Tag: دہشت گرد

  • سی ٹی ڈی کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 9 دہشت گرد گرفتار

    سی ٹی ڈی کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 9 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا، دہشت گردوں کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 70 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور آپریشن کے دوران 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ کارروائی لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، بہاولنگر، سیالکوٹ، حافظ آباد اور گوجرنوالہ میں کی گئی، گرفتار دہشت گردوں میں لاہور سے کالعدم ٹی ٹی پی کو مالی معاونت کرنے والے 2  اہم کارکن بھی شامل ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں سے بارودی مواد، 2 دستی بم، ای ڈی بم، موبائل فون، نقدی برآمد کرلیا گیا ہے، دہشت گردوں کی شناخت عبدالرحمان، عبدالوحید، عظیم، زمان، سفیان، صدیق اور سجاد جٹ کے نام سے ہوئی۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں میں عمران علی اور عمر فاروق  بھی شامل ہے، دہشت گرد مختلف شہروں میں حملے کی منصوبہ بندی  کررہے تھے،

    سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے 314 کومبنگ آپریشنز کے دوران 47 مشتبہ افراد گرفتار کیے، اس آپریشنز میں 12893  افراد سے  پوچھ گچھ کی گئی۔

  • دوسروں کو دہشت گرد کہنے والا خود 9 مئی کا مجرم ہے: مریم اورنگزیب

    دوسروں کو دہشت گرد کہنے والا خود 9 مئی کا مجرم ہے: مریم اورنگزیب

    لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دوسروں کو دہشت گرد کہنے والا خود 9 مئی کا مجرم ہے۔

    مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے لاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ ہم پر یہ دہشت گردی کے مقدمے بناتے رہے اور خود 9 مئی کو ریاست کے خلاف دہشت گردی کی گئی، دوسروں پر دہشت گردی کے مقدمے بنانے والا خود 9 مئی کا مجرم ہے۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہدا کے مجسمے سڑکوں پر پھینکے گئے، اسپتال اسکول مساجد جلائی گئیں، پاکستان کے دوستوں کو ناراض کیا گیا اور خود ڈاکے ڈالتے رہے، کہتے ہیں 190 ملین پاکستان تو آگیا، ڈرامہ نہ کریں یہ رقم تو قومی خزانے میں آنی تھی۔

    ن لیگی رہنما نے کہا کہ ناجائز طریقے سے آؤٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ کر کے پیسہ بانی پی ٹی آئی کی جیب میں گیا، سائفر جیسے حساس معاملے پر سیاست کروں گے اور حساب نہیں مانگا جائے گا ایسے کیسے ہوگا؟، لندن پلان تو تب بنا تھا جب 3 دفعہ کے وزیراعظم کو گھر بھیجنے کا منصوبہ بنایا گیا۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں آنے تھے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں نہیں، غیر قانونی سیٹلمنٹ سے القادر ٹرسٹ کی زمین خریدی گئی، بانی پی ٹی آئی ریاستی دہشت گردی کے احکامات جاری کررہا تھا، ریاستی دہشت گردی اور 60 ارب کی کرپشن کا جواب دیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ  8 فروری کو عوام ووٹ دے کر نوازشریف کو چوتھی بار وزیراعظم بنائیں گے، ملک ترقی کرے گا، سی پیک بحال ہوگا، نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

  • ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

    ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

    ڈی آئی خان: جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے تحصیل کلاچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شہید کانسٹیبل کی شناخت مبارک شاہ کے نام سے ہوئی، اہلکار کو نامعلوم دہشت گرد نے شہید کیا ہے۔

    واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی  ہے جس کے بعد مسلح دہشتگروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

  • ژوب گیریژن اور سوئی میں دہشت گرد حملوں کے شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    ژوب گیریژن اور سوئی میں دہشت گرد حملوں کے شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    ژوب گیریژن اور سوئی میں دہشت گرد حملوں کے شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، تمام شہداء نماز جنازہ کے بعد آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیئے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ژوب گیریژن پر دہشت گردوں کے حملے اور سوئی میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی نماز جنازہ کے بعد شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

     آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ تدفین کے اجتماعات میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران، جوانوں، شہداء کے رشتہ داروں اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    ترجمان کے مطابق مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • کراچی سے گرفتار دہشت گرد کے سنسنی خیز انکشافات

    کراچی سے گرفتار دہشت گرد کے سنسنی خیز انکشافات

    کراچی: سی ٹی ڈی نے کراچی میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ایس آر اے کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا ہے، دہشت گرد نے سنسنی خیز انکشافات کر ڈالے۔

    کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارنمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کراچی کے پوش علاقے کلفٹن میں کارروائی کی ، کارروائی کے دوران سندھ لیووشنری آرمی کے دہشت ممتاز علی کو گرفتار کیا گیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد سے ریموٹ کنٹرول بم برآمد ہوا ہے، حکام نے بتایا کہ دہشت گردکراچی کےبڑےریسٹورنٹ میں بم لگانےجارہاتھا کہ پکڑاگیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈی جی خان میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا

    گرفتار دہشت گرد نے بتایا کہ کراچی میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانےکاٹاسک ملاتھا، ایس آراے کےکمانڈراصغرشاہ عرف سجاد شاہ کےکہنےپرمجھےٹاسک ملا، شاہنوازنےمجھے کراچی میں سہولت کاری فراہم کی۔

    گرفتار دہشت گرد کے انکشافات پر سی ٹی ڈی نے پولیس کے ساتھ مل کر دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دیں ہیں۔

  • ٹی ٹی پی گوہر گروپ کے دہشت گرد سیکیورٹی اداروں کے آگے ہتھیار ڈالنے پر تیار

    ٹی ٹی پی گوہر گروپ کے دہشت گرد سیکیورٹی اداروں کے آگے ہتھیار ڈالنے پر تیار

    اسلام آباد : ٹی ٹی پی گوہر گروپ کے دہشت گرد سیکیورٹی اداروں کے آگے ہتھیار ڈالنے پر آمادہ ہوگئے اور مقامی عمائدین سے اپنے سرنڈر کیلئے امداد کے خواہاں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کیخلاف سیکیورٹی فورسزکی کارروائیوں کے ثمرات سامنے آنے لگے ، ٹی ٹی پی گوہر گروپ کے دہشت گرد سیکیورٹی اداروں کے آگے ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہوگئے۔

    دہشت گرد سرغنہ حمیداللہ عرف گوہر بھی قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے آگے سرنڈر ہونے پر تیار ہوگئے ہیں۔

    ٹی ٹی پی گوہر گروپ اندرونی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، غیراخلاقی سرگرمیوں کےباعث دہشت گرد گوہر اپنے ماتحت دہشت گردوں کا اعتماد کھو بیٹھا ہے۔

    بڑھتی ہلاکتوں، مالی مسائل،اندرونی اختلافات کے باعث گوہر گروپ کے مزید دہشتگرد ہتھیار ڈالنے پر آمادہ ہوگئے ، دہشت گرد گوہر نے محسود دہشتگردوں خصوصاً شفیر اللہ گروپ پر اس کو بدنام اور قتل کی سازش کاالزام عائد کیا۔

    دہشت گرد گوہر مقامی عمائدین سے اپنے سرنڈر کیلئے امداد کے خواہاں ہیں جبکہ سیکیورٹی ادارے شب و روز کاوشوں سےدہشتگردوں کو نیست و نابود کرنےکیلئے پُر عزم ہیں۔

  • لکی مروت میں دہشت گردوں کا پولیس پر حملہ، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک

    لکی مروت میں دہشت گردوں کا پولیس پر حملہ، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک

    لکی مروت: صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے لکی مروت میں زیر تعمیر عمارت میں چھپے دہشت گردوں نے پولیس پر حملہ کردیا، پولیس کی جواب فائرنگ سے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ لکی مروت کی حدود میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران زیر تعمیر عمارت میں چھپے دہشت گردوں نے پولیس پر حملہ کردیا۔

    دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او جاوید اور ایک سپاہی زخمی ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں کمانڈر زبیر سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • اتنے حالات خراب ہیں تو پولیس بتائے اب تک کتنے دہشت گرد اٹھائے ہیں، فوادچوہدری

    اتنے حالات خراب ہیں تو پولیس بتائے اب تک کتنے دہشت گرد اٹھائے ہیں، فوادچوہدری

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اتنےحالات خراب ہیں توپولیس بتائے اب تک کتنے دہشت گرد اٹھائے ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کہنا ہے پاکستان کولیپس کر چکا اس لئے الیکشن نہیں کرا سکتے، چیف جسٹس نےکہا 8 اکتوبر کی تاریخ کس نے دی الیکشن کمیشن کے پاس جواب نہیں تھا، ان کی باتوں سے لگتا ہے کہ یہ الیکشن نہیں کراپائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں الیکشن کے لیے پولیس نہیں تو آپ مجھے بتائیں پشاور دھماکے کی کیا اپڈیٹ ہے اب تک کسی کو پکڑا ہے، اتنے حالات خراب ہیں توپولیس بتائے اب تک کتنے دہشت گرد اٹھائے ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کل پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر کانگریس ہائیرنگ ہونی ہے، جس ملک کے 10 ملین ڈالر نہیں الیکشن کرانے کیلئےکیا اسے ایٹمی پروگرام رکھنا چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت بہت ہی خطرناک بیان دے رہی ہے، حکومت کی جانب سے ایسے بیان کی جتنی مذمت کی جائےکم ہے، سپریم کورٹ میں تقسیم ڈالنے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، اگر وکلا تحریک کا آغاز ہوتا ہے تو ہم اسکے پیچھے کھڑے ہونگے، ساری قوم سپریم کورٹ کے پیچھےکھڑی ہے۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ تین دو اور چار تین والا مسئلہ حل ہوگیا، فیصلہ تین دو کا تھا اس پر عمل درآمد کر دیا ہے، اب بینچ دوسرے حصےکی طرف جا رہا ہے، بینچ نے الیکشن کمیشن سے پوچھا الیکشن کیوں نہیں کرارہے تو الیکشن کمیشن نے جواب دیا پاکستان کولیپس کرگیا ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں۔

    فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ عدالت سے درخواست کرتاہوں حکومتی مؤقف لائیو دکھائیں، حکومت کہہ رہی ہے کہ اتنی زیادہ دہشت گردی ہے کہ کنٹرول نہیں کرسکتے، پیسوں کا بحران ہے پیسے نہیں دے سکتے۔

  • امریکا کی کراچی پولیس آفس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ امریکا کراچی پولیس آفس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

    نیڈ پرائس نے دہشت گردی میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا مزید کہنا تھا کہ تشدد کسی بھی چیز کا جواب نہیں، اسے رکنا چاہیے۔

    کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملہ، 2 دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ گزشتہ روز  کراچی کے علاقے شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشتگروں کے حملے میں دو پولیس اہلکاروں اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوابی کارروائی میں دہشتگرد مارے گئے اور عمارت کو تقریباً 4 گھنٹے بعد کلیئر کرالیا گیا۔

  • لاہور سے کالعدم تنظیم کے 9 دہشت گرد گرفتار

    لاہور سے کالعدم تنظیم کے 9 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گرد گرفتار کیے ہیں۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ، دھماکہ خیز مواد، ہینڈ گرینیڈ، ڈیٹونیٹر، اسلحہ، ریموٹ کنٹرول ڈیوائس اور حساس مواد برآمد ہوا۔

    حکام کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت 26 مشتبہ افراد سے تفتیش کے دوران ہوئی، گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 10 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔

    سی ٹی ڈی کا مزید کہنا ہے کہ رواں ہفتے 564 کومبنگ آپریشنز میں 93 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔