Tag: دیوالی

  • دیوالی کا جشن منانے پر تنقید، اریبہ حبیب نے خاموشی توڑ دی

    دیوالی کا جشن منانے پر تنقید، اریبہ حبیب نے خاموشی توڑ دی

    اداکارہ و ماڈل اریبہ حبیب نے دیوالی کا جشن منانے پر تنقید کے کہا  کہ لوگ اقلیتوں سے متعلق رواداری کا مظاہرہ کریں۔

    اے آر وائی ڈٰیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’جلن‘ میں مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ اریبہ حبیب نے حال ہی میں اشنا شاہ کے شو میں شرکت کی اور دیوالی پارٹی کی تقریبات کی تصاویر پر سوشل میڈیا کی جانے والی تنقید سے متعلق اظہار خیال کیا۔

    اریبہ نے کہا کہ ہم ایسے ملک میں رہتے ہیں جہاں بہت سے لوگ ہیں بشمول عیسائی، ہندو جو ہمارے ساتھ تہوار پر جشن مناتے ہیں، دیپک پروانی ہماری افطار پارٹیوں میں شرکت کرتے ہیں چاہے وہ روزنہ نہیں رکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ان کی خوشی میں شامل ہونے جارہے ہیں کیونکہ ان کے یہاں بہت زیادہ خاندان نہٰں ہیں، وہ اپنی برادریوں سے دور ہیں اور ان کا گھر اب پاکستان ہی ہے، میں اپنے عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والے عملے کے ساتھ کرسمس مناتی ہیں اور کرسمس ٹری بھی لگاتی ہیں۔

    اریبہ حبیب نے کہا کہ میں الحمدللہ مسلمان ہوں لیکن ہم بھی انسان ہیں، ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ آپ عیسائی یا کوئی دوسرا مذہب اختیار کرلیں لیکن ان کی خوشی کے لمحات میں حصہ بننے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔

    اداکارہ نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں کو رواداری کا یہ سبق لازمی سکھائیں۔

    اریبہ حبیب نے بتایا کہ انہوں نے زمانہ طالب علمی سے ماڈلنگ کا آغاز کیا، جب وہ اسکول میں پڑھتی تھیں تب انہوں نے ماڈلنگ کے لیے آڈیشن دیا اور انہیں منتخب کرلیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ اسکول میں پڑھنے کی وجہ سے ان کی والدہ نے مخالفت کی لیکن ان کے والد نے انہیں ماڈلنگ کرنے کی اجازت دی اور یوں ہی ان کا کیریئر شروع ہوا۔

    اریبہ حبیب نے اداکاری کے مقابلے میں ماڈلنگ کو بہتر قرار دیا اور کہا کہ اداکاری کرنے کے بعد مداح ہر اداکارہ کو بہو، بہن اور بیوی کے روپ میں دیکھنا پسند کرتے ہیں، پھر ماڈلنگ کریں تو تنقید ہوتی ہے۔

  • مرنال ٹھاکر اپنی تصویر کی بیہودہ ایڈٹنگ پر مداح پر برس پڑیں، پھر تعریف بھی کرڈالی!

    مرنال ٹھاکر اپنی تصویر کی بیہودہ ایڈٹنگ پر مداح پر برس پڑیں، پھر تعریف بھی کرڈالی!

    بالی ووڈ کی نوجوان اداکارہ مرنال ٹھاکر نے دیوالی کے موقع پر مداح کی جانب سے ایڈٹ شدہ تصویر شیئر کرنے پر اسے کھری کھری سنا دیں۔

    دیوالی پر ادکاراؤں کے دیوانے مداح نے اپنی اور مرنال کی ایڈیٹ شدہ تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ اس شخص کے ساتھ دیا جلاتے ہوئے نظر آرہی تھی، مرنال کا یہ پوسٹ دیکھنا تھا کہ وہ غصے میں آگئیں اور اس کی پوسٹ پر کمنٹ کرڈالا۔

    سن آف سردار کی اداکارہ مرنال ٹھاکر نے اس شخص کی پوسٹ پر بھڑاس نکالتے ہوئے لکھا کہ بھائی کیوں جھوٹی تسلی دے رہے ہیں اپنے آپ کو؟ آپ کو لگتا ہے کہ آپ جو یہ کررہے ہیں یہ کول ہے جی نہیں۔

    بعدازاں مرنال ٹھاکر نے نئی ویڈیو میں اس شخص کے حوالے سے اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یار گائیز آپ لوگ بچے کی جان لو گے کیا؟ میں نے وہ کمنٹ کردیا کچھ۔

    بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ میں نے پہلے یہ تصویر دیکھی تو میں نے سوچا کہ کسی اور کے ساتھ نہ سہی اس کے ساتھ ہی سہی میں دیوالی تو منا رہی ہوں، پھر میں نے اسکا پیج دیکھا تو مجھے پتا چلا کہ اس نے اپنی تصویر کو تقریباً ہر اداکارہ کے ساتھ ایڈٹ کرکے لگایا ہوا ہے۔

    مرنال نے ازراہ مذاق کہا کہ یہ دیکھ کر میرا دل ٹوٹ گیا، میں بہت افسردہ ہوئی مگر اس شخص کی ایڈیٹنگ اسکلز کافی اچھی ہیں۔

    اداکارہ کا اپنے فینز سے درخواست کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ لوگ اس شخص کو برا بھلا نہ کہیں، اس شخص کی نیت بری نہیں ہوگی اور میں امید کرتی ہوں کہ وہ اور لوگوں کا دل نہ توڑے۔

  • بھارت کی سب سے مہنگی فلم جو دیوالی پر بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی

    بھارت کی سب سے مہنگی فلم جو دیوالی پر بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی

    بھارتی فلم انڈسٹری کی ایک مووی ایسی بھی ہے جو اپنے بہت بڑے بجٹ اور دیوالی کے موقع پر ریلیز ہونے کے باوجود بدتری ناکامی سے دوچار ہوئی۔

    دیوالی پر کچھ سال اس وقت تک کی بھارت کی سب سے مہنگی فلم ریلیز کی گئی تھی جس میں بالی ووڈ کے تین بہت بڑے سپراسٹارز امیتابھ بچن، عامر خان اور کترینہ کیف شامل تھے، تاہم یہ فلم منافع کمانا تو بہت دور باکس آفس پر اپنے بجٹ جتنی کمائی کرنے میں بھی ناکام رہی تھی۔

    بھارتی شائقین کو عام طور پر دیوالی کے تہورا پر نئی فلموں کا بے چینی سے انتظار رہتا ہے اور اپنے دور میں سب سے بڑی بجٹ سے بننے والی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کے میکرز کو اس بات کی توقع نہیں تھی کہ یہ فلم سپر فلام ہوجائے گی۔

    مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان، میگا اسٹار امیتابھ بچن اور بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف کی موجودگی کے باوجود کچھ سالوں پہلے دیوالی کے موقع پر ریلیز ہونے والی ’ٹھگز آف ہندوستان‘ اتنی بری طرح پٹی کہ ماہرین حیران رہ گئے تھے۔

    وجے کرشنا اچاریہ کی ٹھگ آف ہندوستان باکس آفس پر پہلے دن 52 کروڑ کی خطیر کمائی کرنے کے باوجود یوں ڈوب جائے گی کسی کو توقع نہ تھی۔

    2018 میں ریلیز ہونے والی فلم کا بجٹ 300 کروڑ بھارتی روپے تھے اور اسے ہٹ ہونے کے لیے بھارتی سینما سے کم از کم 500 کروڑ کی کمائی کرنی تھی، تاہم فلم نے اپنی لائف ٹائم میں صرف 151 کروڑ روپے ہی کمائے۔

    فلم کو شائقین نے اس قدر ناپسند کیا تھا کہ محض دوسرے ہفتے میں اس کی باکس آفس کمائی صرف ایک کروڑ کے قریب پہنچی تھی جس کے کچھ دنوں بعد اسے سینماؤں سے اتار دیا گیا تھا۔

    فلم نے مجموعی طور پر دنیا بھر سے صرف 322 کروڑ بھاررتی روپے کمائے تھے جبکہ فلم کے دوسرے ہفتے میں ہی ڈسٹری بیوٹرز اور سینما مالکان نے یش راج فلمز اور عامر خان کو اپنے نقصان کا ذمہ دار قرار دینا شروع کردیا تھا۔

  • جمعہ  کو تعطیل کا اعلان

    جمعہ کو تعطیل کا اعلان

    کراچی : حکومت سندھ نے یکم نومبر بروز جمعہ کو تعطیل کا اعلان کردیا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے میں دیوالی کے موقع پر یکم نومبر بروز جمعہ کو ہندو برادری کے لیے عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

    سندھ حکومت ہر سال دیوالی کے موقع پر ہندو ملازمین اور ورکرز کے لیے عام تعطیل کا اعلان کرتی ہے اور ہندو ملازمین کو ایڈوانس تنخواہیں بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

    سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اور کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ نے دیوالی کی تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس میں کہا ہے کہ چھٹی کا اطلاق نہ صرف سرکاری اور نیم سرکاری اداروں پر ہوگا بلکہ مجاز حکام پر بھی ہوگا، اس بات کو یقینی بنایا جائے ہندو ملازمین اس اہم موقع کو اپنے خاندانوں اور برادریوں کے ساتھ منا سکیں۔

    خیال رہے ہندوؤں کی ایک بھاری اکثریت سندھ کے دیہی علاقوں میں رہتی ہے، ہندوؤں کی بہت زیادہ آبادی سانگھڑ اور تھرپاکر اضلاع میں ہے جن کی سرحد بھارت سے ملتی ہے۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

    واضح رہے کہ ہندو برادری ہر سال موسم بہار میں دیوالی کے مذہبی تہوار کو مناتی ہے، اس کو عام طور پر دیوالی، دیپاولی اور عید چراغاں بھی کہا جاتا ہے، اس مذہبی رسم کی تیاریاں نو دن قبل شروع ہوجاتی ہیں اور دیگر رسومات 5 دن تک جاری رہتی ہیں۔

    اس حوالے سے اماوس یا نئے چاند کی رات کو اہم سمجھا جاتا ہے اور اس دن سب اپنے گھروں میں چراغ روشن کرتے ہیں۔ یہ تہوار شمسی قمری ہندو تقویم کے مہینے کارتیک کے حساب سے منایا جاتا ہے، گریگورین تقویم کے مطابق یہ تہوار وسط اکتوبر اور وسط نومبر میں آتا ہے۔

  • سلمان خان کی فلم ’ ٹائیگر 3‘ کے حوالے سے اہم خبر

    سلمان خان کی فلم ’ ٹائیگر 3‘ کے حوالے سے اہم خبر

    بالی وڈ کے اداکار سلمان خان کی دیوالی کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم ’ ٹائیگر 3‘دنیا بھر سے 250 کروڑ کمانے کے قریب پہنچ گئی۔

    بالی وڈ اداکار سلمان خان اور اداکارہ کترینہ کیف کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ‘ٹائیگر 3’ سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔

    سلمان خان اور کترینہ کیف کی ‘ٹائیگر 3’ 12 نومبر کو دیوالی کے موقع پر سینما گھروں میں ریلیز ہوئی، فلم ریلیز کے بعد سے ہی دھوم مچا رہی ہے، فلم نے ریلیز کے پہلے دن 44 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔

    ٹائیگر 3 نے سلمان خان کی ماضی کی تمام فلموں کے ریکارڈ توڑ ڈالے

    تاہم اب فلم ٹائیگر 3 دو سو کروڑ کے کلب میں داخل ہوگئی ہے، فلم نے 100 کروڑ کا سنگ میل دوسرے دن ہی حاصل کرلیا تھا جبکہ 200 سو کروڑ تک پہنچنے کیلئے فلم کو چھ روز لگے، اس کی وجہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ کپ 2023 کا فائنل میچ بھی ہو سکتا ہے۔

    بھارتی رپورٹس کے مطابق ‘ٹائیگر 3’ نے  آٹھ دن میں تقریباً 230 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب رہی، اب بھارتی باکس آفس پر 250 کروڑ روپے کے نیٹ کی طرف بڑھ رہی ہے۔

    واضح رہے کہ ’’ٹائیگر 3‘‘کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کیا گیا تھا، فلم تین زبانوں ہندی، تامل اور تیلگو میں ریلیز ہوئی۔

    فلم میں سلمان خان نے جاسوس ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے  جبکہ کترینہ کیف بھی زویا نامی جاسوس کے کردار میں نظر آئیں اور عمران ہاشمی نے فلم میں وِلن کا کردار نبھایا ہے۔

    تھرلر ایکشن فلم ٹائیگر 3 میں ناصرف سلمان خان بلکہ شاہ رخ خان اور ہریتھک روشن بھی نظر آئے، ان دونوں اسٹارز کو فلم میں مختصر کردار کے لیے شامل کیا گیا۔

    یاد رہے کہ ٹائیگر فرنچائز کی یہ تیسری فلم ہے اور اس سے قبل 2012 میں ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور 2017 میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ ریلیز کی جاچکی ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد

    وزیر اعظم عمران خان کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستان میں مقیم ہندو برادری کو دیوالی کے تہوار کی مبارکباد دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں مقیم ہندو برادری کو دیوالی کا تہوار مبارک ہو۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں ہندو برادری دیوالی کا تہوار منا رہی ہے، دیوالی ہندوؤں کا سب سے بڑا تہوار ہے۔ اسے روشنیوں کا تہوار بھی کہا جاتا ہے۔

    دیوالی کا تہوار 5 دن کا تہوار ہے، اس دوران روشنیوں اور چمک دمک سے گھروں کو سجایا جاتا ہے اور آتش بازی کی جاتی ہے، جبکہ طرح طرح کی مٹھائیاں بھی کھائی اور کھلائی جاتی ہیں۔

  • کراچی کے مہا دیومندرمیں دیوالی کی رات کے خاص لمحے

    کراچی کے مہا دیومندرمیں دیوالی کی رات کے خاص لمحے

    ہندو مذہب میں دیوالی کو خاص اہمیت حاصل ہے، یہ ہندو بھگوان رام کا بن باس ختم ہونے اور روشنیوں کا تہوار ہے اوراس موقع پر ہندو برادری انتہائی عقیدت و احترام سے تقریبات کا اہتمام کرتی ہے۔

    دیوالی کی تاریخ بے حد قدیم ہے اورہندو مت کے قدیم پرانوں میں اس کا ذکر ’روشنی کی اندھیرے پر فتح کے دن‘ کے طور پر کیا جاتا ہے۔ دیوالی در حقیقت 5 روزہ تہوار ہے جس میں اصل دن ہندو کلینڈر کے مطابق ’کارتیک‘ نامی مہینے کا پہلا دن ہے۔ تقریبات کا آغاز 2 روز پہلے کیا جاتا ہے اور یہ نئے چاند کے طلوع ہونے کے 2 دن بعد تک جاری رہتی ہیں۔

    دیوالی ہندو، جین اورسکھ دھرم کے پیروکار مناتے ہیں، ان کے عقائد کا ماخذ کئی ہندوستانی اساطیر ہیں ۔ تاہم اہم مقصد یہ بیان کرنا ہے کہ دیوالی اندھیرے پر روشنی کا غلبہ، نادانی پر دانشوری کا غلبہ، برائی پر اچھائی کا غلبہ اور مایوسی پر اُمید کا غلبہ ظاہر کرنا ہے۔

    یوگا، ویدانتا اور سانکھیہ ہندو فلسفہ، کے مطابق مرکزی فلسفہ یہ ہے کہ کہ کچھ ایسی بات ہے جو مادی اجسام اور ذہن سے بالا تر ہے، جو خالص، لامتناہی، لافانی جسے آتماں کہتے ہیں۔ دیوالی کا منانا گویا کہ برائی پر اچھائی کی جیت تصور کیا جاتاہے۔ اسی طرح روشنی کو تاریکی پر فتح تصور کیا جاتا ہے۔ دیولی روحانی تاریکی پر داخلی روشنی کا غلبہ تصور کیا جاتا ہے،جہالت پر علم و فراست کی جیت، کذابت پر صداقت کی جیت اور برائی پر اچھائی کی جیت تصور کیا جاتا ہے۔

    ہندو برادری اس موقع پرخصوصی اہتمام کرتی ہے۔ نئے لباس زیب تن کیے جاتے ہیں، گھروں اوربازاروں کی صفائی ستھرائی کی جاتی ہے۔ دیا اور رنگولی دیوالی کے تہوار کے اہم جزو ہیں اور بچے اس موقع پر آتش بازی کرتے ہیں جبکہ مندروں میں لکشمی پوجا کا اہتمام کیا جاتا ہے اور پرساد تقسیم ہوتا ہے۔

    پاکستان کی ہندو برادری بھی اس موقع پر خصوصی عبادات اور تقاریب کا اہتمام کرتی ہے۔اے آر وائی نیوز کی ٹیم نے اس موقع یہ جاننے کے لیے ساحل سمندر کلفٹن کے کنارے واقع ’شری رت نیشور مہا دیو مندر‘ کا رخ کیا کہ پاکستان میں ہندو برادری دیوالی کی رات کس طرح گزارتی ہے۔

    جب ہم مندر پہنچے تو سامنے کے بالائی احاطے میں کئی بچے پٹاخے پھوڑنے اورپھلجھڑیاں جلانے میں مشغول تھے۔ یہ مندر ایک سمندری غارمیں قائم ہے اور اس میں داخل ہونے کےلیے سیڑھیاں اتر کر اندر جانا ہوتا ہے۔ مندر میں داخل ہوتے ہی اگربتی اور گلاب کی ملی جلی خوشبواور ندیم نامی ایک خدمت گارنے ٹیم کا استقبال کیا۔

    شری رت نیشور مہا دیو مندرکم ازکم ڈیڑھ صدی سے اس مقام پر قائم ہے اوراسے کراچی میں مرکزی اہمیت حاصل ہے۔ یہاں ہندو مت کے لگ بھگ 100 بھگوانوں کی مورتیاں موجود ہیں جنہیں انتہائی خوبصورتی سے شیشے کی دیواروں میں آراستہ کیا گیا ہے۔

    مندر میں آنے والے زائرین اپنے عقیدے کے مطابق یہاں مختلف دیوی دیوتاؤں کے آگے اگر بتیاں جلا کر اپنی مذہبی شردھا (عقیدت) کا اظہار کر رہے تھے حالانکہ مندر انتظامیہ کی جانب سے جگہ جگہ بورڈ آویزاں تھے جن پر اگر بتی جلانے کی ممانعت درج تھی۔

    اس روز مندر میں آنے والے زائرین کے چہرے دیوالی کی خوشی سے تمتمارہے تھے اوران کے لباس اور آرائش و زینت سے اس بات کا اظہار ہو رہا تھا کہ آج ہندو برادری اپنا مذہبی تہوار منا رہی ہے۔مندر میں ہندو مت کے مختلف بھگوان موجود ہیں جن کے آگے زائرین اگر بتیاں جلاتے ہیں، پھول نچھاور کرتے ہیں اورگھنٹیاں بجا کر مذہبی سکون حاصل کرتے ہیں۔

    دیوالی کے موقع پر مندر میں جا بجا جلتے دیے، اگربتیوں سے اٹھتا ہوا دھواں اورارد گرد موجود دیوی دیوتاؤں کے قد آدم اور دیو ہیکل مجسمے مل جل کرماحول کو خوابناک اور پر کیف بنا رہے تھے جس کے سبب مندر میں موجود ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد پر ایک عجب مسرور کن کیفیت طاری ہو رہی تھی، ایک ایسی دلی کیفیت جو کسی بھی مذہبی تقریب کے موقع پر اس مذہب کے ماننے والوں کے دلوں کو دیوالی کے دیے کی طرح منور کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔


    عکاسی: پیارعلی امیرعلی

  • زہریلا دھواں: دہلی آلودہ ترین شہر قرار، سالانہ 10 لاکھ بھارتی ہلاک ہونے لگے، عالمی رپورٹ

    زہریلا دھواں: دہلی آلودہ ترین شہر قرار، سالانہ 10 لاکھ بھارتی ہلاک ہونے لگے، عالمی رپورٹ

    نئی دہلی: عالمی ادارہ صحت نے بھارتی دارالحکومت کی فضا کو آلودہ ترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر سال اسموگ کے باعث 10 لاکھ سے زائد شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نومبر کا آغاز ہوتے ہی ہرسال بھارت کے مختلف شہروں میں اسموگ (زہریلے دھوا) تشویش ناک حد تک بڑھ جاتا ہے، ماہرین کے مطابق تغیراتی تبدیلیوں سے نئی دہلی سب سے زیادہ متاثر ہوا۔

    بھارت کی سپریم کورٹ نے نئی دہلی میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے  پیش نظر دیوالی کے موقع پر آتش بازی کا وقت رات 8 سے 10 بجے تک مقرر کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

    مزید پڑھیں: دنیا میں ہرسال 70 لاکھ افرادفضائی آلودگی کے باعث ہلاک ہوجاتے ہیں

    عدالتی حکم میں حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ دو گھنٹے سے پہلے یا بعد میں آتش بازی کرنے والے افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

    عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق نومبر کے آغاز ہوتے ہی اسموگ کی وجہ سے 2 کروڑ سے زائد بھارتی متاثر ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں دکھایا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے گنگارام اسپتال کے سرجن گوپی ناتھ کا کہنا تھا کہ ’دہلی کی آلودہ ہوا شہریوں کے لیے سزائے موت کے مترادف ہے کیونکہ گھروں سے باہر نکل کر ہم زیادہ عرصے تک زندہ نہیں رہ سکتے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’اسموگ سے متاثرہ افراد کو ٹی بی اور سینے کے مختلف امراض لاحق ہوجاتے ہیں اور یہ اس قدر بڑھتے ہیں کہ سیکڑوں لوگوں کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے‘۔

    یہ بھی پڑھیں: فضائی آلودگی جان لینے اور بھاری مالی نقصان پہنچانے کا سبب

    گوپی ناتھ کا کہنا تھا کہ ’دیوالی کی وجہ سے شہر کی فضا مزید آلودہ ہوجائے گی، اسپتال سے گھر جانے والا مریض آتش بازی سے ضرور متاثر ہوا اور ممکن ہے وہ پھیپھڑوں کے کسی مرض میں مبتلا ہوجائے‘۔

  • زبردستی اسلام قبول کرانا دین کے خلاف ہے،عمران خان

    زبردستی اسلام قبول کرانا دین کے خلاف ہے،عمران خان

    کراچی : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام میں کسی قسم کا جبر نہیں ہے اور نہ ہی کسی کو مذہب تبدیل کرانے کا اختیار حاصل ہے۔

    سربراہ تحریک انصاف دیوالی کی مناسبت سے ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ ہم سب کے لیے قائد اعظم کی تعلیمات مشعل راہ ہیں جو مسلمان اور ہندو اتحاد کے سفیرسمجھے جاتے تھے۔

    عمران خان نے کہا کہ قائد اعظم محمدعلی جناح نے ایک مقصد کے لئے پاکستان بنایا تھا جہاں تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کی گئی تھی چنانچہ قائد اعظم کے پاکستان میں کسی مذہبی اقلیت کے ساتھ ناروا سلوک ہو یہ ممکن نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ ہندوؤں کو جبرآ مسلمان کرنے کی خبریں آتی رہتی ہیں جس کی نہ تو مذہب اسلام اجازت دیتا ہے اور نہ ہی آئین پاکستان میں ایسی کوئی بات ہے اور ایسے اقدام قائد اعظم کے نظریات کے بھی منافی ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ اسلام میں کوئی جبر نہیں خود نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مکہ کے دو عمر میں سے ایک کو مسلمان کرنے کے لیے دعا کی تھی جس کے بعد جناب عمر بن خطاب لذت اسلام سے سیراب ہوئے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ہندو برادری کو دیوالی کی مبارک باد دیتا ہوں اور سندھ حکومت کو کہتا ہوں کہ ان کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں کیوں ہندو بھائیوں کو کوبھی وہی حقوق حاصل ہیں جو کہ کسی پاکستانی کے ہوتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پابندی کے باوجود نئی دہلی میں آتش بازی سے فضا زہریلی ہوگئی

    پابندی کے باوجود نئی دہلی میں آتش بازی سے فضا زہریلی ہوگئی

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کے پیش نظر دیوالی کے موقع پر آتش بازی پر پابندی عائد کردی گئی، تاہم بھارتیوں نے اس پابندی کو ہوا میں اڑا دیا ااور اس قدر پٹاخے جلائے کہ نئی دہلی کی فضا زہریلے کہر میں ڈوب گئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس دیوالی کے موقع پر آتش بازی اور پٹاخے جلائے جانے کے بعد دہلی کی فضائی آلودگی میں اس قدر اضافہ ہوگیا تھا کہ شہر کی 2 کروڑ آبادی کئی ہفتوں تک دم گھٹنے، اور سانس کے مختلف امراض کا شکار رہی۔

    اسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھارتی سپریم کورٹ نے رواں برس دیوالی کے موقع پر آتش بازی کے سامان کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی تھی۔

    مزید پڑھیں: آلودگی کی وجہ سے بھارت میں ورلڈ کپ کا انعقاد خطرے میں

    تاہم اس پابندی کے باوجود بھی بھارتیوں نے بڑی تعداد میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد دارالحکومت کی فضا ایک بار پھر زہر آلود ہوگئی۔

    یاد رہے کہ نئی دہلی کو اس سے قبل سنہ 2014 میں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے دنیا کا سب سے آلودہ ترین شہر بھی قرار دیا جاچکا ہے۔

    مقامی حکام کے مطابق فضائی آلودگی میں اس خطرناک سطح تک اضافہ صرف ایک رات میں ہوا تاہم بعض علاقوں میں یہ آبادی کے لیے نہایت خطرناک ثابت ہونے کا خدشہ ہے۔

    یاد رہے گزشتہ برس موسم سرما میں نئی دہلی اور پاکستانی شہر لاہور زہریلی اسموگ (دھند) سے بھی متاثر ہوئے تھے جس کی وجہ بھارت کے دیہی علاقوں میں بڑی مقدار میں کسانوں کا غیر ضروری فصلوں کو جلا دینا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔