Tag: دہلی کالونی

  • دہلی کالونی میں دل دہلا دینے والے ٹریفک حادثے کی ویڈیو، خواتین اڑ کر دور جا گریں

    دہلی کالونی میں دل دہلا دینے والے ٹریفک حادثے کی ویڈیو، خواتین اڑ کر دور جا گریں

    کراچی: گزشتہ روز دہلی کالونی میں خلیق الزمان روڈ پر صبح 6 بجکر 45 منٹ خوف ناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا، جس میں ایک خاتون ثمینہ جاں بحق اور 2 خواتین زخمی ہوئی تھیں۔

    اس حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی ہے، جس میں تینوں خواتین کو سڑک پر مزید 2 افراد کے ساتھ کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔

    اچانک ایک تیز رفتار کار آئی اور تینوں خواتین کو زور دار ٹکر دے ماری، اس کار کی اسپیڈ اتنی زیادہ تھی کہ خواتین ہوا میں اڑ کر دور جا گریں، اور بے سدھ ہو گئیں، جب کہ کار کو تیزی سے آتا دیکھ کر دونوں مرد تیزی سے پیچھے بھاگے تھے۔

    حادثے کے بعد کار سڑک پر گھوم گئی اور اس کے ایک حصے کو نقصان پہنچا، لوگ کار کی جانب بھاگے، حادثے کے بعد تینوں خواتین کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور ڈرائیور کو پکڑ کر فریئر تھانے کے حوالے کیا گیا تھا، جہاں پولیس کے مطابق تھانے میں دونوں فریقین میں مفاہمت ہو گئی تھی۔


    سندھ پولیس کا اسپیشلائزڈ یونٹ آئی جی سندھ کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام؟


    لیکن حادثے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح غفلت اور لاپرواہی سے انتہائی تیز رفتار سے کار چلائی جا رہی تھی، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ کراچی میں زیادہ تر حادثات غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کی وجہ سے پیش آتے ہیں، جس کی وجہ سے جنوری سے اب تک 220 کے قریب شہری جاں بحق اور 2780 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

  • کراچی میں 12 منزلہ غیر قانونی عمارت گرانے کی کارروائی شروع

    کراچی میں 12 منزلہ غیر قانونی عمارت گرانے کی کارروائی شروع

    کراچی: شہر قائد کے علاقے دہلی کالونی میں 160 گز پر بنی 12 منزلہ غیر قانونی عمارت گرانے کا عمل شروع کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ميں سانحہ گلبہار کے بعد غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں تیز ہو گئیں، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے دہلی کالونی میں بارہ منزلہ غیر قانونی رہایشی عمات کے خلاف ایکشن شروع کر دیا۔

    12 منزلہ عمارت میں 24 فلیٹ اور 4 دکانیں قائم ہیں، تنگ گلیوں کے باعث آپریشن کرنے والی ٹیم کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے، عمارت کا ملبہ سامنے قائم رہایشی عمارت پر بھی گر رہا ہے، آپریشن کے دوران عمارت کی دونوں جانب گلیوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

    سی بی سی حکام کا کہنا ہے کہ آج 12 منزلہ عمارت کو مکمل طور پر گرا دیا جائے گا، تاہم 12 منزلہ عمارت کے دونوں جانب کوئی سپورٹ نہیں، عمارت کو مکمل توڑنے میں 2 دن لگ سکتے ہیں۔

    سی بی سی کی جانب سے کوئی احتیاطی اقدامات کیے بغیر عمارت توڑنے کا کام شروع کر دیا گیا

    آپریشن کے خلاف سیکڑوں کی تعداد میں لوگ بھی جمع ہو گئے، جس کی وجہ سے عمارت گرانے والی ٹیم کو سخت مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا، مشتعل افراد سے نمٹنے کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی، جن سے ہاتھا پائی کے بعد ایس ایچ او کی طبیعت خراب ہو گئی۔ پولیس نے مزاحمت کرنے والے ایک شخص کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق کارروائی میں حصہ لینے کے لیے ایس بی سی اے کی ٹیم نے کوئی کردار ادا نہیں کیا، 160 گز پر بارہ منزلہ عمارت کیسے بن گئی، اس سوال کا جواب دیے بغیر عمارت گرانے کا عمل جاری ہے، کنٹونمنٹ بورڈ اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف مکینوں نے احتجاج بھی کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ذوالفقار خشک کا کہنا تھا عمارت بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر تعمیر کی گئی تھی۔

    بارہ منزلہ عمارت میں نیچے قائم دکانیں توڑی جا رہی ہیں، پولیس اہل کار بھی کھڑے ہیں

    یاد رہے کہ تین دن قبل کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے مختلف علاقوں میں غیر قانونی عمارتوں کو مسمار کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ان میں دہلی کالونی، پی اینڈ ٹی کالونی، بخشاں ویلج اور گذری میں تعمیر عمارتیں شامل ہیں، کنٹونمنٹ بورڈ نے عمارتوں کو مسمار کرنے کا شیڈول بھی جاری کیا تھا۔ پی اینڈ ٹی کالونی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن 17 مارچ کو ہوگا، گذری میں 16 مارچ، پنجاب کالونی میں 19، بخشاں ویلج میں 26 مارچ کو آپریشن ہوگا۔

    عمارت کے مکین احتجاج کر رہے ہیں، پولیس حالات کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے

    یاد رہے کہ 27 فروری کو سندھ ہائی کورٹ میں غیر قانونی تعمیرات کیس کی سماعت کے دوران جسٹس حسن اظہر نے ریمارکس دیے تھے کہ کبوتر کے دڑبوں جیسے دہلی کالونی میں 11،11 منزل کی بلڈنگز بنی ہیں، یہ کیسے بن گئیں؟ سی بی سی نے عدالت کو بتایا کہ اس کی ذمہ داری سندھ حکومت پر ہے۔

  • بابا نے جیب سے تھیلی نکال کر گلاس میں کچھ ملایا، دہلی کالونی واقعے کی متاثرہ بچی کا بیان

    بابا نے جیب سے تھیلی نکال کر گلاس میں کچھ ملایا، دہلی کالونی واقعے کی متاثرہ بچی کا بیان

    کراچی: شہر قائد کے علاقے دہلی کالونی میں زہریلا مشروب پی کر خود کشی کرنے والے شخص کی بیوی اور آٹھ سالہ بیٹی کا بیان سامنے آ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں زہریلا مشروب پینے اور اپنے بچوں کو پلانے والے شخص ریحان کی بیوہ اور بیٹی نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ریحان کی بیوہ نے بھی واقعے کو خود کشی قرار دیا ہے، بیوہ نے بیان دیا کہ ریحان نے زہریلا مشروب خود پیا اور بچوں کو بھی پلایا، وہ سنار کا کام کرتا تھا اور لوگوں کا قرض دار ہو گیا تھا، قرضے کی ادائیگی سے ہر وقت پریشان رہتا تھا۔

    6 سال کے بچے ابراہیم کو این آئی سی ایچ کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے

    کراچی، گھریلو پریشانیوں‌ سے تنگ باپ نے 2 بچوں کو زہر دے کر خودکشی کرلی

    واقعے کے بعد پولیس نے کہا تھا کہ جاں بحق نوجوان ریحان نے خود کشی کی، بچوں کو بھی زہریلا مشروب پلا کر مارنے کی کوشش کی، واقعے میں متاثرہ ریحان کی 8 سال کی بیٹی منزہ کا بیان بھی قلم بند کیا جا چکا ہے، بچی نے بیان دیا کہ بابا نے جیب سے تھیلی نکال کر گلاس میں کچھ ملایا، بابا نے شربت مجھے اور چھوٹے بھائی کو بھی پینے کے لیے دے دیا، بابا نے خود شربت کے 3 گلاس پیے، مجھے اور بھائی کو ایک گھونٹ پر ہی شربت بد ذائقہ لگا۔

    آٹھ سالہ منزہ کا علاج اسپتال میں جاری ہے

    پولیس کے مطابق واقعے میں ریحان تو مر گیا تاہم اس کی بیٹی اور بیٹا بچ گئے ہیں جو این آئی سی ایچ میں زیر علاج ہیں، متاثرہ بچی منزہ کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے۔ متوفی ریحان کرائے کے مکان میں مقیم تھا، اور بھائی کی دکان پر ملازمت کرتا تھا، ریحان کی نماز جنازہ عزیز آباد میں بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔

    اپنے تفصیلی بیان میں ریحان کی بیوہ نے کہا میں واش روم میں تھی، ریحان نے کہا تھا تم واش روم سے ہو کر آؤ مجھے تم سے کام ہے، جب اچانک بیٹی کے چلانے کی آوازیں آئیں، بیٹی نے کہا ابو نے کچھ پی لیا ہے وہ بے ہوش ہو گئے ہیں، میں اندر بھاگ کر گئی تو ریحان زمین پر بے ہوش پڑا تھا، بیٹی نے کہا ابو نے ہمیں بھی جوس پلایا تھا، بیٹی کو بھی الٹیاں شروع ہو گئی تھیں، بیٹے کے منہ سے بھی خون آنے لگا۔

  • لڑکی کو نشے کا عادی بنانے اور اجتماعی زیادتی پر 2 ملزمان گرفتار

    لڑکی کو نشے کا عادی بنانے اور اجتماعی زیادتی پر 2 ملزمان گرفتار

    کراچی: شہرِ قائد کے علاقے دہلی کالونی میں اوباش نوجوانوں نے یتیم لڑکی پر قیامت ڈھا دی، نشے کا عادی بنا کر اجتماعی زیادتی کی، پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں 27 سال کی ایک یتیم لڑکی کو اوباش نوجوانوں نے نشے کا عادی بنایا اور اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی۔

    [bs-quote quote=”ملزمان 3 روز قبل لڑکی کو نشے میں گلی میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے: پولیس” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    پولیس کا کہنا ہے کہ والدہ کے سامنے لڑکی سے دست درازی کرنے پر 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان لڑکی کو اس سے پہلے کئی مرتبہ ورغلا کر ساتھ لے جا چکے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے لڑکی کو منصوبہ بندی کے تحت نشے کا عادی بنایا، ملزمان لڑکی کو نشہ کرانے کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بھی بناتے تھے۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزمان 3 روز قبل لڑکی کو نشے میں گلی میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے، اے آر وائی نیوز نے لڑکی کو گلی میں پھینکنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے ملزمان کے نام قیصر اور شہزاد ہیں، جب کہ تیسرے ملزم تیمور کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔


    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، قاتل سمیت 8 ملزمان گرفتار


    خیال رہے کہ کراچی پولیس شہر بھر میں جرائم کے خاتمے کے لیے متحرک ہو گئی ہے، آج کے دن شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے صحافی کے قاتل سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ہری پور میں قتل نجی چینل کا صحافی کینٹ اسٹیشن سے جب کہ گلشن حدید میں پولیس مقابلے کے بعد ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ سعود آباد، جوہر آباد اور بوٹ بیسن پولیس نے بھی کارروائیاں کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کیا۔