Tag: دہشتگرد

  • کراچی سے کالعدم تنظیم کا کمانڈر ارشاد گل زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی سے کالعدم تنظیم کا کمانڈر ارشاد گل زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر ارشاد گل زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کیماڑی نے بتایا کہ پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کے دہشت گرد ارشاد گل عرف کمانڈو کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی فدا حسین جانوری کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم کے سوات گروپ سے ہے، اور وہ تخریب کاری سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہے۔

    گرفتار دہشت گرد 10 رکنی گینگ بنا کر شہر میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتیں کر رہا تھا، اس نے ضلع غربی، کورنگی، شرقی اور وسطی میں منظم گینگ بنا کر لوٹ مار کی وارداتیں کیں۔

    ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار دہشتگرد سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد کیے گئے، اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ان کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ حالیہ اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں بھی یہ گینگ ملوث ہے۔

    ادھر ایک اور کارروائی میں اتحا دٹاؤن سے مطلوب ڈکیت  سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے، مطلوب ملزم کو اسلحہ و چھینی گئی موٹر سائیکل سمیت گرفتار کیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت صفر کے نام سے ہوئی ہے، اور اس کے قبضے سے غیر قانونی  پستول برآمد ہوئی۔

  • باجوڑ: دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ، 4 دہشت گرد ہلاک

    باجوڑ: دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ، 4 دہشت گرد ہلاک

    باجوڑ: ضلع باجوڑ کے علاقے بلورو میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ میں 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ضلع باجوڑ کے علاقے بلورو میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، فوری جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، مارے گئے دہشت گرد فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار اشتیاق، سپاہی کامران شہید ہوئے، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 بے گناہ شہری بھی شہید ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پر عزم ہے، اور بہادر سپاہیوں، معصوم شہریوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

  • لاہور سے داعش کے 5 دہشت گرد گرفتار

    لاہور سے داعش کے 5 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ لاہور ریجن نے ایک بڑی کارروائی میں داعش کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی لاہور ریجن نے پانچ دہشت گرد گرفتار کر لیے، ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے ہے، گرفتار دہشت گردوں سے نفرت انگیز مواد برآمد کیا گیا۔

    سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کالعدم تنظیم کے ممبر لاہور کے بھٹہ چوک کے قریب موجود تھے، دہشت گردوں میں ناظم اللہ، ضیا الرحمان، اشتیاق، عبدالرحمان، اور ملک کاشف شامل ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ دہشت گرد لوگوں میں نفرت انگیز مواد تقسیم کر رہے تھے، اور اپنی تنظیم کے لیے فنڈ بھی جمع کر رہے تھے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے ایسی 40 کتابیں برآمد کی گئیں جن پر پابندی عائد ہے، فنڈز اور داعش کی 2 رسیدیں بھی برآمد ہوئیں۔

    لاہور اور سبّی میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائیاں، 6 گرفتار ایک ہلاک

    دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی لاہور نے ایک کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا، جن میں سے ایک دہشت گرد محب اللہ کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر تھی۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ محب اللہ ریڈ بُک میں شامل تھا، دوسرے دہشت گرد کا نام حنیف طیب ہے، دہشت گردوں کو گلشن راوی بندروڈ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔

  • میکسیکن فوجیوں نے تیز رفتار تعاقب کے دوران مجرم گروہ کو کیسے ٹھکانے لگایا؟ ویڈیو دیکھیں

    میکسیکن فوجیوں نے تیز رفتار تعاقب کے دوران مجرم گروہ کو کیسے ٹھکانے لگایا؟ ویڈیو دیکھیں

    میکسیکو: شمالی امریکی ملک میکسیکو میں جمعے کے روز ایک فوجی کانوائے پر حملہ کرنے والے مسلح گروہ کو میکسیکن فوجیوں نے کس طرح ہلاک کیا، اس کی ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے، جس میں مقابلے کے ڈرامائی لمحات دیکھے جا سکتے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق میکسیکن فوج کی جانب سے قاتلوں کے ایک مسلح گروہ کے ساتھ ہونے والے مقابلے کی ایک حیرت انگیز ویڈیو جاری کی گئی ہے، اس ویڈیو میں وہ ڈرامائی لمحات دیکھنے کو ملتے ہیں جب میکسیکو کے فوجیوں نے فرار ہوتے ہٹ اسکواڈ کارٹیل کا نہایت تیزر رفتاری سے تعاقب کرتے ہوئے بکتر بند کی چھت پر سے ان پر گولیاں برسائیں۔

    یہ واقعہ گزشتہ جمعہ کی صبح کو اس وقت پیش آیا جب 16 ویں موٹرائزڈ کیولری کے قافلے پر بدنام زمانہ ہِٹ اسکواڈ ٹروپا ڈیل انفرنو (جہنم کا گینگ) نے میکسیکو کی ریاست ٹامولیپس کے شہر نیوو لاریڈو میں حملہ کیا اور پھر فرار ہونے کی کوشش کی، بتایا گیا ہے کہ اس ہٹ اسکواڈ کا تعلق شمالی مشرقی میکسیکو کے بڑے جرائم پیشہ گروہ ڈیل نورسٹ سے تھا۔

    میکسیکن فوج کا کہنا تھا کہ اس مقابلے میں ‘جہنمی گروہ’ کے کم از کم 16 ممبر ہلاک ہوئے، جب کہ کوئی فوجی زخمی نہیں ہوا۔

    فوج کا کہنا تھا کہ وہ امریکا اور میکسیکو کو ملانے والے بین الاقوامی حوریز لنکن پُل سے دس میل دوری پر فریسنوس کے علاقے کی نگرانی کر رہے تھے، جب مسلح گینگ نے ان پر فوجی ہتھیاروں کے ساتھ حملہ کر دیا۔

    فوجیوں نے گینگ کے پک اپ ٹرک کا تیز رفتار تعاقب کرتے ہوئے حملے کا جواب دیا، اس دوران سڑک پر دیگر گاڑیاں بھی گزرتی رہیں، فوج کی بکتر بند گاڑی کی چھت پر دو دھاتی حفاظتی پینلز کے مابین رکھی گئی ایک اسالٹ رائفل نے مسلح گروہ پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔ تعاقب کے دوران ایک موقع پر ‘جہنمی گروہ’ نے اچانک ہائی وے پر یو ٹرن بھی لے لیا۔

    اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر بھی گردش کر رہی ہے جس میں جہنمی گروہ کے ارکان سڑک پر مرے ہوئے پڑے ہیں، اور ان کے جسموں پر فوجی لباس ہے۔ چند اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر لیک ہوئیں جن میں کارٹیل کے 12 ارکان کی لاشیں ایک پک اپ ٹرک کے پیچھے پڑی نظر آتی ہیں۔

    فوجی حکام کا کہنا تھا کہ اس جنگ جیسے مقابلے میں کوئی اہل کار زخمی نہیں ہوا، تاہم تین ملٹری گاڑیوں کو حملے کے دوران نقصان پہنچا۔ مسلح قاتل گروہ سے فوجیوں نے 12 اسالٹ رائفلز ، 2 بیریٹ رائفلز، 50 کیلیبر اسنائپر رائفلز اور 8 عدد AR-15 رائفلز قبضے میں لیے۔

    میکسیکو کا گروہ ڈیل نورسٹ کا قیام 2014 میں عمل میں آیا تھا جو اس وقت کی طاقت ور جرائم پیشہ تنظیم لاس زیٹس کے تحت تھا، اس تنظیم کی جڑیں میکسیکو کے کئی شہروں میں پھیلی ہوئی ہیں، اور اس کے سرغنہ جوآن گیرارڈو شاویز کے سر کی قیمت 1 لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے۔

  • 4 بھارتی شہری دہشت گردوں کی فہرست میں شامل، پاکستان نے اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا

    4 بھارتی شہری دہشت گردوں کی فہرست میں شامل، پاکستان نے اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے 4 بھارتی شہریوں کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا، بھارتی دہشت گردوں سے متعلق پاکستان نے اقوام متحدہ کو بھی آگاہ کر دیا۔

    وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق پاکستان نے چار بھارتی شہریوں وینو مادھا ڈونگارا، ایجوئے مسٹری، گوبندھا پٹنائیک اور انگارا آپا جی کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔

    ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ چاروں افراد تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، جماعت الاحرار اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے ساتھ منسلک ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی دہشت گردوں کو عالمی فہرست میں شامل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کو 2019 میں خط لکھا تھا تاہم وینو مادھا ڈونگارا کو دہشت گرد قرار دینے پر اعتراض کیا گیا، امید ہے دیگر تینوں نام اقوام متحدہ کی پابندی لسٹ میں شامل کیے جائیں گے۔

    کراچی اور گھوٹکی حملے کے تانے بانے را سے ملتے ہیں، ابتدائی رپورٹ

    یاد رہے کہ چند دن قبل ایک ہی روز کراچی اور اندرون سندھ گھوٹکی شہر میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے تھے، دونوں شہروں میں رینجرز اہل کاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا، سیکورٹی اداروں کا کہنا تھا کہ کراچی میں رینجرز پر حملے کے لیے روسی ساختہ ہینڈ گرینیڈ استعمال کیا گیا، گھوٹکی واقعے میں بھی ہینڈ گرینیڈ کے استعمال کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

    سیکورٹی اداروں نے حملوں کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ اسی طرح کے دستی بم بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سلیپر سیلز سے برآمد کیے گئے تھے، اور حملوں کے تانے بانے وہیں سے ملتے ہیں۔

  • کراچی میں کالعدم تنظیم کے 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    کراچی میں کالعدم تنظیم کے 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    کراچی: شہر قائد سے کالعدم تنظیم کے 2 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس معلومات پر سی ٹی ڈی کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار کر لیے۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں میں سمیع اللہ عرف ارشد اور محمد جعفر عرف برکت عرف افتخار شامل ہیں، یہ ملزمان پاک فوج، نیوی، رینجرز اور پولیس کے خلاف کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان سیاسی فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہے، ملزمان نے عبداللہ دانش اور نعیم عرف ماسٹر کے ساتھ مل کر کارروائی کی، ملزمان نے عاصم کیپری اور اسحاق بوبی کے ساتھ مل کر بھی کارروائی کی تھی، ان ملزمان نے مزید دو افراد عطاالرحمان عرف نعیم بخاری اور صابر سے مل کر بھی کارروائی کی۔

    رینجرز ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے ماسٹر مائنڈ عطاالرحمان عرف نعیم بخاری اور صابر پہلے سے گرفتار ہیں، یہ ملزمان دہشت گردوں کی انتہائی مطلوب فہرست میں شامل ہیں، ان پرحکومت سندھ نے فی کس 50 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا ہے، ملزمان کی نشان دہی پر دہشت گردی میں استعمال اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان نے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔

  • ایرانی پارلیمنٹ نے امریکی فوج کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

    ایرانی پارلیمنٹ نے امریکی فوج کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

    تہران: ایرانی پارلیمنٹ نے امریکی فوج کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا بل منظور کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ ایران کی پارلیمنٹ نے ایک ایسا بل منظور کر لیا ہے جس میں امریکی فوج کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا۔

    یہ اقدام اس امریکی بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اگر کسی بھی ملک نے ایرانی تیل خریدنا جاری رکھا تو اس کے خلاف پابندیاں لگا دی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ ایرانی پارلیمنٹ میں گزشتہ ہفتے پیش کردہ بل میں کہا گیا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں موجود تمام امریکی فوج دہشت گرد ہے، آج پوری امریکی فوج کو دہشت گرد قرار دینے والے بل کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ رواں ماہ کے آغاز میں امریکا کی جانب سے بھی ایرانی پاسداران انقلاب کی فورس کو بھی دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔

    امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کر دیا

    ایرانی تیل کی تجارت کو محدود کرنے کے امریکی بیان سے چند گھنٹے قبل ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی دھمکی کو دہرا دیا تھا، ایران کا کہنا تھا کہ اگر اسے خلیج میں اہم بحری راستے کے استعمال سے روکا گیا تو وہ آبنائے ہرمز بند کر دے گا، جہاں سے تیل کی ایک تہائی تجارت ہوتی ہے۔

    خیال رہے کہ آج امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے، ایرانی وزیر خارجہ نے جمعرات کو سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت کرنی تھی۔

    دوسری طرف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کر دیا ہے، انھوں نے عالمی رہنماؤں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تناؤ سے غیر متوقع فیصلے اور ان کے خطرناک نتائج سامنے آتے ہیں۔

  • مردان پولیس سے مقابلے میں دہشت گرد آصف خان ہلاک

    مردان پولیس سے مقابلے میں دہشت گرد آصف خان ہلاک

    پشاور: خیبر پختون خوا کے شہر مردان میں پولیس سے مقابلے کے دوران دہشت گرد آصف خان ہلاک ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع مردان کی پولیس کے ساتھ انکاؤنٹر میں خطرناک دہشت گرد آصف خان مارا گیا، ڈی پی او کا کہنا ہے کہ آصف خان اے ایس آئی سمیت 6 افراد کے قتل میں پولیس کو مطلوب تھا۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے میڈیا کو بتایا کہ مقابلے میں ہلاک دہشت گرد آصف خان بھتہ خوروں کا سرغنہ بھی تھا، دہشت گرد سے کلاشنکوف، میگزین اور نشہ آور دوائیں بھی برآمد ہوئیں۔

    واضح رہے کہ تین دن قبل کے پی پولیس نے کہا تھا کہ خیبر پختون خوا میں رواں سال کے 10 مہینوں کے دوران دہشت گردی اور دیگر جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی، صوبے میں رواں سال کے پچھلے 10 ماہ جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے انتہائی تسلی بخش رہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بنوں: سی ٹی ڈی اہل کار فائرنگ سے شہید

    پختون خوا پولیس کے مطابق دس ماہ کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی جو کہ صوبے میں بہترین پولیسنگ کی آئینہ دار ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے خیبر پختون خوا کے ضلع بنوں کے علاقے منجہ خیل میں فائرنگ سے ایک سی ٹی ڈی اہل کار شہید ہو گئے تھے، اہل کار میر شہباز دفتر جانے کے لیے گھر سے نکلے تو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائر کھول دیا، جس سے وہ موقع ہی پر شہید ہو گئے۔

  • تین سال میں 14 مرتبہ گرفتار ’دہشت کی علامت‘ ایک بار پھر گرفتار

    تین سال میں 14 مرتبہ گرفتار ’دہشت کی علامت‘ ایک بار پھر گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں دہشت کی علامت سمجھا جانے والا ساجد کالا گرفتار کر لیا گیا ہے، سیف عرف ساجد کالا کا کریمنل ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات شاہ فیصل پولیس نے اہل کاروں پر حملے کے دوران سیف عرف ساجد کالا کو گرفتار کیا تھا، آج پولیس نے ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم کی فائرنگ سے ایک پولیس اہل کار خمی ہوا تھا، ملزم دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے، سیف عرف ساجد کالا 2014 سے 2017 تک 14 مرتبہ گرفتار ہو چکا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی پولیس کی بڑی کارروائی، 96 افراد کا قاتل گرفتار

    پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ملزم کارروائی کے دوران فائرنگ کرنے سے بھی نہیں ہچکچاتا تھا، ملزم نے ساتھی کے ہمراہ کورنگی کے اسپتال میں لوٹ مار کی تھی، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی ملزم کو شناخت کر لیا۔

    فیصل عبداللہ چاچڑ نے کہا کہ ملزم نے 2019 میں پولیس اہل کار سے اسلحہ بھی چھینا تھا، سیف عرف ساجد کالا نے چھینے پستول کا نمبر مٹا کر اسے تبدیل کر دیا تھا، پولیس اہل کار نے بھی گرفتار ملزم کو شناخت کر لیا۔

    یاد رہے کہ 20 نومبر کو ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 96 افراد کے قاتل کو گرفتار کر لیا تھا، ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔

  • دہشت گردی کے الزام میں عمر قید کے ملزم کو بری کر دیا گیا

    دہشت گردی کے الزام میں عمر قید کے ملزم کو بری کر دیا گیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں پشاور رجسٹری سے ویڈیو لنک کے ذریعے کیسز کی سماعت ہوئی، سپریم کورٹ نے دہشت گردی کے الزام میں عمر قید کے ملزم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے پشاور سے کیسز کی سماعت ہوئی۔ دہشتگردی کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔

    سپریم کورٹ نے دہشت گردی کے الزام میں عمر قید کے ملزم کو بری کر دیا۔ عدالت نے ملزم افضل ملک کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیا۔

    ملزم افضل ملک کو سنہ 2013 میں دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، ملزم کی رہائش گاہ سے بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد کیا گیا تھا۔ ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ نے ملزم کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

    سپریم کورٹ میں دوران سماعت وکلا نے ویڈیو لنک کے ذریعے پشاور رجسٹری سے دلائل دیے۔ وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس نے چھاپہ مار کر ملزم کی رہائش گاہ سے ساری چیزیں برآمد کیں، بارودی مواد کا تعلق ملزم کے ساتھ ثابت نہیں ہوسکا۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ پولیس دیکھ رہی ہے کہ انہوں نے اتنا بڑا دہشت گرد پکڑا لیکن ان کی نااہلی کی وجہ سے بری ہو رہا ہے۔ گولہ بارود برآمد ہونے کے باوجود سرکار کی نا اہلی سے وہ ملزم ثابت نہ ہو سکا۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ بارودی مواد برآمد کرنے کے بعد اسے فوری طور پر سیل نہیں کیا گیا، ہم نے قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔ برآمد بارودی مواد 19 دن بعد متعلقہ تھانے کے محرر کے حوالے کیا گیا۔