Tag: دیر البلح

  • اسرائیلی طیاروں کی دیر البلح میں مسجد پر بمباری، 24 فلسطینی شہید

    اسرائیلی طیاروں کی دیر البلح میں مسجد پر بمباری، 24 فلسطینی شہید

    غزہ: اسرائیلی طیاروں کی دیر البلح میں مسجد پر بمباری کے نتیجے میں 24 فلسطینی شہید ہو گئے۔

    الجزیرہ کے مطابق غزہ میں صہیونی فوج نے حملے تیز کر دیے، غزہ کے علاقے دیر البلح میں مسجد پر وحشیانہ بمباری کر کے چوبیس فلسطینی شہید کر دیے گئے، جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔

    مسجد میں بے گھرافراد نے پناہ لے رکھی تھی، اسرائیلی طیاروں نے شمالی علاقوں پر بھی بم برسائے، جس میں 11 افراد شہید ہوئے، بیت لاحیہ میں اسرائیلی فوج نے گھر پر بمباری کی جس میں ایک نومولود سمیت 2 افراد شہید ہوئے۔

    اسرائیلی فوج نے بغیر ثبوت دعویٰ کیا ہے کہ دیر البلح میں واقع شہدا الاقصیٰ مسجد کو حماس ’’کمانڈ اینڈ کنٹرول کمپلیکس‘‘ کے طور پر استعمال کر رہی تھی۔ X پر پوسٹ میں اسرائیلی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مسجد پر بمباری کرنے سے پہلے شہریوں کو نقصان پہنچانے کے امکانات کو کم کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے تھے۔

    غزہ میں اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 41,825 افراد شہید اور 96,910 زخمی ہو چکے ہیں۔ ادھر دنیا بھر کے شہروں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں، پیرس سے نیویارک اور کیپ ٹاؤن تک لوگوں نے غزہ پر اسرائیل کی بمباری کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

    دوسری طرف امریکی سیکریٹری خارجہ اینٹنی بلنکن نے قطر، فرانس اور سعودی ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات کی ہے، جس میں سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا، قطری وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ بندی کے لیے کوششیں تیز کرنا ہوگی۔

  • ویڈیو: غزہ کے رہائشی علاقے میں دل دہلا دینے والا اسرائیلی میزائل جو گرنے کے بعد پھٹ نہ سکا

    ویڈیو: غزہ کے رہائشی علاقے میں دل دہلا دینے والا اسرائیلی میزائل جو گرنے کے بعد پھٹ نہ سکا

    غزہ کی پٹی پر صہیونی فورسز کی جانب سے جس وحشیانہ انداز میں گولہ باری کا سلسلہ گزشتہ دو ماہ سے جاری ہے، اس نے دنیا بھر کو نہ صرف حیران کر رکھا ہے بلکہ شدید درد میں بھی مبتلا کر رکھا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وسطی غزہ میں دیر البلح میں گزشتہ روز ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں مزید کم از کم 15 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

    غزہ پر درندہ صفت اسرائیل نے اب تک ہزاروں کی تعداد میں تباہ کن بم گرائے ہیں، جن میں سے زیادہ تر وہ تھے جن کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح رہائشی علاقوں میں نہیں چلائے جا سکتے، یہی وجہ ہے کہ اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی آوازیں اٹھ رہی ہیں اور جنوبی افریقہ نے عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ بھی دائر کر دیا ہے۔

    ایسا ہی ایک اسرائیلی میزائل جب دیر البلح کے ایک محلے میں گرا تو پھٹ نہ سکا، ویڈیو میں اس عظیم الجثہ میزائل کو دیکھا جا سکتا ہے جس کے گرد فلسطینی بچے موجود ہیں، اور جو حیرت اور خوف سے اس میزائل کو دیکھ رہے ہیں۔

    چند نوجوانوں نے خطرے کے پیش نظر اس پر قالین کا ایک ٹکڑا ڈالا تاکہ بچے اسے ہاتھ نہ لگائیں، یہ ویڈیو الجزیرہ نے شیئر کی ہے، اور یہ اسرائیلی جنگی جرائم کی کھلی نشانی ہے۔