Tag: دہشت گرد

  • ارجنٹائن نے حزب اللہ کو دہشت گرد گروپ کے طور پر نامزد کردیا

    ارجنٹائن نے حزب اللہ کو دہشت گرد گروپ کے طور پر نامزد کردیا

    واشنگٹن :امریکا کی جانب سے ارجنٹائن کی ان نئی مساعی کو سپورٹ کیا جا رہا ہے جو بیونس آئرس ایران اور حزب اللہ کے ایجنٹوں کے خلاف عدالتی کارروائی کے سلسلے میں کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ ایجنٹوں پر 1994 میں بیونس آئرس میں یہودی کمیونٹی کے ایک مرکز پر خونی حملے کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔اس حملے کے 25 سال پورے ہونے کے موقع پر واشنگٹن میں منعقد ایک سیمینار میں امریکا میں انسداد دہشت گردی کی تنظیم کے رابطہ کار ناتھن سیلز نے امریکا میں ارجنٹائن کے سفیر فرنانڈو اوریز دی روآ کے ایرانی حکومت سے مطالبے کی تائید کی۔

    فرنانڈو نے ایرانی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ارجنٹائن کے حکام کے ساتھ تعاون کرے جو متاثرہ افراد کو انصاف دلانے کی کوششیں کر رہے ہیں، یہ حملہ براعظم جنوبی امریکا میں سب سے زیادہ خونی کارروائی شمار ہوتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تیس سال قبل 18 جولائی 1994 کو ایک خود کش حملہ آور نے گولہ بارود سے بھری گاڑی بیونس آئرس میں یہودی کمیونٹی کے مرکزسے ٹکرا دی، جس کےنتیجے میں 85 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    ارجنٹائن میں استغاثہ کے نمائندوں نے طویل عرصے سے اس خیال کا اظہار کر رکھا ہے کہ لبنانی ملیشیا حزب اللہ نے ایرانی حکومت میں اپنے سرپرستوں کے حکم پر یہ کارروائی کی تاہم کسی بھی مبینہ ملزم کو عدالتی کارروائی کے واسطے حراست میں نہیں لیا گیا، تہران اس واقعے میں اپنے ملوث ہونے کی تردید کرتا رہا ہے۔

    ناتھن سیلز نے سیمینار کے دوران کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ارجنٹائن اور جنوبی امریکا کے دیگر ممالک کے ساتھ کام کر رہی ہے تا کہ ایران اور اس کی ایجنٹ حزب اللہ تنظیم کا احتساب کیا جا سکے۔

    سیلز کے مطابق ایران اور حزب اللہ کی عسکری کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کے واسطے امریکا اپنے شراکت داروں کے ساتھ سرگرمی سے مصروف عمل ہے، اس سلسلے میں اہم متعلقہ تنظیموں کے علاوہ جنوبی امریکا کے تمام حصوں میں انسداد دہشت گردی کے میدان میں مضبوط خصوصی تعاون سامنے آ رہا ہے، اس میں ارجنٹائن، پاناما، پیراگوائے، برازیل، پیرو اور کولمبیا جیسے ممالک شامل ہیں۔

    سیلز نے واضح کیا کہ وہ آئندہ ہفتے بیونس آئرس کے دورے میں اس تعاون کو وسعت دینے کا ہدف رکھتے ہیں۔

    سیلز امریکی وفد میں رکن کی حیثیت سے شامل ہوں گے جو جنوبی امریکا میں انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں وزارتی سطح پر ہونے والے اجلاس میں شرکت کرے گا۔

    سیلز کے مطابق اجلاس میں شریک ممالک دہشت گردی کے انسداد کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں اور سیکورٹی کمزوریوں کو زیر بحث لائیں گے۔

    ویلسن سینٹر کے زیر اہتمام سیمینار میں امریکا میں ارجنٹائن کے سفیر فرنانڈو اوریز دی روآ نے کہا کہ ارجنٹائن کی حکومت 1994 میں یہودی کمیونٹی مرکز پر دھماکے میں ملوث تمام افراد سے پوچھ گچھ اور ان کو قانونی طور پر قصور وار ٹھہرانے کا عزم رکھتی ہے۔

    فرنانڈو کا کہنا تھا کہ ارجنٹائن کا یہ مطالبہ برقرار ہے کہ ایران ، ارجنٹائن میں عدالتی حکام کے ساتھ تعاون کرے، ہم ارجنٹائن کے دوست ممالک پر بھی زور دیتے ہیں کہ وہ اس کوشش میں ہمارے ساتھ شامل ہو جائیں اور کسی بھی ملزم کو جس کے خلاف گرفتاری کے بین الاقوامی وارنٹ جاری ہو چکے ہیں کسی بھی قسم کی سفارتی مامونیت فراہم کرنے سے گریز کریں۔

  • چینی قونصل خانے پر حملے کا مرکزی ملزم شارجہ سے پاکستان منتقل

    چینی قونصل خانے پر حملے کا مرکزی ملزم شارجہ سے پاکستان منتقل

    کراچی: خلیجی ریاست میں گرفتار کیے جانے والے چینی قونصل خانے پر حملے کے مرکزی کردار راشد بروہی کو پاکستان منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی قونصل خانے پر حملے کے مرکزی کردار راشد بروہی کو خلیجی ریاست سے پاکستان منتقل کردیا گیا۔ ملزم کو رواں برس جنوری میں شارجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ راشد بروہی چینی قونصل خانے پر حملے کے دوران نگرانی کرتا رہا، ملزم نے حملہ آوروں کو مکمل سہولیات فراہم کیں جبکہ اس کا تعلق کالعدم بی ایل اے سے ہے۔ راشد بروہی کو 9 لاکھ روپے فراہم کیے گئے تھے۔

    راشد کو رواں برس جنوری میں گرفتار کیا گیا تھا جس کی گرفتاری کا انکشاف محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ڈی آئی جی عبد اللہ شیخ نے کیا تھا۔

    عبداللہ شیخ کے مطابق سہولت کار نے گرفتاری کے بعد بتایا تھا کہ شارجہ میں را اور دیگر تنظیمیں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرتی ہیں، چینی قونصلیٹ پر حملے کے لیے 9 لاکھ ملے جو دہشت گردوں میں تقسیم کیے۔

    ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ شارجہ پولیس پہلے ملزم کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حوالے کرنا چاہتی تھی تاہم ملزم کے انکشافات کے بعد باقاعدہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنا دی گئی۔ حملے کے وقت ملزم کراچی میں ہی موجود تھا تاہم چینی قونصل خانے پر حملے کے فوری بعد ملزم شارجہ فرار ہوگیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس 23 نومبر کو چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار اور 2 شہری شہید ہوئے جبکہ 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

    دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اور تمام عملہ محفوظ رہا تھا۔

    حملے کے گرفتار 5 دہشت گردوں کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) رپورٹ کے مطابق چینی قونصل خانے پر حملے کے لیے 15 لاکھ کی رقم خرچ کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق 15 لاکھ روپے مختلف وقت میں حملہ آوروں اور سہولت کاروں کو دیے گئے، پیسوں کی منتقلی کے لیے مختلف بینک اکاؤنٹس کا استعمال کیا گیا۔ پیسے ایک دہشت گرد امان اللہ کے اکاؤنٹ میں منتقل کیے جاتے تھے۔ امان اللہ سہولت کاروں میں ماہانہ پیسے تقسیم کرتا تھا۔

    جے آئی ٹی رپورٹ میں پانچوں دہشت گردوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔

  • مصری فوج کی چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کا حملہ، 11 جنگجو ہلاک

    مصری فوج کی چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کا حملہ، 11 جنگجو ہلاک

    قاہرہ : مصری فوج نے سینا کے علاقے میں مسلح عسکریت پسندوں کے حملے ناکام بنادیئے،جھڑپوں میں تین سیکورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 15زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مصری فوج نے شمالی سیناءمیں العریش شہر میں سیکیورٹی چیک پوسٹوں پردہشت گردوں کے تین حملے ناکام بنا دئیے اس دوران جھڑپوں میں 11جنگجواورتین سیکورٹی اہلکار بھی مارے گئے، جبکہ 7 کو گرفتار کرلیا گیا،کارروائی کے بعد بعض شدت پسند بھاگ گئے جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز علی الصبح دہشت گردوں نے ایک ساتھ تین مقامات پر واقع چیک پوسٹوں پرحملے کیے جنہیں مصری فوج نے پسپا کردیا۔

    مقامی قبائلی ذریعے نے بتایا کہ العریش کے وسط میں مسلح عسکریت پسندوں نے تین مقامات سدالوادی، المعہد اور پرانے پارکنگ اسٹینڈ پر واقع چیک پوسٹوں کو حملوں کا نشانہ بنایا تاہم فوج نے عسکریت پسندوں کے حملے ناکام بنا دئیے۔

    غیر ملکی خبر رساں کا کہنا تھا کہ بااثر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ العریش میں دہشت گردوں کے حملے میں تین سیکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے اور15 زخمی ہوئے ۔

    مزید پڑھیں : مصر میں سیاح دہشت گردوں کے نشانے پر، بس حملے میں 17 افراد زخمی

    یاد رہے کہ رواں برس مئی  میں دہشت گردوں نے مصر کے شہر جیزہ میں تاریخی سیاحتی مقام اہرامِ مصر کے نزدیک سیاحوں کی بس کو بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے باعث سترہ سیاح شدید زخمی ہوگئے تھے۔

    خیال  رہے کہ اہرامِ مصر کے نزدیک گذشتہ سال دسمبر میں بھی سیاحوں کی ایک بس کو بم حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں تین ویت نامی سیاح اور ان کا مصری گائیڈ ہلاک اور دس افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • ڈی آئی خان: سی ٹی ڈی چھاپے میں اہم ملزم نے خود کو گولی مار دی

    ڈی آئی خان: سی ٹی ڈی چھاپے میں اہم ملزم نے خود کو گولی مار دی

    پشاور: ڈیرہ اسماعیل خان میں درابند روڈ پر اغوا کاروں کے ٹھکانے پر سی ٹی ڈی چھاپے کے دوران ایک اغوا کار نے خود کو گولی مار کر ہلاک کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ڈی آئی خان میں چھاپے میں اپنے ہی دستی بم سے زخمی ہونے والے ایک اغوا کار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق اغوا کار کالعدم تنظیموں کے لیے کام کرتے تھے، آر پی او ڈی آئی خان نے بتایا کہ چھاپے میں ہلاک ہونے والا مبینہ دہشت گرد 13 مقدمات میں مطلوب تھا۔

    دوسری طرف پولیس حکام کا بھی کہنا ہے کہ ہلاک ملزم پنجاب پولیس کو بھی مطلوب تھا، ملزم کا ممکنہ طور پر سری لنکن ٹیم پر حملے میں ملوث گروپ سے تعلق تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ملتان : سی ٹی ڈی سے مقابلہ، کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد ہلاک، اسلحہ اور نقشے برآمد

    آر پی او نے میڈیا کو بتایا کہ ہلاک ملزم سے دستی بم اور خود کار ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔

    ادھر ایبٹ آباد میں بھی سی ٹی ڈی ہزارہ نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے، دہشت گرد محمد بصیر سے ایک کلو بارود، دستی بم، 6 میٹر وائر برآمد کی گئی۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے۔

    یاد رہے کہ تین دن قبل بھی سی ٹی ڈی پنجاب نے ملتان میں مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد ہلاک کیے تھے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا تھا۔

  • لاہور: سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 2 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 2 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: انسداد دہشت گردی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرکے دھماکا خیزمواد برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کی جانب سے یہ کارروائی پنجاب کے شہر لاہور میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قریب گئی جہاں سے مبینہ طور پر دو دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں آئی۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں میں عبداللہ اور خالدخان شامل ہیں، گرفتار دہشت گروں سے تین کلو سے زائد بارودی مواد، 2ہینڈگرینیڈ اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد شہر میں بڑا دہشت گردی کا منصوبہ بنانا چاہتے تھے، جبکہ دہشت گردوں کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کا منصوبہ تھا۔

    سی ٹی ڈی کی سیالکوٹ میں کارروائی، 2 دہشت گرد گرفتار

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ سی ٹی ڈی نے سیالکوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا تھا۔

    سی ٹی ڈی کی جانب سے گرفتار کیے گئے دہشت گردوں کی شناخت حافظ محمد ابوبکر اور حافظ محمد یوسف کے نام سے ہوئی تھی۔ جبکہ دہشت گردوں سے 410 گرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا۔

  • بلوچستان: عید سیکیورٹی پر مامور ایف سی جوانوں پر دہشت گردوں کا حملہ، دو سپاہی شہید

    بلوچستان: عید سیکیورٹی پر مامور ایف سی جوانوں پر دہشت گردوں کا حملہ، دو سپاہی شہید

    راولپنڈی: بلوچستان میں عید سیکیورٹی پر مامور  ایف سی جوانوں پر  پیٹرولنگ کے دوران دہشت گردوں نے حملہ کیا.

    پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں ایف سی کے دو جوان شہید ہوئے، یہ حملہ اس وقت ہوا، جب عید سیکیورٹی پر مامور ایف سی اہل کار  پیٹرولنگ پر تھے.

    دہشت گردوں نے یہ بزدلانہ کارروائی بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں‌ کی. شہید سپاہیوں میں یار محمد اور مہتاب خان شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہرنائی کے مذکورہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے.

    مزید پڑھیں: بجٹ کٹوتی کو دفاعی صلاحیت پراثراندازنہیں ہو نےدیں گے، جنرل قمر جاوید باجوہ

    خیال رہے کہ آج عید کا دوسرا دن ہے، ایک جانب جہاں قوم تہوار منارہی ہے، فوجی جوان مستعدی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید کی نماز فوجی جوانوں کے ساتھ ادا کی اور لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجی جوانوں ساتھ قیمتی وقت گزارا۔

    آرمی چیف نےامن، قومی سلامتی اور استحکام پاکستان کے لیے خصوصی دعاکی، اس موقع پر انہوں نے جوانوں سے فرداً فرداً ملاقات بھی کی.

  • گوجرانوالہ کے قریب سی ٹی ڈی کی کارروائی، دہشت گرد گرفتار

    گوجرانوالہ کے قریب سی ٹی ڈی کی کارروائی، دہشت گرد گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے قریب سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے قریب سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار کرلیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مبینہ دہشت گرد فتح الرحمان حساس تنصیبات کونشانہ بنانا چاہتا تھا، اس کے قبضے سے سے بارودی مواد ،، ڈیٹونیٹرز ،کالعدم تنظیم کا جھنڈا برآمد ہوا ہے۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ دہشت گرد نےدہشت گرد منصوبوں سے متعلق اہم انکشافات کیے۔ دہشت گرد کے خلاف مقدمہ درج، نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

    کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن میں پنجاب کی کارکردگی بہتر

    یاد رہے کہ گزشتہ روز صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن 4 مارچ سے شروع ہوا تھا، پنجاب نے تمام صوبوں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھائی۔ کالعدم تنظیموں کو سرکاری تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور چلتا رہے گا۔

  • کرائسٹ چرچ حملے کے دہشت گرد پر دہشت گردی کی فرد جرم عائد

    کرائسٹ چرچ حملے کے دہشت گرد پر دہشت گردی کی فرد جرم عائد

    کرائسٹ چرچ : نیوزی لینڈ پولیس نے مساجد پر حملہ کرکے 50 سے زائد مسلمانوں کا قتل عام کرنے والے سفید فام دہشت گرد پر برینٹن ٹیرنٹ پر دہشت گردی کی دفعات عائد کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں دو ماہ قبل سفید فام دہشت گرد نے اسلام مخالف نظریات کی بنیاد پر دو مساجد میں حملہ کرکے درجنوں بے گناہ مسلمانوں کو قتل اور زخمی کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ’نیوزی لینڈ پولیس نے بیان جاری کیا ہے کہ برینٹین ٹیرنٹ پر عائد کی گئی فرد جرم میں الزام لگایا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کی کارروائی کی گئی ہے‘۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ سفید فام دہشت گرد پر دہشت گردی کی فرد جرم کے 51 قتل اور 40 اقدام قتل کی دفعات کا بھی عائد ہیں۔

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی شخص پر دہشت گردی کی دفعات عائد کی گئی ہیں، نیوزی لینڈ کا دہشت گردی ایکٹ 2002 میں متعارف ہوا تھا جس پر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ برینٹن ٹیرنٹ پر دہشت گردی کی فرد جرم دو ماہ بعد عائد کرنے کا فیصلہ پرسیکیوٹرز اور حکومتی قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ پولیس نے دہشت گرد پر مزید الزامات عائد کرنے کےلیے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں بھی کی ہیں اور پولیس حملے کے متاثرہ افراد کو عدالتی کارروائی کے دوران مکمل معاونت کرنے کےلیے پُر عزم ہے۔

    مزید پڑھیں : سانحہ کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ میں‌ جدید اسلحہ رکھنے پر پابندی کا بل منظور

    مزیدپڑھیں :کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملوں کی تحقیقاتی رپورٹ دسمبر تک موصول ہوگی، جیسنڈا آرڈرن

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں واقع دو مساجد میں دہشت گرد حملے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 50 نمازی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    اس واقعے کے نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کی جانب سے شدید ردعمل آیا اور واقعے کو دہشت گردی قرار دیا تھا.

  • لیبیا کی پارلیمان نے اخوان المسلمون کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

    لیبیا کی پارلیمان نے اخوان المسلمون کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

    طرابلس: طبرق میں قائم لیبیا کی پارلیمان نے اخوان المسلمون کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھی اخوان المسلمون کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے اعلان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لیبی پارلیمان نے یہ فیصلہ ایوان میں پیش کی جانے والی ایک قرارداد کو اکثریتی ووٹ ملنے کے بعد کیا۔

    پارلیمنٹ کی نیشنل دفاع وسلامتی کمیٹی کے رکن طارق الجروشی نے بتایا کہ لیبیا نیشنل آرمی کے پاس اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ اخوان المسلمون کے رہنما ترکی اور قطر میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

    لیبی پارلیمنٹ کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان کے مطابق اخوان المسلمون کے ایک رکن محمد مرغم نے وڈیو بیان میں ترکی سے لیبیا میں فوجی مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا جس پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ امریکا میں بھی اخوان المسلمون کوعالمی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی کوششیں کئی سال سے جاری ہیں۔ امریکا اخوان اور اس کے ساتھ منسلک دیگر اداروں، شخصیات اور تنظیموں کے مالی سوتے خشک کرنے کے لیے قانون سازی کے لیے کوشاں ہے۔

    امریکا نے اخوان المسلمون کو دہشت گرد قراردینے کی تیاریاں تیزکردیں

    ٹرمپ انتظامیہ کے سینئر عہدیداروں کی جانب سے رواں ماہ بتایا گیا تھا کہ اخوان المسلمون جماعت امریکا کی سلامتی کے خطرے کا موجب بن سکتی ہے۔ اسی خدشے کے پیش نظر اخوان المسلمون کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی کوششیں جاری ہیں۔

  • انڈیا کا پہلا دہشت گرد ایک ہندو تھا: کمل ہاسن نے انتہا پسندوں کو آئینہ دکھا دیا

    انڈیا کا پہلا دہشت گرد ایک ہندو تھا: کمل ہاسن نے انتہا پسندوں کو آئینہ دکھا دیا

    چنائے: ہندوستانی انڈسٹری کے ممتاز اداکار کمل ہاسن نے ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کا آئینہ دکھا دیا.

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکار نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کہا کہ آزادی کے بعد انڈیا کا پہلا دہشت گرد کوئی مسلمان نہیں تھا، کمل ہاسن نے کہا کہ گاندھی کو قتل کرنے والا شخص ایک ہندو تھا، جس کا نام نتھو رام تھا.

    اداکار نے کہا کہ میں یہ سب اس لیے نہیں کہہ رہا کہ ایک مسلمان علاقے میں مہم چلا رہا ہوں، بلکہ یہی حقیقت ہے، یہی گاندھی کا نظریہ ہے.

    مزید پڑھیں: مودی سرکار کشمیر میں رائے شماری کیوں نہیں کرواتی؟ کمل ہاسن

    خیال رہے کہ کمل ہاسن اپنے روشن خیال اور غیر متعصبانہ نظریات کے لیے مشہور ہیں، وہ ماضی بھی انتہا پسندوں کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں.

    کمل ہاسن نے اپنی منفرد اور متنازع فلم "ہے رام” میں‌ بھی اس نظریے کی ترویج کرتے ہوئے مسلمانوں کی مثبت امیج پیش کی تھی.

    دوسری جانب اداکار کے ان الفاظ نے کھلبلی مچا دی ہے. ایک جانب جہاں سیاست داں ان پر تنقید کر رہے ہیں، وہیں ساتھی انتہاپسند اداکاروں کو بھی کمل ہاسن کے بیان نے آگ بگولا کر دیا ہے.