نئی دہلی: بھارت کے شہر دہلی میں اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں ملنے لگی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی کے 6 اسکولوں کو آج جمعرات کی صبح بم حملوں کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد دہلی پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ کا عملہ الرٹ ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسکولوں کو ای میل کے ذریعے دھمکیاں ملیں، دہلی پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ نے اسکولوں میں پہنچ کر طلبہ کو بہ حفاظت باہر نکال کر عمارات کو خالی کرائی۔
ایک ہی دن قبل دہلی کے 50 سے زیادہ اسکولوں کو دہشت گرد 111 نامی گروپ کی طرف سے بم کی دھمکیاں ملی تھیں اور تاوان کے مطالبات موصول ہوئے تھے۔
نئی دہلی کی وزیر اعلیٰ پر قاتلانہ حملہ
پولیس کے مطابق جن اسکولوں کو دھمکیاں ملی ہیں ان میں پرساد نگر کا آندھرا اسکول، بی جی ایس انٹرنیشنل پبلک اسکول، راؤ مان سنگھ اسکول، کانونٹ اسکول، میکسفورٹ اسکول، اور اندرا پرستھ انٹرنیشنل اسکول شامل ہیں۔
بم کی اطلاعات ملتے ہی دہلی پولیس، فائر ڈپارٹمنٹ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں، اس ہفتے اس طرح کی یہ تیسری دھمکی ہے، پیر کو بھی اسکولوں کو ایسی ہی دھمکیاں موصول ہوئیں، جب کہ بعد میں انھیں ایک ’دھوکا‘ قرار دیا گیا، تاہم اسکولوں کے اساتذہ اور طلبہ میں خوف کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔
دہلی پولیس کے مطابق گزشتہ روز دہلی این سی آر میں کم از کم 50 اسکولوں کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں، جب کہ پیر کو دہلی پبلک اسکول، دوارکا سمیت 32 اسکولوں کو ای میل کے ذریعے دھمکی ملی تھی، جس پر اسکولوں کے احاطے کو خالی کرنا پڑا۔