Tag: دینے سے انکار

  • تارکینِ وطن پر پابندی، امریکی عدالت نے ٹرمپ کا حکم نامہ معطل کردیا

    تارکینِ وطن پر پابندی، امریکی عدالت نے ٹرمپ کا حکم نامہ معطل کردیا

    واشنگٹن : امریکی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو میکسیکو سے امریکہ میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کو پناہ دینے پر پابندی عائد کرنے اجازت دینے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کی عدالت نے ٹرمپ انتطامیہ کی درخواست کو مسترد کردیا، جس کے تحت صدر نے میکسیکو سے امریکہ میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کو پناہ دینے پر پابندی عائد کی تھی۔

    یاد رہے صدر ٹرمپ نے 9 نومبر کو اپنے ایک حکم نامے میں کہا تھا کہ حکام صرف انہی تارکینِ وطن سے پناہ کی درخواستیں قبول کریں گے جو امریکی سرحدی گزرگاہوں پر واقع طے شدہ سرکاری مراکز میں خود پیش ہو کر درخواست دیں گے۔

    بعد ازاں شہری آزادیوں کے تحفظ اور تارکینِ وطن کے حقوق کے لیے سرگرم انجمنوں نے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیاتھا، تنظیموں کا موقف تھا کہ صدر ٹرمپ کا حکم نامہ امریکہ کے انتظامی اور امیگریشن قوانین کے برخلاف ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تارکین وطن کے قافلے کو امریکا میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا اور تارکین وطن کو روکنے کے لیے میکسیکو سرحد پرفوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تارکین وطن کے قافلے کو امریکا میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار

    امریکی صدر نے قافلے میں شامل ہزاروں تارکین وطن کوگینگسٹرقراردیتے ہوئے کہا تھا کہ گینگ ممبرز اور دیگر مجرم تارکین وطن کے روپ میں داخل ہونا چاہتے ہیں، میکسیکوکی سرحد پرہماری فوج تارکین کا انتظارکررہی ہے، غیرقانونی طور پرداخل ہونے والوں کو گرفتارکیا جائے گا۔

    خیال رہے یہ پہلا موقع نہیں جب کسی امریکی عدالت نے ٹرمپ کا حکم نامہ معطل کیا ہو، ماضی میں بھی امریکی عدالتیں صدر ٹرمپ کی جانب سے بعض ملکوں کے تارکینِ وطن کی امریکہ آمد پر پابندی عائد کرنے کے خلاف فیصلے دے چکی ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں سال 4 اپریل کو ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات کا عزم کیا تھا کہ ملک کے جنوب میں واقع میکسکو کی سرحد کی حفاظت کے لیے وہ امریکی فوج تعینات کریں گے۔

    امریکی صدر نے اس سے قبل غیر قانونی تارکین وطن کے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شمالی امریکہ کے آزاد تجارت کے معاہدے ’نافٹا‘ کو بھی ختم کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

  • بھارت کا یاسین ملک کو پاکستان جانے کی اجازت دینے سے انکار

    بھارت کا یاسین ملک کو پاکستان جانے کی اجازت دینے سے انکار

    اسلام آباد: بھارت نے حریت رہنما یاسین ملک کو پاکستان جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا، یاسین ملک مشعال ملک کی ہمشیرہ کی شادی میں شرکت کے خواہشمند تھے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی محبت کے جواب میں بھارتی ہٹ دھرمی بدستور برقرار ہے، بھارت نے حریت رہنما یاسین ملک کو پاکستان جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا، مشعال ملک نے یاسین ملک کو روکنے کی بھارتی اقدام کی مذمت کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت نے یاسین ملک کو پاسپورٹ دینے سے انکار کردیا، حریت رہنما یاسین ملک کا پاسپورٹ بھارتی حکومت نے ضبط کررکھا ہے، حریت رہنما نے پاسپورٹ کے لیے بھارتی حکومت سے درخواست کی تھی۔

    حریت رہنما یاسین ملک پاسپورٹ بھارتی حکومت کے قبضے میں ہونے کے سبب پاکستان آنے کے لیے ویزہ کی درخواست نہ دے سکے۔

    یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے حریت رہنما کو روکنے کے بھارتی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کا اقدام غیر انسانی و جابرانہ ہے۔

    مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک پانچ سال سے بیٹی اور اہلیہ کو ملنے سے محروم ہیں، ان کو فیملی سے ملنے سے روکنا قابل مذمت ہے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے، گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو گولیاں ما رکر شہید کردیا تھا۔

    کشمیریوں نے سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے پر سخت احتجاج کیا، جس پر قابض بھارتی فوج نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کردی، فائرنگ کی زد میں آکر بلال احمد بٹ نامی کشمیری نوجوان موقع پر ہی شہید ہوگیا۔