 4 کلاشن کوف اور متعدد گولیاں ملیں۔ ایڈیشنل آئی جی نے یہ بھی بتایا کہ دہشت گرد حملے کی تحقیقات کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کر رہی ہے، یہ دیکھا جا رہا ہے کہ ملزمان نے یقیناً پہلے ریکی اور منصوبہ بندی کی ہوگی۔

    دہشت گرد حملے سے پہلے ہی ایجنسیوں نے آگاہ کر دیا تھا: پی ایس ایکس

    ادھر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ یہ بیرونی حمایت یافتہ حملہ تھا، اس کی باقاعدہ سرپرستی کی گئی ہے، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے بھارتی قیادت کے بیانات موجود ہیں، پاکستان اس سلسلے میں عالمی برادری کو پہلے ہی آگاہ کر چکا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں بھارتی ایجنسی را کے ثبوت موجود ہیں، نئی دہلی دہشت گرد کارروائیوں میں بھارت کی شمولیت کو چھپا نہیں سکتا، بھارتی وزارت خارجہ کے کراچی حملے پر تبصرے تردید کے سوا کچھ نہیں۔

    واضح رہے کہ کل صبح 10 بج کر 5 منٹ پر کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر 4 دہشت گردوں نے بڑی تعداد میں اسلحے کے ساتھ حملہ کیا، مرکزی گیٹ پر بم پھینکنے کے بعد انھوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی، تاہم عمارت میں تعینات سیکورٹی گارڈز اور پولیس اہل کاروں نے انھیں روکتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ اس حملے میں چاروں دہشت گرد مارے گئے، جب کہ پولیس اہل کاروں اور نجی سیکورٹی گارڈز سمیت 7 افراد شہید ہوئے۔

  • افغان نائب صدارتی امیدوار پر خودکش حملہ، پاکستان کی مذمت

    افغان نائب صدارتی امیدوار پر خودکش حملہ، پاکستان کی مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے افغانستان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر طرح سے دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشت گرد حملہ نائب صدارتی امیدوار امراللہ صالح پر کیا گیا، پاکستان دہشت گرد حملے کی مذمت کرتا ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں جمہوری عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے، پاکستان افغانستان میں امن کے لیے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

    واضح رہے کہ آج افغانستان کے دار الحکومت کابل میں ایک کار بم دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 25 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  افغانستان، قندھار میں پولیس ہیڈ کوارٹر پرطالبان کا حملہ، 12 افراد ہلاک

    افغان حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے نائب صدارتی امیدوار امراللہ صالح کو ان کے دفتر میں نشانہ بنایا، دہشت گرد بھاری اسلحے سے لیس تھے۔

    نیوز رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں نے افغان خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ امراللہ صالح کی سیاسی تحریک افغانستان گرین ٹرینڈ کے دفتر پر حملہ کیا تھا، وہ موجودہ صدر اشرف غنی کے ساتھ نائب صدر کے منصب کے لیے امیدوار ہیں۔

    بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ صدر اشرف غنی اور امراللہ صالح کی کابل میں ایک انتخابی ریلی میں شرکت کے چند گھنٹے بعد پیش آیا۔

    حملے میں پہلے ایک گاڑی میں نصب دھماکا خیز مواد کو بموں سے اُڑایا گیا جس کی آڑ میں خود کش بمبار دفتر میں داخل ہو گئے تاہم سیکورٹی اہل کار موقع پر پہنچ گئے اور عمارت کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کے خلاف کارروائی شروع کی۔

    صدر اشرف غنی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ امراللہ صالح ملک دشمن دہشت گردوں کے حملے میں محفوظ رہے ہیں، اللہ کا شکر ہے کہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام ہوا۔

  • امریکا میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کا مبینہ منصوبہ ناکام، ایک شہری گرفتار

    امریکا میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کا مبینہ منصوبہ ناکام، ایک شہری گرفتار

    واشنگٹن: امریکا میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کا مبینہ منصوبہ نا کام بنا دیا گیا، پولیس نے 28 سالہ ایک امریکی شہری رونڈل ہنری کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن کے نیشنل ہاربر کمپلیکس میں پولیس نے ایک امریکی شہری کو گرفتار کیا تھا جس نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے امریکا میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کا مبینہ منصوبہ بنایا تھا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی حکام کا کہنا تھا کہ کسینو کمپلیکس پر ہجوم کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والا داعش سے متاثر ہے۔

    خیال رہے کہ پولیس نے کمپیوٹر انجینئر اٹھائیس سالہ رونڈل ہنری کو 28 مارچ کو واشنگٹن کے جنوب میں نیشنل ہاربر کمپلیکس پر ایک یو ہال وین چرانے پر گرفتار کیا تھا۔

    امریکی محکمہ انصاف کے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ہدف کی تلاش میں گاڑی لے کر واشنگٹن کے کئی مقامات پر گیا، دوران تفتیش ملزم نے فرانس جیسے حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  امریکا دہشت گردی کو اسپانسر کرنے والا ملک ہے،ایران

    عدالتی دستاویز کے مطابق ملزم نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ فرانس کے شہر نیس میں 2016 میں ہونے والے ٹرک حملے کے طرز پر گاڑی حملہ کرنا چاہتا تھا، خیال رہے کہ مذکورہ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

    ملزم کا کہنا تھا کہ وہ فرانس طرز پر دہشت اور افراتفری پھیلانا چاہتا تھا، گاڑی چرانے کے اگلے دن ہدف کی تلاش میں ڈلاس انٹرنیشنل ایئر پورٹ بھی گیا۔

    دستاویز کے مطابق ملزم اس کے بعد نیشنل ہاربر، دریا کنارے کسینو اور کنونشن سینٹر پر گیا جہاں بہت زیادہ ہجوم تھا، اس لیے ایک کشتی میں گھس کر رات گزاری، تاہم اگلی صبح چوری کی گاڑی کی طرف واپس آتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔

    خیال رہے کہ مذکورہ نوجوان کے گھر والوں نے اس کی گم شدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی اور اس کی جسمانی و ذہنی صحت کے بارے میں خدشات کا بھی اظہار کیا تھا۔

  • فرانس میں دہشتگردی کامنصوبہ ناکام‘4افراد گرفتار

    فرانس میں دہشتگردی کامنصوبہ ناکام‘4افراد گرفتار

    پیرس: فرانسیسی وزارت داخلہ کا کہناہےکہ ملک میں چار افراد کی گرفتاری کےبعد دہشتگرد حملے کا منصوبہ ناکام بنادیاگیا۔

    تفصیلات کےمطابق فرانس کے جنوبی موں پیلیئر میں پولیس کی جانب سے ایک مکان میں کارروائی کی گئی،اس دوران 4افراد کوگرفتار کیاگیاجن میں ایک 16سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔

    پولیس حکام کا کہناہےکہ نومبر 2015 میں پیرس میں ہوئے حملے میں استعمال ہونے والے بم سے ملتاجلتا سامان اس کارروائی کےدوران پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔

    مقامی میڈیا کی رپورٹس کےمطابق گرفتار کی گئی لڑکی سوشل میڈیا پر کہہ چکی ہیں کہ وہ شام وعراق جانا چاہتی ہیں یا پھر فرانس میں حملہ کرنا چاہتی ہیں۔

    مزید پڑھیں:پیرس حملوں کے ماسٹر مائنڈ اور مزید2خودکش حملہ آوروں کو شناخت کرلیا گیا

    مقامی میڈیا کے مطابق اس لڑکی نے ایک ویڈئو بھی بنائی تھی جس میں اس نےدہشت گرد تنظیم دولتِ اسلامیہ سے بیعت کا اعلان کیا تھا۔

    یاد رہےکہ گذشتہ ہفتے پیرس میں معروف عجائب گھر لوو کے باہر سکیورٹی اہلکاروں پر چاقو سے حملہ کرنے والے شخص کو فرانسیسی سپاہی نے گولی مار دی تھی۔

    واضح رہےکہ 2015 کے آغاز سے فرانس میں دہشت گرد حملوں میں کم از کم 230 افراد ہلاک ہو چکے ہیں،جبکہ درجنوں افراد ان حملوں میں زخمی ہوئے ہیں۔

  • الطاف حسین کی ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی مذمت

    الطاف حسین کی ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی مذمت

    لندن :متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لورالائی میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مزمت کرتے ہوئے حملے میں اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    الطاف حسین کا ایف سی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انتہا پسند عناصر نے پاکستان کیخلاف باقاعدہ جنگ چھیڑ رکھی ہے، ملک بھر میں سیکورٹی فورسز اور عوام کو مسلسل دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر اس طرح کی کاروائیوں کے ذریعے پاک فوج کی کاروائیوں کو ناکام بنانا چاہتے ہیں، وقت آگیا ہے کہ پوری قوم متحد ہوجائے اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دے۔

    یاد رہے کہ لورالائی کے علاقے میختر میں چیچلو چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے رات گئے حملہ کرکے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے بعد سیکورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    جس  کے نتیجے میں سات سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے جبکہ حملہ آور بھی زخمی ہوئے، چیک پوسٹ عملے کی حفاظت کے لئے نفری طلب کی گئی تو دہشتگردوں نے ان پر بھی حملہ کردیا۔

    فورسز کی شدید جوابی کارروائی کے نتیجے میں حملہ آور پسپا ہوکر زخمی حالت میں فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لئے ایف سی نے ڈی جی خان روڈ کو بند کرتے ہوئے علاقے میں ہیلی کاپٹر اور سرغ رساں کتوں کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔