Tag: دیوار گر گئی

  • اسلام آباد، گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گر گئی، 12 افراد جاں بحق

    اسلام آباد، گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گر گئی، 12 افراد جاں بحق

    اسلام آباد: پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرنے سے 12 مزدور جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے دوران پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب ایک نہایت افسوس ناک حادثہ پیش آیا ہے، دیوار گرنے کے باعث بارہ مزدور دب کر جاں بحق ہو گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی ٹیموں نے مشین کی مدد سے بارہ افراد کی لاشیں نکال لی ہیں، ملبے تلے مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے گرنے والی دیوار تقریباً سو فٹ لمبی اور گیارہ فٹ اونچی تھی، پل کی تعمیر کے لیے موجود مزدوروں نے دیوار کی آڑ میں ٹینٹ لگا رکھا تھا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے 4 مزدوروں کو زندہ نکال لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق تھانہ کہنہ کے علاقے محمدی ٹاؤن میں بھی دیوار گرنے کا ایک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں 11 سال کی ایک لڑکی جاں بحق ہو گئی ہے۔

  • کراچی: زیر تعمیر گھر کی دیوار گرنے سے بچوں سمیت 7 افراد زخمی

    کراچی: زیر تعمیر گھر کی دیوار گرنے سے بچوں سمیت 7 افراد زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے پی آئی بی کالونی میں زیر تعمیر گھر کی دیوار گر گئی، جس کی زد میں آ کر 4 بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں پریس کوارٹر کے قریب سندھی پاڑا میں ایک زیر تعمیر گھر کی دیوار گرنے سے 7 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں 4 بچے بھی شامل ہیں۔

    ریسکیو ذرایع نے بتایا کہ زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، حادثے میں ایک 7 سالہ بچی علوینہ شدید زخمی ہو گئی ہے جسے اسٹیڈیم روڈ پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق سندھی پاڑا میں ایک گھر کی دوسری منزل پر تعمیرات جاری تھیں، زیر تعمیر دیوار پڑوس کے گھر پر جا گری۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ عمارت کی غیر قانونی تعمیر کی وجہ سے پیش آیا ہے، دوسری منزل پر بنائی جانے والی دیوار برابر کے گھر پر آ گری تھی، حادثے کے بعد ٹھیکے دار اور مزدور فرار ہو گئے ہیں۔

    پولیس نے بتایا کہ واقعے میں ملوث بلڈر اور ٹھیکے دار کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ادھر ایس بی سی اے کی ٹیم جائے وقوع کا معائنہ کرنے پہنچ گئی، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے حادثے سے متعلق مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی بی میں عمارت نہیں بلکہ دوسری منزل کی دیوار گری ہے، 40 گز کے پرانے مکان میں دوسری منزل پر دیوار یں اٹھائی جا رہی تھیں، متاثرہ مکان نالے پر بنایا گیا ہے۔