Tag: دہشت گردی

  • دہشت گردی کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے، شرجیل میمن

    دہشت گردی کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے، شرجیل میمن

    کراچی : سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ دہشت گردی اس ملک کے لئے ناسور بن گئی ہے اور ماضی میں اس کے جو بیج بوئے گئے تھے، حکومت اس کے خلاف بھرپور ایکشن لے رہی ہے۔ جو سیاسی و مذہبی جماعتیں کبھی ان کو اپنے سسٹم کا حصہ تصور کرکے ان سے بات چیت کرنے کی باتیں کرنے کا کہتی تھی وہ بھی آج انہیں لاتوں کا بھوت تصور کررہی ہیں۔

    آج ملک کی عسکری اور تمام سیاسی قوتیں ان دہشت گردوں کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں کہ ان کااس ملک سے خاتمہ کرکے ہی دم لیں گے۔ سندھ حکومت صوبے میں ہونے والے سنگین واقعات کا سختی سے نوٹس لے کر تمام دستیاب وسائل اوراسٹریجیٹی کے ساتھ امن کے قیام کے لئے اقدامات کررہی ہے۔

    وہ سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ منگل کی صبح گلشن اقبال میں اسکول کے قریب اور بعد ازاں سائٹ ایریا میں رینجرز کی موبائل پر حملے کے واقعات افسوس ناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سنگین واقعات کے سبب ہی سندھ حکومت اپنے تمام دستیاب وسائل کو استعمال کرتے ہوئے صوبے میں قیام امن کے لئے اقدامات کررہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ایپیکس کے اجلاس میں بھی کور کمانڈر سندھ، آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سمیت تمام اعلیٰ افسران نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ صوبے میں قیام امن کے ئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور دہشت گردوں کا خاتمہ کرکے ہی دم لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور دہشت گردوں سے نبردآزما ہونے کے لئے ایک ہزار پولیس اہلکاروں کو ایس ایس جی کے کمانڈو کے تحت تربیت دی جائے گی۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ ہمیں اب طالبان اور کالعدم تنظیموں کے خلاف سخت سے سخت اقدامات لینے کی ضرورت ہے اور آج بھی ہماری کوشش ہے کہ اس ملک کو دہشت گردی اور ان کی سوچ کے حامل لوگوں سے پاک کرایا جائے کیونکہ یہ ہماری تعلیم، مذہب، انسان اور معیشت کے ساتھ ساتھ ملک دشمن سوچ رکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں ان قوتوں کو پھلنے پھولنے کا موقع دیا گیا اور کچھ سیاسی اور مذہبی طاقتوں کے انہیں اپنے سسٹم کا حصہ قرار دے کر ان سے بات چیت کرنے کا بھی کہا لیکن آج وہی سیاسی و مذہبی قوتیں انہیں خود لاتوں کا بھوت قرار دے چکی ہیں اور آج ملک کی عسکری اور سیاسی قوتیں اس پر متحد ہیں کہ ان کا قلعہ قمع کیا جائے۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ آج بھی ہماری فوج اور سول حکومت ایک آواز ہوکر ان کے خلاف لڑ رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کسی بھی دہشت گرد کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور ہماری پولیس اور رینجرز برد باری سے ان کے خلاف آپریشن کررہی ہے اور کئی دہشت گرد مارے گئے ہیں اور پکڑے گئے ہیں اور آج بھی اسی طرح ان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

    سندھ میں نئے سیاسی اتحاد کے حوالے کے سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ بھلے کتنے ہی سیاسی اتحاد بنیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اس وقت سیاست کا وقت نہیں بلکہ ایک قوم بن کر ملک کے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔

    ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم مدارس کے خلاف نہیں ہیں لیکن وہ مدارس جو تعلیم کی بجائے دہشت گردی کو فروغ دینے میں ملوث ہوں گے ان کے خلاف کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ایپیکس کے اجلاس میں تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں اس حوالے سے رپورٹ تیار کریں اور نئے مدار س کو تعمیر سے قبل ان کی این ا و سی کو یقینی بنائیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور محکمہ داخلہ سندھ مختلف مذہبی اسکالرز سے بھی رابطہ کرے گی اور ان سے مدد طلب کرے گی اور جہاں جہاں اس طرح کے غلط مدارس بنے ہوئے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    ایک اور سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ اب تبدیلی یقینی ہے اور دہشت گردی کی سوچ، ادارے اور اس میں ملوث یا اس کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف کارروائی یقینی ہے۔

  • بھارت کی سرحدی خلاف ورزیوں پرخاموش نہیں رہیں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

    بھارت کی سرحدی خلاف ورزیوں پرخاموش نہیں رہیں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

    لندن: ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل عاصم باجوہ کہتے ہیں دہشت گردی کیخلاف حکومت اورفوج مل کرکام کررہی ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ جمہوریت کیلئے فوج نےبڑا کردار اداکیا، دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئےفوج اور حکومت مل کرکام کررہے ہیں۔

     میجرجنرل عاصم باجوہ نے مشرقی سرحدوں پر جارحیت کو خطرناک قرار دیتے ہوئےکہاکوئی ملک خطے میں تناؤ نہیں چاہتا۔

     ترجمان پاک فوج نے بتایابھارت میں انتہا پسندی بڑھ رہی ،پاکستان میں کسی ٹارگٹ کونشانہ بناناکوئی مذاق نہیں۔

     ڈی جی آئی ایس پی آرکاکہناتھامتفقہ طورپرتیارکئے گئےنیشنل ایکشن پلان پرصوبوں کی سطح پرعمل ہورہاہے۔

  • کراچی ایئرپورٹ پرسخت سیکیورٹی، رینجرز پولیس ہائی الرٹ

    کراچی ایئرپورٹ پرسخت سیکیورٹی، رینجرز پولیس ہائی الرٹ

    کراچی:جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سیکیورٹی ہائی الرٹ، رینجرز اور پولیس تعینات کردی گئی، تفصیلات کے مطابق کراچی میں حساس اداروں کی جانب  سے کی جانے جانے والی پیش گوئی اور دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر کراچی ایئر پورٹ کے ٹرمینل ون پر حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں۔

    اے ایس  ایف اہلکاروں کو بھی الررٹ کر دیا گیا ہے،ایئر پورٹ پر آنے والی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے، پولیس اور رینجرز کے دستے پہلوان گوٹھ سے ایئر پورٹ آنے والے راستے پر گشت کررہے ہیں۔

    جبکہ دوسری جانب سول ایوی ایشن کے ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق کسی قسم کی کوئی تھریڈ نہیں ملی ہے اور ڈی جی رینجرز نے سیکورٹی صورتحا ل کے حوالے سے معمول کا دورہ کیا ہے۔

  • دنیا کی دوسری افواج کے برعکس پاک فوج میں خود کشی کی شرح صفر

    دنیا کی دوسری افواج کے برعکس پاک فوج میں خود کشی کی شرح صفر

    کراچی: دہشت گردی کے خلاف بدترین جنگ لڑنے والی پاک فو ج میں خود کشی کی شرح صفر ہے،  بھارتی فوج میں سالانہ 120افراد خود کشی کرتے ہیں ۔

    دنیا بھر میں مسلّح تصادم میں مصروف افواج میں خودکشی کا تناسب بڑھ رہا ہے، ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 2009ء سے 2013ء کے پانچ سالوں میں 597بھارتی فوجیوں نے خود کشی کی، یعنی 120فوجیوں نےسالانہ خود کشی کی۔

     برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق 2012ء میں 247امریکی فوجیوں نے خود کشی کی، اس سال دورانِ جنگ مرنے والے امریکیوں کی تعدادصرف 222تھی، امریکہ اور بھارت میں فوجیو ں کو خود کشی سے روکنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔

    برطانوی اخبار ڈیلی ٹیلی گراف کے مطابق 2012ء میں پچاس حاضر سروس اور ریٹائر برطانوی فوجیوں نے خود کشی کی۔

     اسرائیلی اخبار ہاریٹز کے مطابق 2014ء میں دس صیہونی فوجیوں نے اپنی جان لی، ان میں سے چار جولائی میں پچاس روزہ غزہ جنگ میں شریک رہے تھے، اسرائیلی افواج میں ڈیوٹی پر موجود افسروں اور جوانوں کی کل تعداد صرف ایک لاکھ ستاسی ہزار (187,000)ہے ۔

     دہشت گردی کے خلاف بدترین جنگ لڑنے والی پاکستانی فوج میں 2014ء کے دوران خودکشی کا ایک بھی واقع رپورٹ نہیں ہوا، آئی ایس پی آر کے لیفٹیننٹ کرنل شفیق سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ پاک فوج کے ایک جوان نے بھی خود کشی نہیں کی۔

  • حکومت پرویز مشرف کے نقش قدم پر

    حکومت پرویز مشرف کے نقش قدم پر

    اسلام آباد : وقت بڑا ظالم ہے۔جب دہشت گردی کو جڑ سے اُکھاڑنے کا حکومت نے فیصلہ کیا تو اُسے اپنے سب سے بڑے مخالف پرویز مشرف کے نقش قدم پرہی آنا پڑا۔

    دہشت گردی سےنمٹنےکیلئےاجلاس پر اجلاس اور تجاویزکی لمبی لائن لگ گئی لیکن پوچھنےوالے پوچھ رہےہیں کہ اس میں نیا کیا ہے؟ کالعدم اور انتہا پسند تنظیموں سمیت مدارس کی مانیٹرنگ اور اصلاحات پر مشرف دور میں کام شروع ہوا۔

    جس کی گونج آج کل ہر روز ہی سنائی دے رہی ہے۔دہشت گردوں کو فنڈنگ روکنےکیلئے اقدامات بھی نئےنہیں ہیں ۔یہ تو نائن الیون کےبعد ہی شروع ہوگئےتھے۔

    منگل کو وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ایک اجلاس طلب کیا،جس میں اسٹیٹ بینک،سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن،نیکٹا اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس کا ایجنڈا بھی یہ ہی تھا کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ کو ناممکن کس طرح بنایا جائے۔لیکن سوال پھر اپنی جگہ کہ اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کو دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنےکیلئے اقدامات کرنےکی اتھارٹی تو نائن الیون کےبعد ہی مل گئی تھی اوردونوں اداروں میں اس کیلئےخصوصی سیل بھی بنادیئےگئےتھے۔

    سوال یہ بھی ہےکہ ان اقدامات پر پہلےہی مؤثرعمل درآمد کیوں نہ ہوا؟ کیسےدوہزار آٹھ سےدوہزار چودہ تک دہشت گرد سینکڑوں بم دھماکے کرنےمیں کامیاب ہوئے۔کون سےعناصر تھےجو ماضی کی تجاویزکو پس پشت رکھتےرہے؟

  • حکومت اور تنظیمات مدارس دینیہ کا اہم اجلاس30دسمبر کو طلب

    حکومت اور تنظیمات مدارس دینیہ کا اہم اجلاس30دسمبر کو طلب

    اسلام آباد: حکومت نے تنظیمات مدارس دینیہ کے ساتھ اہم اجلاس تیس دسمبر کو اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار ،وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف،سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری مذہبی امور ،چاروں صوبوں کے ہومز سیکریٹریز اور محکمہ اوقاف کے حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس میں دینی مدارس کی تمام تنظیمات کے ذمہ داروں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں دینی مدارس اصلاحات ،ملک میں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

  • مدارس اورمساجد کیخلاف سازش بند کی جائے،مولانا طاہر اشرفی

    مدارس اورمساجد کیخلاف سازش بند کی جائے،مولانا طاہر اشرفی

    لاہور:پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کی آڑ میں مدارس اور مساجد کو بدنام کرنے کی مذموم سازش بند کی جائے۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ حکومت دہشت گردی میں ملوث مدارس اور مساجد کی تفصیلات منظر عام پر لائے۔

    وزیر داخلہ نے 10 فیصد مدارس کو دہشت گردی میں ملوث قرار دیا، ان کی تفصیلات میڈیا کو مہیا کی جانی چاہیئیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی آڑ میں مدارس اور مساجد کو بدنام کرنے کی مذموم سازش بند کی جائے۔

    علماء اور عوام بھی اب دہشت گردی کیخلاف منہ بند نہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس سے منسلک 73 ہزار مساجد مدارس نے دہشت گردی کیخلاف فتوے دیئے ہیں۔

  • چیف جسٹس ناصرالملک کی زیرصدارت ججزکا اجلاس

    چیف جسٹس ناصرالملک کی زیرصدارت ججزکا اجلاس

    اسلام آباد: چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سنگین دہشت گردی کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کے فیصلہ بھی متوقع ہے۔

    سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں دہشت گردی کے مقدمات سے متعلق اجلاس میں تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان، انچارج مانیٹرنگ جج برائے انسداد دہشت گردی نےشرکت کی۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر کے دہشت گردی سے متعلق مقدمات کی تفصیلات تئیس دسمبر تک رجسٹرار آفس میں جمع کرائی جا چکی ہیں۔

    اجلاس میں دہشت گردی سے متعلق زیر التوا مقدمات کی سماعت اور اس میں درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے امور زیر بحث آئے۔ اجلاس میں دہشت گردی کے مقدمات جلد نمٹانے پر غور کیا گیا۔

  • دہشت گردی کیخلاف فیصلہ کن جنگ کا وقت آگیا،نواز شریف

    دہشت گردی کیخلاف فیصلہ کن جنگ کا وقت آگیا،نواز شریف

    اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور فرقہ واریت پاکستان کےلئے ایک کینسر ہے۔ ملک کو اس کینسر سے نجات دلانے کا وقت آگیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی زیر صدارت انسداد ہشت گردی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک میں امن وامان اور سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ایک ضرب عضب قبائلی علاقوں میں لڑی جارہی ہے۔ ایک ضرب عضب اس دشمن کے خلاف ہوگی جو ہمارے شہروں اور دیہاتوں میں چھپا بیٹھا ہے،دہشت گردی کرنے والوں اور انہیں پناہ دینے والوں میں کوئی فرق نہیں۔

    ان دہشت گردوں کیخلاف فیصلہ کن جنگ ہوگی، جنہوں نے ہزارہ ٹاون کوئٹہ یا پشاور چرچ میں بے گناہوں کا خون بہایا۔اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، اسحاق ڈار، عبدالقادر بلوچ، اٹارنی جنرل ، خواجہ ظہیر اور بیریسٹر ظفر اللہ شریک تھے۔

  • سزائے موت پرعمل درآمد کا فیصلہ احسن اقدام ہے،صدیق الفاروق

    سزائے موت پرعمل درآمد کا فیصلہ احسن اقدام ہے،صدیق الفاروق

    لاہور: متروکہ وقف املاک بورڈ کے دفتر میں سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں مسلمان، مسیحی، سکھ اور ہندو رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم سے اتحاد کی اپیل کی ہے۔

    لاہور میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق کی میزبانی میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس سے مسیحی رہنماء پادری شاہد معراج ، ڈاکٹر مجیدایبل، ہندو رہنما ڈاکٹر منوہر چاند، سکھ رہنما سردار شام سنگھ،علامہ مظہر حسین مشہدی ،سہیل رضا اور دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو دہشت گردی کیخلاف متحد ہونا ہو گا۔

    دہشت گردوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، یہ انسانیت کے دشمن ہیں۔صدیق الفاروق کا کہنا تھا کہ اسلام میں جنگ کے دوران سبز درخت کو بھی کاٹنے کی اجازت نہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے کل جماعتی کانفرنس میں آپریشن ضرب عضب کی حمایت اور دہشت گردوں کی سزائے موت پر عمل درآمد کے فیصلے احسن اقدام ہیں۔

    طالبان کی حامی سیاسی جماعتیں بھی اب فوج اور حکومت کے ساتھ ہیں،میڈیا حکومت اور مسلح افواج میں تفریق کے بجائے قوم کو اتحاد کا پیغام دے۔ تقریب میں سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے بعد دعائے مغفرت بھی کی گئی۔