ڈی آئی خان : درابن بائی پاس پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے محکمہ ایکسائز کے اے ایس آئی سمیت دو اہلکار شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈیرہ درابن بائی پاس پر دہشتگردی کے واقعے میں محکمہ ایکسائز کے اے ایس آئی سمیت دو اہلکار شہید جبکہ ہوٹل کا مالک زخمی ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اے ایس آئی ایکسائز پولیس اسٹیشن سائوتھ ریجن، سید علی شاہ اور امدادی رضاکار عابدین ڈیوٹی کے دوران ڈیرہ درابن روڈ پر ہاشم ہوٹل پر ناشتہ کرنے کے لیے رکے ہوئے تھے اور دیگر اسٹاف کا انتظار کر رہے تھے۔
حکام کا کہنا تھا کہ اس دوران دو نامعلوم مسلح دہشتگرد موٹرسائیکل پر آئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے دونوں اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ہاشم جو ہوٹل کا مالک ہے زخمی ہوگیا۔
ای ٹی او ایکسائز ڈیرہ فرید اللہ خان نے بتایا کہ واقعہ محکمہ ایکسائز کے عملے پر دہشتگردی کے حالیہ واقعات کا تسلسل ہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔