Tag: دہشت گردی

  • فرانس کے بعد جرمنی میں بھی شدت پسندی کی سوچ میں اضافہ

    فرانس کے بعد جرمنی میں بھی شدت پسندی کی سوچ میں اضافہ

    برلن: فرانس کے بعد ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ جرمنی میں بھی عسکریت پسندی کی سوچ شہریوں میں سرائیت کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز فرانس کی پارلیمانی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ فرانس کے سرکاری اداروں میں شدت پسندی کی سوچ سرائیت کررہی ہے، جبکہ جرمنی میں بھی ایسی صورت حال کا سامنا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی میں عسکریت پسندی کے حامی اور ممکنہ طور پر خطرناک سمجھے جانے والے مسلمانوں کی تعداد بڑھ کر چھبیس ہزار پانچ سو ساٹھ ہو گئی ہے۔

    ایک سال پہلے یہ تعداد پچیس ہزار آٹھ سو دس تھی، جرمنی کے کے اخبار نے یہ اعداد و شمار شائع کرتے ہوئے ایک سالانہ سرکاری رپورٹ کا حوالہ دیا۔

    یہ رپورٹ داخلی سلامتی کے ذمے دار جرمن انٹیلیجنس ادارے بی ایف وی نے تیار کی، رپورٹ کے مطابق جرمنی پہلے کی طرح اب بھی جہادی تنظیموں کے نشانے پر ہے۔

    فرانس کے ریاستی اداروں میں شدت پسندی سرائیت کرنے لگی

    اس کے علاوہ جہادی تنظیم داعش جرمنی میں ایک زیر زمین دہشت گرد گروہ کے طور پر اپنی تشکیل نو کر چکی ہے، اس رپورٹ کے مطابق جرمنی میں نومبر 2015 میں پیرس میں کیے گئے پیچیدہ دہشت گردانہ حملوں کی طرح کی کوئی کارروائی بھی خارج از امکان نہیں ہے۔

    دوسری جانب فرانسیسی حلقوں میں مذہبی شدت پسندی کا کھٹکا ابھی تک بھرپور انداز میں پایا جا رہا ہے۔ سال 2015 میں دہشت گرد حملوں کے بعد فرانس نے شدت پسندی کے انسداد کی کوششوں میں اضافہ کر دیا۔

    خیال رہے کہ مذکورہ کوششوں کے سلسلے میں پارلیمنٹ کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ شدت پسندوں نے سرکاری اداروں کے اندر رسائی حاصل کر لی ہے۔ ان اداروں میں پولیس، فوج، پبلک ٹرانسپورٹ، اسپتال اور تعلیمی سیکٹر شامل ہے۔

  • کرائسٹ چرچ حملے کی ویڈیو شیئر کرنے والے شخص کو سزا

    کرائسٹ چرچ حملے کی ویڈیو شیئر کرنے والے شخص کو سزا

    ولنگٹن: رواں برس مارچ میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد پر حملے کی ویڈیو کو فیس بک پر شیئر کرنے والے ایک شخص کو عدالت نے جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر حملے کی ویڈیو کو فیس بک پر شیئر کرنے والوں میں سے ایک 44 سالہ کاروباری شخص فلپ آرپس کو عدالت نے جیل بھیج دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپ آرپس کو نفرت انگیز اور دہشت گردانہ مواد پر مبنی ویڈیو کو شیئر کرنے کے الزام میں حملے کے چند ماہ بعد ہی گرفتار کیا گیا تھا اور عدالت میں ان پر قابل اعتراض مواد کی تشہیر کی فرد جرم بھی عائد کی گئی تھی۔

    فلپ آرپس کو 18 جون کو عدالت نے پابندی کے باوجود نفرت انگیز اور قابل اعتراض مواد کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے جرم میں 21 ماہ کیلئے جیل بھیجا گیا ہے۔ مجرم کو جیل کی سزا سناتے ہوئے جج نے کہا کہ فلپ آرپس نے نفرت انگیز اور مسلمانوں کے قتل عام کی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اسے انتہائی خوشگوار قرار دیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ مجرم نے نفرت انگیز ویڈیو کو کم سے کم 30 افراد کے ساتھ شیئر کیا اور اسی ویڈیو کو مزید شیئر کرنے کی خواہش بھی کی۔ عدالت کے مطابق مجرم نے مسلمانوں کے قتل عام پر مبینہ طور پر خوشی کا اظہار کیا اور شہید افراد کے میمز بھی بنائیں، تاہم عدالت کو مجرم کی جانب سے بنائی گئی میمز نہیں ملیں۔

    ٹرمپ نے کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے کے ردعمل میں کیا ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دیا

    عدالت نے بتایا کہ فلپ آرپس سیاسی طور پر نازی جرمن خیالات کے ہیں۔ نیوزی لینڈ پولیس نے اس واقعے کے بعد ایسے 5 افراد کو حراست میں لیا تھا جنہوں نے اس واقعے کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔ گرفتار کیے گئے 5 افراد میں سے 2 کو جیل کی سزا سنائی جا چکی ہے جبکہ دیگر پر بھی عدالت میں الزامات عائد کیے جا چکے ہیں۔

  • سری لنکا میں دہشت گرد حملوں کا مرکزی ملزم پکڑا گیا

    سری لنکا میں دہشت گرد حملوں کا مرکزی ملزم پکڑا گیا

    پیرس: سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر دہشت گرد حملوں میں ملوث مرکزی ملزم پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیرس میں بین الاقوامی پولیس ایجنسی انٹرپول نے انکشاف کیا ہے کہ سری لنکا میں دشت گرد حملوں کے مرکزی ملزم کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں اس سال ایسٹر سنڈے کے روز کیے گئے دہشت گردانہ حملوں کا مرکزی مبینہ ملزم پکڑا گیا ہے، یہ حملے یکے بعد دیگرے کئی مقامات پر کیے گئے تھے جس کے باعث سینکڑوں لوگ مارے گئے تھے۔

    گرفتار ہونے والے مرکزی ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی البتہ عمر 29 سال ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب نے بھی دہشت گرد حملے میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری میں سری لنکا کو مدد فراہم کی تھی۔

    سعودی حکومت نے انہی حملوں کے سلسلے میں پانچ ایسے مشتبہ افراد کو ملک بدر کر کے کولمبو حکومت کے حوالے کر دیا تھا، جنہیں چند روز پہلے متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ سری لنکا میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد حالات آہستہ آہستہ معمول پر آچکے ہیں، جبکہ ملک بھر میں گرجا گھروں کو بھی کھول دیا گیا ہے، البتہ سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

    سری لنکا دہشت گردی، جرمن مسلمانوں کا اظہار یکجہتی کے لیے ملکی دورہ

    یاد رہے کہ سری لنکن آرمی چیف کا برطانوی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ حملے میں ملوث ملزمان بھارت کا دورہ کرچکے تھے، وہ بھارت کے زیرتسلط کشمیر، بنگلور اور ریاست کیرالا بھی گئے تھے۔

    سری لنکا میں ایسٹر کے روز ہلاکت خیز دھماکوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کی کوششوں میں خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

  • لاہور: سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 2 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 2 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: انسداد دہشت گردی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرکے دھماکا خیزمواد برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کی جانب سے یہ کارروائی پنجاب کے شہر لاہور میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قریب گئی جہاں سے مبینہ طور پر دو دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں آئی۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں میں عبداللہ اور خالدخان شامل ہیں، گرفتار دہشت گروں سے تین کلو سے زائد بارودی مواد، 2ہینڈگرینیڈ اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد شہر میں بڑا دہشت گردی کا منصوبہ بنانا چاہتے تھے، جبکہ دہشت گردوں کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کا منصوبہ تھا۔

    سی ٹی ڈی کی سیالکوٹ میں کارروائی، 2 دہشت گرد گرفتار

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ سی ٹی ڈی نے سیالکوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا تھا۔

    سی ٹی ڈی کی جانب سے گرفتار کیے گئے دہشت گردوں کی شناخت حافظ محمد ابوبکر اور حافظ محمد یوسف کے نام سے ہوئی تھی۔ جبکہ دہشت گردوں سے 410 گرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا۔

  • پاکستان کا ہم سے زیادہ وفادار اور خیر خواہ کوئی نہیں ہوسکتا، مولانا فضل الرحمان

    پاکستان کا ہم سے زیادہ وفادار اور خیر خواہ کوئی نہیں ہوسکتا، مولانا فضل الرحمان

    ڈی آئی خان : جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہم سے زیادہ وفادار اور خیر خواہ کوئی نہیں ہوسکتا، حکومت گرانے کیلئے آخری وار کرنا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا بیانیہ فرسودہ ہوچکا ہے، ریاست کو نیا بیانیہ اختیار کرنا ہوگا، ہماری ریاست کوبھی اپنی سمت درست کرنا ہوگی۔

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دہشت گردی کے نام پر بنائے کھیل میں اسٹیبلشمنٹ اس کا حصہ رہی، جعلی اور نااہل حکومت کسی صورت قبول نہیں کریں گے، بےحیائی اور بےراہ روی کی تبدیلی کو تسلیم نہیں کرتے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے جوش اور ولولے سےمیدان میں اترنا ہوگا، ہمارے ملین مارچ عوامی سمندر تھے، اب صرف آگے نہیں بڑھنا حکومت پر آخری وار کرنا ہے۔

    جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ نے کہا کہ ہم سے زیادہ ملک کا وفادار کوئی نہیں ہوسکتا، ملک کے خیرخواہ ہیں، جعلسازی اور دھاندلی سے بنائی گئی حکومت کو گھربھیج دینا چاہیے۔

  • پاک فوج پر حملہ، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

    پاک فوج پر حملہ، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید جوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو سمیت کئی سیاسی رہنماؤں نے پاک فوج پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی۔

    وزیراعظم عمران خان نے زخمی جوانوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے وزیرستان میں پاک فوج کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین کیا، ان کا کہنا تھا کہ چند دشمن عناصر قبائلی علاقوں کے غیور عوام کو ورغلا رہے ہیں، ریاست ان عناصر کو امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔

    وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ شہادتوں پر ہمارا دل جلتا ہے، بیرونی سازشوں کا مرکز شمالی وزیرستان ہے، جنگ آخری مراحل میں ہے، دشمنوں کو شکست دیکر رہیں گے، شہیدوں کے لہو کی وجہ سے ہم آزادی کا سانس لے رہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں شہادتوں پر انتہائی دکھ ہے، شہیدوں کا لہو کسی بھی صورت رائیگاں نہیں جائے گا، دہشتگر دبزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، ملک سے دہشتگردی جیسے ناسور کا صفایا کرکے دم لیں گے، پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    شمالی وزیرستان : بارودی سرنگ کا دھماکہ، پاک فوج کے تین افسر اور جوان شہید چار زخمی

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک دشمن عناصر کے بزدلانہ اقدام حوصلے پست نہیں کرسکتے، قیام امن کیلئے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

    وزیرداخلہ اعجازشاہ نے وزیرستان میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں، ایسے شرپسندعناصر پاک فوج کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، دہشتگردی کے خلاف جنگ امن کے مکمل حصول تک جاری رہےگی، پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ ہے، ایسے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی شہدا کے لواحقین سے ہمدردی ویکجہتی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ شہدا قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہرقسم کی دہشتگردی کےخلاف قوم متحد اور یک آواز ہے۔

    درین اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور شہید 3افسران اور جوان کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    علاوہ ازیں گورنرسندھ عمران اسماعیل کی پاک فوج کے جوانوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید جوانوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پاک افواج کے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی، پوری قوم اظہاریکجہتی کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

  • جنگ اور بات چیت کا کوئی باہمی میل نہیں، ایران کا امریکا کو جواب

    جنگ اور بات چیت کا کوئی باہمی میل نہیں، ایران کا امریکا کو جواب

    تہران: ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ جنگ اور بات چیت کا کوئی باہمی میل نہیں، امریکی پابندیاں درحقیقت ایران کے اخلاف اقتصادی دہشت گردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران نے امریکی پابندیوں کو اقتصادی جنگ قرار دیا، اگرچہ انسانی ضروریات مثلا خوراک، دوائیں، زرعی اور طبی آلات و مشینریز ان سے مشتثنی ہیں تاہم اس کے باوجود تہران کا دعوی ہے کہ پابندیوں نے شہریوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران یہ اعلان کر چکا ہے کہ پابندیاں اٹھائے جانے سے قبل امریکا کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی۔

    اپنے ٹویٹ میں ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایک بار پھر کہا کہ امریکی پابندیاں درحقیقت ایران کے اخلاف اقتصادی دہشت گردی ہے جس نے بے قصور شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جنگ اور بات چیت خواہ شرائط کے ساتھ ہوں یا ان کے بغیر یہ آپس میں جوڑ نہیں کھاتیں۔

    یاد رہے کہ ایران نے چین کے خلاف امریکہ کی تجارتی جنگ کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک قسم کی اقتصادی دہشت گردی قرار دیا تھا۔

    چین کے خلاف امریکہ کی تجارتی جنگ اقتصادی دہشت گردی ہے، ایران

    گذشتہ روز ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین اور امریکا کے درمیان موجودہ تجارتی جنگ، دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات کی سطح سے بھی اوپر پہنچ سکتی ہے۔

  • کوئٹہ: دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، خودکش حملہ آور ہلاک

    کوئٹہ: دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، خودکش حملہ آور ہلاک

    کوئٹہ: بلوچستان میں ماہ رمضان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، پولیس کی بروقت کارروائی سے رمضان المبارک میں بڑی تخریب کاری کا اندیشہ ٹل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کی ایک امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حملہ آور کو  پولیس اہل کاروں نے مار گرایا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا اور اس نےاپنےجسم سے دھماکا خیز مواد باندھ رکھا تھا۔

    یہ واقعہ اس وقت پیش آیا، جب مغرب کی نماز ادا کی جارہی ہے۔ پولیس اہل کاروں نے حملہ آور کو بروقت شناخت کرکے روک لیا۔

    ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کی میڈیاسےگفتگو


    واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی آئی جی عبدالرزاق نے کہا کہ حملہ آورنے خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی سے حملہ آور امام بارگاہ میں داخل نہ ہو سکا، حملہ آور نے خود کو چھپانے کے لیے خواتین کالباس پہنا ہوا تھا۔

    ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ کوئٹہ میں خودکش حملہ آورکی موجودگی کی اطلاع پہلے سے تھی، اس لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی۔

  • افغانستان: طالبان کے دو دہشت گرد حملے، افغان فورسز کے 23 اہلکار ہلاک

    افغانستان: طالبان کے دو دہشت گرد حملے، افغان فورسز کے 23 اہلکار ہلاک

    کابل: افغانستان میں طالبان کے افغان سیکیورٹی فورسز پر دو حملوں میں 23 اہلکار ہلاک ہوگئے، جبکہ چار فوجی اغوا کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان جنگجووں کے افغان سیکیورٹی فورسز پر دو مختلف حملوں کے باعث 23 اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ طالبان 4 فوجیوں کو اغوا کر کے لے گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان فوج نے اتحادی افواج کی مدد سے اغوا کیے گئے اہلکاروں کی بازیابی کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاہم اب تک کسی اہلکار کی بازیابی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    سرچ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کو مزاحمت کا سامنا ہے، بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے غور میں پولیس چیک پوسٹ پر طالبان جنگجووں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں 18 پولیس اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

    دوسری جانب لوگر صوبے میں بھی طالبان جنگجوﺅں نے افغان فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے، طالبان جنگجو 4 اہلکاروں کو اغوا کر کے بھی لے گئے۔

    افغان فوج نے اتحادی افواج کی مدد سے اغوا کیے گئے اہلکاروں کی بازیابی کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاہم اب تک کسی اہلکار کی بازیابی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ سرچ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کو مزاحمت کا سامنا ہے۔

    افغانستان میں قیام امن کیلئے بین الاقوامی افواج کا انخلاء ضروری ہے، طالبان

    خیال رہے کہ دوسری جناب افغانستان میں قیام امن کے لیے مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے، افغان طالبان کے سیاسی امور کے نگران ملا برادر اخوند نے گذشتہ روز کہا تھا کہ افغانستان میں قیامِ امن سے متعلق کسی بھی معاہدے پر اتفاق کیلئے بین الاقوامی افواج کا انخلاء انتہائی ضروری ہے۔

  • کرائسٹ چرچ حملے کے دہشت گرد پر دہشت گردی کی فرد جرم عائد

    کرائسٹ چرچ حملے کے دہشت گرد پر دہشت گردی کی فرد جرم عائد

    کرائسٹ چرچ : نیوزی لینڈ پولیس نے مساجد پر حملہ کرکے 50 سے زائد مسلمانوں کا قتل عام کرنے والے سفید فام دہشت گرد پر برینٹن ٹیرنٹ پر دہشت گردی کی دفعات عائد کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں دو ماہ قبل سفید فام دہشت گرد نے اسلام مخالف نظریات کی بنیاد پر دو مساجد میں حملہ کرکے درجنوں بے گناہ مسلمانوں کو قتل اور زخمی کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ’نیوزی لینڈ پولیس نے بیان جاری کیا ہے کہ برینٹین ٹیرنٹ پر عائد کی گئی فرد جرم میں الزام لگایا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کی کارروائی کی گئی ہے‘۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ سفید فام دہشت گرد پر دہشت گردی کی فرد جرم کے 51 قتل اور 40 اقدام قتل کی دفعات کا بھی عائد ہیں۔

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی شخص پر دہشت گردی کی دفعات عائد کی گئی ہیں، نیوزی لینڈ کا دہشت گردی ایکٹ 2002 میں متعارف ہوا تھا جس پر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ برینٹن ٹیرنٹ پر دہشت گردی کی فرد جرم دو ماہ بعد عائد کرنے کا فیصلہ پرسیکیوٹرز اور حکومتی قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ پولیس نے دہشت گرد پر مزید الزامات عائد کرنے کےلیے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں بھی کی ہیں اور پولیس حملے کے متاثرہ افراد کو عدالتی کارروائی کے دوران مکمل معاونت کرنے کےلیے پُر عزم ہے۔

    مزید پڑھیں : سانحہ کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ میں‌ جدید اسلحہ رکھنے پر پابندی کا بل منظور

    مزیدپڑھیں :کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملوں کی تحقیقاتی رپورٹ دسمبر تک موصول ہوگی، جیسنڈا آرڈرن

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں واقع دو مساجد میں دہشت گرد حملے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 50 نمازی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    اس واقعے کے نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کی جانب سے شدید ردعمل آیا اور واقعے کو دہشت گردی قرار دیا تھا.