اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان اور قلعہ عبداللہ میں فورسز کی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں برکلے گاؤں میں آپریشن رد الفساد کیا گیا۔
آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں آئی ای ڈیز بنانے کا مواد، ایس ایم جی، ہینڈ گرینیڈز، مواصلاتی آلات اور ممنوعہ لٹریچر بھی برآمد کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فرنٹیئر کورپس (ایف سی) بلوچستان نے خفیہ اطلاع پر بلوچستان کے قلعہ سیف اللہ اور کاہان میں بھی کارروائی کی۔ کارروائی میں امن سبوتاژ کرنے کی سرگرمی ناکام بنادی گئی۔
ایف سی نے کارروائی میں اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلیں۔
خیال رہے کہ چند دن قبل بلوچستان کے علاقے لورالائی میں سیکورٹی فورسز نے ایف سی کے تربیتی مرکز کے رہائشی علاقے پر حملے کی کوشش نا کام بنا دی تھی۔
لورالائی میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کانسٹبلری کے تربیتی مرکز کو نشانہ بنایا تھا تاہم سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
دہشت گردوں کے حملے میں سیکورٹی فورسز کے 4 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔