Tag: دہلی پولیس

  • دہلی پولیس نے کشمیری نوجوان  کو بے دردی سے قتل کردیا

    دہلی پولیس نے کشمیری نوجوان کو بے دردی سے قتل کردیا

    دہلی : دہلی پولیس نے کشمیری نوجوان کو بے دردی سے قتل کردیا ، زبیراحمد بٹ اپنی والدہ اور بہن بھائیوں کاواحد کفیل تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری مسلمانوں پر ریاستی تشدد جاری ہے اور مسلمان مقبوضہ وادی ہی نہیں بلکہ پورے بھارت میں خوف میں زندگی گزارے پر مجبور ہیں۔

    بھارتی پولیس کی پرتشددکارروائیوں نے ایک اور کشمیری نوجوان کی جان لے لی ، دہلی کے لجپت نگر میں 30 سالہ کے کشمیری نوجوان زبیر احمد کو بے دردی سے قتل کیا گیا۔

    التجا مفتی نے بتایا کہ دہلی میں زبیراحمد کو دہلی پولیس نے گرفتار کر کے وحشیانہ تشدد کیا، وہ اپنی والدہ اور بہن بھائیوں کاواحد کفیل تھا۔

    التجا مفتی نے سوال کیا بے گناہ کشمیریوں کی جانوں کو بغیر ثبوت ختم کرنے کا سلسلہ کب ختم ہوگا؟

    جموں وکشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے زبیر کے واقعے کی شفاف تحقیقات کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔

  • پولیس کی بڑی کامیابی ’لیڈی ڈان‘ گرفتار

    پولیس کی بڑی کامیابی ’لیڈی ڈان‘ گرفتار

    بھارتی پولیس نے کئی سال کی کوششوں کے بعد دہلی کی ’لیڈی ڈان‘ کو حراست میں لے لیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس نے 33 سالہ خاتون ’لیڈی ڈان‘ کو 270 گرام ہیروئن رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے، جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 1 کروڑ روپے کے قریب ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ریڈار پر تھی اور پولیس کو چکمہ دینے میں کامیاب ہوجایا کرتی تھی، خاتون جیل میں قید اپنے شوہر کے گینگ کو بھی چلا رہی تھی۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گرفتار خاتون کے شوہر پر قتل، بھتہ خوری اور اسلحے کی اسمگلنگ کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔

    دوسری جانب بھارت میں حیدرآباد پولیس نے نامپلی نمائش میں خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور بدتمیزی کرنے کے الزام میں 247 افراد کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

    یہ نمائش 3 جنوری سے 17 فروری تک جاری تھی اور پولیس کی خصوصی ٹیموں نے خواتین اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی کی۔

    خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

    37 افراد پر قانونی کارروائی کے تحت مقدمات درج کیے گئے جن میں سے 2 افراد کو 2 دن کی قید کی سزا سنائی گئی۔

    33 افراد پر فی کس 1050 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ایک شخص کو 2 دن قید اور 50 روپے جرمانہ ہوا۔ 190 افراد کو انتباہ کے بعد رہا کر دیا گیا۔

  • رکشہ والے اور حلوائی کے جرائم کا بھانڈا کیسے پھوٹا؟ پولیس نے کیا کیا؟

    رکشہ والے اور حلوائی کے جرائم کا بھانڈا کیسے پھوٹا؟ پولیس نے کیا کیا؟

    پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے رکشہ والے اور حلوائی کے جرائم کا بھانڈا پھوڑ دیا، دونوں ملی بھگت سے لوگوں کو لوٹتے تھے۔

    دہلی پولیس نے نویں اور دسویں جماعت کے دو لڑکوں کو گرفتار کیا ہے جن میں سے ایک حلوائی اور دوسرا رکشہ والے تھا، پولیس نے ان دونوں کی دوستی سے لے کر ان کے جرم تک کی پوری کہانی کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔

    پولیس نے حلوائی اور رکشہ والے کو کئی میٹر تک پیچھا کرنے کے بعد گرفتار کیا، خاص بات یہ ہے کہ ان دونوں کے درمیان دوستی بھی پیدل چلتے ہوئے ہوگئی تھی۔

    حلوائی اور رکشہ والے نے نوکری چھوڑ کر کمائی کا انوکھا طریقہ ڈھونڈا، جس سے دونوں ایک دن میں ہزاروں روپے کما لیتے تھے۔

    گزشتہ بدھ کو بہار میں ایک شخص کے ساتھ چھینا جھپٹی کا واقعہ پیش آیا، نویں اور دسویں جماعت تک پڑھنے والے دونوں لڑکوں نے دہلی کے باڈا ہندو راؤ اسپتال کے قریب واردات کی،

    کھگڑیا، بہار کا ایک شخص شام 6 بجے کے قریب پپو مچھلی کی دکان کے سامنے اپنے فون پر بات کررہا تھا، اسی دوران اسکوٹر پر سوار دو افراد اچانک اس کے پیچھے آئے اسے دھکا دیا اور زبردستی اس کا ریڈمی 8-A چرا لیا اور بھاگ گئے۔

    دہلی پولیس نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دونوں ملزمین منوج عرف منو اور اجے کمار حلوائی اور رکشہ چلانے کا کام کرتے تھے۔

    اجے نے اپنے دوست سے اسکوٹر لے کر واردات شروع کی، دونوں نے نشہ اور شراب نوشی کی بری عادت کی وجہ سے چوری کا کاروبار شروع کر دیا تھا۔

  • جعلی مصالحے بنانے والے تین بھارتی پکڑے گئے

    جعلی مصالحے بنانے والے تین بھارتی پکڑے گئے

    پولیس نے جعلی مصالحہ بنانے والے گروہ کے تین ارکان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے 15 ٹن ملاوٹ شدہ مصالحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے کراول نگر کے علاقے میں چھاپہ مارا اور جعلی مصالحہ بنانے والے بھارتی گروہ کے تین ارکان کو حراست میں لے لیا ہے۔

    پولیس نے تینوں ملزمان کے قبضے سے 15 ٹن ملاوٹ شدہ مصالحہ کے ساتھ خام مال بھی برآمد کیا ہے۔ ان مصالحوں میں پسا ہوا دھنیا، ہلدی، خشک آم کا پاؤڈر اور خشک سرخ مرچیں شامل ہیں۔

    ملزمان کی شناخت 46 سالہ دلیپ سنگھ عرف بنٹی، 32 سالہ سرفراز اور 42 سالہ سپلائر خورشید ملک کے طور پر ہوئی ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ دہلی کے مشرقی علاقے میں کچھ مینوفیکچررز مختلف برانڈز کے نام پر ملاوٹ شدہ مصالحے بنا رہے ہیں جبکہ انھیں دہلی کی مارکیٹوں میں فروخت کیا جارہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر پولیس راکیش پواریا نے بتایا کہ جعلی مصالحوں کا سراغ لگانے کے لیے یکم مئی کو سائبر سیل، کرائم برانچ کی ایک ٹیم کو تعینات کیا گیا تھا۔ بعدازاں انکشاف ہوا کہ کراول نگر علاقہ میں جعلی مصالحہ بنانے والے دو گروہ سرگرم ہیں۔

    دلیپ سنگھ نے پولیس کو بتایا کہ وہ جعلی مصالحے بنانے والے یونٹ کا مالک ہے جبکہ خورشید کا کہنا تھا کہ وہ ان ملاوٹ شدہ مصالحوں کا سپلائر ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ اسی علاقے میں ایک اور یونٹ بھی کام کر رہا تھا جہاں سے سرفراز نامی شخص کو ملاوٹ شدہ مصالحہ بناتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔

  • لڑکے نے 50 روپے کی بریانی کے لیے مقتول کو 60 بار چاقو مارا

    لڑکے نے 50 روپے کی بریانی کے لیے مقتول کو 60 بار چاقو مارا

    نئی دہلی: بھارتی پولیس نے عدالت سے ایک نابالغ لڑکے پر بالغ ہونے کے طور پر مقدمہ چلانے کی درخواست کر دی ہے، 16 سالہ لڑکے نے دہلی میں بریانی کے لیے ایک 17 سالہ لڑکے کو 60 بار چاقو مار کر قتل کر دیا تھا اور پھر اس کی لاش کے قریب ناچا بھی تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 21 نومبر 2023 کو شمال مشرقی دہلی کے ویلکم ایریا میں بریانی کے جھگڑے پر ایک 17 سالہ لڑکے کو ایک 16 سالہ نوجوان نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا تھا، سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ مقتول کو قاتل نے 60 بار چاقو مارا اور جرم کے بعد اس نے لاش کے گرد رقص بھی کیا۔

    دہلی پولیس نے 14 فروری کو اس کیس میں 250 صفحات پر مشتمل ایک لمبی چارج شیٹ داخل کی ہے، جس میں پولیس نے کیئر اینڈ پروٹیکشن آف چلڈرن ایکٹ 2015 کے تحت جووینائل جسٹس بورڈ سے نوعمر ملزم پر بالغ ہونے کے طور پر مقدمہ چلانے کی اجازت طلب کی ہے۔ جووینائل جسٹس ایکٹ کے تحت قتل اور عصمت دری جیسے گھناؤنے جرائم کے ارتکاب پر 16 سال یا اس سے زیادہ عمر کے نابالغوں پر بالغ کے طور پر مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔

    پولیس نے چارج شیٹ میں کہا کہ ملزم نے مقتول پر چاقو سے 60 وار کر کے اس سے 350 روپے لوٹے، قاتل بریانی لینا چاہتا تھا، لیکن مقتول نے خریدنے سے انکار کر دیا تھا۔ پولیس کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم منشیات کے نشے میں تھا اور مقتول کے انکار پر وہ مشتعل ہوا۔ یہ واقعہ جائے وقوعہ پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں بھی ریکارڈ ہوا، قاتل نے آس پاس موجود لوگوں کو چاقو دکھا کر دھمکیاں بھی دیں۔

    دہلی پولیس کا کہنا تھا کہ انھوں نے واردات کے اگلے دن نابالغ کو گرفتار کیا، جس نے پولیس کو بتایا کہ وہ 50 روپے کی بریانی لے رہا تھا لیکن مقتول نے پیسے نہیں دیے، پولیس نے ملزم سے لوٹے گئے 300 روپے بھی برآمد کیے۔

    دہلی پولیس کے مطابق ملزم کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود ہے، اور وہ اپنی ماں کے ساتھ رہتا ہے، جو محلے میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی ہے۔

  • وائرل ویڈیو: موٹرسائیکل سوار کانسٹیبل نے چور پکڑنے کے لیے جان خطرے میں ڈال دی

    وائرل ویڈیو: موٹرسائیکل سوار کانسٹیبل نے چور پکڑنے کے لیے جان خطرے میں ڈال دی

    دہلی: بھارت کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں موٹر سائیکل سوار کانسٹیبل نے چور پکڑنے کے لیے جان خطرے میں ڈال دی۔

    تفصیلات کے مطابق دہلی پولیس کے ایک ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس میں ایک پولیس اہل کار کو چور پکڑتے دکھایا گیا ہے، جب کہ دونوں موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور اچانک آمنے سامنے آ گئے تھے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کانسٹیبل نے جان کی پروا نہ کرتے ہوئے اپنی موٹر سائیکل چھوڑی اور جھپٹا مار کر ایک اور موٹر سائیکل پر سوار چور کو قابو کر لیا۔

    پولیس کے مطابق چور 11 واقعات میں ملوث تھا، اور آخر کار کانسٹیبل نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

    یہ واقعہ شہباز ڈیری پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا، جب چھینا جھپٹی کرنے والا لٹیرا اپنی بائیک پر فرار ہو رہا تھا، تو سامنے سے آنے والے کانسٹیبل ستیندر نے اچانک اس پر جھپٹا مار کر گرا دیا، خود کانسٹیبل کی موٹر سائیکل بھی سڑک پر گر گئی تھی۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے، اس ویڈیو کو اب تک ایک لاکھ 35 ہزار مرتبہ دیکھا جا چکا ہے، اور 9 ہزار کے قریب لائکس ملے ہیں۔

  • بائیک سوار کے سر پر الیکٹرک پول گر گیا، رونگٹے کھڑے کردینے والی ویڈیو

    بائیک سوار کے سر پر الیکٹرک پول گر گیا، رونگٹے کھڑے کردینے والی ویڈیو

    موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ پہنا نہ صرف حفاظتی اصولوں میں سے ایک ہے بلکہ اسے ٹریفک قانون کی حیثیت بھی حاصل ہے، ایک اور ویڈیو نے اس سچائی کو ثابت کردیا۔

    بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو پوسٹ کی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہیلمٹ پہنا ہوا ایک موٹر سائیکل سوار تیزی سے آتا ہے اور سامنے کھڑی گاڑی سے بری طرح ٹکراتا ہے جو اسی وقت آگے بڑھ رہی تھی۔

    ٹکرانے کے بعد موٹر سائیکل سوار زمین پر گرتا ہے اور کئی قلابازیاں کھاتا ہے، اس دوران اس کا سر کئی بار زمین سے ٹکراتا ہے لیکن اس کے باوجود وہ اٹھ کھڑا ہوتا ہے۔

    ابھی وہ اٹھ ہی رہا ہوتا ہے کہ اس کے قریب موجود پول، جس سے اس کی بائیک ذرا دیر پہلے ٹکرائی تھی، دھڑام سے اس کے اوپر گرتا ہے اور موٹر سائیکل سوار ایک بار پھر زمین پر گر جاتا ہے۔

    لیکن اس بار بھی خدا کی قدرت سے وہ محفوظ رہتا ہے اور دوبارہ اٹھ کھڑا ہوتا ہے۔

    دہلی پولیس نے اسے ہیلمٹ کی کرامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ خدا بھی ان کی مدد کرتا ہے جو ہیلمٹ پہنتے ہیں۔

    ویڈیو کے کیپشن میں لکھا دکھائی دیتا ہے کہ ہیلمٹ پہننا آپ کو ایک دو بار نہیں متعدد بار بچا سکتا ہے۔

    اس دل دہلا دینے والی ویڈیو کو اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں، ایک شخص نے کہا کہ ہیلمٹ سے اس کا سر تو بچ ہی گیا شکر ہے کہ گردن نہیں ٹوٹی۔

    بعض صارفین نے مقامی انتظامیہ کو برا بھلا کہتے ہوئے پول کی خستہ حالی پر تنقید کی اور کہا کہ ایک ذرا سی ٹکر لگنے سے پول ہی نیچے گر گیا۔

    زیادہ تر افراد نے مذکورہ شخص کی جان بچنے پر اسے خوش قسمت قرار دیا اور ہیلمٹ پہننے پر زور دیا۔

  • بھارت: دہلی کا رابن ہڈ گرفتار

    بھارت: دہلی کا رابن ہڈ گرفتار

    نئی دہلی: پولیس کی ناک میں دم کرنے والا دہلی کا رابن ہڈ گرفتار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں دہلی پولیس نے رابن ہڈ کہلانے والے شخص کو گرفتار کر لیا، 27 سالہ وسیم اکرم نے امیروں کا مال لوٹ کر غریبوں میں بانٹنے کی وارداتوں سے بہت شہرت حاصل کر لی تھی۔

    دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ رابن ہڈ وسیم اکرم امیر افراد کو لوٹ کر چوری کا کچھ حصہ غریبوں میں بانٹ دیتا تھا، وسیم 25 افراد کے گینگ کا سرغنہ ہے، تاہم یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ یہ گینگ شوخ و چنچل افراد پر مشتمل ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین رابن ہڈ وسیم کو غریبوں کی مدد کی وجہ سے مقامی شہریوں کی حمایت حاصل تھی، جو اسے پولیس کی نقل و حرکت سے آگاہ کرتے تھے، اور وہ ہمیشہ فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتا تھا۔

    دہلی پولیس کا دعویٰ ہے کہ وسیم اکرم اور اس کے گینگ نے امیر گھروں کو لوٹا، نقدی اور زیورات چوری کیے اور غریبوں کو اس میں سے بس کچھ رقم دی، اور زیادہ تر مال اپنے پاس ہی رکھا۔

    پولیس فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ اکرم، جسے لمبو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے 160 جرائم کیے ہیں، جن میں قتل اور عصمت دری کی کوشش بھی شامل ہے۔

    دہلی پولیس کے مطابق رابن ہڈ کو پکڑنے کے لیے ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا تھا، جس نے 4 ماہ کی کوششوں کے بعد بالآخر جمعہ کو اسے پکڑ لیا، اس پر جون میں گرفتاری کی کوشش کے دوران فائرنگ کرنے کا الزام بھی ہے۔

  • دہلی پولیس کا کسانوں کی مٹی پر قبضہ، وجہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    دہلی پولیس کا کسانوں کی مٹی پر قبضہ، وجہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    نئی دہلی: غازی پور بارڈر پر پولیس کے لیے پھول اُگانے کی نیت سے ڈالی گئی کسانوں کی مٹی پر ہی دہلی پولیس نے قبضہ جما لیا۔

    تفصیلات کے مطابق دہلی کی سرحد کے قریب غازی پور بارڈر پر کسانوں نے مٹی گرا دی تھی تاکہ وہ پولیس کے لیے پھول اُگا سکیں، لیکن احتجاج پر مجبور کسانوں سے خوف زدہ ریاستی پولیس نے اس پر قبضہ کر لیا۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جس علاقے میں گلاب کے پھول کی کھیتی کے لیے مٹی لائی گئی تھی، دہلی پولیس نے اس زمین کو اپنے قبضے میں لے کر اسے سیل کر دیا ہے، پولیس کی جانب سے اس کارروائی سے قبل ایک میٹنگ بھی بلائی گئی تھی۔

    غازی پور بارڈر پر کسانوں نے جس زمین پر مٹی ڈالی تھی اس جگہ اب نیم فوجی دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔

    بتایا جا رہا ہے کہ غازی پور بارڈر پر پولیس کی مورچہ بندی اس سے قبل اس مقام سے کچھ فاصلے پر تھی جہاں گلاب اُگانے کے لیے مٹی ڈالی گئی تھی، لیکن اب مٹی والے مقام پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں تاکہ کسان مٹی پر کوئی سرگرمی نہ کر سکیں۔

    اس واقعے نے کاشت کاروں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے ابھی مٹی لی ہے، اس کے بعد وہ کھیتوں کو لینے کی کوشش کرے گی۔

    کسان تحریک، مظاہرین کا بچوں کی شادیوں کے سلسلے میں انوکھا قدم

    واضح رہے کہ متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف دہلی کی سرحدوں پر کسانوں کی تحریک کو تقریباً ڈھائی مہینے ہو گئے ہیں، آج بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان نے مرکز کی مودی حکومت کو 2 اکتوبر تک کا وقت دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر اس تاریخ تک تینوں قوانین واپس نہیں لیے جاتے تو آگے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

  • دہلی فسادات: بھارتی ترانہ نہ پڑھنے پر پولیس کا نوجوان پر بہیمانہ تشدد

    دہلی فسادات: بھارتی ترانہ نہ پڑھنے پر پولیس کا نوجوان پر بہیمانہ تشدد

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہندو مسلم فسادات کے دوران پولیس کے ہاتھوں بے رحمی سے پٹنے والے فیضان کی موت ہوگئی، اہلخانہ نے پولیس اور اسپتال انتظامیہ کو اس کی موت کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

    دہلی فسادات کے دوران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں کچھ افراد زمین پر گرے نظر آرہے تھے اور وہ زخمی دکھائی دے رہے تھے۔ ان کے سر پر کچھ پولیس اہلکار کھڑے تھے۔

    ان میں سے ایک پولیس والا موبائل سے ویڈیو بناتے ہوئے نیچے گرے نوجوانوں سے بھارت کا ترانہ گانے کو کہہ رہا ہے، ایک نوجوان زخمی حالت میں زمین پر پڑے پڑے ترانہ گا رہا ہے جبکہ مزید دو نوجوان روتے ہوئے پولیس سے انہیں چھوڑنے کی منتیں کر رہے ہیں۔

    پولیس کے اہلکار ان 2 نوجوانوں کو لاٹھیوں سے مارتے دکھائی دے رہے ہیں، ساتھ میں وہ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ آزادی چاہیئے تمہیں؟ آؤ ہم تمہیں دیتے ہیں۔

    ان نوجوانوں میں سے ایک سیاہ شرٹ میں ملبوس فیضان کی موت ہوچکی ہے، فیضان کی عمر صرف 23 سال تھی اور اس کی آنکھوں میں مستقبل کے لیے بہت سے خواب تھے۔

    دہلی فسادات میں پولیس کے غیر ذمہ دارانہ کردار پر ویسے ہی انگلیاں اٹھائی جارہی تھیں تاہم اس ویڈیو نے لوگوں کو مزید مشتعل کردیا جس میں پولیس لوگوں کی حفاظت کرنے کے بجائے خود ہی تشدد اور بربریت میں ملوث دکھائی دے رہی ہے۔

    بھارتی ویب سائٹ دی وائر نے جب اس ویڈیو میں موجود 3 نوجوانوں بشمول فیضان کے اہل خانہ سے بات چیت کی تو فیضان کے گھر والوں نے اس کی موت کا ذمہ دار پولیس اور اسپتال انتظامیہ کو ٹھہرا دیا۔

    فیضان کی ماں کا کہنا ہے کہ دہلی پولیس اسے بے رحمی سے پیٹنے کے بعد تھانے لے گئی اور 2 دن تک کسٹڈی میں رکھا۔

    فیضان کی تصاویر دکھاتے ہوئے بوڑھی ماں رونے لگتی ہے، ’میرے ایک جاننے والے نے مجھے بتایا کہ فیضان کو پولیس نے بہت مارا ہے اور اپنے ساتھ لے گئی ہے۔ بعد میں خبر ملی کہ سوموار کے روز اس کو جی ٹی بی اسپتال لے جایا گیا ہے‘۔

    ماں بتاتی ہے کہ اسپتال میں فیضان کو کوئی جاننے والا ملا تو میرے بیٹے نے اپنی جیب سے 15 سو روپے نکال کر دیے اور کہا کہ یہ میری ماں کو دے دینا اور ان کو بتا دینا۔

    ان کے مطابق وہ 2 دن تک تھانے کے چکر لگاتی رہیں لیکن اس دوران انہیں فیضان سے ملنے بھی نہیں دیا گیا۔

    ’اس کے بعد ایک رات پولیس نے بلا کر کہا کہ اپنے بیٹے کو لے جاؤ، اسے پولیس اسٹیشن سے لاتے لاتے رات کا 1 بج گیا تھا، تب تک آس پاس کوئی اسپتال کھلا نہیں تھا۔ بچہ صرف درد سے کراہ رہا تھا، اس کا پورا جسم نیلا تھا۔ پولیس والوں نے ڈنڈوں سے مار مار ‌کر اس کا جسم توڑ دیا تھا۔ اس سے نہ اٹھا جاتا تھا نہ لیٹا جاتا تھا‘۔

    ان کے مطابق اگلے روز اسے قریبی کلینک لے جایا گیا لیکن ڈاکٹر نے اس کی حالت نازک بتاتے ہوئے اسے بڑے اسپتال لے جانے کا کہا۔ اسے جی ٹی بی اسپتال لے جایا گیا لیکن انہیں پہلے ثبوت درکار تھا کہ فیضان کہاں سے آیا ہے۔ ’اسے نہ طبی امداد دی گئی نہ کوئی علاج کیا گیا، میرے بچے نے بغیر علاج دم توڑ دیا‘۔

    ویڈیو میں موجود ایک اور نوجوان کوثر بھی اسی علاقے کا رہائشی ہے۔ کوثر اسپتال میں زیر علاج ہے، اس کی اہلیہ بتاتی ہیں کہ جب ہم ان کو جی ٹی بی اسپتال لے کر گئے تو ڈاکٹروں نے کہا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ پر بعد میں درد میں آرام نہیں ملا، وہ رات بھر کراہتا رہا اور پھر سینٹ اسٹیفینس اسپتال لے گئے، جہاں پتہ چلا جسم میں کئی ہڈیاں ٹوٹی ہیں، پسلیوں میں چوٹیں ہیں اور سر پر بھی ٹانکے آئے۔

    کوثر کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے کوثر بار بار بے ہوش ہوجاتے ہیں، ’ہمارے کمانے کا ذریعہ ختم ہوگیا ہے، میرے شوہر کے دونوں ہاتھ پاؤں ٹوٹ چکے ہیں، ہم پہلے ہی معاشی تنگی کا شکار ہیں، اب بیماری بھی سر پر آن پڑی ہے‘۔

    بھارتی ویب سائٹ نے دہلی پولیس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔