Tag: دہشت گردی کے خاتمے

  • پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششیں قابل تعریف ہیں ، چینی وزارت خارجہ

    پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششیں قابل تعریف ہیں ، چینی وزارت خارجہ

    بیجنگ : چین کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر گائیڈلائنز کے اجرا سے پاکستان کا دہشت گردی کے خاتمے کاعزم ظاہرہوتا ہے، پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان چینی وزارت خارجہ نے میڈیا بریفنگ میں کہا ک دہشت گردی کیخلاف نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ کے لئے گائیڈ لائنز کا اجرا  پاکستان کا تازہ اقدام ہے، چین ان اقدام کوسراہتا ہے ، اس اقدام سے پاکستان کا دہشت گردی کے خاتمے اور یو این ایس سی کی پابندیوں سے متعلق قرارداد کے نفاذ کا عزم ظاہر ہوتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا اہم کردارہے اور دہشت گردی کیخلاف پاکستان نے بہت قربانیاں دیں ، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں قابل تعریف ہیں۔

    چینی وزارت خارجہ نے کہا چین کو پاکستان کے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل اعتماد ہے، پاکستان اپنی قومی سلامتی کی پالیسیوں کے مطابق نیشنل ایکشن پروگرام پر مکمل عملدرآمد کرے گا اور چین پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا امید ہے  عالمی برادری پاکستان کے اس اقدام کو سراہے اور  عالمی اور علاقائی امن و استحکام کی بحالی کیلئے تعاون کرے گی۔

    یاد رہے چند روز قبل انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان نے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں سے متعلق قرارداد پر پالیسی گائیڈ لائنز جاری کی تھی۔

    مزید پڑھیں : دہشت گردی کا خاتمہ، پاکستان کا ایک اور بڑا اقدام

    سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے کہا  تھا کہ بےمثال قومی عزم،اجتماعی دانش و قربانی سے ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور اس میں فتح حاصل بھی کیا، سیکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں کی مؤثرحکمت عملی کارگرثابت ہوئی،  پالیسی گائیڈلائنز سے تمام فریقین کو قرارداد کو سمجھنے میں مددملےگی۔

    خیال رہے چین کے صدر نےوزیراعظم عمران خان 25 اپریل کو چین کا دورہ کریں گے  اور بیلٹ اینڈروڈشوکی خصوصی تقریب میں وزیراعظم بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

     

  • سہ فریقی مذاکرات : پاکستان، افغانستان اور چین دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے پر متفق

    سہ فریقی مذاکرات : پاکستان، افغانستان اور چین دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے پر متفق

    کابل : پاکستان، افغانستان اور چین تیسرے وزرائے خارجہ مذاکرات میں تینوں ممالک ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور جڑ سے خاتمے پر متفق ہوگئے، مذکرات آئندہ سال پاکستان میں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے سہ فریقی وزرائے خارجہ مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، اجلاس کی صدارت افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے کی،اس موقع پر پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور چینی وزیرخارجہ وانگ ژی بھی موجود تھے۔

    مذاکرات کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تینوں ممالک ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائی اور جڑ سے خاتمے پر متفق ہوگئے ہیں، سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے لئے سہ فریقی تعاون مستحکم کیا جائے گا، منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے نیٹ ورک کو توڑنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں کی مالی معاونت، بھرتی اور تربیت کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے لئے استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا، اس کے علاوہ انٹرنیٹ سے دہشت گردی کے پھیلاؤ کی روک تھام اور انتہاپسندی کا خاتمہ کرتے ہوئے تینوں ممالک اپنی سرزمین دہشت گردی کے لئے استعمال نہیں ہونے دیں گے، ان تمام نکات پر مبنی جامع مفاہمتی یادداشت پر تینوں ممالک نے دستخط کردیے۔

    اعلامیہ کے مطابق پاکستان، افغانستان اور چین مشترکہ انداز میں سیاسی اعتماد قائم کریں گے، افغان مفاہمتی عمل، ترقیاتی تعاون اور روابط کو بڑھایا جائے گا اور افغان امنگوں کے عین مطابق افغان مفاہمتی عمل کی حمایت کی جائے گی۔

    اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سہ فریقی مذاکرات میں پاکستان اور چین نے افغان صدر کےجامع امن منصوبے کو سراہا اور تمام ممالک نے افغان طالبان سمیت تمام فریقین کو تشدد ختم کرنے اور قیام امن کے عمل کا حصہ بننے پر زور دیا۔

    اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان سماجی، معاشی اور اقتصادی ترقی کےجامع فریم ورک پر اتفاق کیا گیا جس کے تحت تینوں ممالک تعلقات مضبوط، رابطہ اور تعاون میں اضافہ کریں گے۔

     اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں چین کے ایک سڑک، ایک راستہ بی آر آئی منصوبے کی حمایت اور افغانستان پر علاقائی اقتصادی تعاون کانفرنس کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا، پاکستان، چین اور افغانستان اقتصادی ترقی کے لئے مشترکہ اقدامات پر متفق ہوگئے۔

    اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر تبادلہ پروگرامز، استعداد کار میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، چین، پاک افغان سرحد پرغلام خان پر ویزہ مراکز اور پانی کی ترسیل کے منصوبے شروع کرے گا، چین چمن اور اسپن بولدک میں کولڈ اسٹوریج سہولیات تعمیر کرے گا۔

    اس کے علاوہ چین، پاکستان اورافغانستان کو بڑے توانائی اور رابطہ منصوبوں میں بھی مدد فراہم کرے گا، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ، قندھار ریلوے، پشاور، کابل موٹروے اور ریلوے منصوبوں کی تعمیر کی جائے گی، مذاکرات میں پاکستان اور چین کی جانب سے افغان پارلیمانی انتخابات کے کامیاب تکمیل پرمبارکباد دی گئی۔

    اجلاس میں صدارتی انتخاب کے2019میں انعقاد کے لئے افغان حکومت کی کاوشوں کی تعریف کی گئی، پاک، افغان، چین نائب وزرائے خارجہ کی سطح پر انسداد دہشت گردی، سیکیورٹی مذاکرات کا جلد انعقاد ہوگا، اس کے علاوہ مذاکرات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاک، افغان، چین تیسرے وزرائے خارجہ مذاکرات 2019میں اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔