Tag: دیہی سندھ

  • پی سی بی کی دیہی سندھ سے نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش

    پی سی بی کی دیہی سندھ سے نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش

    سکھر (23 جولائی 2025): پی سی بی نے دیہی سندھ میں کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کی تلاش شروع کر دی اور اس سلسلے میں سکھر میں ٹرائلز کرائے گئے۔

    اے آر وائی نیوز سکھر کے نمائندے سلیم سہتو کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کھیل میں نیا خون اور ٹیلنٹ شامل کرنے کے لیے سندھ کے دیہی علاقوں میں جا پہنچا اور سکھر میں نوجوانوں کا کرکٹ ٹیلنٹ جانچنے کے لیے ٹرائلز کرائے گئے تاکہ سندھ کے دیہی علاقوں میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ کو ملکی سطح پر سامنے لایا جا سکے۔

    کرکٹ بورڈ کی جانب سے سکھر کے پی سی بی گراؤنڈ میں کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز میں سکھر کے علاوہ خیرپور، گھوٹکی، لاڑکانہ سمیت اندرون سندھ کے مختلف اضلاع سے نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

    منتظمین کے مطابق ٹرائلز کے بعد سندھ کے تمام ڈویژن کی ٹیمیں تشکیل دیکر مقابلے کروائے جائیں گے، اور ان میں سے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے آگے کھیلنے کا موقع دیا جائے گا اور وہ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر قومی سطح پر بھی ملک کی نمائندگی کر سکیں گے۔

    اس وقت دیہی سندھ سے واحد شاہنواز دھانی ہیں، جنہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلا ہے اور ان کا تعلق لاڑکانہ سے ہے۔ دیہی علاقوں کے ٹیلنٹ کو اگر موقع اور رہنمائی ملے، تو یہی نوجوان کل پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

  • کیا آپ کبھی ہوٹل سینما کلچر کا حصہ بنے؟ ماضی میں لے جانے والی حیرت انگیز ویڈیو رپورٹ

    کیا آپ کبھی ہوٹل سینما کلچر کا حصہ بنے؟ ماضی میں لے جانے والی حیرت انگیز ویڈیو رپورٹ

    ویڈیو رپورٹ: امتیاز علی چنہ

    دیہی سندھ میں ہوٹل سینما کا کلچر بہت ہی منفرد، دل چسپ اور سستی تفریح مہیا کرنے کا ذریعہ ہے، دیہات میں رہنے والے مزدور دن بھر کام کاج کی مصروفیات کے بعد جھونپڑے نما ہوٹل کا رخ کرتے ہیں، آپ نے کبھی ان جھونپڑے نما ہوٹل سینما میں بیٹھ کر فلم سے لطف نہیں اٹھایا ہے تو آج ہم آپ کو اس ویڈیو میں مٹیاری میں بنے اس منی سنیما کی سیر کرواتے ہیں۔

    جھونپڑے نما چائے خانے پر ٹی وی اسکرین سے بڑے لاؤڈ اسپیکرز کو جوڑ کر اسے ایک منی سینما میں تبدیل کیا جاتا ہے، یہ ہوٹل سینیما کلچر اپنے اندر سماجی و ثقافتی خوب صورتی کے ساتھ ساتھ مزدور کلاس طبقے کو سستی تفريح مہیا کرنے کا بھی ذریعہ ہے۔


    لورالائی کا زیتون کا تیل امریکا میں مقابلے میں عالمی معیار کا قرار، ویڈیو رپورٹ


    سندھ کے اکثر دیہی علاقوں میں جھونپڑوں میں بنی یہ سینما نما اوطاقیں قائم ہیں، جہاں دن بھر کھیتوں میں کام کرنے کے بعد تقریباً ہر عمر کے لوگ رخ کرتے ہیں اور چائے کی چسکیوں کے ساتھ فلم دیکھتے ہیں اور ساتھ ساتھ دن بھر کی روداد بھی ایک دوسرے کو سنا کر سماجی رابطوں کو پختہ کرتے ہیں۔

    چند روپے میں چائے کے ساتھ فلمی تفریح فراہم کرنے والے یہ ہوٹل دیہی سندھ کی خوب صورتی کو چار چاند لگائے ہوئے ہے۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں