فواد خان اور ماہرہ کی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی بھارت میں ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی، مداحوں ریلیز کے حوالے سے کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ 2 اکتوبر کو ریلیز ہوگی، 10 سال بعد بھارت میں ریلیز ہونے والی یہ پہلی پاکستانی فلم ہوگی، 2016 میں اڑی واقعے کو بہانہ بنا کر بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کی گئی تھی، تاہم اب بھارتی پنجاب میں پاکستانی سپرہٹ فلم کو ریلیز کیا جارہا ہے۔
فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کے بھارتی ڈسٹری بیوٹر ندیم منڈی والا نے بھارتی ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں بتایا کہ وہ فلم کو پورے بھارت میں نہیں بلکہ صرف ریاست پنجاب میں ریلیز کر رہے ہیں، اُمید ہے کہ ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ بھارت میں غیر معمولی بزنس کر سکتی ہے۔
ندیم منڈی والا نے کہا کہ یہ فلم ابھی تک کسی بھی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر دستیاب نہیں ہے، تاہم فلم دنیا بھرمیں اپنی ریلیز کے دو سال بعد بھارت میں ریلیز ہورہی ہے۔
پاکستانی فلم بھارتی سنیما کے مرکز ممبئی میں ریلیز نہیں ہوگی جس سے بھارتی شائقین میں مایوسی پائی جاتی ہے، یہ فیصلہ بھارتی سیاست دان راج ٹھاکرے کی جانب سے فلم کی ریلیز کے خلاف دھمکی کے بعد آیا ہے، فلم کی بھارت میں ریلیز کو تنازعات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ نومبر 2023 میں بھارتی سپریم کورٹ نے پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں پرفارم کرنے یا کام کرنے پر مکمل پابندی لگانے کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔
پاکستانی سپرہٹ فلم کے ہدایتکار بلال لاشاری نے بھی اس سے قبل انسٹاگرام پوسٹ میں اعلان کیا تھا کہ فلم اگلے ماہ 2 اکتوبر کو بھارتی پنجاب میں ریلیز کی جائے گی۔
1979 کی سپرہٹ پاکستانی فلم ’مولا جٹ‘ کے ری میک ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘2022 میں پاکستان اور دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی جبکہ فلم نے غیر معمولی طور پر 200 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔