Tag: دیوار چین

  • ’’دیوارِ چین سے بت خانۂ چین تک‘‘(سفر نامہ)

    ’’دیوارِ چین سے بت خانۂ چین تک‘‘(سفر نامہ)

    جمالیاتی حسن کی حِس تو ہر ذی شعور انسان میں پائی جاتی ہے۔ ہاں یہ ضرور ہے وہ کسی میں کم اور کسی میں زیادہ ہوتی ہے۔ لیکن جمالیات سے متعلق عام قاری کے ذہن میں یہ سوال ضرور اٹھتا ہے کہ آخر یہ ہے کیا؟

    جمالیات فنی اعتبار سے فلسفہ ہے جو کسی بھی قلم کار کے ادب یا شاعری میں اور ان کے فن میں چھپے ہوئے حسن کو اخذ کر کے اس کے لئے اصول و ضوابط متعین کرتی ہے۔

    عام قارئین تو بہت کم مگر تاریخ، تحقیق اور ادب کے طالبِ علم پروفیسر شکیل الرحمٰن کے نام اور ان کے کام سے کسی قدر واقف ہوں‌ گے جن کے بارے میں یہ کہا جاتا تھا کہ جمالیات ان کا اوڑھنا بچھونا ہے اور آج بھی جب کسی مضمون اور مقالہ میں لفظ جمالیات کو بطور اصطلاح پڑھتے ہیں‌ تو ذہن میں پروفیسر صاحب کا نام آتا ہے۔ شکیل الرحمٰن بھارتی حکومت کی جانب سے 1990ء میں چین گئے تھے۔ اس سفر میں‌ انہوں نے جو مقامات دیکھے، جن لوگوں سے ملاقات کی ان کے بارے میں اور اپنی معلومات اور مشاہدے کی بنیاد پر چین کی تاریخ و ثقافت، تہذیب و تمدن اور ماضی و حال کو اپنی کتاب ’’دیوارِ چین سے بت خانۂ چین تک‘‘ کے عنوان سے رقم کیا۔ ان کا یہ سفر نامہ ہمیں جہاں‌ چین کی سیر کرواتا ہے وہیں فن و ادب میں جمالیات کو بطور اصطلاح بھی سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس سفرنامے سے چند اقتباسات پیشِ‌ خدمت ہیں۔

    یہ تو ہم جانتے ہی ہیں کہ دنیا کی بے شمار پُرشکوہ عمارتیں، مسجد، مندر، گرودوارے اور گرجا گھر، بلند و بالا قطب مینار سے لے کر ایفل ٹاور تک، مجسمے اور نہ جانے کتنے ہی فن تعمیر کے شاہکار انسانی ہاتھوں‌ سے ڈھالے گئے ہیں۔ لیکن کوئی دیوار، سوائے دیوار چین کے اس کرۂ ارض پر ایسی نظر نہیں آتی جو اپنے جمالیاتی حسن کا مثالی درجہ رکھتی ہو۔ دیوار چین برس ہا برس سے پہاڑی سلسلوں کے ساتھ حسین وادیوں میں ڈوبتی ابھرتی، بل کھاتی لوگوں کو میلوں کی مسافت طے کراتی چلی جا رہی ہے۔

    شکیل الرحمٰن اپنی اس کتاب میں لکھتے ہیں کہ دیوار چین دو ہزار سال سے زیادہ قدیم اور چھ ہزار کلو میٹر سے زیادہ طویل ہے۔ اس کی تعمیر کے لئے چھتیس سال کا عرصہ درکار ہوا تھا۔ دیوار پر چڑھنے اور اس پر چہل قدمی کے اپنے تجربات کو انھوں نے یوں قلم بند کیا ہے:

    ’’دیوار چین پر چڑھنے کے کئی راستے ہیں۔ زینے بنے ہیں۔ میں نے ایک راستے کو منتخب کیا اور آہستہ آہیستہ چڑھنے لگا۔ بڑے اور چوڑے زینے ہیں۔ کچھ دور اوپر چڑھ کر دم لینے کے لئے جگہیں بنی ہوئی ہیں۔ دس بیس زینے طے کر کے تھوڑی تھوڑی دیر کے لئے رکتا رہا۔ زینوں پر مقامی لوگوں نے مختلف چیزوں کی چلتی پھرتی دکانیں کھول رکھی ہیں۔ اوپر چڑھتے ہوئے بڑا لطف آیا۔ کئی جگہوں پر آرٹسٹ اور مصور دکان سجائے بیٹھے تھے جو آٹھ دس منٹ میں اسکیچ بنا دیتے تھے۔ ایک جگہ رکا تو ایک چینی مصور نے دس منٹ میں میرا چہرا بنا دیا، تیزی اور صفائی دیکھ کر حیرت انگیز مسرت ہوئی۔ دیوار چین کی یہ یادگار میرے پاس محفوظ ہے۔ بلندی پر پہنچ کر جب ہر جانب دیکھا تو لگا جیسے فطرت نے مجھے آغوش میں لے لیا ہے۔ بڑی آسودگی مل رہی تھی۔ ہوا بہت تیز تھی۔ آخری مقام پر کچھ دیر تک رک کر پھر آہستہ آہستہ نیچے اتر نے لگا۔ ایک بڑی آرزو پوری ہوئی تھی۔ دیوار چین پر چڑھنے کا ایک عدد سرٹیفیکٹ ملا، ایک خوبصورت سرٹیفیکٹ۔ میں دیوار چین کا ایک ماڈل لیے قیام گاہ کی طرف روانہ ہوا۔‘‘

    اس دورۂ چین میں شکیل الرحمٰن نے بدھ مصوری کا بھی مطالعہ کیا۔ اس سے متعلق لکھتے ہیں: ’’بدھ مصوری کو زندہ رکھنے کے لئے مختلف ملکوں اور علاقوں کے تاجر مالی مدد کرتے رہے۔ ایک راہب نے خواب میں بادلوں کے اوپر تیرتے ہوئے ہزاروں بدھ دیکھے تھے۔ فن کار اس بات کی مسلسل کوشش کرتے رہے کہ یہ سارے بدھ نقش ہو جائیں۔ پتھروں کو تراش کر بھی بدھ کے پیکر بنائے گئے۔ بدھ بھکشوؤں کے ہزاروں پیکر مجسموں اور تصویروں میں ابھار ے گئے۔ کہا جاتا ہے کہ ایک راہب جو ہندوستان سے چین پہنچا تھا اور جس کا نام یوزن تھا، اسی نے 366ء میں یہاں غار کے اندر پیکر تراشی کی حوصلہ افزائی کی۔ چینی مصوری کے فن میں ماہر ہیں، لہذا انہوں نے بدھ اور بدھسٹوں کے پیکروں کو اپنا آہنگ بھی دیا ہے۔ لکیروں اور رنگوں میں اس آہنگ کو محسوس کیا جاتا ہے۔ خوش قسمتی سے ان غاروں کے چند نقوش کی تصویریں بیجنگ میں دیکھنے کو ملیں، بس جی خوش ہو گیا۔ ‘‘

    شکیل الرحمٰن لکھتے ہیں کہ چینی ذہن کی بیداری اور وہاں کے فن کاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کا احساس انہیں اس وقت ہوا جب وہ شنگھائی پہنچے۔ اس کے علاوہ انہیں چین کے لوگوں کے ثقافتی اور تمدنی سطح پر عمدہ برتاؤ کے معیار کا پتہ بھی چلا۔ چینی لوگ بڑے محنتی اور جفا کش ہوتے ہیں۔ وہ مایوس اور ناامید ہونا نہیں جانتے۔ یہاں تک کہ سیلاب اور طوفان سے فصلوں کے متاثر ہونے پر بھی وہاں کے کسان مایوس نہیں ہوتے۔ تباہی کے باوجود اپنی ہمت جٹاتے ہیں اور محنت اور مشقت کے لئے دوبارہ اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔

    شکیل الرحمٰن دوران سفر بیجنگ میں شہر ممنوعہ (Forbidden City) میں داخل ہوئے تو انہیں چین کے قدیم معماروں اور محنت کشوں کے احساس جمال اور احساس جلال سے نہ صرف واقفیت حاصل ہوئی بلکہ ان کے فن تعمیر سے وہ متاثر بھی ہوئے۔ شہر ممنوعہ دراصل شاہی قلعہ ہے جس کے بارے میں انہیں پتہ چلا کہ یہ ساری دنیا کا سب سے قیمتی اور بڑا قلعہ ہے۔ اس میں آٹھ سو عمارتیں اور نو ہزار کمرے ہیں۔ اس قلعے سے چین کے شہنشاہ پانچ سو سال تک حکومت کرتے رہے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں کہ شہر ممنوعہ کا قلعہ چودہ برس کے عرصے میں 1420ء میں تکمیل کو پہنچا۔ اس کی تعمیر میں لاکھوں معمار، فن کار اور مزدوروں نے حصہ لیا تھا۔ اس میں لکڑی پر رنگوں کی آمیزش کو جو فروغ دیا گیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ یہاں خوبصورت رنگوں اور ان کی آمیزشوں کا بہت ہی عمدہ مظاہرہ کیا گیا ہے جس کا جمالیاتی حسن دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ اس قلعہ کی خصوصیت یہ بھی ہے کہ دنیا میں لکڑی کے اس قدر بڑے کام کے ساتھ ایسا قلعہ کہیں بھی موجود نہیں ہے۔ وہ مزید لکھتے ہیں: ’’شہر ممنوعہ‘‘ عمارت سازی کی سب سے بڑی مثال ہے۔ دروازوں اور دریچوں کو پر کشش بنانے کے لئے خوبصورت رنگ استعمال کئے جاتے ہیں اور پیکر ابھارے جاتے ہیں۔ شہر ممنوعہ جو دس ہزار مربع فیٹ کے رقبے میں پھیلا ہوا ہے چینی عمارت سازی کے تمام حسن کو جلوہ گر کر دیتا ہے۔ دروازے، ہال، کمرے، چھتیں سب چینی احساس جمال کے نمونے ہوتے ہیں۔‘‘

    شکیل الرحمٰن نے چین کے اپنے سفر میں یہ محسوس کیا کہ فنون لطیفہ میں وہاں کے لوگوں کی ہمیشہ ہی دلچسپی رہی ہے۔ یہاں تک کہ چینی مصوری نے وسط ایشیا اور ایران کی مصوری کو بھی بڑا متاثر کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ چینی فن بڑا نازک بھی ہے اور باریک بھی۔ ایسا لگتا ہے کہ اس فن مصوری میں جیسے فن کار کی روح اتر آئی ہو۔ چینی مصوری میں شاعری اور فن خطاطی کی جمالیات کی آمیزش رہتی ہے اور خود فن خطاطی میں مصوری اور شاعری شامل رہتی ہے۔ الغرض چین کے تمام فنون میں چاہے وہ مصوری ہو کہ شاعری، خطاطی ہو کہ فن تعمیر سب میں تخیل کے آہنگ کی پہچان ہوتی ہے جو ان کے خیال میں سب سے بڑی صفت ہے۔ یہاں تک کہ برتنوں کی تزئین و آرائش میں بھی مصوری کے فن کو بڑا فروغ حاصل ہوا ہے۔

  • شارٹ کٹ کے چکر میں 2 افراد نے تاریخی دیوار چین کا ایک حصہ گرا دیا

    شارٹ کٹ کے چکر میں 2 افراد نے تاریخی دیوار چین کا ایک حصہ گرا دیا

    بیجنگ: چین کے صوبہ شانزی میں عظیم دیوار چین کو کھدائی کے دوران شارٹ کٹ کے چکر میں دو افراد نے شدید نقصان پہنچا دیا، جس پر حکام نے حرکت میں آ کر دونوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ شانزی میں شارٹ کٹ کے چکر میں مشہور زمانہ تاریخی دیوار چین کا ایک حصہ منہدم ہو گیا، حکام نے بتایا کہ ایک 38 سالہ مرد اور 55 سالہ خاتون نے دیوار میں موجود خلا کو وسیع کرنے اور ایک شارٹ کٹ بنانے کے لیے کھدائی کی مشین استعمال کی تھی۔

    شانزی کلچرل ریلیکس بیورو نے پیر کے روز ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ژینگ نامی ایک شخص اور ایک خاتون نے اگست کے آخر میں یویو کاؤنٹی میں منگ شاہی خاندان (1368-1644) کے دور میں بنائی گئی دیوار چین کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا دیا ہے۔

    چینی میڈیا کے مطابق یویو کاؤنٹی میں پولیس نے 24 اگست کو ایک رپورٹ موصول ہونے کے بعد نقصان کا پتا لگایا تھا اور پڑوسی کاؤنٹی ہورنجر کی طرف جانے والے راستے کا جب پیچھا کیا گیا، تو وہاں انھوں نے دو مشتبہ افراد کو تلاش کر کے حراست میں لے لیا، جن پر تاریخی ثقافتی ورثے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

    دونوں ملزمان نے، جن کو دیوار چین کے قریب میں ایک تعمیراتی منصوبے پر کام کرنے کا ٹھیکا دیا گیا تھا، اس بات کا اعتراف کیا کہ انھوں نے دیوار سے گزرنا آسان بنانے کے لیے مشین کا استعمال کیا۔

    واضح رہے کہ دیوار چین نے چینی سلطنتوں کو بیرونی حملہ آوروں سے بچانے کے لیے ہمیشہ ایک قلعے کا کام کیا، یہ 13,000 میل سے زیادہ پر پھیلا ہوا ہے، اس کا سب سے اچھی طرح سے محفوظ شدہ حصہ تقریباً 5,499 میل لمبا ہے، 1987 میں اس پوری دیوار کو یونیسکو نے عالمی ثقافتی ورثے کا درجہ دے دیا تھا۔

  • دیوار چین سیاحوں کے لیے کھول دی گئی

    دیوار چین سیاحوں کے لیے کھول دی گئی

    بیجنگ: چین میں موجود سات عجائبات عالم میں سے ایک عظیم دیوار چین کو سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا، کرونا وائرس پر قابو پانے کے بعد چین کے متعدد سیاحتی مقامات کو کھول دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق دیوار چین کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے، دیوار چین کو کرونا وائرس کے باعث 2 ماہ قبل بند کیا گیا تھا۔

    چند روز قبل دارالحکومت بیجنگ میں بھی 73 سیاحتی مقامات کو کھول دیا گیا تھا۔

    بیجنگ میں جو سیاحتی مقامات کھولے جا رہے ہیں وہ میونسپلٹی کے ٹوٹل مقامات کا 30.7 فیصد بنتے ہیں، یہ سب آؤٹ ڈور لینڈ اسکیپ ریزورٹس ہیں۔

    چینی حکام کے مطابق سیاحت کے دوران کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کو بھی مد نظر رکھا جائے گا، اور ایسی خدمات پیش کی جائیں گی جن میں انسانوں کا ربط نہیں ہوگا، جیسے موبائل پیمنٹ، ای ٹکٹ اور گائیڈ مشین وغیرہ۔

    کھلنے والے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی تعداد بھی 30 فیصد تک مقرر کی گئی ہے۔ چین اس عالمگیر وبا کے دوران سیاحتی مقامات کھولنے والا پہلا ملک بنا ہے۔

    دیوار چین کے بارے میں انوکھے حقائق

    کیا آپ جانتے ہیں دیوار چین کو تعمیر کرنے میں 17 سو سال کا طویل عرصہ لگا ہے؟ بعض کتابوں میں یہ 2 ہزار سال بھی بتایا گیا ہے۔

    دراصل اس دیوار کی تعمیر منگول حملہ آوروں سے بچنے کے لیے کی گئی جس کا آغاز 206 قبل مسیح میں کیا گیا۔ اس کے بعد بے شمار بادشاہوں نے حکومت کی اور چلے گئے لیکن اس دیوار کی تعمیر کا کام جاری رہا۔

    سنہ 1368 میں چین میں منگ خانوادے کی حکومت کا آغاز ہوا جس کے لگ بھگ ڈھائی سو سال بعد اسی خانوادے کے ایک بادشاہ کے دور میں دیوار کی تعمیر مکمل ہوئی۔ یہ 1644 کا سال تھا۔

    دیوار چین کی تعمیر کے دوران اینٹوں کو جوڑنے کے لیے چاول کا آٹا استعمال کیا گیا تھا۔

    اس عظیم دیوار کی تعمیر کے دوران 10 لاکھ مزدور اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، لیکن اس دیوار نے چینیوں کو بیرونی حملہ آوروں سے محفوظ کردیا۔

    دیوار، چین کے 15 صوبوں میں پھیلی ہوئی ہے۔

  • عظیم دیوارِ چین وقت کی بے مہری کا شکار

    عظیم دیوارِ چین وقت کی بے مہری کا شکار

    سات عجائبات عالم میں سے ایک عظیم دیوار چین انسانی ہاتھوں سے تراشی گئی دنیا کی طویل ترین تعمیر ہے۔ دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دینے والی یہ دیوار گزرتے وقت کی بے مہری کا شکار ہو کر زبوں حال ہوتی جا رہی ہے۔

    خلا سے دکھائی دی جانے والی 8 ہزار 8 سو 51 کلومیٹر طویل اس عظیم دیوار کا 30 فیصد حصہ وقت کے ساتھ ساتھ غائب ہوچکا ہے۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دیوار کا صرف 8 فیصد حصہ پہلے کی طرح بہترین حالت میں ہے۔

    مقامی انتظامیہ کے مطابق اس دیوار کی تباہی میں سب سے بڑا ہاتھ ان دیہاتیوں کا ہے جو اس دیوار کے دامن میں آباد ہیں۔

    یہ مقامی لوگ دیوار میں لگی مضبوط اور موٹی اینٹیں نکال کر اپنے گھر تعمیر کرتے ہیں۔ دیوار کی چوری شدہ اینٹیں فروخت بھی کی جاتی ہیں۔

    اینٹوں کی مسلسل چوری کے باعث دیوار کو نقصان پہنچ رہا ہے اور وہ کئی جگہ سے خستہ حال ہوتی جارہی ہے۔

    تاہم حکومتی کوششوں اور آگاہی کے فروغ کے بعد اب انہی مقامی باشندوں نے اپنے ثقافتی ورثے کی بحالی کا بیڑہ اٹھا لیا ہے۔

    سورج نکلتے ہی مقامی باشندے اینٹیں، لکڑیاں اور تعمیراتی سامان خچروں کی مدد سے اونچی پہاڑیوں پر پہنچانا شروع کردیتے ہیں اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار حصے کو تعمیر کرتے ہیں۔


    عجوبہ عالم دیوار چین کے بارے میں انوکھے حقائق

    کیا آپ جانتے ہیں دیوار چین کو تعمیر کرنے میں 17 سو سال کا طویل عرصہ لگا ہے؟ بعض کتابوں میں یہ 2 ہزار سال بھی بتایا گیا ہے۔

    دراصل اس دیوار کی تعمیر منگول حملہ آوروں سے بچنے کے لیے کی گئی جس کا آغاز 206 قبل مسیح میں کیا گیا۔ اس کے بعد بے شمار بادشاہوں نے حکومت کی اور چلے گئے لیکن اس دیوار کی تعمیر کا کام جاری رہا۔

    اس دوران دنیا وقت کو ایک نئے پیمانے (حضرت عیسیٰ کی آمد کا بعد کا وقت۔ بعد از مسیح) سے ناپنے لگی، سنہ 1368 شروع ہوا اور چین میں منگ خانوادے کی حکومت کا آغاز ہوا۔

    لیکن دیوار چین کی تعمیر ابھی بھی جاری تھی۔

    آخر اس کے لگ بھگ ڈھائی سو سال بعد اسی خانوادے کے ایک بادشاہ کے دور میں دیوار کی تعمیر مکمل ہوئی۔ یہ 1644 کا سال تھا۔

    موجودہ دیوار کا 90 فیصد حصہ اسی خاندان کے دور میں تعمیر ہوا۔

    دیوار چین کی تعمیر کے دوران اینٹوں کو جوڑنے کے لیے چاول کا آٹا استعمال کیا گیا تھا۔

    اس عظیم دیوار کی تعمیر کے دوران 10 لاکھ مزدور اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، لیکن اس دیوار نے چینیوں کو بیرونی حملہ آوروں سے محفوظ کردیا۔

    اب ہر سال اس دیوار پر ایک میراتھون منعقد ہوتی ہے جس میں ڈھائی ہزار افراد حصہ لیتے ہیں۔

    دیوار، چین کے 15 صوبوں میں پھیلی ہوئی ہے۔