Tag: دہشت گردی

  • کراچی: دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، خود کش جیکٹس برآمد

    کراچی: دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، خود کش جیکٹس برآمد

    کراچی: شہر قائد میں ماہ رمضان کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنایا اور اہم گرفتاریاں کیں۔

    حب کے علاقے سے دہشت گردوں کے دو سہولت کار گرفتار کر لیے گئے. حساس اداروں کی کارروائی میں تین خود کش جیکٹس برآمد ہوئیں.

    سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے سہراب گوٹھ میں بھی مشترکہ کارروائی کی تھی، سیکیورٹی اداروں کے مطابق دہشت گرد رمضان میں بڑی کارروائی کی تیاری کر رہے تھے.

    یاد رہے کہ آج انٹیلی جنس اداروں نے دہشت گردی کے خلاف ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی، را کی گلگت میں انتشار پھیلانے کی طویل منصوبہ بندی ناکام بنا دی گئی.

    مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں انتشار پھیلانے کا منصوبہ ناکام، را کا نیٹ ورک پکڑا گیا

    بےنقاب کیے گئے را نیٹ ورک کی سنسنی خیز تفصیلات سامنے آگئیں، را نے گلگت میں بلورستان نیشنل فرنٹ حمید گروپ کی سرپرستی کی.

    تفتیش میں انکشاف ہوا کہ بلورستان نیشنل فرنٹ حمید گروپ گلگت بلتستان کی ذیلی قوم پرست تنظیم ہے، را نیٹ ورک کا مشن گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو ورغلانہ تھا.

  • کراچی: پولیس موبائل پر دستی بم حملہ، جوابی کارروائی میں دہشت گرد ہلاک

    کراچی: پولیس موبائل پر دستی بم حملہ، جوابی کارروائی میں دہشت گرد ہلاک

    کراچی: شہرقائد میں سائٹ سپرہائی وے پولیس موبائل پر دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کردیا، پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہناہے کہ پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوچکا ہے، دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے موبائل پر حملہ کیا۔

    انہوں نے کہا جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ تین فرار ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں اے ایس آئی حیات اور کانسٹیبل عظمت زخمی ہوا۔

    ایس ایس پی ملر کا کہنا تھا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ مفرور ملزمان کا تعاقب جاری ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ حملہ سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا پولیس موبائل پر کیا گیا، دستی بم حملے سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا۔

    عرفان بہادر کا مزید کہنا تھا کہ مارے گئے دہشت گرد سے پستول برآمد کرلی گئی، جبکہ شناخت کاعمل جاری ہے۔

    نیپا چورنگی کے قریب پولیس موبائل پر حملہ، 2 اہلکار زخمی

    اس سے قبل بھی متعدد بار پولیس موبائل پر حملے ہوچکے ہیں، سال 2014 میں نیپا چورنگی کے علاقے میں نامعلوم افراد کی طرف سے پولیس وین پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

  • ترکی میں دہشت گردانہ حملے کے 14 ملزمان کو عمر قید کی سزا

    ترکی میں دہشت گردانہ حملے کے 14 ملزمان کو عمر قید کی سزا

    انقرہ: ترک عدالت نے 2016 میں ملک میں ہونے والے دہشت گرانہ حملے میں ملوث 14 ملزموں کو قید بامشقت کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ترک عدالت نے سن 2016 کے دہشت گردانہ حملے میں ملوث چودہ ملزموں کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ کار بم حملہ استنبول کے ایک فٹ بال اسٹیڈیم کے باہر کیا گیا تھا۔ اس حملے میں سینتالیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    عدالت نے چار ملزمان کو عمر قید بامشقت دی ہے۔ ایک غیر معروف تنظیم کردستان فریڈم فالکنز نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

    اس انتہا پسند گروپ کے رابطے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی سے بھی استوار تھے۔ عدالت نے چار ملزمان کو عمر قید بامشقت دی ہے۔

    دوسری جانب ترکی میں فوجی بغاوت میں ملوث ملزمان کے خلاف بھی سخت کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، گذشتہ سال مئی میں ترکی میں طاقت کے بل بوتے پر حکومتی تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کرنے والے 104 فوجی افسران کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

    خیال رہے کہ سال 2016 میں ترکی میں فوجی بغاوت کے ذریعے سول حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی گئی تھی جس کے بعد پورے ملک کے مختلف شہروں میں ہنگامی پھوٹنے سے 200 سے زائد افراد ہلاک اور 2 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    ترکی: ناکام فوجی بغاوت میں ملوث ہونے پر 6 صحافیوں کو دس سال قید کی سزا

    یاد رہے کہ 18 جولائی 2016 کو ترکی میں فوج کے باغی گروہ نے اقتدار پر قابض ہونے کی کوشش کی تھی جسے عوام نے ناکام بنادیا تھا، اس دوران عوام سڑکوں پر نکل کر آئے اور فوجی ٹینکوں کے سامنے ڈٹ گئے تھے جس کے بعد ترک فوج کے باغی ٹولے نے ہتھیار ڈال کر اپنی شکست تسلیم کی تھی اور پھر انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

  • الحدیدہ ہوائی اڈے پر حوثیوں کی دہشت گردی کی سازش ناکام

    الحدیدہ ہوائی اڈے پر حوثیوں کی دہشت گردی کی سازش ناکام

    صنعاء : الحدیدہ میں حوثی خود کش بمباروں نے ہوائی اڈے کے اندر دراندازی کی کوشش کی مگر انہیں ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی ہلاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یمن کی جوائنٹ سیکیورٹی فورسز نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی طرف سے ساحلی شہر الحدیدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دہشت گردی کی سازش ناکام بنا دی۔

    یمن میں مزاحمتی فورسز کے میڈیا وار سیل کی طرف سے کہا گیا ہے کہ حوثیوں نے الحدیدہ ہوائی اڈے پر دہشت گردی کی سازش کے لیے چھ شدت پسندوں کو بھیجا تھا مگر سیکیورٹی فورسز نے حوثی شرپسندوں کی دہشت گردی کی سازش ناکام بنا دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حوثی خود کش بمباروں نے ہوائی اڈے کے اندر دراندازی کی کوشش کی مگر انہیں ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی ہلاک کردیا گیا۔

    میڈیا وار سیل کے مطابق حوثیوں کی طرف سے دہشت گردی کی تازہ کوشش ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دوسری جانب حوثیوں اور حکومت کے درمیان الحدیدہ میں جنگ بندی معاہدے پرعمل درآمد کی کوششیں جاری ہیں۔

    حوثی باغیوں کی طرف سے الحدیدہ میں جنگ بندی کی کوششوں کو دانستہ طورپر ناکام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ الحدیدہ ہوائی اڈے کے بیشتر مقامات پر مشترکہ مزاحمتی فورسز کا کنٹرول ہے جب کہ ہوائی اڈے کی شمالی سمت میں بعض عمارتوں پر حوثی ملیشیا کے جنگجو بدستور قابض ہیں۔

  • لاہور میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 3 دہشت گرد گرفتار

    لاہور میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 3 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: پنجاب میں پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے بٹھائی گیٹ میں انسداد دہشت گردی فورس نے کارروائی کرکے تین دہشت گرد گرفتار کرلیے۔

    گرفتار دہشت گردوں سے تین خود کش جیکٹس اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے، جبکہ گرفتار ملزمان میں خاتون اور دوافغان باشندے شامل ہیں۔

    پولیس نے ملزمان سے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے، مزید گرفتاریاں بھی ممکن ہیں۔

    رواں ماہ کے آغاز میں شہر قائد میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جنداللہ گروپ کا اہم دہشت گرد خان بادشاہ عرف عمرفاروق عرف خان گرفتار کیا تھا۔

    گرفتار ملزم سی ٹی ڈی کی جاری کردہ ریڈ بک میں مطلوب دہشت گرد تھا اور دہشت گردی کی متعددکارروائیوں میں ملوث بھی رہا۔

    رینجرز اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی : جنداللہ گروپ کااہم دہشت گرد گرفتار

    یاد رہے گذشتہ ماہ بھی کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم جنداللہ کے مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کیا تھا ، راجا عمر خطاب نے کہا تھا محمد اسحاق عرف گل کانام ریڈبک میں شامل ہے۔

  • داتا دربار دھماکا: تفتیش میں تاحال کوئی بریک تھرو نہیں ملا

    داتا دربار دھماکا: تفتیش میں تاحال کوئی بریک تھرو نہیں ملا

    لاہور: داتا دربار کے باہر دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ذرایع کا کہنا ہے کہ دھماکے کی تفتیش میں تا حال کوئی بریک تھرو نہیں مل سکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق داتا دربار کے باہر دھماکے کی تحقیقات میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے، ذرایع نے بتایا ہے کہ دھماکے کا بارودی مواد مال روڈ دھماکے میں بھی استعمال ہوا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ خود کش بمبار کو جیکٹ دربار کے قریب پہنچ کر فراہم کی گئی تھی، اسی طرح کی جیکٹ کیپٹن مبین پر حملے میں بھی استعمال ہوئی۔

    جیو فینسنگ کے دوران مشکوک کالز بھی شارٹ لسٹ کر لی گئی ہیں، اب تک درجنوں مشکوک افراد سے تفتیش کی جا چکی ہے، تاہم دھماکے کی تفتیش میں تا حال کوئی بریک تھرو نہیں ملا۔

    یہ بھی پڑھیں:  داتا دربار دھماکا : شہدا کی تعداد 13 ہوگئی، مبینہ سہولت کار تفتیش کے بعد رہا

    یاد رہے کہ 8 مئی داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہل کاروں سمیت 13 افراد شہید اور 25 زخمی ہوئے تھے۔

    دو دن بعد سیکورٹی اداروں نے داتا دربار خود کش حملے کے چار سہولت کاروں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا تاہم تفتیش کے بعد ان میں سے ایک کو رہا کر دیا گیا۔

    دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مہر ذیشان نامی نوجوان کو مشتبہ شخص قرار دیا گیا تھا۔

  • وزیراعظم کی کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت

    وزیراعظم کی کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقدس مہینے میں بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے والوں کا کوئی مذہب نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم دہشت گردی کے عفریت کا مکمل صفایا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

    وزیراعظم پاکستان نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے اظہارہمدردی کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ساتھ ہی زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔

    کوئٹہ، سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکا، 4 پولیس اہلکار شہید، 12 زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ شب کوئٹہ کے علاقے منی مارکیٹ میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید جبکہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں نیوی کا ایک اہلکار اور 4 سیکیورٹی گارڈز شہید جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

  • سری لنکا دہشت گردی، جرمن مسلمانوں کا اظہار یکجہتی کے لیے ملکی دورہ

    سری لنکا دہشت گردی، جرمن مسلمانوں کا اظہار یکجہتی کے لیے ملکی دورہ

    کولمبو: سری لنکا میں دہشت گردانہ حملوں کے بعد مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کے لیے جرمن مسلمانوں کی مرکزی کونسل آج سری لنکا کا دورہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن مسلمانوں کی مرکزی کونسل اظہار یکجہتی کے لیے سری لنکا کا دورہ کرے گا، اس دوران مسیحی، مسلم اور بدھ مت کمیونٹی سے ملاقاتیں ہوں گی۔

    سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے دو ہفتے بعد جرمنی میں مسلمانوں کی مرکزی کونسل کے سرکردہ اراکین اس ملک کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ سری لنکن عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا سکے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی میں مسلمانوں کی مرکزی تنظیم (زیڈ ایم ڈی) کے جنرل سیکریٹری عبدالصمد الیزیدی، ماہر علوم اسلامی عبدالمالک حبوئی اور زیڈ ایم ڈی کی علماء کونسل کے متعدد اراکین سری لنکا میں آئندہ جمعے تک سرکاری حکام کے ساتھ ساتھ مسیحی، مسلم اور بدھ مت کمیونٹی کے اراکین سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

    سری لنکا میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد حالات آہستہ آہستہ معمول پر آرہے ہیں، جبکہ ملک بھر میں گرجا گھروں کو بھی کھول دیا گیا ہے، البتہ سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

    خیال رہے کہ سری لنکن آرمی چیف کا برطانوی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ حملے میں ملوث ملزمان بھارت کا دورہ کرچکے تھے، وہ بھارت کے زیرتسلط کشمیر، بنگلور اور ریاست کیرالا بھی گئے تھے۔

    سری لنکا دہشت گردی، دو ہفتے بعد بھی حالات معمول پر نہ آسکے

    سری لنکا میں ایسٹر کے روز ہلاکت خیز دھماکوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کی کوششوں میں خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

  • سری لنکا دہشت گردی، دو ہفتے بعد بھی حالات معمول پر نہ آسکے

    سری لنکا دہشت گردی، دو ہفتے بعد بھی حالات معمول پر نہ آسکے

    کولمبو: سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر خود کش حملوں کے بعد دو ہفتے گزر گئے تاہم حالات معمول نہ آسکے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی کیتھولیک مسیحی برادری کے افراد ممکنہ دہشت گردانہ حملوں کے خطرے کی وجہ سے گرجا گھروں کے بجائے اب بھی اپنے گھروں میں ہی عبادت کر رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار پانچ مئی کو سنڈے ماس کی خصوصی مذہبی تقریب ٹی وی پر نشر کی گئی جس میں کولمبو کے آرچ بشپ کارڈینل میلکم رنجیتھ نے پوپ فرانسس کی جانب سے امن اور بھائی چارے کا پیغام پڑھ کر سنایا۔

    سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر تین گرجا گھروں اور تین ہوٹلوں پر منظم حملوں میں کم از کم 253 افراد مارے گئے تھے۔ ان حملوں کو قریب دو ہفتے گزر جانے کے بعد بھی ملک کے تقریبا تمام گرجا گھر بند ہیں۔

    دوسری جانب سری لنکن آرمی چیف کا کہنا ہے کہ ایسٹر کے موقع پر دھماکوں میں ملوث دہشت گردوں نے بھارت میں تربیت حاصل کی تھی۔

    خیال رہے کہ سری لنکن آرمی چیف کا برطانوی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ حملے میں ملوث ملزمان بھارت کا دورہ کرچکے تھے، وہ بھارت کے زیرتسلط کشمیر، بنگلور اور ریاست کیرالا بھی گئے تھے۔

    سری لنکا دھماکے: حملہ آوروں نے بھارت میں تربیت حاصل کی، سری لنکن آرمی چیف

    سری لنکا میں ایسٹر کے روز ہلاکت خیز دھماکوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کی کوششوں میں خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

  • دہشت گردی کے خلاف جنگ کا پہلا قدم مسئلہ فلسطین ہونا چاہیے،کویتی اسپیکر

    دہشت گردی کے خلاف جنگ کا پہلا قدم مسئلہ فلسطین ہونا چاہیے،کویتی اسپیکر

    کویٹ سٹی : کویتی اسپیکر نے صیہونی ریاست اسرائیل کی دہشتگردی پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیل کو عالمی پارلیمان سے بے دخل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کویتی پارلیمنٹ مجلس الام کے اسپیکر مرزوق الغانم نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا آغاز مسئلہ فلسطین کے حل سے کیا جانا چاہیے۔ کویت صہیونی ریاست کو عالمی پارلیمنٹ سے بے دخل کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔

    فلسطینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اخباری نمائندوں کے ایک وفد سے ملاقات میں کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ کویت عالمی پارلیمنٹ سے اسرائیلی ریاست کو نکال باہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ صہیونی ریاست کے مظالم کا محاسبہ اور فلسطینیوں کو جلد انصاف ملے گا، اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے قیام کے بارے میں بات کرتے ہوئے مرزوق الغانم نے کہا کہ بعض ممالک کے اسرائیل کے ساتھ سیاسی سطح پر تعلقات ہیں مگر ہم اسے پارلیمانی اور عرب اقوام کی سطح پر قائم نہیں ہونے دیں گے۔

    مرزوق الغانم نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات میں مصر کی مثال دی جاسکتی ہے۔ مصر کا اسرائیل کے ساتھ سیاسی سطح پر ایک معاہدہ ہے مگر عوامی سطح پر صہیونی ریاست کے ساتھ کوئی تال میل نہیں۔

    کویتی اسپیکر نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے 96 فی صد واقعات سے مسلمان متاثر ہوتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں مرزوق الغانم کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کے باہمی اختلافات نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کی راہ ہموار کی۔

    کویتی اسپیکر مرزوق الغانم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا آغاز اسرائیل کے مظالم کے خلاف ہونا چاہیے۔