Tag: دینی تعلیم

  • داتا دربار کو دینی تعلیم کا مرکز بنایا جائے گا

    داتا دربار کو دینی تعلیم کا مرکز بنایا جائے گا

    اسلام آباد: حکومت پنجاب نے داتا دربار کو دینی تعلیم کا مرکز بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مزارات کے تحفظ، بحالی و آرائش کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، معاون خصوصی و دیگر حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

    اجلاس میں وزیراعظم کو لاہور کے تاریخی و مذہبی مقامات کے تحفظ و بحالی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں کہا گیا کہ داتا دربار کو دینی تعلیم کا مرکز بنانے کے حوالے سے ایک منصوبہ تشکیل دیا گیا، جس کے تحت دربار داتا گنج بخش کو ایک ویلفیئر مرکز کے طور پر ڈھالا جائے گا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ دربار کے زائرین کے کھانے اور رہائش کی سہولیات کے ساتھ تعلیم کا انتظام بھی کیا جائے گا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کو پنجاب میں دیگر مزارات کی بحالی و تحفظ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، بادشاہی مسجد کے حوالے سے بتایا گیا کہ مسجد میں نمازیوں کے لیے سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب میں کہا ملک بھر کے مزارات ہمارا تاریخی ورثہ ہیں، اس لیے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے ان مقامات کی بحالی و تحفظ انتہائی اہم ہے۔

    وزیر اعظم نے خطاب میں ہدایت کی کہ درباروں کے اطراف اراضی کے لیے جامع پلان تشکیل دیا جائے، تاکہ سرکاری اراضی کو اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے لیے بروئے کار لایا جا سکے۔

  • تمام مدارس کو رجسٹرڈ کیا جائے گا، رجسٹرڈ ہوئے بغیر کام نہیں کر سکیں گے: شفقت محمود

    تمام مدارس کو رجسٹرڈ کیا جائے گا، رجسٹرڈ ہوئے بغیر کام نہیں کر سکیں گے: شفقت محمود

    اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تمام مدارس کو رجسٹرڈ کیا جائے گا، جو مدارس رجسٹرڈ نہیں ہوں گے وہ کام نہیں کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج ایک پریس کانفرنس میں وزیر تعلیم نے مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی، کہا ملک بھر میں تمام مدارس کو رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مدارس کی رجسٹریشن چند شرایط کے مطابق ہوگی، رجسٹریشن کے لیے ریجنل آفسز مدارس انتظامیہ کی مدد کریں گے۔

    وزیر تعلیم نے واضح طور پر عندیہ دیا کہ جو مدارس رجسٹرڈ نہیں ہوں گے وہ کام ہی نہیں کر سکیں گے، رجسٹرڈ ہونے والے مدارس کی مالی مدد کی جائے گی۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ مدارس اب وفاقی وزارتِ تعلیم سے منسلک ہوں گے، ہم مدرسوں کی بڑی قدر کرتے ہیں، مدارس کے نصابِ تعلیم کو از سرنو ترتیب دینے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: ملک بھر کے مدارس کی جیو ٹیگنگ اور رجسٹریشن پر رپورٹ مرتب

    انھوں نے مزید کہا کہ مدارس کو ٹریننگ بھی دی جائے گی، یہ 6 مئی کو طے ہوا تھا، جو مضامین میٹرک کے لیے لازمی ہیں وہ مدارس میں بھی لازمی ہوں گے، لازمی مضامین کا امتحان فیڈرل بورڈ لے گا۔

    وزیر تعلیم شفقت محمود کا یہ بھی کہنا تھا کہ دینی مدارس کو بینک کی سہولت بھی دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ اپریل میں کہا گیا تھا کہ ملک بھر کے دینی مدارس کو وزارت تعلیم کے ماتحت لانے کے لیے جیوٹیگنگ اور رجسٹریشن جاری ہے، نیکٹا نے پہلی رپورٹ بھی تیار کر لی ہے، پنجاب میں 90 فیصد رجسٹریشن مکمل کرلی گئی ہے۔