Tag: دہشت گردانہ

  • امریکا میں اسلام مخالف دہشت گردانہ حملے کے منصوبہ سازوں کو قید

    امریکا میں اسلام مخالف دہشت گردانہ حملے کے منصوبہ سازوں کو قید

    واشنگٹن:امریکا میں گھریلو ساختہ بم کے ذریعے مسلمان شہریوں پر دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے دو افراد کو سزائے قید سنا دی گئی۔ جج نے دونوں مجرموں کو امریکی جمہوری معاشرے کے تمام افراد کے لیے خطرہ قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیس سالہ برائن کولانیری اور انیس سالہ اینڈریو کریسل نامی دونوں شدت پسندوں کو نیویارک کی مسلم کمیونٹی کو دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے الزام میں چار اور بارہ برس قید کی سزا سنائی گئی،دونوں افراد نے جون کے مہینے میں دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے جرم کا اعتراف کیا تھا۔

    مونرو کاؤنٹی کی عدالت کے جج سیموئل ویلیریانی نے سزا سناتے وقت مجرموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمہارا دہشت گردانہ منصوبہ صرف اس کا شکار بننے والوں کی طرز زندگی کے خلاف ایک بیہمانہ دھمکی نہیں تھا بلکہ یہ ہمارے جمہوری معاشرے کے تمام افراد کے لیے خطرہ تھا،دونوں مجرموں نے جج کے سامنے اپنے جرم پر ندامت کا اظہار کیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کولانیری نے کہاکہ میں کبھی بھی اس حد تک نہیں جانا چاہتا تھا،ان دونوں اور دو دیگر افراد پر اسلام برگ میں دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا، اسلام برگ نیویارک کے نواحی قصبے ٹومپکنز کی دیہاتی مسلم کمیونٹی ہے۔

    امریکی سکیورٹی حکام نے ان افراد کو رواں برس جنوری میں گرفتار کیا تھا اور ان کے قبضے سے تئیس آٹومیٹک بندوقوں کے علاوہ تین گھریلو ساختہ بم بھی برآمد ہوئے تھے۔

    دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے حوالے سے پولیس کو عام شہریوں نے اطلاع دی تھی۔ مقامی کمیونٹی کو ان کے رویوں کے بارے میں شبہ ہوا تھا۔

    ابتدائی معلومات ملنے کے بعد تفتیش کاروں نے گزشتہ برس کے اختتام تک انہیں نظر میں رکھا ہوا تھا لیکن ایک نوجوان نے پولیس کو بتایا کہ اس نے لنچ کے دوران ان لوگوں کی کچھ گفتگو سنی جس میں وہ حملے کے منصوبے پر آپس میں بات چیت کر رہے تھے۔

    جس کے بعد ان چاروں کی گرفتاری ممکن ہوئی،مجرموں کو سزا سنائی گئی تو اسلام برگ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے درجنوں افراد بھی عدالت میں موجود تھے۔

    ایک مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے اسی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون طاہرہ کلارک نے بتایا کہ اس منصوبے کا علم ہونے کے بعد سے علاقے کے لوگوں کی زندگیاں معمول کے مطابق نہیں رہیں۔

    دہشت گردی کے تیسرے منصوبہ ساز بیس سالہ وینسنٹ ویٹرومائل بھی غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم کا اقرار کر چکا ہے اور اس کے بارے میں فیصلہ ممکنہ طور پر انتیس اگست کے روز سنایا جائے گا۔

    چوتھے مجرم کی عمر سولہ برس ہے اور اسے دہشت گردی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں سات برس قید کی سزا سنائی جا چکی ہے جس میں سے پہلے دو برس وہ کم عمروں کی جیل میں گزارے گا۔

  • پاکستان میں‌ دہشت گردانہ حملوں‌ کی دھمکی، بلغارین نوجوان کو قید

    پاکستان میں‌ دہشت گردانہ حملوں‌ کی دھمکی، بلغارین نوجوان کو قید

    پیراگوئے : عدالت نے پاکستان میں گرفتار ماڈل کی رہائی کےلیے دہشت گردانہ حملوں کی دھمکی دینے والے نوجوان کو ساڑھے 3 برس قید کی سزا سناتے ہوئے جیل منتقل کرنے کا حکم سنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جمہوریہ چیک کی عدالت نے منشیات اسمگل کرنے کے جرم میں گرفتار چیک کی خاتون ماڈل کو رہا کروانے کے لیے پاکستان میں دہشت گردانہ حملے کرنے کے دھمکی آمیز پیغام بھیجنے والے نوجوان کو ساڑھے تین برس قید کی سزا سنادی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پیراگوئے کی عدالت میں دوران سماعت 21 سالہ نوجوان نکولائی سموئنوف ایوانوف پر پاکستانی نشریاتی اداروں کو دھمکی آمیز پیغامات کا جرم ثابت ہونے کے بعد سزا سنائی گئی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ 21 سالہ نوجوان نے پاکستانی نشریاتی اداروں کو ارسال کیے گئے پیغامات میں مطالبہ کیا تھا کہ رواں برس جنوری میں لاہور ایئرپورٹ سے منشیات اسمگل کرتے ہوئے گرفتار ہونے والی جمہوریہ چیک کی ماڈل ٹیریزا ہلسکووا کو 48 گھنٹوں کے اندر رہا کیا جائے وگرنہ پاکستان میں دہشت گردانہ حملے ہوں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نکولائی سمیونوف نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ میرے پیغامات کو اتنی سنجیدگی سے لیا جائے گا اور اس کے یہ نتائج نکلیں گے۔

    یورپی میڈیا کا کہنا ہے کہ بلغارین نوجوان کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی نوجوان کے سزا معطل کی جائے تاہم عدالت نے نوجوان وکیل کا مطالبہ ماننے کے بجائے سزا مکمل ہونے کے بعد 8 برس کے لیے ملک بدر کرنے کا حکم سنا دیا۔

    خیال رہے کہ مجرم نکولائی سمیونوف سنہ 2016 سے جمہوریہ چیک میں رہائش پذیر ہے اور چیک کی خاتون ماڈل کو رواں سال جنوری میں لاہور ایئر پورٹ پر 9 کلو ہیروئن منشیات اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔

  • پاکستان ایران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتا ہے، دفتر خارجہ

    پاکستان ایران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتا ہے، دفتر خارجہ

    اسلام آباد : پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے ایرانی شہر احواز میں فوجی پریڈ کے دوران ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ  پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل میں مذمت کرتا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایران کے شہر احواز میں آج صبح سیکیورٹی فورسز کی پریڈ کے دوران نامعلوم افراد نے حملہ کیا تھا، فائرنگ کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 20 افراد زخمی 11 جاں بحق ہوگئے۔

    ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ فوجی پریڈ ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں سپاہ پاسداران کے 8 اہلکاروں سمیت 11 افراد کے جاں بحق ہوئے ہیں۔


    ایران: فوجی پریڈ پر حملہ، 11 افراد جاں بحق، 20 زخمی


    ایرانی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں پریڈ میں موجود عام شہریوں پر فائرنگ کی تھی اور اعلیٰ سیکیورٹی افسران کوگولیوں کا نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق سنہ 1980 میں عراقی آمر صدام حسین کی جانب سے ایران پرمسلط کی گئی جنگ کے 38 برس مکمل ہونے کے حوالے سے احواز سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پریڈ جاری ہیں۔