Tag: دہشت گردی کی بڑی کارروائی

  • پولیس لائن لورالائی میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام، 3 خودکش حملہ آور ہلاک

    پولیس لائن لورالائی میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام، 3 خودکش حملہ آور ہلاک

    راولپنڈی : سکیورٹی فورسز نے پولیس لائن لورالائی میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنادی اور بر وقت کارروائی سے تینوں خود کش حملہ آور مارے گئے جبکہ آپریشن میں ہیڈ کانسٹیبل اللہ نواز شہید اور 2 کانسٹیبل زخمی ہوئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آج صبح 3 خودکش بمباروں نے لورالائی پولیس لائن پر حملے کی کوشش کی، تینوں خودکش حملہ آوروں کو پولیس نے داخلی چیک پوسٹ پر موثر طریقے سے چیک کیا، ایک خودکش حملہ آور داخلی دروازے پر ہی مارا گیا، جبکہ دیگر دو کو پولیس لائن کے اندر ہلاک کردیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے ایف سی اور کوئیک ریسپانس فورس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک خودکش بمبار نے اپنے آپ کو اڑا دیا، جبکہ دوسرے خودکش بمبار کو سیکورٹی فورسز نے ہلاک کردیا۔

    ترجمان کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل اللہ نواز شہید ہوگئے جبکہ 2 کانسٹیبل شدید زخمی ہوئے جبکہ سیکورٹی فورسز نے لورالائی پولیس لائن کمپاونڈ کو کلئیر قرار دے دیا ہے۔

    مزید پڑھیں : لورالائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 خودکش بمباروں سمیت 4 دہشت گرد ہلاک

    یاد رہے رواں سال مارچ میں بھی آپریشن ردالفساد کے تحت صوبہ بلوچستان کے علاقے لورالائی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر آپریشن کیا تھا ، جس میں 2 خودکش بمباروں سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ بھی ہلاک ہوگیا، ہلاک ماسٹر مائنڈ کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد زیارت میں 6 لیویز اہلکاروں کو شہید کرنے میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آپریشن کے دوران 4 سیکیورٹی اہلکار بھی معمولی زخمی ہوئے۔

  • آپریشن ردالفساد، بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام، ایک دہشت گرد گرفتار

    آپریشن ردالفساد، بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام، ایک دہشت گرد گرفتار

    کوئٹہ : آپریشن ردالفساد کے تحت سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنادی، کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار کر کے  بھاری اسلحہ برآمد کرلیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا ردالفساد آپریشن کامیابی سے جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ،کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کوگرفتار کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کے قبضے سے تیار خودکش جیکٹ، بم بنانے کا سامان اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیا گیا،گرفتار ملزم افغان شہری ہے جوغیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھا۔

    یاد رہے 11 جنوری کو بھی آپریشن رد الفساد کےتحت ایف سی بلوچستان نے قلات،خاران اورمائی وند میں مشتبہ ٹھکانوں پر کارروائی کی تھی ، آپریشن کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں : آپریشن ردالفساد ، بلوچستان میں ایف سی کی کارروائی ، 2 دہشت گرد ہلاک

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تلاشی کے دوران دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ گولہ بارود برآمدہوا، ہتھیاروں میں سب مشین گنیں،گرنیڈ،مائنز،آر پی جی سیون راکٹ شامل ہیں جبکہ مواصلاتی آلات بھی برآمد کئے گئے۔

    یاد رہے چند روز قبل سیکورٹی فورسز نے لورالائی میں ایف سی کے تربیتی مرکز کے رہائشی علاقے پر حملے کی کوشش نا کام بنا دی تھی، جس میں 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ 4 اہل کار شہید ہو گئے تھے، شہید ہونے والے جوانوں میں صوبیدار میجر منور، حولدار اقبال، حولدار بلال اور سپاہی نقشب شامل تھے۔

    اس سے قبل ستمبر میں سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا تھا، جس کے نتیجے میں لشکر جھنگوی اور داعش کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے تھے ۔

    واضح رہے کہ ماضی میں بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کیا جا چکا ہے جب کہ ایف سی متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کرچکی ہے۔